ایمز ٹی وی (تعلیم /کراچی) آکسفورڈ کیمرج اسکول نے سائنسی نمائش میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی اس نمائش کا افتتاح میئر کراچی وسیم اختر نے کیا تھا ،
فریئر ہال میں منعقد ہونے والی اس نمائش میں کراچی کے تمام اسکولوں نے شرکت کی اور ا س میں طلباوطالبات نے سائنس کے پروجیکٹ اپنے اپنے اسٹالوں میں رکھے اور اس نمائش کو بہت پسند کیا گیا۔
ایمزٹی وی(تعلیم/ رپورٹ) چین کے سخت تعلیمی اور امتحانی نظام میں آسانی کے لیے ایک اسکول نے ادھار میں امتحان پاس کرنے اور گریڈ حاصل کرنے کا نظام متعارف کرایا ہے جس کے تحت طالب علم ’’گریڈ بینک‘‘ سے پاس ہونے کے بعد کچھ ٹیسٹ کے ذریعے اس کا ادھار واپس دے سکتے ہیں۔
یہ سہولت چینی شہر نانجنگ میں واقع نانجنگ نمبرون ہائی اسکول میں پیش کی جارہی ہے جس کا مقصد طالب علموں کو امتحان پاس کرنے کا ایک دوسرا موقع فراہم کرنا ہے۔ اسکول ٹیچر کے مطابق اگرچہ 60 اور 59 میں ایک نمبر کا فرق ہے لیکن ایک نمبر ادھار لے کر طالب علم پاس ہوسکتا ہے جب کہ بعد میں وہ یہ ایک نمبر سود کے ساتھ واپس لوٹا سکتا ہے۔
اس کے لیے کسی بھی امتحان میں پاس ہونے کے لیے طالب علم کو گریڈ بینک سے کچھ نمبر دے دیئے جاتے ہیں تاکہ وہ پاس ہوجائے۔ لیکن بینک ہی کی طرح طالب علموں کو مقررہ وقت پر یہ نمبر سود سمیت واپس کرنے ہوتے ہیں، یعنی اگلے امتحان میں طالب علموں کو اضافی نمبروں سے وہ امتحان پاس کرنا ہوگا۔بعض اساتذہ طلبا و طالبات کو اضافی نمبر دے کر ان سے تجربہ گاہ میں تجربات کراتے ہیں یا پھر انہیں عوام کو علم کے بارے میں لیکچر دینے ہوتے ہیں۔ اگر کوئی طالب علم اپنا قرض واپس نہ کرسکے تو اس کا نام بینک کی طرح بلیک لسٹ کردیا جاتا ہے۔
طالبعلموں نے ’’نمبر بینک‘‘ پر خوشی کا اظہار کیا ہے جو نومبر 2016 میں پہلی مرتبہ پیش کیا تھا۔ فی الحال اسے دسویں جماعت کے طالب علموں کے لیے پیش کیا گیا ہے اور 13 طلبا و طالبات نے یہ سہولت استعمال کی۔ چند اساتذہ نے اس طریقے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے طالب علم لاپرواہ اور غیرسنجیدہ ہوسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ چین میں امتحانی نظام اسکول کے طالب علموں پر شدید دباؤ کی وجہ بن رہا ہے اور گریڈ بہتر نہ ہونے پر طالب علم خودکشیاں بھی کرتے ہیں۔ اسی طرح امتحانات کے دنوں کو قومی بخار کا موسم کہا جاتا ہے جو بچوں اور والدین کے لیے یکساں طور پر بہت تناؤ کی وجہ بنتا ہے۔
ایمزٹی وی(کراچی)مشیر اطلاعات سندھ مولابخش چانڈیو اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق مولابخش چانڈیو نے اپنا استعفی وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کو ارسال کردیا ہے اور کہا ہے کہ عدالت کے فیصلے کے بعد اس منصب پر فائزرہنا مناسب نہیں ہے،شہید بھٹو سے لے کر آج تک عدالتی فیصلوں کا احترام کیا ہے اور مستقبل میں بھی احترام کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کی سربراہی میں بینچ نے مشیر قانون بیرسٹرمرتضی وہاب سے مشیر قانون کی حیثیت سے قلمدان کی واپسی کے حوالے سے کیس کی سماعت کی گئی اورمرتضی وہاب سے قلمدان واپس لینے کے حوالے سے نوٹیفکیشن عدالت میں پیش کیا گیاجس پر سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سجاد علی شاہ نے حکم جاری کیا تھاکہ مولا بخش چانڈیو، سینٹر سعید غنی اور اصغر جونیجو کو بھی عہدوں سے فوری طور پر ہٹا کر دو روزکے اندر عدالت کو بتایا جائے کہ ان تمام مشیروں کو کتنی تنخواہیں ،مراعات اور اختیارات دیئے گئے ہیں۔
ایمزٹی وی(پشاور)رکن خیبر پختونخوا اسمبلی فضل الہٰی کے حجرے میں دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔
تفصیلات کے مطابق یکہ توت میں تحریک انصاف کے ایم پی اے فضل الہٰی کے حجرے میں دھماکہ ہوا ہے ۔ جس وقت دھماکہ ہوا رکن اسمبلی حجرے سے منسلک اپنے گھر میں موجود تھے تاہم ان سمیت تمام لوگ اس دھماکے میں محفوظ رہے ہیں۔
دھماکے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس اور ریسکیواداروں کی نفری موقع پر پہنچ گئی ہے اور شواہد جمع کر نے کا کام شروع کردیاجبکہ دھماکے کی نوعیت کا تاحال پتا نہیں چل سکا ہے۔ دھماکے سے حجرے کے بیرونی دروازے کو نقصان پہنچا ہے۔
دوسری جانب ایم پی اے فضل الہٰی کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی روز سے ان سے 2 کروڑ روپے بھتہ مانگا جا رہا تھا اور انہیں مسلسل دھمکیاں مل رہی تھیں جس کے بارے میں انہوں نے پولیس کو بھی مطلع کیا ہوا تھا۔
ایمزٹی وی(خیبرپختونخواہ)پشاور پولیس لائینز میں پولیس اہلکاروں کو وردی تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں اے آئی جی فنانس وقار خان کا کہنا تھا کہ 25 ہزار پولیس اہلکاروں میں آئندہ ایک ہفتے کے دوران وردیاں تقسیم کی جائیں گی۔ خیبر پختونخوا میں اب انسپکٹر جنرل سے لے کر پولیس کانسٹیبل تک ایک ہی یونیفارم استعمال کریںگے۔ پولیس اہلکاروں میں نئی وردی کی تقسیم شروع کردی گئی ہے۔
مجموعی طور پر 75 ہزار پولیس اہلکاروں میں وردیاں تقسیم کی جائی گی۔ اب انسپکٹر جنرل سے لے کرکانسٹیبل تک سب کی وردی ایک ہی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل تمام اضلاع میں مقامی طور پر وردیاں تیار کرائی جاتی تھیں اس بار پورے صوبے کے لئے پاکستان ایئر فورس کے نجی فرم سے وردی تیار کرنے کا معاہدہ کیا گیا ہے۔
ایمزٹی وی(کراچی)گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ میں وزیراعظم نوا
زشریف کے اظہار اعتماد پر ان کا شکرگزارہوں اور ہمیشہ قائد اعظم محمدعلی جناح کے نقش قدم پر چلنے کی کوشش کروں گا۔
تفصیلات کے مطابق محمدزبیر کا گورنرسندھ کے عہدے پر فائز ہونے کے بعد پہلی بارمزار قائدپر حاضری دینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم نے مجھے گورنر سندھ چن کر جو اعتماد کا اظہار کیا ہے میں ان کے اُس اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔قائد اعظم کے نقش پر چلوں گا اور سندھ کی ترقی کیلئے ہر ممکن کوشش کرتا رہوں گا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ مجھے جس عہدے پر فائز کیا گیا ہے ملک و قوم کی خدمت کرکے اس عہدے کا حق ادا کروں گا اور میری کوشش ہوگی کہ میں عوام کے امیدوںپر پورا اترنے کی کوشش کروں جبکہ گورنر سندھ منتخب ہونا میرے اور میرے خاندان کیلئے یادگار دن ہے۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے نادرا کی جانب سے معذرت کے بعد پانامہ لیکس کیس کی 67 آف شور کمپنیوں میں شامل گمنام پاکستانیوں کا سراغ لگانے کا ٹاسک ماتحت اداروں کو دے دیا ہے۔
اس ضمن میں ذرائع نے بتایا کہ ڈائریکٹوریٹ جنرل انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو کی جانب سے ملک بھر میں قائم ماتحت اداروں کو نہ صرف باقاعدہ طور پر ہدایات جاری کردی گئی ہیں بلکہ ان گمنام پاکستانیوں کے نام اور دیگر دستیاب معلومات کی تفصیلات بھی فراہم کردی گئی ہیں اور ماتحت اداروں سے کہا گیا ہے کہ ہر ماتحت ادارے کا سربراہ اپنی حدود میں ان لوگوں کے بارے میں معلومات حاصل کرے اور پانامہ لیکس میں شامل ان گمنام پاکستانیوں کے عزیز و اقارب کے بارے میں اگر کچھ معلومات ملیں تو انہیں بھی ضرور بورڈ کے ساتھ شیئرکیا جائے تاکہ نادرا کے پاس موجود ڈیٹا سے مدد لینے کے لیے کوئی اضافی معلومات نادرا کو فراہم کی جا سکیں اور انہیں استعمال کرکے مصدقہ معلومات تک رسائی حاصل کی جاسکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کے ڈائریکٹوریٹ جنرل انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو ڈپارٹمنٹ اب بھی نادرا حکام کے ساتھ رابطے میں ہے، اگر ایف بی آر کو پانامہ لیکس میں شامل گمنام پاکستانیوں کے بارے میں کوئی کوائف یا تفصیلات ملیں گی تو انہیں نادرا کے ساتھ شیئر کیا جائے گا، اس کے علاوہ ایف آئی اے اور اسٹیٹ بینک سے بھی مدد لی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ (جنوری)کے آخری عشرے میں نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے نامکمل کوائف کی وجہ سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو پانامہ لیکس کیس میں شامل 67آف شور کمپنیوں کے گمنام پاکستانی مالکان کے بارے میں معلومات فراہم کرنے سے معذرت کرلی تھی جس کے بعد فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ملک بھر میں قائم اپنے ماتحت اداروں کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور اسی فیصلے کے تحت اب فیلڈ فارمشنز کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فیلڈ فارمشنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ جو نام بھجوائے گئے ہیں، ان کا سراغ لگایا جائے یا ان کے کسی قریبی عزیز کا نام، پتہ، شناختی کارڈ نمبر یا ان کے علاقے کی تفصیلات یا دوسری کوئی بھی ایسی متعلقہ معلومات دی جائیں جس سے ان کا سراغ لگایا جاسکے اور ان معلومات کو نادرا ودیگر اداروں کے ساتھ شیئر کرکے مدد لی جاسکے۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ کے باہر پی ٹی آئی کے ناراض کارکنوں نے احتجاج کیا اور عملے نے کارکنوں کوپریس کانفرنس کرنے سے روک دیا گیا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق ناراض کارکنوں نے بنی گالہ کے باہر پریس کانفرنس کرنے کی کوشش کی جس پر چیئرمین سیکرٹریٹ کے عملہ نے بنی گالہ کے راستے کی ناکہ بندی کرکے کارکنوں کو راستے میں روک دیا اور کہا کہ عمران خان کے گھر کے باہر احتجاج نہیں کرنے دیں گے۔ ناراض کارکن عبدالقیوم کنڈی نے کہا کہ پارٹی کے اندرونی معاملات پر میڈیا سے بات کرنی ہے،پارٹی میں اختلافات سے آئندہ انتخابات میں منفی اثر پڑے گا۔
عبدالقیوم کنڈی نے مزید کہا کہ ملک بھر میں گروپس بنے ہوئے ہیں اور پارٹی کے آئین کو نظر انداز کیا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی میں اقرباءپروری کے کلچر کو اہمیت دی جارہی ہے جس پر عملے نے ان کی ایک نہ سنتے ہوئے کارکنوں کو بنی گالہ داخل ہونے سے روک دیا۔
ایمزٹی وی(اسپورٹس) آئی سی سی ٹی20 بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان نے سری لنکا کو شکست دیتے ہوئے ایونٹ میں مسلسل چوتھی فتح حاصل کر لی۔
سری فورٹ کرکٹ گراؤنڈ نیو دہلی میں جاری میگا ایونٹ میں پاکستان نے چوتھا میچ سری لنکا کے خلاف کھیلا، سری لنکا نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹ پر 164 رنز بنائے، پاکستانی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 17.2 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ایونٹ میں پاکستان کی مسلسل چوتھی کے ساتھ پاکستان ٹیم ٹائٹل کیلیے فیورٹ بن گئی ہے۔
گزشتہ روز گرین شرٹس نے روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر فتوحات کی ہیٹ ٹرک مکمل کی تھی۔ اس سے قبل پہلے میچ میں نیوزی لینڈ جبکہ دوسرے مقابلے میں انگلینڈ کو شکست سے دوچار کر چکی ہے۔ گرین شرٹس اپنا پانچواں میچ کل نیپال کے خلاف کھیلیں گے۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)اسلام آباد میں ہفتہ واربریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفترخارجہ نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ بھارت دیگرممالک کےمعاملات میں دخل اندازی کے بجائے اپنے معاملات درست کرے، بھارتی ریاستی عناصر کی پاکستان میں مداخلت کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں اور وہ دیگر ممالک کو بھی پاکستان کے خلاف استعمال کررہا ہے،بھارت دوسروں پر انگلی اٹھانے کے بجائے اپنے گریبان میں جھانکے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے اورکشمیرمیں اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے، مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ ہفتے 14 کشمیریوں کو گرفتاراور40 افراد کو زخمی کیا گیا جب کہ وہ عالمی برادری کی توجہ تحریک آزادی سے ہٹانے کی ناکام کوشش کررہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف کشمیری مسلمانوں پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں اور دوسری جانب مودی سرکار جموں و کشمیر میں غیرقانونی ڈومیسائل جاری کرکے کشمیر کی آبادی کوہندو اکثریت میں تبدیل کررہی ہے،پاکستان غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل دینے اور بھارتی ریاستی دہشت گردی کی بھر پور مذمت کرتا ہے اورعالمی برادری بھی غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل دینے کا نوٹس لے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی بند کرے اور مسئلے کے حل کے لئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرے کیوں کہ یہ مسئلہ قراردادوں کی روشنی میں ہی حل ہو سکتا ہے،عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو کشمیریوں کے دیرینہ مسائل کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
نفیس زکریا نے بتایا کہ گزشتہ برس نارووال میں 3 پاکستانی لڑکے غلطی سے سرحد پار چلے گئے اور انہیں بھارت میں گرفتار کر لیا گیا تھا، ستمبرمیں پاکستان نے لڑکوں کی رہائی کے لیے بھارت سے رابطہ کیا اورتاحال جواب کا انتظار ہے. دفتر خارجہ کے مطابق یکم مارچ کو ہونے والے ای سی او کے سربراہ اجلاس کی میزبانی پاکستان کررہا ہے جس میں آر سی ڈی کے رکن ممالک بھی شرکت کریں گے۔