جمعرات, 16 جنوری 2025

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /فیصل آباد) گورنمنٹ ایلیمنٹری اسکول 68 میں طلبہ کو تفریحی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ایجوکیشن رائٹس کمیشن نےجھولے فراہم کردیئے۔

اسکول میں جھولے لگانے کا افتتاح چوہدری عبدالغفار سندھو نے کیا۔ اس موقع پر ایجوکیشن رائٹس کمیشن کے چیئرمین رانا مقرب الہی، چوہدری زاہد رشید ، جاوید بسرا، اسلم بٹ، علی رضا، مزمل حسین و دیگر بھی موجود تھے۔

 

 

ایمز ٹی وی(واشنگٹن) امریکہ نے بیلسٹک میزائل کا تجربہ کرنے پر ایران کو سرکاری طور پر نوٹس دے دیا ہے جس کی حیثیت ایک وارننگ کی ہے
امریکہ کسی وقت بھی کوئی جوابی کارروائی کرسکتا ہے جبکہ صدر ٹرمپ نے جمعرات کی صبح اپنے ٹویٹر پیغام میں بھی ایران کے خلاف اس امریکی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہاکہ فوجی کا رروائی کا امکان بھی مسترد نہیں کیا جاسکتا۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر مائیکل فلین نے بدھ کی سہ پہر وائٹ ہاؤس کے بریفنگ روم میں یہ بات بتائی ۔ مسٹر فلین کا کہنا تھا کہ ایران نے مبینہ طور پر بیلسٹک میزائل کا جو تجربہ کیا ہے وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کی ’’اشتعال انگیز‘‘ کارروائی ہے۔ نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر کی طرف سے ایران کو نوٹس پر رکھنے کا جو عمل کیا گیا ہے اس کے ساتھ یہ واضح نہیں ہے
اس زبانی نوٹس کے بعد امریکہ عملاً کیا کارروائی کرے گا اور کب کرے گا۔ ٹرمپ انتظامیہ کے ایک سینئر آفیسر نے ’’گوگل جیٹ‘‘ میں اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اس نمائندے کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ ابھی ہم امریکہ کی طرف سے جوابی کارروائی طے کرنے کے ابتدائی مرحلے میں ہیں اور بہت سی آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ عام طور پر ایسا نوٹس سفارتکار کی طرف سے جاری کیا جاتا ہے لیکن اعلیٰ ترین سطح پر یہ نوٹس جاری ہونے سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ یہ معاملہ امریکہ کیلئے کتنا اہم ہے۔ تاہم ان کے مطابق ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے کو ختم کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں مگرجوابی عمل کے طور پر ایران پر اقتصادی پابندیاں لگ سکتی ہیں اور فوجی کارروائی بھی ہوسکتی ہے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے ٹویٹر پیغام میں سابق اوبامہ انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایران اقتصادی پابندیوں کے نتیجے میں دیوالیہ ہو رہا تھا لیکن اوبامہ نے ایران کے ڈیڑھ کھرب ڈالر کی منجمد نقد رقم واپس کرکے اسے ایک نئی زندگی بخشی تھی۔ ایران کی وزارت خارجہ نے اتوار کے روز ہونے والے میزائل تجربے کو تسلیم تو کیا ہے لیکن واضح کیا ہے کہ یہ ’’خالصتاً دفاعی مقاصد‘‘ کے تحت کیا گیا ہے۔ تقریباً ایک سال قبل اوبامہ انتظامیہ نے ایران کے بیلسٹک میزائل کے دو تجربوں کے بعد اس پروگرام میں شریک گیارہ افراد اور کمپنیوں پر مالی پابندیاں لگا دی تھیں۔ امریکہ کے نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر مائیکل فلین کہتے ہیں کہ ایران قبل ازیں یمن میں ان حوثی قبائل کی حمایت کرکے جارحیت کا مرتکب ہو رہا ہے جو امریکہ کے اتحادیوں پر حملے کر رہے ہیں

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم فیصل آباد) پنجاب ایگزامینیشن کمیشن کے تحت صوبہ بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی پنجم کے امتحانات شروع ہوگئے۔

فیصل آباد کے 469 امتحانی مراکز میں اردو کا پیپر لیا گیا تمام مراکز میں پنجم کے اردو کے پیپر کے دوران طلبہ کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات بھی لئے گئے تھے جبکہ 73 کلسٹر ہیڈز سمیت پانچ ہزار 715 اساتذہ کی امتحانی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں۔

ضلعی حکومت کی طرف سے امتحانی مراکز میں دفعہ 144 کا نفاذ بھی کیا گیا ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) قومی ٹینس کھلاڑی اعصام الحق نے پاکستان میں ڈیوس کپ کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ڈیوس کپ مقابلے کے انعقاد سے دنیا کو ایک مثبت پیغام جائے گا کہ وہ ایک امن پسند اور محفوظ ملک ہے۔ یہ صرف پاکستان کی ٹینس ہی نہیں بلکہ مجموعی طور پر پاکستان کی سپورٹس کے لیے بھی اہم موقع ہے۔ 12 سال کے طویل عرصے کے بعد اپنے ملک میں دوبارہ کھیلنے پر وہ بہت زیادہ خوش اور پرجوش ہیں۔ ڈیوس کپ ٹائی کے بعد مثبت تبدیلی آئے گی اور نوجوان کھلاڑیوں میں دوبارہ شوق پیدا ہو گا اور سپانسرز بھی سامنے آئیں گے۔


اعصام الحق نے برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف پاکستان کی ٹینس ہی نہیں بلکہ مجموعی طور پر پاکستان کی سپورٹس کے لیے بھی اہم موقع ہے۔ اس مقابلے کے لیے انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کے میچ آفیشلز بھی پاکستان آرہے ہیں۔ جب تمام کھلاڑی اور آفیشلز واپس جائیں گے تو یقینی طور پر پاکستان کی روایتی میزبانی اور سکیورٹی کے بارے میں دنیا کو مثبت باتیں بتا سکیں گے جس سے پاکستان میں مستقبل قریب میں مزید بین الاقوامی مقابلوں کی راہ کھلے گی۔انھوں نے کہا کہ پاکستان میں ڈیوس کپ کی میزبانی کسی طور بھی آسان نہیں تھی ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں پاکستان ٹینس فیڈریشن کے ساتھ ساتھ میں نے بھی ذاتی حیثیت میں کوشش کی اور انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کو قائل کرتے رہے کہ پاکستان کو بین الاقوامی ایونٹ کی میزبانی سے زیادہ دیر محروم نہ رکھا جائے۔ مجھے خوشی ہے کہ آج پاکستان اس ایونٹ کی میزبانی کررہا ہے۔


اعصام الحق نے کہا کہ 12 سال کے طویل عرصے کے بعد اپنے ملک میں دوبارہ کھیلنے پر بہت زیادہ خوش اور پرجوش ہوں۔مجھے اس بات کا دکھ تھا کہ جب سے مجھے بین الاقوامی سطح پر عمدہ کارکردگی کی بناءپر پذیرائی ملی میں اپنے ملک میں اپنا کھیل دکھانے سے محروم تھا۔انھوں نے کہا کہ پاکستان میں بین الاقوامی ٹینس نہ ہونے کا نقصان نوجوان کھلاڑیوں کو ہوا ہے اور ان کے شوق میں فرق پڑا ہے، اس کے علاوہ ملک میں مقابلے نہ ہونے کے اثرات سپانسرشپ کی کمی کی صورت میں بھی سامنے آئے ہیں لیکن انھیں امید ہے کہ ڈیوس کپ ٹائی کے بعد مثبت تبدیلی آئے گی اور نوجوان کھلاڑیوں میں دوبارہ شوق پیدا ہو گا اور سپانسرز بھی سامنے آئیں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان ڈیوس کپ ٹائی تین سے پانچ فروری تک اسلام آباد میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان میں12 سال کے طویل عرصے کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان ٹینس کے اس بین الاقوامی مقابلے کی میزبانی کررہا ہے۔ایران نے سکیورٹی کے خدشات کے پیش نظر پاکستان آ کر یہ ایونٹ کھیلنے سے انکار کردیا تھا لیکن انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے سکیورٹی کی صورتحال کو اطمینان بخش قرار دے کر یہ مقابلہ پاکستان میں ہی منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔اعصام الحق پاکستان کی اس چار رکنی ٹیم کا حصہ ہیں جو اس تین روزہ مقابلے میں ایران کا مقابلہ کرنے والی ہے۔
 
 
 

 

 

 
 
 
ایمز ٹی وی(تہران )امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کی دھمکیاں کام نہ آئیں ، ایران نے دوسرے جوہری میزائل کا تجربہ کرنے کی تیاری شروع کردی۔
 
دی ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق ایران نے بلیسٹک میزائل کے فوری بعد جوہری ہتھیار لے جانے والے کروز میزائل کی تیاری شروع کردی ہے جس کاتجربہ عنقریب کیا جا ئے گا۔ ایران کے اس اقدام پر امریکا اور اسرائیل کی جانب سے شدید تنقید کی جا رہی ہے۔
 
 
جرمن جریدے ڈائی ویلٹ کی ایک خالیہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مارچ2015ءمیں منظر عام پر آنے والے اس سومار میزائل راکٹ کا پہلا تجربہ جلد کیا جائے گا ۔یہ رپورٹ وائٹ ہاﺅس کے اس بیان کے ایک روز بعد شائع کی گئی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ بلیسٹک میزائل کے تجربے کے بعد ایران کو انتباہ جاری کی گئی ہے کیونکہ ایران ایسا کر کے اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قرارداد کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔
 
جرمن رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سومار میزائل 3ہزار کلو میٹر(1864میل )کی رینج تک مار کرنے اور 6سو کلو میٹر (373میل) کی اونچائی تک جانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔
 
 
راکٹ کے بارے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یہ روس کے کے ایچ 55کروز میزائل کے نظام کو مزید بہتر کر کے بنایا گیا ہے جو ایران سے اسرائیل تک مار کرنے اور بحری جہاز کے ساتھ ساتھ ہوائی جہاز اور آبدوز سے بھی لانچ ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔
 
یاد رہے اتوار کے روز ہی ایران نے 4ہزار کلو میٹر تک مار کرنے والے بلیسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا تھا جس پر امریکا اور اسرائیل کی جانب سے فوری اور شدید ردعمل سامنے آیا تھا

 

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /اسلام آباد ) خاتون اول بیگم محمودہ ممنون حسین نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی نے دینی تعلیمات تک رسائی آسان بنا دی ہے.

بچیاں گھر بیٹھے اس سے بھرپور استفادہ کر سکتی ہیں۔ بچیوں کی بہتر تربیت سے گھر اور معاشرے میں مثبت تبدیلی آ سکتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ایوان صدر میں اسلام آباد ماڈل اسکول کی طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ نماز اسلام کا بنیادی رکن اور دین کا ستون ہے جس کے بغیر زندگی نامکمل ہے۔

قرآن پاک میں سب سے زیادہ نماز کے بارے میں حکم آیا‘ نبی پاکؐ نے بھی تمام مصروفیات ترک کر کے نماز ادا کرنے کا حکم دیا۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) آل راﺅنڈر شاہد آفریدی نے شکوہ کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انہیں گول میز کانفرنس سے لاعلم رکھا تاہم کانفرنس کا انعقاد خوش آئند ہے اور اگر شرکت کی دعوت ملی تو ضرور جاﺅں گا۔
چاندی کا تمغہ جیتنے والی تھروبال ٹیم کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ انہیں قومی ٹیموں کی بہتری کیلئے لاہور میں بلائی جانے والی گول میز کانفرنس سے لاعلم رکھا گیا ہے اور شرکت کی دعوت بھی نہیں دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کانفرنس سے متعلق میڈیا کے ذریعے پتہ چلا اور اگر واقعی ایسا ہورہا ہے تو پی سی بی کا یہ اقدام خوش آئند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں کرکٹ اور ملک کی خدمت کیلئے ہمیشہ حاضر ہوں، پی سی بی جب بھی کرکٹ کیلئے بلائے گی، اپنی زیادہ سے زیادہ خدمات پیش کروں گا۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے امید ظاہر کی کہ لیگ کے اس سیزن میں کم از کم ایک اچھا فاسٹ باﺅلر اور مڈل آرڈر بلے باز دیکھنے کو ملے گا جو قومی ٹیم کیلئے رنز کر سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل سے نوجوان کھلاڑیوں کو موقع مل رہا ہے اور امید ہے کہ اس کے ذریعے قومی ٹیم کیلئے ابھرتے ہوئے کھلاڑی سامنے آئیں گے جو ملک کا نام روشن کریں گے۔

 

 

ایمز ٹی وی (صحت /راولپنڈی) فروری میں موسم کی شدت میں کمی کے باوجود ڈینگی کا مریض ہولی فیملی ہسپتال میں داخل کروا دیا گیا۔ 37سالہ ظہیر نامی شخص کا تعلق ڈھوک کشمیریاں سے ہے جہاں گزشتہ سال سب سے زیادہ مریض ڈینگی میں مبتلا ہوئے تھے۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ اگر راولپنڈی اسلام آباد کی انتظامیہ نے ابھی سے احتیاطی اقدامات نہ کئے تو آنیوالے موسم میں ڈینگی کی وباء میں خطرناک حد تک اضافہ کا امکان ہے۔

داخل کرایا جانیوالا مریض چار دن سے بیمار تھا اور اُسکے پلیٹ لیٹ 84اور ڈبلیو بی سی 4.6تھے جبکہ این ایس ون نیگٹو تھا۔ مریض کی آمد کے ساتھ ہی اسپتال انتظامیہ نے ہنگامی اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کو ڈینگی کے خلاف فوری اقدامات کرنا ہونگے۔

 

 

ایمز ٹی وی ( صحت /کراچی ) سول اسپتال کراچی کی انتظامیہ نے 250ملازمین کی تنخواہیں روکنے اور اختیارات سے تجاوز کرنے پر اسپتال کے اے ایم ایس جنرل ڈاکٹر عبدالقادر صدیقی کو عہدے سے ہٹا دیا ۔

اسپتال ذرائع کے مطابق انتظامیہ نے طبی ونیم طبی عملے کو بغیر اطلاع کے چھٹی کرنے پر اظہار وجوہ کے نوٹسز جاری کیے گئے تھے جس پر انہوں نے ایم ایس کے سامنے حاضر ہو کر وجوہات پیش کر دی تھیں جس پر معاملہ ختم ہو گیا تھا لیکن اس کے باوجود ملازمین کی تنخواہیں روک دی گئیں۔ جس پر انہوں نے ایم ایس سے رابطہ کیا تو یہ بات سامنے آئی کہ اے ایم ایس جنرل ڈاکٹر عبدالقادر صدیقی نے ان کی تنخواہیں رکوائی ہیں

جس پر ایم ایس نے انہیں عہدے سے ہٹا دیا۔ اس ضمن میں اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر ذوالفقار علی سیال نے بتایا کہ ملازمین کی تنخواہوں سے اے ایم ایس جنرل کا کوئی تعلق نہیں نہ ہی انہیں تنخواہیں روکنے کا اختیار حاصل ہے اس کے باوجود انہوں نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان نے چار روزہ ٹیسٹ کی تجویز مسترد کر دی، چیئرمین پی سی بی شہریارخان کے مطابق جب بارش ہوئی تو ایسے میچز کا کیا ہو گا؟دبئی میں جاری آئی سی سی میٹنگ میں چار روزہ ٹیسٹ پر بھی بات ہونی ہے، شہریار خان نےمیڈیا سے بات چیت میں اس حوالے سے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ سے زیادہ چھیڑ چھاڑ مناسب نہیں، پانچ روزہ میچ ہی کھیل کا اصل حسن ہے، ایک دن کم کرنے سے کچھ فائدہ نہیں ہونے والا، ہم اس کی مخالفت کریں گے.
چار دن کا میچ کر دیا اور درمیان میں بارش کے سبب وقت ضائع ہوا تو کیسے نتیجہ برآمد ہو سکتا ہے؟۔دوسری جانب آئی سی سی ٹیسٹ کرکٹ کو دو درجات میں بھی تقسیم کرنے پر غور کر رہی ہے، بڑی ٹیمیں ایک اور دیگر دوسرے درجے میں ہوں گی۔ ان کے آپس میں میچز ہوا کریں گے، بنگلہ دیش اور سری لنکا نوشتہ دیوار پڑھتے ہوئے کھل کر اس کی مخالفت کر رہے ہیں، بھارت نے بھی ان کا ساتھ دیا جس کی وجہ سے گزشتہ عرصے اس تجویز کو منظوری نہیں مل سکی تھی، اب معاملہ پھر آئی سی سی میٹنگ میں زیرغور آئے گا۔
ادھر چیئرمین پی سی بی شہریارخان نے مجوزہ دو درجاتی نظام کے بارے میں کہا کہ ہمیں ایسوسی ایٹ ٹیموں کو بھی ٹاپ لیول پر صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دینا ہوگا، جیسے آئرلینڈ اور افغانستان اپنے کھیل میں مزید بہتری لائیں تو انھیں ٹیسٹ اسٹیٹس مل سکتا ہے، اس حوالے میں آئی سی سی میٹنگ میں بات چیت کرکے ہی مزید تفصیلات کا علم ہوگا۔