ایمز ٹی وی (تجارت)عالمی مارکیٹ میں تیزی اور بھارت سے درآمدی سوتی دھاگے کی درآمد پر اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹی لگنے پر پاکستان میں فی من کپاس دو سو روپے مزید مہنگی ہوکر سات ہزار روپے کی سطح پر پہنچ گئی ۔ کاٹن جنرز فورم کے چیئرمین احسان الحق کے مطابق کپاس کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان شروع ہوگیا ہے ۔ مقامی صنعت کو فروغ دینے کے لئے حکومت نے بھارت سے درآمدی سوتی دھاگے پر4 ماہ کے لئے اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹی لگادی گئی ہے، جس سے بھارت سے درآمدی سوتی دھاگے پر 26 سے 55 روپے فی کلو تک اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹی لگ گئی ہے۔ ساتھ ہی امریکا اور چین کی کاٹن مارکیٹ میں کپاس کی قیمتوں مین تیزی کے باعث مقامی مارکیٹ میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔
ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک) انسٹاگرام میں کامیابی سے اسنیپ چیٹ اسٹوریز کو کاپی کرنے کے بعد فیس بک نے اب اسے اپنی ایپ کا بھی حصہ بنا دیا ہے۔جی ہاں انسٹاگرام میں جس طرح اسٹوریز کا انٹرفیس دیا گیا ہے، بالکل اسی انداز کا ڈیزائن فیس بک اسٹوریز کے نام سے اب فیس بک موبائل ایپ میں ٹیسٹ کیا جارہا ہے۔اس بات کی تصدیق فیس بک ترجمان نے کی۔ اس فیچر کی آزمائش فی الحال آئرلینڈ میں کی جارہی ہے مگر اس نئے فارمیٹ کو جلد دنیا بھر میں متعارف کرایا جائے گا۔فیس بک اسٹوریز بالکل انسٹاگرام اسٹوریز کی نقل ہے جو کہ خود اسنیپ چیٹ اسٹوریز سے چوری کیا گیا، جہاں آپ تصاویر اور ویڈیوز اپنی ذاتی ' اسٹوری' میں شامل کرکے دوستوں سے شیئر کرسکتے ہیں اور یہ چوبیس گھنٹے بعد خودبخود ڈیلیٹ ہوجاتی ہے۔ آپ جو بھی فیس بک اسٹوری میں ایڈ کریں گے وہ نیوزفیڈ یا پروفائل کی ٹائم لائن پر ظاہر نہیں ہوگا جبکہ انسٹاگرام اور اسنیپ چیٹ کی طرح آپ کسی کی اسٹوری پر ڈائریکٹ میسج کے ذریعے رئیپلائی بھی کرسکتے ہیں۔آپ تصاویر میں سیلفی فلٹرز اور فیس بک کے اسنیپ چیٹ جیسے جیو فلٹرز سے بھی فوٹوز اور ویڈیوز کو سجا سکتے ہیں۔ فیس بک کے مطابق ' آج لوگ ایک یا دو برس پہلے کے مقابلے میں مختلف چیزیں شیئر کررہے ہیں، وہ زیادہ سے زیادہ تصاویر اور ویڈیوز شیئر کررہے ہیں، ہم اس مواد کی شیئرنگ لوگوں کے لیے زیادہ تیز اور پرلطف بنانا چاہتے ہیں تاکہ وہ جو چاہے اپنے تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے پیش کرسکیں'۔ فیس بک کی جانب سے اس فیچر کو انسٹاگرام کی طرح ایپ کے ٹاپ پر نمایاں جگہ دی گئی ہے۔یہ فیس بک کی جانب سے اسنیپ چیٹ کی مقبولیت میں کمی لانے کی حکمت عملی کا حصہ ہے بلکہ لوگوں کو اپنے فون کیمروں سے زیادہ سے زیادہ شیئر کرنے پر مجبور کرنا ہے
ایمز ٹی وی ( تعلیم /کراچی) سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شیخ نے کہا ہے کہ ہمارا ملک اس وقت تک ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتا جب تک ملک کی آدھی آبادی (خواتین) کو گھروں میں قید کرنے کے رکھنے کے بجائے انہیں باہر نکلنے کے مواقع فراہم نہیں کیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی میں یو ایس ایڈ اور عورت فائونڈیشن کے تعاون سے سندھ مدرسہ یونیورسٹی میں شروع کئے گئے ’’جینڈر ایکوئٹی پروگرام‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر خواتین کو معاشرے کے تمام شعبہ جات میں برابری کے مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ حیرت انگیز نتائج فراہم کریں گی۔
ایمز ٹی وی (تعلیم /کراچی) وفاقی اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر سلمان ڈی محمد کے خلاٖ ف علمی سرقے کا معاملہ نیا رخ اختیار کرگیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ ان کے خلاف ساری کارروائی ایک گمنام خط کی بنیاد پر کی جارہی ہے جب کہ سپریم کورٹ کا اس حوالے سے فیصلہ موجود ہے کہ گمنام شکایت پر کارروائی نہیں ہوسکتی اسی طرح ہائر ایجوکیشن کی علمی سرقہ پالیسی2007کے مطابق بھی گمنام خط پر کارروائی نہیں ہوسکتی ۔ تاہم ہائر ایجوکیشن کمیشن کا جامعہ کراچی پر سخت دباو ہے کہ گمنام خط پر ڈاکٹر سلمان ڈی محمد کے خلاٖ ف علمی سرقے کی کارروائی کی جائے، جامعہ کراچی کے سبکدوش ہونےو الے وائس چانسلر ڈاکٹر قیصر نے تصدیق کی کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کا دباؤ ہے جبکہ ڈاکٹر سلمان ڈی محمد کیخلاٖف گمنام خط کی روشنی میں کارروائی کی جارہی ہے اور کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ارشد خود کمیٹی کے اجلاس میں شریک ہوئےتھے جبکہ باقی اراکین میں ڈاکٹر انیلہ امبر ملک ڈاکٹر ناصر، اور ڈاکٹر زرنیہ شمشاد شامل تھے۔ انھوں نے کہا کہ کمیٹی کی رپورٹ آئندہ سنڈیکیٹ کے اجلاس میں پیش کی جائیگی، ادھر اردو یونیورسٹی میں غیر تدریسی ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج شروع کردیا ہے۔