اتوار, 19 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) پاکستان نے بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے خلاف لندن میں منی لانڈرنگ کیس ختم ہونے پر خط کے ذریعے برطانوی حکومت سے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان نے بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے خلاف لندن میں منی لانڈرنگ کیس ختم ہونے پر برطانیہ کو خط لکھا ہے جو وزارت داخلہ کی جانب سے باضابطہ طور پر برطانوی حکومت کو بھجوادیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے بھیجے گئے خط میں لندن میں الطاف حسین کے خلاف منی لانڈرنگ کیس ختم ہونے پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
 
پاکستان نے خط میں برطانوی حکومت سے الطاف حسین کے خلاف مقدمات ختم کرنے کے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے جب کہ خط میں الطاف حسین کے خلاف پاکستان میں چلنے والے مقدمات اور عمران فاروق قتل کیس سے متعلق کہا گیا ہے کہ ان مقدمات میں پیشرفت کے لیے برطانیہ پاکستان کے ساتھ شواہد کا تبادلہ کرے بصورت دیگرعدم شواہد کی بنا پر ان مقدمات کو آگے بڑھانا ناممکن ہوجائے گا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)مسلم لیگ ن کے سینیٹر ظفرعلی شاہ نے کہاہے کہ پانامالیکس کیس کے فیصلے کی زد میں آنے پر نوازشریف کے بعد خاندان سے حمزہ شہبازشریف وزیراعظم ہوسکتے ہیں لیکن اگر وہ چاہیں کہ خاندان کی بجائے یہ عہدہ پارٹی کو دیاجائے تو خواجہ سعد رفیق یا خواجہ آصف بھی ہوسکتے ہیں۔
نجی چینل کے پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے ظفرعلی شاہ نے بتایاکہ پانامالیکس کا فیصلہ وزیر اعظم کےخلاف آجانے پر بھی پارٹی لیڈر نوازشریف ہی ہوں گے ، پھر وہی شخص وزیراعظم بنے گا جو رکن قومی اسمبلی ہوگا، اگر نوازشریف یہ چاہیں گے کہ عہدہ فیملی میں ہی رہے تو قریب ترین آدمی جو پارلیمنٹ میں بھی موجود ہے تو وہ حمزہ شہبازشریف ہوں گے ، اس کے علاوہ کوئی اور نہیں ۔
اگروہ چاہیں گے کہ یہ عہدہ پارٹی کو دیاجائے تو اس کیلئے خواجہ آصف یا سعد رفیق بھی ہوسکتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ان کاکہناتھاکہ اسحاق ڈار نہیں ہوسکتے کیونکہ وہ سینٹ کے رکن ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاک فوج کے سابق سربراہ جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف کو زرعی زمین کی الاٹمنٹ کے حوالے سے دفاعی ذرائع نے کہا ہے کہ اس میں کوئی غیرمعمولی بات نہیں ہے۔ فوج کے موجودہ قواعد و ضوابط کے تحت زمین مختص کرنے کا عمل خالصتا میرٹ پر ہوتا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق زمین زرعی مقاصد کے لئے مختص کی گئی ہے اور یہ تجارت یا کاروبار کے لئے نہیں ہے۔ پاک فوج کے تمام رینکس میں سینیارٹی، خدمات اور میرٹ کی بنیاد پر ریٹائرمنٹ کے قریب افراد کو زرعی زمین الاٹ کی جاتی ہے۔ یہاں تک کہ صوبے دار اور حوالدار کو بھی کم سے کم 12 سے 24 ایکڑ تک زرعی زمین الاٹ کی جاتی ہے۔مختص کی جانے والی زمین عام طور پر سرحد کے قریب ہوتی ہے۔ جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف کو جو زمین الاٹ کی گئی ہے وہ لاہور میں سرحد سے پانچ کلومیٹر کے اندر ہے۔
جنرل راحیل سے پہلے کے فوجی سربراہان کو بھی دیگر سرحدی علاقوں میں اتنی ہی زمین الاٹ کرنے کی مثالیں موجود ہیں۔ یہی اصول دیگر سروسز پر بھی لاگو ہوتا ہے۔ یہاں تک کہ سینئرسول سرونٹس کو بھی ریٹائرمنٹ پر کھیتی باڑی کے مقاصد کے لئے زمینیں ملتی ہیں۔

 

 

 

ایمزٹی وی(کراچی)ورماڑہ میں جناح نیول بیس پر دو بحری جہاز پی این ایس ہنگول اور بسول کو پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی میں شامل کرنے کی پروقار تقریب ہوئی، وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف تقریب کے مہمان خصوصی تھے، اس موقع پر وزیر دفاع نے پاک بحریہ کی مختلف یونٹس کا دورہ بھی کیا۔
تقریب میں اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی، چین میں تیار ہونے والے یہ جہاز جدید آلات سے لیس ہیں جو خصوصی اقتصادی زون کی حفاظت اور میری ٹائم خطے میں قانون پر عمل داری میں مزید معاون ثابت ہوںگے۔ قبل ازیں وزیر دفاع جناب خواجہ محمد آصف نے پاک بحریہ کے آپریشنل امور اور ساحلی علاقوں کے عوام کی معاشی و سماجی حالت بہتر بنانے کے لیے پاک بحریہ کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا۔ وزیر دفاع نے پاکستان نیوی کی آپریشنل تیاریوںاور خطے میں سیکیورٹی کو یقینی بنانے میں پاک بحریہ کے کردار پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے پاک چین اقتصاد ی راہداری کی بحری سیکیورٹی اورحفاظت کے سلسلے میں پاک بحریہ کے کردار کا خصوصیت سے ذکر کیا۔انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری اور گوادربندرگاہ منصوبے کی کامیابی کا انحصاربحرہندخصوصابحیرہ عرب میں محفوظ میری ٹائم ماحول پر منحصرہے جس کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ مکمل تیارہے۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس) پاکستان اورآسٹریلیاکی ٹیموں کے مابین100میچ مکمل ہونے میں صرف 3میچ رہ گئے،دونوں ٹیموں کے درمیان1975ء سے22جنوری2017تک مجموعی طورپر97ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلے گئے جن میں سے32 میچ پاکستان نے جیتے،61 میچ آسٹریلیا نے جیتے،ایک میچ برابراور3میچ غیرفیصلہ کن رہے۔پاکستان کی کامیابی کاتناسب34.57فیصداورآسٹریلیاکی کامیابی کاتناسب65.42فیصدہے۔پاکستان اورآسٹریلیاکی ٹیموں کے مابین پاکستان میں1982ء سے 10نومبر1998ء تک11میچ کھیلے گئے جن میں سے پاکستان نے4میچ جیتے،6میچ آسٹریلیانے جیتے اورایک میچ غیرفیصلہ کن رہا۔
پاکستان میں پاکستان کی جیت کاتناسب40فیصداورآسٹریلیا کی فتح کاتناسب60فیصدہے۔پاکستان اورآسٹریلیاکی ٹیموں کے مابین پاکستان میںآخری ون ڈے میچ تقریباً14سال قبل10نومبر1998ء کوقذافی سٹیڈیم لاہورمیں کھیلاگیاجوآسٹریلیانے6وکٹ سے جیتا۔ پاکستان اورآسٹریلیاکی ٹیموں کے مابین آسٹریلیا میں1981ء سے اب تک 55میچ کھیلے گئے جن میں سے17میچ پاکستان نے اور36میچ آسٹریلیانے جیتے،ایک میچ برابراورایک میچ غیرفیصلہ کن رہا۔آسٹریلیامیں پاکستان کی کامیابی کاتناسب32.40فیصداورآسٹریلیا کی کامیابی کاتناسب67.59فیصدہے.

 

 

ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک)واٹس ایپ میں اب آپ انٹرنیٹ کے بغیر بھی میسجز کو ارسال کرسکیں گے۔جی ہاں واٹس ایپ نے آئی او ایس صارفین کے لیے یہ اپ ڈیٹ کی ہے جو انہیں آف لائن پیغامات بھیجنے کی سہولت فراہم کرے گی۔

بس وہ اپنے پیغامات تحریر کرکے سینڈ پر کلک کردیں گے اور جب ان کی ڈیوائس موبائل ڈیٹا یا وائی فائی سے انٹرنیٹ سے کنکٹ ہوگی تو یہ پیغامات سینڈ ہوجائیں گے۔ہوسکتا ہے کہ آپ کو علم نہ ہو مگر اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز پر یہ فیچر گزشتہ سال جون سے موجود ہے۔

اس سے پہلے آئی او ایس ڈیوائسز پر اگر انٹرنیٹ موجود نہیں ہوتا تو وہاں سینڈ کا بٹن ڈس ایبل ہوجاتا تھا اور وہ پیغام ٹیکسٹ باکس میں پھنس جاتا تھا۔تو صارفین کو آن لائن ہونے پر واپس جاکر ہر چیٹ باکس کو کھول کر سینڈ کا بٹن دبانا پڑتا تھا۔ اور ہاں واٹس ایپ نے آئی او ایس ڈیوائس میں بیکوقت 30 فوٹوز یا ویڈیوز ایک ساتھ بھیجنے کا فیچر بھی متعارف کرا دیا ہے، پہلے دس سے زیادہ فوٹوز بھیجنا ممکن نہیں تھا۔یہ فیچر فی الحال اینڈرائیڈ صارفین کے لیے متعارف نہیں کرایا گیا تاہم جلد پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)ڈالر گرل ایان علی نے اپنا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے وفاقی وزیر داخلہ کے نام وزارت داخلہ میں درخواست جمع کرادی ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق ایان علی نے اپنا درخواست میں موقف اپنایا کہ ان کا نام 29 جنوری تک ای سی ایل سے نکالا جائے کیونکہ وہ 30 جنوری بیرو ن ملک جانا چاہتی ہیں۔درخواست میں یہ بھی کہا کہ گیا کہ ای سی ایل سے نام سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں نکالا جائے۔
واضح رہے کرنسی سمگلنگ کیس میں ملوث ماڈل گرل ایان علی کو سندھ ہائیکورٹ نے بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی تھی اور وزارت داخلہ کو حکم جاری کیا تھا کہ ایان کا نام ای سی ایل سے خارج کیا جائے۔

 

 

ایمز ٹی وی (لاہور)لاہور بار ایسوسی ایشن کی 70سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ سالانہ انتخابات کے ووٹوں کی 24گھنٹے طویل گنتی ہوئی جس کے بعد نتائج مرتب کیے گئے، جب کہ اتنے گھنٹے کام کرنے کے بعد الیکشن بورڈ کی طرف سے نتائج کا باقاعدہ اعلان نہ ہو سکا۔ لاہور بار ایسوسی ایشن کے انتخابات 23جنوری کی صبح 9بجے شروع ہوئے پولنگ 6بجے شام اختتام پذیر ہوئی

اِس کے 2گھنٹے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا سلسلہ شروع ہوا جو اتنا طویل ہو گیا کہ وہ 24جنوری تک 4بجے تک جاری رہا۔ پولنگ بائیو میٹرک سسٹم اور مینول کے ملے جلے سسٹم کے تحت ہوئی ۔

 

 

ایمزٹی وی(سوات)پاک فضائیہ نے 11 سال بعد سوات میں بین الاقوامی اسکیئنگ چیمپئن شپ کے انعقاد کا اعلان کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کے ترجمان نے کہا کہ چیمپئن شپ کل سے مالم جبہ میں شروع ہورہی ہے۔
اسکیئٹنگ چمپئن شپ میں یونان،سلواکیہ،مراکش،بھارت اور ترکی سمیت 9 ممالک حصہ لیں گے۔
 
اس کے علاوہ پاکستان کے مختلف علاقوں سے بھی سکیئرز مقابلے کا حصہ ہونگے۔ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ماضی میں دہشتگردی کے باعث سوات میں کھیلوں کا انعقاد متاثر ہوا تھا۔ چیمپئن شپ کے ذریعے ملک میں سیاحت کافروغ اور مثبت تشخص اجاگر ہوگا۔
 

 

 

ایمز ٹی وی (مانیٹرنگ ڈیسک)اسپین میں سائنسدانوں اور انجینئروں کی ایک ٹیم نے ایسا تھری ڈی بایو پرنٹر تیار کرلیا ہے جس سے انسانی کھال کی نقل تک ’’چھاپی‘‘ جاسکتی ہے۔ یہ تھری ڈی بایو پرنٹر ہسپانوی جامعات، تحقیقی مراکز اور نجی اداروں کا مشترکہ کارنامہ ہے جو متوقع طور پر جلد ہی مارکیٹ میں دستیاب بھی ہوجائے گا اور اس کی مدد سے کاسمیٹکس، کیمیکلز اور دواؤں کی جانچ پڑتال کے لیے انسانوں کی ضرورت بھی ختم ہوجائے گی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مزید بہتری اور پختگی کے بعد اسی بایو پرنٹر سے جلی ہوئی یا متاثرہ کھال والے مریضوں کے لیے ان ہی کے جسمانی خلیات سے تیار کردہ جیتی جاگتی مصنوعی کھال تک چھاپی جاسکے گی۔

ریسرچ جرنل ’’بایو فیبریکیشن‘‘ کے تازہ آن لائن شمارے میں اس ٹیم نے اپنے کارنامے کی مکمل تفصیلات شائع بھی کروادی ہیں۔ اس تھری ڈی پرنٹر کو انسانی کھال چھاپنے کے قابل بنانے کے لیے خاص طرح کی ’’حیاتی روشنائی‘‘ (بایو اِنک) تیار کی گئی جس میں وہ تمام ضروری خلیات شامل تھے جو انسانی کھال میں شامل ہوتے ہیں۔ کھال چھاپنے والے تھری ڈی بایو پرنٹر کو کامیاب بنانے کے لیے اسے اضافی طور پر براہِ راست چمڑہ چھاپنے کے قابل بھی بنالیا گیا ہے جس کی بدولت چمڑہ سازی میں جانوروں کی ضرورت کم رہ جائے گی۔

واضح رہے کہ پتلی جھلی کی طرح دکھائی دینے والی قدرتی کھال میں بھی کئی پرتیں (layers) اوپر تلے ایک دوسرے کے ساتھ جڑی ہوتی ہیں اور اسی وجہ سے کھال اپنا کام درست طور پر کرسکتی ہے۔ ہسپانوی ماہرین کے سامنے اصل چیلنج بھی یہی مرحلہ تھا جسے پورا کرنے کے لیے ہر باریک پرت سے تعلق رکھنے والے خلیات اور مادّوں پر مشتمل بایو اِنک کو جداگانہ پرتوں کی شکل میں ترتیب وار ایک دوسرے کے اوپر جمایا گیا۔ اس وقت دواؤں اور طبّی آلات کی منظوری دینے والے مختلف اداروں میں مذکورہ بایو پرنٹر کا جائزہ لیا جارہا ہے جن سے منظوری کے بعد پہلے پہل یہ یورپی ممالک میں دستیاب ہوجائے گا۔