ھفتہ, 18 جنوری 2025

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)نادرا نے پانامہ اور بہاماس میں آف شور کمپنیوں کے مالکان کی تلاش میں مدد دینے سے معذرت کر لی۔
ذرائع کے مطابق نادرا نے تحریری طور پر ایف بی آر حکام کو آگاہ کر دیا۔ ایف بی آر حکام کی طرف سے نادرا کو آف شور کمپنیوں کے مالکان کی جامع تفصیلات نہیں دی گئیں۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ فراہم کی گئی معلومات آف شور کمپنیوں کے مالکان کی تلاش کے لئے کافی ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی (صحت )برطانوی دارالحکومت میں 15 کاسمیٹک کمپنیوں کے خلاف مضر صحت کریمیں بیچنے پر بھاری جرمانہ عائد کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ان کمپنیوں پرایک لاکھ 68 ہزار 579 پاؤنڈ کا جرمانہ عا ئد کیا گیا ہے۔ یہ کمپنیاں ایسے برانڈز کی رنگ گورا کرنے والی کریمیں بیچتی تھیں جن میں پاکستان کی مشہور کمپنیوں کی کریمیں اور صابن بھی شامل ہیں۔ ان کریموں میں کینسر کا سبب بننے والے مضر صحت کیمیکلز پائے گئے ہیں۔ لندن میں کئی دکانداروں کو بھاری جرمانوں کے علاوہ گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ ان دکانوں کے مالکان کو خبردار کیا گیا ہے کہ اگر انہوں نے دوبارہ مضر صحت کریمیں اور صابن فروخت کئے تو انہیں ایک سال تک جیل کی سزا بھی کاٹنی پڑسکتی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ کئی برسوں کے دوران کئے گئے طبی مطالعات سے ثابت ہوچکا ہے کہ رنگ گورا کرنے اور جلد کو شاداب رکھنے والی بیشتر کریموں اور کاسمیٹک مصنوعات صحت کو نقصان پہنچانے کا با عث ہے۔ اسی بناء پر طبی ماہرین ایسی مصنوعات پر پابندی کا مطالبہ بھی کرتے آرہے ہیں۔ اس تناظر میں یہ پہلا موقعہ ہے جب لندن میں کاسمیٹک کمپنیوں کے خلاف کوئی کارروائی کی گئی ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی ( تعلیم/مانسہرہ) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ریحانہ یاسمین نے کہاہے کہ ضلع بھر میں اسکولوں کی چیکنگ کا عمل جاری ہے ۔ اساتذہ کو حاضریاں مکمل کرنے کی ہدا یت کی گئی ہے ۔ سرکاری اسکولوں میں تعلیمی معیار پہلے سے بہتر ہوتا جارہا ہے ۔ ہم اپنی طرف سے بھر پور کوشش کرتے ہیں کہ سرکاری اسکولوں میں تعلیمی معیا ر بہتر سے بہتر ہو۔ مگر کچھ مسائل بھی ہیں جن کا سامنا اساتذہ کو کرنا پڑ تاہے ۔ دور دراز علاقوں میں خواتین اساتذہ کے لئے ہاسٹل کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہوتی ہیں حکومت کو چا ہئے کہ اسکولوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ ہاسٹلوں کی تعمیر کا مسئلہ بھی حل کر ے ۔ انہوں نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طالبات کو نصابی سر گرمیوں کے ساتھ کھیلوں کی طرف بھی راغب کیا جارہا ہے اور پندرہ سال بعدضلع مانسہرہ میں پہلی بار ہم نے کھیلوں کے مقابلے منعقد کرائے جن میں طالبات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) لانڈھی اوراتحاد ٹاؤن میں آتشزدگی سے 5افرادزخمی .لانڈھی اور اتحاد ٹاؤن میں گھر کے اندر کام کے دوران آگ لگنے سے خاتون اور2بچوں سمیت پانچ افراد جھلس کر زخمی ہوگئے
لانڈھی اور اتحاد ٹاؤن میں گھر کے اندر کام کے دوران آگ لگنے سے خاتون اور2بچوں سمیت پانچ افراد جھلس کر زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق لانڈھی تھانے کی حدود لانڈھی ایک نمبر گھر میں کام کے دوران جھلس کر ایک شخص زخمی ہوگیا جس کی شناخت 45سالہ شعیب ولد نور الدین کے نام سے ہوئی ،اس ضمن میں پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں بجلی جانے کے بعد مضروب نے جنریٹر اسٹارٹ کر کے اس میں پٹرول ڈالنے کی کوشش کی اس دوران پٹرول جنریٹر پر گرا اور شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگ گئی ۔
اتحاد ٹاؤن کے علاقے بلدیہ اتحاد ٹاؤن مکی مسجد کے قریب واقع گھر میں کام کے دوران آگ لگنے سے 44سالہ شفیق اسکی بیوی 42سالہ مقبولہ ،12سالہ محمد رفیق اور8سالہ شوکت جھلس کرزخمی ہوگئے جنہیں اہل محلہ نے ریسکیو ایمبولنس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ کچن میں موجود گیس پائپ لیک ہونے کے باعث پیش آیا۔
 

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم /جھنگ) ضلعی محکمہ تعلیم نے پرائم منسٹر روڈ میپ رینکنگ میں اول پوزیشن حاصل کر لی ۔ پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کیے جانے والے نوٹیفکیشن کے مطابق صوبہ بھر میں پاکپتن دوسرے ، اوکاڑہ تیسرے ، چکوال چوتھے اور جہلم پانچویں نمبر پر رہا۔ پانچوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور سی ای اوز ایجوکیشن کو دو دو ماہ کی اضافی تنخواہیں ملیں گی۔

 

 

ایمز ٹی وی(لاہور) پاکستان مسلم لیگ ق کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی نے سروسز ہسپتال میں انتظامیہ کی بے حسی اور وینٹی لیٹر نہ ملنے سے مریضہ کے جاں بحق ہونے پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کروادی۔
مغلپورہ کی مریضہ حنیفہ بی بی سروسز ہسپتال میں چار گھنٹے تک زندگی کی جنگ لڑتی رہی لیکن اسے وینٹی لیٹر نہ مل سکا جس کے باعث وہ جان کی بازی ہا ر گئی ۔خدیجہ فاروقی نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت کے 6بڑے سرکاری ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں صرف45وینٹی لیٹرز جبکہ روزانہ ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کی تعداد 11ہزار سے زائد ہے،
11ہزار مریضوں کیلئے صرف45وینٹی لیٹر ز صحت کے شعبہ میں خادم اعلیٰ کے بلندو بانگ دعوئوں کی نفی ہے ، جس کے باعث مریض زندگی سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرگنگا رام ہسپتال کی ایمرجنسی میں1350جبکہ شیخ زاید ہسپتال میں350مریض روزانہ آتے ہیں لیکن ان دو ہسپتالوں میں کوئی وینٹی لیٹر نہ ہے، جس کے باعث 50سے زائد مریضوں کو وینٹی لیٹرز کی عدم دستیابی کے باعث ایمبو بیگ سے مصنوعی سانسی دی جاتی ہے ۔لاہور کے 6بڑے سرکاری ہسپتالوں میں صرف45وینٹی لیٹر ز موجود ہیں جو ناکافی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ خادم اعلیٰ اس طرف توجہ دیں اور مریضوں کی جانیں بچانے کیلئے فوری طور پر مریضوں کی تعداد کے مطابق وینٹی لیٹرز فراہم کیے جائیں تاکہ قیمتی جانوں کو ضائع ہونے سے بچایا جاسکے

 

 

ایمز تی وی (صحت )عالمی ادارہ صحت نے چین میں برڈ فلو سے 9 ہلاکتوں کے بعد تشویش کا اظہار کیا ہے چین کے شمالی صوبے ہینان، جنوبی گوانگ ڈونگ اور مرکزی ہیونان کے طبی مراکز سے اب تک برڈ فلو وائرس سے 9 اموات کی تصدیق ہوچکی ہے۔ ان میں سب سے تازہ واقعہ گزشتہ روز ہینان میں پیش آیا جہاں ایک ہی ہوٹل میں کام کرنے والے دو ملازم برڈ فلو سے ہلاک ہوئے ہیں۔اس کے علاوہ چین میں اس نئی وبا سے اب تک کئی بڑے شہروں میں برڈ فلو کے واقعات سامنے آچکے ہیں جن میں شنگھائی، ہانگ کانگ اور ژنہوا وغیرہ شامل ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق چین میں برڈ فلو کی وبا مارچ 2013 میں پہلی بار مشاہدے میں آئی تھی جس میں اتار چڑھاؤ نوٹ کیا جاتا رہا تھا اور تب سے 2017 کی ابتداء تک ایک ہزار افراد برڈ فلو میں مبتلا ہوئے جن میں مرنے والوں کی شرح 38.5 فیصد تھی یعنی صرف چین میں اس پورے عرصے کے دوران برڈ فلو سے 385 کے لگ بھگ ہلاکتیں ہوئیں جو ایک تشویشناک امر ہے چین میں برڈ فلو کی حالیہ وبا کا باعث بننے والا وائرس ایچ سیون این نائن (H7N9) ہے جو سانس کی شدید بیماری پیدا کرتا ہے جبکہ سردیوں میں اس کی شدت بڑھ کر جان لیوا بھی ہوسکتی ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق ایچ سیون این نائن ان کے لیے پریشان کن ہے کیونکہ اس سے متاثرہ مرغیاں مرتیں نہیں اور بہت تیزی سے یہ وائرس انسانوں تک منتقل ہوتا ہے ۔ عالمی ادارہ صحت کی ڈائریکٹر، مارگریٹ چین کے مطابق چین میں فلو کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے اور انہوں نے فوری طور پر تمام ممالک سے برڈ فلو کے واقعات پر کڑی نظر رکھنے کو کہا ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(گلگت بلتستان) گلگت بلتستان ہائوس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی گلگت بلتستان کے صدرراجہ جلال مقپون نے کہا کہ پی ٹی آئی گلگت بلتستان میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔ پارٹی کے تمام ورکروں میں اتحادواتفاق ہے۔ پارٹی کی مرکزی قیادت نے عہدوں کااعلان گلگت بلتستان میں پارٹی ورکروں کے ساتھ مشاورت سے کیا ہے
انہوں نے مزید کہا کہ آئینی صوبے سے ہٹ کر کوئی بھی سیٹ اپ تسلیم نہیں کریں گے۔اور آئندہ پارٹی عہدیداروں اورسینرزسے مشاورت کرکے ڈوثرنل،ضلعی، خواتین ونگ ضلعی تنظیم سازی کاکام مکمل کریںگے۔گلگت بلتستان کے عوام کو ان کاجائز حقوق پی ٹی آئی دے سکتی ہے۔ مسلم لیگ ن صرف ڈرامہ رچارہی ہے۔ گلگت بلتستان کے عوام سے جھوٹ بولاجارہا ہے۔
نوازشریف کے دورمیں گلگت بلتستان میں ایک بھی ترقیاتی منصوبہ شروع نہیں ہوا۔نوکریوں اورٹھیکوں کی بندربانٹ ہوئی۔وزیراعلیٰ حفیظ الرحمن نے اپنی سیٹ بچانے اورمریم نوازسے دادلینے کے لئے گلگت بلتستان کے مسائل کونظرانداز کرکے پانامہ پرپریس کانفرنس کی۔اور گلگت بلتستان کے عوام کے وسائل خرچ کئے۔ اگر حفیظ الرحمن کو پانامہ پر ہی بات کرنی تھی تو وہ سپریم کورٹ کے باہر پریس کانفرنس کرتے۔وزیراعلیٰ کی اس حرکت سے ظاہرہوتا ہے کہ حفیظ الرحمن کو گلگت بلتستان سے کوئی سروکارنہیں بلکہ اپنے آپ کو شریف خاندان کاایک ملازم سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے ڈیڑھ سالہ دورحکومت میں ٹھیکے اور نوکریوں کابندربانٹ ہوئی ہے۔سی پیک منصوبے میں بھی عوام کے تحفظات کوکوئی اہمیت نہیں دی جارہی ہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری فتح اللہ خان نے کہا کہ این ٹی ایس کا معاملہ اورڈیزاسٹرکے دوران کرپشن کے الزامات ہم نے تو نہیں لگائے۔مسلم لیگ ن کے دورمیں محض وزیراعلیٰ کے رشتہ داراور لیگی کارکنوں کے علاوہ کسی کوکچھ نہیں مل رہا ہے۔
سرکاری نوکری کے لئے وزیراعلیٰ کی رشتہ داریاں ن لیگ کاہونا لازمی ہوگیا ہے۔حفیظ الرحمن اعدادوشمارکے جادوگر ہیں اپنے دورمیں ایک منصوبہ شروع نہیں کرسکا۔پرانے منصوبوں پرتختیاں لگارہے ہیں۔وہ عوام کو بے وقوف بنارہے ہیں۔سی پیک منصوبے میں بھی گلگت بلتستان کوکچھ نہیں ملاہے۔51ارب ڈالر کے منصوبے میں ایک منصوبے کی نشاندہی کریں جو گلگت بلتستان میں شروع ہوا ہے۔ مارچ کے بعد عوام سے رابطہ مہم شروع کریں گے اور سی پیک منصوبے میں اپناحق لینے کے لئے اکٹھے ہوں گے۔ وزیراعلیٰ ہائوس کے باہر دھرنا دیں گے اور ان سے پوچھیں گے کہ سی پیک میں ہمیں کیاملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئینی صوبے سے ہٹ کر کوئی بھی سیٹ اپ گلگت بلتستان کے لئے تسلیم نہیں کریں گے۔عبوری آئینی صوبے کے اختیارات آج سے70سال قبل انڈیا نے مقبوضہ کشمیر کودیا ہے۔قومی اسمبلی اورسینٹ میں مبصر کی حیثیت ہمیں نہیں چاہئیے۔
نوازشریف پانامہ سیکنڈل میں اس قدر تنہاہوگئے ہیں کہ حفیظ الرحمان کوبھی پانامہ میں گھسیٹاہے۔رکن قانون سازاسمبلی راجہ جہانزیب نے کہا کہ گلگت بلتستان میں امن حفیظ الرحمن نے نہیں بلکہ گندم کے مسئلے پر عوام نے یکجاہوکر قائم کیا ہے۔ امن قائم کرنے کاسہراپاک فوج کو بھی جاتا ہے۔2013سے اب تک گلگت بلتستان میں فرقہ وارانہ بنیادوں پر ایک قتل نہیں ہوا ہے۔حفیظ الرحمن کادعویٰ غلط ہے کہ امن مسلم لیگ ن کے دورمیں قائم ہوا۔پی ٹی آئی گلگت بلتستان کے عہدیداروں کااعلان پارٹی قیادت نے تمام ورکروں اور عہدیداروں سے مشاورت کے بعد کیا ہے۔ اس پرہمیں مکمل اعتماد ہے۔وزیراعلیٰ کی پریس کانفرنس میں گلگت بلتستان کے حوالے سے کچھ نہ کچھ سننے کے انتظار میں تھے لیکن پانامہ والی باتیں سن کرمایوسی ہوئی۔پی ٹی آئی گلگت بلتستان کے سینئرنائب صدرشاہ ناصرنے کہا کہ حفیظ الرحمن گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ ڈرامہ کررہے ہیں۔ راجہ جلال نے کہا کہ پی ٹی آئی گلگت بلتستان میں پہلی مرتبہ مستقل بنیادوں پرتنظیم سازی ہوئی ہے۔ پہلے عبوری کابینہ چل رہی تھی

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) آسٹریلین اوپنرز ڈیوڈ وارنر اور ٹریوس ہیڈ نے پاکستان کے خلاف رنز کے انبار لگاتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں نئے ریکارڈ قائم کر دیے لیکن وہ 3 رنز کی کمی سے عالمی ریکارڈ نہ توڑ سکے۔
ایڈیلیڈ میں سیریز کے پانچویں اور آخری ایک روزہ میچ میں ڈیوڈ وارنر نے لگاتار دوسری سنچری اسکور کرنے کے ساتھ ساتھ نئے اوپننگ پارٹنر ٹریوس ہیڈ کے ساتھ پہلی وکٹ کی شراکت میں کئی نئے ریکارڈز قائم کر دیے۔
ڈیوڈ وارنر اور ہیڈ نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 284 رنز بنائے جس میں وارنر کا حصہ 179 رنز رہا جبکہ ہیڈ نے 100 رنز بنائے۔
اس شراکت کا خاتمہ اس وقت جب جنید خان کی ایک شارٹ گیند کو کھیلنے کی کوشش میں وارنر بابر اعظم کو کیچ دے بیٹھے اور دو رنز کی کمی سے پہلی وکٹ کی سب سے بڑی شراکت کا عالمی ریکارڈ نہ توڑ سکے۔
پہلی وکٹ کیلئے سب سے بڑی شراکت کا عالمی ریکارڈ سری لنکا کے سنتھ جے سوریا اور اپل تھارنگا کے پاس ہے جنہوں نے 2006 میں لیڈز کے مقام پر انگلینڈ کے خلاف 286 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔
لیکن اس کے باوجود انہوں نے آسٹریلیا کی جانب سے سب سے بڑی اوپننگ شراکت کا ریکارڈ بنا دیا جو اس سے قبل شان مارش اور ایرون فنچ کے پاس تھا جنہوں نے 2013 میں اسکاٹ لینڈ کے خلاف 246 رنز کی ساجھے داری بنائی تھی۔
یہ پاکستان کے خلاف بھی آسٹریلیا سمیت کسی بھی ٹیم کی سب سے بڑی اوپننگ شراکت ہے، پاکستان کے خلاف سب سے بڑی اوپننگ شراکت کا ریکارڈ مہیلا جے وردنے اور اپل تھارنگا کے پاس تھا جنہوں نے 2009 میں دمبولا میں 202 رنز بنائے تھے۔

 

 

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ)پاکستانی داکارہ ماہرہ خان کی پہلی بولی وڈ فلم 'رئیس' طویل عرصے سے خبروں میں تھی، اور اس فلم کا انتظار ماہرہ کے مداح طویل عرصے سے کر رہے تھے۔'رئیس' کو آج یعنی 25 جنوری کو آخر کار دنیا بھر میں ریلیز کردیا گیا، تاہم پاکستان میں اب تک نمائش کیلئے پیش نہیں کی گئی۔ خیال رہے کہ ماہرہ خان کی پہلی بولی وڈ فلم ہونے کے باعث ہر کسی کو ان سے ایک شاندار پرفارمنس کی توقع تھی، تاہم بھارتی ویب سائٹس ماہرہ خان کی 'رئیس' میں کی گئی پرفارمنس سے زیادہ متاثر نظر نہیں آئیں۔