ھفتہ, 18 جنوری 2025

 

ایمز ٹی وی(بنکاک) خیبر پختونخوا میں ان تین سرکاری پراسیکیوشن افسران کے خلاف انکوائری کے بعد کارروائی کی جائے گی جنھیں چند روز پہلے تھائی لینڈ میں خواتین کو ہراساں کرنے کے الزام میں پاکستان واپس بھیج دیا گیا تھا۔
محکمہ داخلہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ ان افسران کو نوکری سے برخاست کیا جا سکتا ہے،تینوں افسران کی محکمہ پراسیکیوشن میں کچھ عرصہ پہلے تعیناتی ہوئی تھی اور انھیں امریکی پروگرام کے تحت تربیت فراہم کرنے کے لیے تھائی لینڈ بھیجا گیا تھا۔
اعلی حکام نے بتایا کہ تھائی لینڈ کے ایک ہوٹل میں ان پر الزام عائد کیا گیا تھا کہ تینوں افسران نے ہوٹل کے سوئمنگ پول میں خواتین کی تصویریں لینی چاہیں جس پر وہاں موجود عملے سے تلخ کلامی ہوئی تھی۔
ذرائع نے بتایا کہ ہوٹل انتظامیہ تینوں افسران کے خلاف مقامی سطح پر کارروائی کرنا چاہتی تھی لیکن انھیں پاکستان واپس بھیج دیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا میں ڈائریکٹوریٹ آف پراسیکیوشن سے حاصل کردہ معلومات کے مطابق گذشتہ سال نومبر میں پچیس پراسیکیوشن افسران کی گریڈ 17 میں تعیناتی کے احکامات جاری کیے گئے تھے اور انھوں نے اس سال جنوری میں ہی حاضری دی تھی۔
ان افسران کو امریکہ کے محکمہ جسٹس کی جانب سے تربیت فراہم کرنے کے لیے تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک بھیجا گیا تھا۔ مذکورہ افسران گذشتہ ہفتے بینکاک پہنچے تھے اور جمعرات یعنی 19 تاریخ کو انھیں زبردستی واپس بھیج دیا گیا تھا۔
ڈائریکٹر محکمہ پراسیکیوشن بھی چند روز پہلے ایک دوسرے گروپ کے ساتھ بطور سپروائزر تھائی لینڈ چلے گئے ہیں،خیبر پختونخوا میں حال ہی میں تعینات پچیس افسران کو اس تربیت کے لیے مختلف مراحل میں تھائی لینڈ بھیجا جا رہا ہے۔ حکام نے بتایا کہ اس گروپ سے پہلے چار گروپ بینکاک جا چکے ہیں اور ابھی بھی ایک گروپ بینکاک میں ہے

 

 

ایمز ٹی وی(واشنگٹن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اوبامہ دور کی زیادہ ترامیگریشن پالیسیاں ختم کرتے ہوئے بدنام زمانہ گوانتا ناموبے جیل کو بھی دوبارہ قیدیوں کیلئے کھولنے کا حکم جاری کردیا، ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ افرادکوامریکاسے باہرنکال دیں گے۔
امریکی میڈیا کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ دوسرے ممالک اپنے جرائم پیشہ افرادکوواپس لیں،جنوبی سرحدوں پربحران کاسامناہے، جرائم پیشہ افرادکوامریکاسے باہرنکال دیں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ سرحدپردیوارکی تعمیرکے کام کی خودنگرانی کروں گا،ہمارے اقدامات سے امریکیوں کاتحفظ یقینی ہوگا،گوانتاناموبے جیل میں داعش سمیت دیگرگرفتارقیدیوں کورکھنے اورمقدمے کی اجازت ہوگی، زیرحراست جنگی قیدیوں تک ریڈکراس کی رسائی نہیں ہوگی۔
واضح رہے کہ اوبامہ انتظامیہ کی جانب سے بیرون ممالک حراستی مراکزمیں قیدیوں پرتشددکی اجازت نہیں تھی،حکم نامے کے اجراکے بعدسی آئی اے کوقیدیوں پرتشددکی اجازت ہوگی

 

 

ایمز ٹی وی (اسپورٹس)امریکہ سے تعلق رکھنے والی ٹینس اسٹار بہنیں وینس اور سرینا ولیمز میلبرن میں جاری سال کے پہلے گرینڈ سلیم ٹینس مقابلے آسٹریلین اوپن کے فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔
سنیچر کو فائنل میں جب وینس اور سرینا ولیمز مدِمقابل آئیں گی تو یہ نواں موقع ہو گا کہ وہ کسی گرینڈ سلیم مقابلے کے فائنل میں آمنے سامنے ہوں گی۔
جمعرات کو کھیلے جانے والے سیمی فائنل مقابلوں میں جہاں 36 سالہ وینس نے امریکہ کی ہی کوکو وینڈےویگھ کو ایک کے مقابلے میں دو سیٹس سے شکست دی تو عالمی نمبر دو 35 سالہ سرینا نے کروئشیا کی مرجانا لوچچ بارونی کو باآسانی سٹریٹ سیٹس میں ہرایا۔
سرینا ولیمز فائنل میں جب اپنی بہن کا سامنا کریں گی تو وہ اپنے کریئر کا 23واں گرینڈ سلیم مقابلہ جیتنے کے لیے کوشاں ہوں گی.وہ سنیچر کو کھیلے جانے والے فائنل میں اپنے کریئر کا پہلا آسٹریلین اوپن ٹائٹل اور مجموعی طور پر آٹھواں گرینڈ سلیم مقابلہ جیتنے کے لیے کورٹ پر اتریں گی۔ وینس نے آخری مرتبہ سنہ 2008 میں لندن میں ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ جیتا تھا۔
ادھر سرینا ولیمز فائنل میں جب اپنی بہن کا سامنا کریں گی تو وہ اپنے کریئر کا 23واں گرینڈ سلیم مقابلہ جیتنے کے لیے کوشاں ہوں گی اگر وہ کامیاب رہیں تو یہ ایک نیا عالمی ریکارڈ ہوگا۔

 

 

ایمز ٹی وی(لاہور)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما، سابق سپیکر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد وٹو نے کہاہے کہ جب سے پاناما لیکس کا معاملہ اُٹھا ہے ملک میں کرپشن 10 گنا بڑھ گئی ہے ، سرکاری ملازم یہ سمجھتے ہیں کہ اگر چھت ٹپک رہی ہے تو فرش کیسے صاف رہ سکتا ہے؟۔
میاں منظور وٹو کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازم سمجھتے ہیں کہ حکمرانوں پر اربوں کی کرپشن کے الزامات ہیں تو وہ کرپشن کیوں نہ کریں اور اپنے بچوں کا پیٹ کیوں نہ پالیں؟۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاناما لیکس کا جو بھی فیصلہ ہو ، پورا ملک کرپشن، رشوت خوری، منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری سے بخوبی آشنا ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے پاناما لیکس اور حکمرانوں کی کرپشن کے خلاف پارلیمنٹ میں نہایت موثر کردار ادا کیا ہے، ضرورت پڑی تو پیپلز پارٹی کے کارکنان سڑکوں پر بھی آنے کو بے تاب اور جدوجہد کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کسانوں کے معاشی قتل میں بھی کوئی کسر نہیں چھوڑی جس کی وجہ سے وہ حکومت کے خلاف مزاہمت کرنے کے لئے کمر بستہ ہیں

 

 

ایمز ٹی وی (صحت)اندرون سندھ دیہی علاقوں کے نومولود بچوں میں غذائی قلت کی صورتحال خراب تر ہورہی ہے ہر ماہ چار ہزار سے زائد غذائی قلت کا شکار ہو رہے ہیں۔ ذرائع محکمہ صحت کے مطابق اندرون سندھ دیہی علاقوں میں نولومود بچوں میں غذائی قلت کے صورتحال میں کوئی کمی نہ آسکی۔ پی پی ایچ آئی کے ذرائع کے مطابق صرف میرپورخاص ضلع کے مراکز صحت میں ہر ماہ چار ہزار سے زائد غذائی قلت کا شکار بچے لائے جارہے ہیں -

تاہم طبی ماہرین غربت کے علاوہ بھی اس کا ایک اور بڑا سبب بتاتے ہیں ۔ شعبہ اطفال سول اسپتال کے انچارج ، ڈاکٹر غلام رسول نے کہا ہے کہ ماؤں کا بچوں کو ڈبہ بند دودھ پلانے کے رحجان میں اضافہ بھی بڑا سبب ہے۔ مائیں بچوں کو اپنا دودھ پلائیں تو بچوں میںغذائی قلت کے مسائل پر قابو پایا جاسکتا ہے شعبہ اطفال کےانچارج کایہ بھی کہنا تھا کہ غذائی قلت کے باعث بچوں میں دیگر طبی پیچیدگیاں بھی پیدا ہوجاتی ہیں -

 

 

ایمز ٹی وی(لاہور) لاہور سمیت پنجاب کے اکثر شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا ۔
لاہور ، ملتان ، ساہیوال ، مرید کے ، گجرانوالہ ، شیخوپورہ ، قصور ، رائیونڈ ، فیصل آباد ، گجرات سمیت پنجاب کے اکثر علاقوں میں رات گئے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے اور نشینی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ہے جبکہ بجلی کے کئی فیڈر ٹرپ کر گئے ہیں جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔
بارش کے باعث پہاڑی علاقوں میں برف باری بھی ہوئی ہے جبکہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں جمعرات تک کہیں موسلا دھار اور کہیں ہلکی بونداباندی ہوتی رہے گی

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاکستان نے 22 سو کلومیٹر فاصلے تک مار کرنے والےبلاسٹک میزائل ابابیل کا منگل کو کامیاب تجربہ کیا ہے اس ٹیسٹ فائر کے نتیجے میں پاکستان دنیا کا چھٹا ملک بن گیاہے جس کے پاس ملٹی پل انڈی پینڈنٹ ری انٹری وہیکلز (MULTIPLE INDEPENDENT REENTRY VEHICHLE) بنانے کی صلاحیت ہے۔
پاکستان سے پہلے دنیا کے تقریباً دو سو ممالک میں سے صرف پانچ ممالک چین ، امریکہ ، روس، برطانیہ، فرانس کے پاس یہ صلاحیت ہے انڈیا کے پاس یہ صلاحیت ہرگز نہیں ہے اس طرح (MIRV) بنانے کی ٹیکنالوجی میں پاکستان نے بھارت کو مات دے دی ہے۔ ابابیل بلاسٹک میزائیل کے کامیاب ٹیسٹ فائر کے بعد بھارت کے عوام نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اپنی حکومت سے ان کھربوں روپے کا حساب مانگ لیا ہے جو انہوں نے اپنے میزائیل پروگرام پر صرف کئے ہیں۔
 
میڈیا ذرائع  کے مطابق ایم آئی آر وی کی صلاحیت حاصل کئے جانے کا مطلب یہ ہے کہ بھارت کی میزائیل ڈیفنس شیلڈ میں ابابیل نے ایک بہت بڑا سوراخ کردیا ہے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(سیالکوٹ) دریائے چناب میں ہیڈمرالہ کے مقام پر پانی کی آمد میں اضافہ ،نہر اپر چناب ،نہرمرالہ راوی لنک ،نہرلوئر چناب اور نہر جہلم اپر کنال کو سالانہ مرمت کیلئے بند کر دیا گیا۔
مقبوضہ جموں کشمیر اور سری نگر میں گذشتہ دو روز سے جاری بارشوں کے باعث دریائے چناب میں ہیڈمرالہ کے مقام پر پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے ۔بدھ کی شام دریائے چناب میں پانی کی آمد 6086 کیوسک ریکاڈر کی گئی جبکہ ہیڈ خانکی کیلئے پانی کا اخراج 6086 کیوسک جاری ہے
اسی طرح دریائے مناؤ رتوی میں 403کیوسک اوردریائے جموں توی میں598 کیوسک پانی کی آمد ریکاڈر کی گئی ۔ہیڈ مرالہ اتھارٹی کے مطابق نہر اپر چناب ،نہرمرالہ راوی لنک ،نہرلوئر چناب اور نہر جہلم اپر کنال کو سالانہ مرمت کیلئے بند کی گئی ہیں۔جس کے باعث سیالکوٹ ،گوجرانوالہ ،نارووال اورشیخو پورہ میں غیر دوامی نہروں کو بھی پانی کی سپلائی روک دی گئی ہے تاہم بارشوں کے باعث مذکورہ اضلاع میں زرعی اراضی پر نہری پانی سے کاشت کی جانے والی فصلوں کو نقصان کا امکان ختم ہو گیا ہے ۔محکمہ انہار کے مطابق نالہ ایک ،نالہ ڈیک ،نالہ پلکھو اور نالہ بھیڈ میں بھی پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے