اتوار, 19 جنوری 2025

 

ایمز ٹی وی(تعلیم/کراچی ) جامعہ کراچی ایل ایل بی تین سالہ پروگرام (مارننگ وایوننگ) داخلے برائے 2016-17ء کے لئے داخلہ فارم جمع کرانے کی تاریخ میں تین دن کی توسیع کردی گئی ہے۔داخلہ فارم 700/=روپے کے عوض جامعہ کراچی کے سلورجوبلی گیٹ پر واقع یوبی ایل بینک کائونٹر سے 26جنوری 2017ء تک حاصل اور جمع کرائے جاسکتے ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی (بزنس)دنیا کے مشہور فنڈ منیجر ایمی کمپینین نے دنیا کے جن 6 ملکوں کو سرمایہ کاری کے لیے بہترین قرار دیا ہے ان میں پاکستان بھی شامل ہے۔پاکستان کی معاشی پیش رفت اب دوسرے ملکوں کو بھی اپنی جانب متوجہ کر رہی ہے۔فنڈ منیجر ایمی کمپینین نے دنیا کے جن 6ملکوں کو سرمایہ کاری کے لیے بہترین قرار دیا ہے ان میں پاکستان کے علاوہ ، ملائشیا، ترکی، مصر اور میکسیکو شامل ہیں۔ ایمی کمپینین ایولی امرجنگ فرنٹیئر کا 8کروڑ80 لاکھ ڈالر کا فنڈ مینیج کرتے ہیں،کمپینین نے لاہور میں سیمنٹ بنانے والی فیکٹریوں کے افسران سے ملاقاتیں کیں۔ کمپینین کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ایک سیمنٹ فیکٹری کو ان کے فنڈ سے جڑنے کے بعد چار گنا زیادہ منافع ہوا ہے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) آسٹریلوی بالر جوئے مینی سر پر گیند لگنے کی وجہ سے نیٹ سےاسپتال پہنچ گئے۔ جوئے مینی سڈنی سکسرز ٹریننگ سیشن میں شریک تھے اسی دوران گیند ان کے سر پر لگی اور وہ نیچے گر گئے۔
ٗ انہیں برسبین کے گابا اسٹیڈیم سے فوری طور پر قریبی اسپتال میں لے جایا گیا اگرچہ ان کے سر پر کوئی زخم نہیں تھا مگر احتیاط کے طور پر ٹیسٹ ہوئے جو بعد میں کلیئر آئے ٗ مینی کی یادداشت کا ٹیسٹ بھی کلیئر آیا۔

 

 

ایمز ٹی وی(تعلیم/کراچی )جامعہ کراچی، ایم اے اسلامک اسٹڈیز سال اول اور سال آخر سالانہ امتحانات برائے 2015ء کے نتائج کا اعلان کردیاگیا ہے۔نتائج کے مطابق ایم اے سال آخر کے امتحانات میں کنول واحد بنت سید واحد علی سیٹ نمبر221374نے 839 نمبر کے ساتھ پہلی پوزیشن ،عمیر ناصر ولد ابوسعید ناصر سیٹ نمبر221175نے 815نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ صباوحید بنت وحید احمد سیٹ نمبر221635نے 810 نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ امتحانات میں کل 776طلبہ شریک ہوئے،406طلبہ کو فرسٹ ڈویژن جبکہ 181طلبہ کو سیکنڈ ڈویژن میں کامیاب قراردیاگیا

 

 

ایمز ٹی وی(سندھ) سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ شہر کے مختلف مقامات پر قائم انٹر سٹی بس ٹرمینل کی موجودگی کے باعث شہریوں کو پیش آنے والی پریشانیوں کا حکومت سندھ کو پوری طرح احساس ہے اورانٹر سٹی بس ٹرمینلز جلد شہر سے باہر منتقل کر دیئے جائیں گے، اسمبلی میں ارکان کے توجہ دلاؤ نوٹس کے وقفہ کے دوران ایم کیو ایم کے رکن جمال احمد کے ایک توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں صوبائی وزیر نے بتایا کہ حکومت سندھ نے ناردرن بائی پاس پر 100 ایکڑ اراضی مختص کی ہے، جہاں جدید سہولتوں سے آراستہ ایک بڑا انٹر سٹی بس ٹرمینل بنایا جا رہا ہے ، اس طرح کا بس اسٹینڈ الآصف اسکوائر پر بھی موجود ہے، اسے بھی بہتر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ اگر دیگر شہروں سے آنے والے مسافروں کو اگر ٹول پلازہ پر ہی بسوں سے اتارنا شروع کر دیا تو لوگوں کو اپنے گھروں تک جانے میں پریشانی ہو گی، محکمہ ٹرانسپورٹ نے ٹرانسپورٹرز سے کہا ہے کہ وہ مسافروں کوشہر سے باہر تعمیر کیے جانے والے بس ٹرمینل تک پہنچانے اور واپس شہر لانے کے لیے شٹل سروس شروع کریں،پاکستان تحریک انصاف کے رکن اسمبلی خرم شیر زمان کے ایک توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں وزیر بلدیات جام خان شورو نے بتایا کہ کراچی کے شہریوں کو مناسب ٹریٹمنٹ کے بعد پینے کا صاف ستھرا پانی فراہم کیا جا رہا ہے اور اس میں کلورین بھی ملائی جاتی ہے وزیر بلدیات نے کامران اختر کے ایک اور توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں بتایا کہ وزارت بلدیات نے کراچی میں بہت سے چھوٹے بڑے برساتی نالوں کی صفائی کرائی ہے ، جن میں کے ایم سی اور ڈی ایم سی کے نالے بھی شامل ہیں، اب ان کی دیکھ بھال کرنا نو منتخب نمائندوں کی ذمہ داری ہے ۔

 

 

 

ایمز ٹی وی (صحت)ایک نئی تحقیق سے کھانا اچھی طرح چبا کر کھانے کے فوائد سامنے آئے ہیں جس سے انسان بیماریوں سے بچتا ہے جب کہ ماہرین کا کہنا ہے کہ اچھی طرح چبا کر کھانے سے ایسے خلیات پیدا ہوتے ہیں جو خطرناک امراض پیدا کرنے والے جراثیم سے لڑتے ہیں۔ نئی تحقیقی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جو لوگ خوب چبا کر کھاتے ہیں ان کے منہ سے ٹی ہیلپر خلیات (سیلز) خارج ہوتے ہیں جنہیں ٹی ایچ 17 سیلز بھی کہا جاتا ہے، ٹی ایچ 17 سیل جسم کے قدرتی دفاعی (امنیاتی) نظام کا حصہ ہوتے ہیں جو امراض پیدا کرنے والے جراثیم کو روکتے ہیں اور ساتھ میں جسم دوست بیکیٹریا کو بھی پروان چڑھاتے ہیں۔ یہ مطالعہ یونیورسٹی آف مانچسٹر کے سائنسدانوں نے کیا ہے جس کےمطابق کھانا چبانے سے ہمارے مسوڑھے جسم کے حفاظتی نظام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں جب کہ ڈاکٹروں کا بھی کہنا ہےکہ اگرچہ بہت چبانے سے منہ، دانتوں اور مسوڑھوں میں رگڑ اور ٹوٹ پھوٹ پیدا ہوتی ہے لیکن اس سے ٹی ایچ 17 سیلز بھی پیدا ہوتے ہیں۔ ماہرین کےمطابق اگر چپانے کا عمل منہ میں معمولی خراشیں اور رگڑ پیدا کرتا ہے تو اس سے ٹی ایچ 17 خلیات بھی پیدا ہوتے ہیں اور وہ خطرناک امراض پیدا کرنے والے جراثیم سے لڑتے ہیں تاہم ماہرین نے خبردار کیا کہ ٹی ایچ 17 سیلز کی زیادہ مقدار بھی اچھی نہیں، ان کی بہتات مسوڑھوں کی بیماری کی وجہ بن سکتی ہے جو ذیابیطس اور گٹھیا کی وجہ بھی بن سکتی ہے۔ ماہرین نے ایک اور اہم بات کرتے ہوئے عوام کو خبردار کیا ہے کہ منہ میں جلن اور سوزش کو کبھی بھی نظر انداز نہ کریں کیونکہ یہ بہت سارے امراض کی وجہ بھی ہوسکتی ہے۔

 

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) جنوبی افریقن ٹیم کے اسٹار فاسٹ باؤلر ڈیل اسٹین نے کہا ہے کہ انجری سے مکمل نجات حاصل کرنے کیلئے سخت محنت کر رہے ہیں اور رواں برس جون میں ٹیم میں واپسی ہدف ہے۔ اسٹین گزشتہ سال آسٹریلیا کے خلاف پرتھ ٹیسٹ کے دوسرے روز کندھے کی ہڈی تڑوا بیٹھے تھے جس کے بعد ان کے کندھے کی کامیاب سرجری کی گئی اور ڈاکٹرز نے انکو قریباً چھ ماہ تک کرکٹ میدانوں سے دور رہنے کا مشورہ دیا تھا۔
اسٹین کو جنوبی افریقہ کا کامیاب ترین ٹیسٹ باؤلر بننے کیلئے 5 وکٹیں درکار ہیں۔ سٹین نے 417 وکٹیں لے رکھی ہیں جبکہ شان پولاک 421 وکٹیں لے کر سرفہرست ہیں۔ مایہ ناز فاسٹ باؤلر نے اپنے بیان میں کہا کہ بحالی صحت کا عمل تیزی سے جاری ہے اور مجھے یقین ہے کہ آئندہ ماہ فروری کے آخر تک میں دوبارہ ٹریننگ شروع کرنے کے قابل ہو جاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ اب میں سو فیصد فٹ ہونے کے بعد ہی دوبارہ میدان کا رخ کروں گا تاہم جون میں ٹیم میں کم بیک کرنا ہدف ہے اور اس کیلئے میں سرتوڑ کوشش کروں گا۔

ایمز ٹی وی (صحت /کراچی )پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن سینٹر کے صدر پروفیسر ایم اشرف نظامی ، سیکریٹری جنرل ڈاکٹر ایس ایم قیصر سجاد اورسابق سیکریٹری ڈاکٹر مرزا علی اظہر پر مشتمل پی ایم اے کے اعلیٰ سطحی وفد نے چائنیز میڈیکل ایسوسی ایشن (سی ایم اے) کی سالانہ سائنٹفک میٹنگ 2017میں شرکت کی جو 13سے 18 جنوری تک چین کے شہر نانجنگ میں منعقد ہوئی۔ پی ایم اے کراچی کے جاری کر دہ اعلامیے کے مطابق کانفرنس میں ورلڈ میڈیکل ایسوسی ایشن ، بریٹش میڈیکل ایسوسی ایشن ، امریکن میڈیکل ایسوسی ایشن، سری لنکن میڈیکل ایسوسی ایشن، انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن ، ہانگ کانگ میڈیکل ایسوسی ایشن ، مکائو میڈیکل ایسوسی ایشن ، تھائی لینڈ میڈیکل ایسوسی ایشن سمیت دیگر کئی ممالک کی میڈیکل ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے شرکت کی جن سے پی ایم اے پاکستان کے وفد نے ملاقاتیں کیں ۔ پی ایم اے اور چائنیز میڈیکل ایسوسی ایشن اپنی دوسری مشترکہ پاک ۔ چائنا میڈکونگ کا انعقاد جنوری2018 میں چائنا میں کریں گے ۔ طب کے مختلف شعبوں پر مشتمل ماہر ڈاکٹروں کا ایک بڑا وفد پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی جانب سے اس کانفرنس میں شرکت کرنے کیلئے چائنا جائے گا

 

 

ایمز ٹی وی (صحت / کراچی) شہر میں ڈینگی وائر س کے مذید 13کیسز سامنے آگئے ہیں جس کے بعد رواں سال شہر میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 43ہو گئی ہے ۔ ڈینگی پریوینشن اینڈ کنٹرول پروگرام سندھ کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 15سے21جنوری کے دوران کراچی میں ڈینگی وائر س کے 13مریض رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 7افراد کو مختلف اسپتالوں میں داخل کیا گیا ہے، جبکہ6مریضوں کو او پی ڈی میں لایا گیا۔ رپورٹ کے مطابق ضلع جنوبی میں5،ضلع شرقی میں 4، ضلع غربی میں2، ضلع وسطی میں 1اور ضلع کورنگی میں بھی ڈینگی سے 1کیس رپورٹ ہوا جبکہ ضلع ملیر میں کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ رپورٹ کے مطابق رواں سال کے ابتدائی 3ہفتوں میں صوبے بھر میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 50 ہوگئی ہے جن میں 43مریضوں کا تعلق کراچی سے ہے واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی ڈینگی وائر س سے ہزاروں افراد متاثر ہوئے تھے اور درجنوں ہلاکتیں ہوئی تھیں لیکن اس کے باوجود حکومتی اداروں نے ڈینگی کے خاتمے کےلئے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے ۔

 

 

 

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) آسٹریلیا کے اوپنر ڈیوڈ وارنر نے لگاتار دوسرے سال ایلن بارڈر میڈل حاصل کرکے یہ اعزاز پانے والے چوتھے آسٹریلوی کھلاڑی بن گئے ہیں ٗ30 سالہ ڈیوڈ وارنر کو سال کے بہترین آسٹریلوی کھلاڑی کے ایوارڈ کے علاوہ آسٹریلیا کی ایک روزہ کرکٹ کے سال کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔ڈیوڈ وارنر نے 2016 میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام طرز میں 2 ہزار 420 رنز بنائے اور لگاتاردوسری مرتبہ ایلن بارڈر ایوارڈ حاصل کرکے رکی پونٹنگ، شین واٹسن اور مائیکل کلارک کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔
ایلن بارڈر ایوارڈ کیلئے وارنر کا مقابلہ اپنے کپتان اسٹیواسمتھ سے تھا جنھیں 248 ووٹ ملے تھے تاہم وارنر 269ووٹ کے ساتھ ان سے یہ ایوارڈ چھیننے میں کامیاب ہوئے۔آسٹریلوی بورڈ کے اعلامیے کے مطابق وارنر نے اس موقع پر کہا کہ ساتھی کھلاڑیوں کا شکریہ اور کپتان اسٹیو اسمتھ، آپ سب کے بغیر میں یہاں نہیں ہوتا کیونکہ یہ ٹیم گیم ہے۔انھوں نے سابق کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سابق کھلاڑیوں کا بھی شکریہ کیونکہ آپ نے جوکچھ ماضی میں کیا ہے اس کے بغیر ہم اپنے خواب کی تعبیر حاصل کرنے کے قابل نہیں ہوتے۔فاسٹ باؤلر مچل اسٹارک کو ٹیسٹ کرکٹ میں شاندار کارکردگی پر سال کا بہترین آسٹریلوی کھلاڑی قرار دیا گیا۔آل راؤنڈر شین واٹسن نے ٹی ٹوئنٹی میں 150.51 کی اسٹرائیک ریٹ سے 298 رنز بنائے ٗ 9 وکٹیں بھی حاصل کیں جس پر انھیں ریکارڈ تیسری مرتبہ ٹی ٹوئنٹی کا سال کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
پاکستان کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے ویسٹرن آسٹریلیا کے آل راؤنڈر ہلٹن کیٹررائٹ کو بریڈ مین نوجوان کرکٹر کا ایوارڈ دیا گیا۔یاد رہے کہ اس سے قبل یہ ایوارڈ گلین مک گرا، اسٹیووا، ایڈم گلکرسٹ اور موجودہ کپتان اسٹیو اسمتھ کو دیا گیا تھا۔