اتوار, 19 جنوری 2025

 

ایمز ٹی وی(قصور) پاکستان تحریک انصاف کا قصور کا جلسہ ختم ہونے کے بعد بے نظمی کا شکار ہوگیا،خاتون کارکن سے بدتمیزی کی کوشش کی گئی تو دوسری طرف کارکنان ڈھائی سو سے زائد کرسیاں اور دو اسپیکر اٹھاکر لے گئے،ذرائع کا کہنا ہے کہ کارکنوں نے وہاں موجود ڈنڈوں تک نہیں چھوڑاوہ بھی اپنے گھروں میں ساتھ ہی لے گئے ہیں۔
قصور میں ہونے والے جلسے میں عمران خان کی تقریر ختم ہوتے ہی پی ٹی آئی کارکن خواتین کے انگلوژر میں گھس گئے،اور
خاتون کارکن سے بدتمیزی کی کوشش کی،تاہم انہیں بحفاظت پنڈال سے نکال دیا گیا،جلسے کے اختتام پر پی ٹی آئی کوکارکنان نے 200سے کرسیاں ،متعدد میزیں اور اسپیکر توڑڈئیے۔
واضح رہے پہلے بھی تحریک انصاف کے جلسوں میں خواتین کے ساتھ بدتمیزی،بدانتظامی کی خبریں آتی رہی ہیں،ملتان میںمتعدد افراد جاں بحق ہوئے تو اسی قصور میں لوگ کرسیاں اٹھا کر بھاگ نکلے تھے

 

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمںٹ) بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر مداحوں کی تعداد ایک کروڑ ہوگئی ہے۔
بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کا شمار ان اداکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے انتہائی کم عرصے میں فلم انڈسٹری میں شہرت کی بلندیوں کو چھولیا اور اپنی اداکاری سے مداحوں کے دل میں بھی جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئیں ہیں اور اس کی ایک مثال ٹوئٹر پر اداکارہ کے بڑھتے ہوئے فالوورز ہیں۔
عالیہ بھٹ سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹر کے ذریعے اپنے مداحوں سے ہمیشہ رابطے میں رہتی ہیں اور اب ٹوئٹر پر ان کے مداحوں کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کرگئی ہے۔
عالیہ بھٹ کا ٹوئٹر پر اپنے مداحوں کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ اپنے تمام چاہنے والوں کی شکرگزار ہیں جب کہ انہیں صبح شوٹنگ کے لیے جلدی اٹھنا ہے اور صبح اٹھنے کے لیے انہیں جلدی سونا پڑے گا تاہم ان کے مداحوں کا پیار ان کے ساتھ ہے۔
عالیہ بھٹ ان دنوں اپنی نئی آنے والی فلم ’’بدری ناتھ کی دلہنیا ‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس میں ان کے مد مقابل ورون دھون ہیں جب کہ گزشتہ دنوں فلم فئیر میں انہوں نے بہترین اداکارہ کا بھی ایوارڈ حاصل کیا تھا۔

 

 

ایمز ٹی وی(نیویارک) مذاق کرنا اچھی بات ہے لیکن ایک معقولیت کی حد میں رہے تو، ورنہ مہنگا بھی پڑ سکتا ہے، جیسا کہ اس مراکشی نژاد امریکی لڑکی کو پڑ گیا،
جسے مذاق کرنے پر اس کی ماں نے واپس مراکش رہنے کے لیے بھیج دیا ہے۔ 21سالہ نادیہ نے اپنی ماں کو موبائل فون پر پیغام بھیجا، جو اس وقت گھر سے باہرتھی، کہ ’’ماما! مجھے آپ سے بات کرنی ہے۔‘‘ ماں نے جواب دیا کہ ’’بولو۔‘‘ نادیہ نے لکھا’’مجھے سمجھ نہیں آ رہی کہ آپ کو یہ کیسے بتاؤں کیونکہ آپ یہ سن کر بہت غصے میں آ جاؤ گی۔‘‘ ماں نے جواب میں لکھا ’’تو پھر میرے گھر آنے کا انتظار کر لو۔‘‘ نادیہ نے جواب دیا کہ ’’آپ کو گھر آنے پر بتایا تو پھر مجھے گھر سے بھاگنے کا موقع نہیں ملے گا۔‘‘
اس پر ماں نے لکھا کہ ’’چلو پھر بتاؤ۔‘‘ اب نادیہ نے مدعے پر آتے ہوئے لکھا کہ ’’مامامیں نے کل اپنے جسم پر ٹیٹو بنوا لیا تھا۔ مجھے اس کا بالکل پتا ہی نہیں چلا کیونکہ میں نے بہت زیادہ شراب پی ہوئی تھی۔ لیکن میں وعدہ کرتی ہوں کہ میں لیزر یا کسی بھی اور طریقے سے ٹیٹو مٹا دوں گی، تم پلیز بابا اور بھائیوں کو مت بتانا۔‘‘یہ پیغام ملتے ہی نادیہ کی ماں تو جیسے غصے سے لال ہو گئی اور پیغامات کی بوچھاڑ کر دی۔ اس کی زبان بھی یک لخت انگریزی سے عربی ہو گئی۔ عربی میں اس نے پے درپے نادیہ کو میسیج بھیجے کہ’’’کیا؟ ‘’اوہ میرے خدا! ‘’کہہ دو کہ تم جھوٹ بول رہی ہو‘ ’اوہ میرے خدا‘ ’کیا یہ میری بیٹی ہے؟ ‘’کیا تم جانتی ہو کہ لوگ ہمارے بارے میں کیا کہیں گے؟‘’مجھے یقین نہیں آ رہا کہ تم نے شراب بھی پی تھی‘’تم میری بیٹی نہیں ہو سکتیں، میری بیٹی یہ سب نہیں کر سکتی‘’اللہ کا کیا فرمان ہے؟‘’ٹیٹو نہیں، جسم پر کچھ نہیں بنانا‘’میں ابھی تمہارے باپ کو فون کررہی ہوں، ہم تمہیں واپس مراکش بھیج رہے ہیں‘‘‘
نادیہ نے اس ساری گفتگو کے سکرین شاٹس اور گفتگو کے بعد اپنی ماں کے غصے میں گھر میں داخل ہونے کی ویڈیو ٹوئٹر پر پوسٹ کی ہے جنہیں اب تک 9ہزار سے زائد صارفین ری ٹویٹ اور ساڑھے 12ہزار لائیک کر چکے ہیں۔ کچھ ہی دن بعد نادیہ نے دوبارہ ٹویٹ کیا کہ اسے واقعی واپس مراکش بھیج دیا گیا ہے۔ اس نے اس ٹویٹ میں مراکش کی ایک تصویر بھی شیئر کی ہے اور تصویر کے اوپر لکھا ہے ’’سوچو، میں مراکش میں رہ رہی ہوں، شکریہ ٹرمپ۔

 

 

ایمز ٹی وی(لاہور) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں کرپشن ختم ہو گی تو صوبوں میں بھی ختم ہو جائے گی،وزیر اعظم کو استثنیٰ حاصل ہے لیکن بدیانتی کو نہیں ہے۔
ہم مجبور ہوکر عدالت میں آئے ہیں،پانامہ کیس کو چلتے ہوئے عدالت میں140دن ہوچکے ہیں،ہم نے کوشش کی ہے کہ معاملے کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے،ہم چاہتے ہیں کہ کیس منطقی انجام تک پہنچے،وزیر اعظم کو استثنیٰ حاصل ہے لیکن بدیانتی کو نہیں ہے،کیس کے معاملے میں حکومت خوف میں مبتلا ہے،کے پی کے میں حالات بہتری کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے اپوزیشن کا سڑکوں پر حکومت کیلئے آئینہ ہے،حکومت نے کمیشن بنانے کی تجویز قبول نہیں ،کرپشن عی وجہ سے ادارے تباہ ہوچکے ہیں،ہم چاہتے ہیں کہ جس جس نے بھی کرپشن کی ہے ان کو کٹہرے میں لایا جائے،ایک بیٹے نے باپ کو52کروڑ کا تحفہ دیا ہے تو اوروں نے کیا کیا کھایا اور چھپایا ہوگا۔
اس سے قبل منصورہ لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ اخلاقی اور معاشی کرپشن کا ایک دوسرے کے ساتھ چولی دامن کا ساتھ ہے،کرپشن کے خاتمے کے لیے دارالحکومت پہلے قربانی دے،انگریز کے یاروں سے گلہ نہیں کرنا بلکہ عوام سے کہنا ہے کہ کرپشن کے خاتمے کیلئے آگے بڑھیں۔

 

 

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ) خوف اور دہشت سے بھرپور نئی ہالی ووڈ فلم’ اسپلٹ‘نے آتے ہی باکس آفس پر دیگر فلموں پر خوف طاری کردیا ۔ صرف تین دنوں میں چار ارب اکیس کروڑ روپے کما کر سب کو پیچھے چھوڑ دیا ۔
فلم ’اسپلٹ‘ کی ہدایت کاری منوج شیامالن نے دی ہے جس کی کہانی ایک پر اسرار مرض میں مبتلا شخص کے بارے میں ہے جو تین لڑکیوں کو اغوا کرتا ہے اور حکام انہیں تلاش کرنے کی سرتوڑ کوشش کرتے ہیں ۔
فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں اداکار جیمز میکوئے نے چوبیس مختلف کردار نبھائے ہیں ۔
ایکشن کے دلداہ افراد کی امیدوں کو پورا کرتی فلم ’ریٹرن آف زینڈر کیچ ‘آتے ہی باکس آفس پر چھاگئی اور دو ارب دس کروڑ روپے کماکر دوسرے نمبر پر رہی۔
فلم میں معروف اداکار وین ڈیزل ایک بار پھر ایکشن میں نظر آرہے ہیں جس میں اس بار انہیں سامنا ہے ایک ایسے گینگ کا جن کے پاس ایک ایسا آلہ ہے جس سے وہ دنیا بھر کے فوجی سیٹلائٹ کو کنٹرول کرسکیں گے ۔ فلم میں بھارتی اداکارہ دپیکانے بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں ۔
گزشتہ ہفتے ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے والی فلم ’ہڈن فگرز‘ اس ہفتے تیسرے نمبر پر آگئی ۔
’ہڈن فگرز‘ ناسا کے اولین دنوں میں تین افریقی امریکن خواتین ریاضی دانوں کی ایک شخص کو خلا میں بھیجنے کی کوششوں پر مبنی ہے ۔ فلم اس ہفتے صرف ایک ارب ستر کروڑ روپے کماسکی ۔
 
 

 

 

ایمز ٹی وی (تعلیم) سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام میں محکمہ فنانس کے سندھ انٹرپرائیزز ڈیولپمنٹ فنڈ کے مشترکہ تعاون سے چھٹی دو روزہ لائیو اسٹاک، ڈیری، فشریز، پولٹری اینڈ ایگریکلچرل نمائش ایکسپو کا افتتاح، لائیو اسٹاک، ماہی گیری کے صوبائی وزیر محمد علی ملکانی جبکہ بلدیات کے صوبائی وزیر جام خان شورو، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے معاون خاص، سکندر علی شورو مہمان خاص تھے۔ نمائش میں پالتو جانوروں مرغیوں مختلف بینکنگ سیکٹر، زرعی اداروں کے مختلف اسٹالز کے ساتھ ساتھ پھولوں کی نمائش اونٹوں، گھوڑوں کی ریس، مختلف گمیز واک بھی کرائیگی۔ نمائش میں مختلف اعلیٰ نسل کے جانور جن میں بطخیں، مرغیوں سمیت مختلف جانوروں کے رکھا گیا تھا جبکہ نمائش میں سندہ کے ثقافتی اسٹالز مختلف زرعی اداروں کی کمپنیوں کے اسٹالز بھی لگائے گئے تھے۔ سندھ انٹرپرائیز ڈیولپمنٹ فنڈز کی جانب سے نوجوانوں کو اپنے ذاتی کاروبار میں معاونت کرنے کے لئے ایگرو بزنس انٹرپرائیز چیلنجز منصوبے کا افتتاح کیا گیا۔

 

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹیسٹ رینکنگ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پاکستان سے پانچویں پوزیشن چھین لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے ایک اور بری خبر آ گئی ہے اور نیوزی لینڈ کی ٹیم بنگلہ دیش کو سیریز میں کلین سویپ کر کے پانچویں نمبر پر آ گئی ہے جبکہ پاکستان کرکٹ ٹیم ایک درجہ تنزلی کے ساتھ چھٹے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والی رینکنگ کے مطابق بھارت تاحال پہلے نمبر پر براجمان ہے جبکہ آسٹریلیا دوسرے، جنوبی افریقہ تیسرے، انگلینڈ چوتھے اور نیوزی لینڈ ایک درجہ بہترین کیساتھ پانچویں نمبر پر آ گئی ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم چھٹے، سری لنکا ساتویں، ویسٹ انڈیز آٹھویں، بنگلہ دیش نویں اور زمبابوے دسویں نمبر پر ہے۔

 

 

 
ایمز ٹی وی(لندن) افغانستان منفرد تاریخی مقامات کاحامل ملک ہے جو دیکھنے سے تعلق رکھتے ہیں۔
افغانستان کی ثقافت و تہذیب بذات خود سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے مگر دہائیوں سے جنگ کا میدان بنے اس ملک کی سیاحت کچھ اتنی آسان بھی نہیں ہے کیونکہ یہاں جابجا سیاحوں کے جان سے جانے کے امکانات موجود ہیں۔ دنیا کے اس خطرناک ترین قرار دیئے گئے ملک کے لیے کوئی بھی سیاحتی فرم اپنی خدمات فراہم نہیں کرتی،سوائے ایک کے۔ یہ برطانیہ کی فرم ہے جس کا نام ’’ہنٹرلینڈ ٹریول‘‘ ہے۔
فرم ویسٹ یارک شائر کا رہائشی 79سالہ جیاف ہین چلا رہا ہے۔ ہنٹرلینڈ ٹریول افغانستان کے تین ہفتے کے سیاحتی دورے کے عوض ساڑھے 3ہزار پاؤنڈ (تقریباًساڑھے 4لاکھ روپے) وصول کرتی ہے۔ جس میں فرم بس کے ذریعے سیاحوں کو پورے افغانستان کی سیاحت کرواتی ہے۔ لیکن اس فرم کی خدمات حاصل کرنے والوں کو یہ ذہن میں رکھنا چاہیے انہیں سڑک کنارے نصب کیے گئے بموں، کلاشنکوف بردار ڈاکوؤں اور طالبان کے حملوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
جیاف نے یہ فرم 1970ء میں قائم کی تھی اور اس کا مقصد ہی سیاحوں کو خطرناک ترین ممالک کی سیر کروانا تھا۔ اب تک جیاف درجنوں سیاحوں کو پاکستان کے قبائلی علاقوں اور شام، عراق اور افغانستان جیسے خطرناک ممالک کی سیاحت کروا چکا ہے۔ ان تمام سیاحتی دوروں میں اسے بہت کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ تاہم گزشتہ سال افغانستان کے صوبہ ہرات میں اسے اپنے کیریئر کی سب سے بڑی صعوبت برداشت کرنی پڑی جب اس کے قافلے پر طالبان نے راکٹوں، گرنیڈ اور مشین گنوں سے حملہ کر دیا۔ اس حملے میں 12سیاح موت کے گھاٹ اتر گئے۔ ان میں 8برطانوی، 3امریکی اور ایک جرمن سیاح شامل تھا۔ افغانستان ہی کے سیاحتی دورے کے دوران دو بار جیاف کے قافلے کے قریب نصب بم پھٹے لیکن وہ محفوظ رہے۔ تاہم جیاف نے ہمیت نہیں ہاری اور آج بھی اس کی فرم دنیا کی اکلوتی فرم ہے جو سیاحوں کو بس کے ذریعے افغانستان کی سیاحت کی خدمات فراہم کر رہی ہے

 

 

ایمز ٹی وی (کراچی)کمسن گھریلو ملازمہ طیبہ پر تشدد کیس میں او ایس ڈی بنائے گئے ایڈیشنل سیشن جج راجا خرم علی خان کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج کی سربراہی میں ایک اور محکمانہ انکوائری شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ محکمانہ انکوائری آئندہ ہفتے شروع کی جائے گی ۔ انکوائری کے لیے جسٹس محسن اختر کیانی کو افسر مقرر کیا گیا ہے۔انکوائری کمیشن کے سربراہ کی جانب سے ایڈیشنل سیشن جج راجا خرم علی کو سمن کیا جائے گا۔ انکوائری کمسن بچی کو بطور ملازمہ رکھنے اور محکمانہ ضابطے کی خلاف ورزی کرنے پر کی جائے گی۔ اس سےقبل اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس محمد انور خان کاسی کے حکم پر رجسٹرار راجا جواد عباس نے راجا خرم علی خان کے خلاف خفیہ انکوائری کر کے رپورٹ سربمہر لفافے میں چیف جسٹس کو بھجوا دی تھی جسے ابھی تک منظر عام پر نہیں لایا گیا ۔ سپریم کورٹ کی طرف سے معاملے کا از خود نوٹس لیے جانے کے بعد اب دوسری انکوائری شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انکوائری آئندہ ہفتے شروع کی جائے گی ۔