اتوار, 19 جنوری 2025

 

ایمز ٹی وی(کراچی) کراچی کے علاقے ابراہیم حیدری میں سر عام شراب کی خرید وفروخت جاری ہے۔ علاقہ پولیس کو علاقے میں شراب کے دھندے کا علم ہی نہیں ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق نا معلوم موٹر سائیکل سوار آتے ہیں اور مخصوص دکانوں پرسر عام شراب بیچ کر چلے جاتے ہیں۔ علاقے میں واقع ٹیکسی اور ریڑھی اسٹاپ پر بھی شراب کی خرید وفروخت جاری ہے۔


علاقہ مکینوں نے شکایت کی ہے کہ شراب کے دھندے سے نا صرف علاقے کے نو عمر لڑکے برائی کی طرف راغب ہو رہے ہیں بلکہ میں جرائم کے شرح میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔دوسری جانب ابراہیم حیدری پولیس کو اپنی ہی حدودمیں جاری اس دھندے کا علم ہی نہیں ہے۔

 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے حویلیاں طیارہ حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس 50 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کردیا۔اس حوالے سے پی آئی اے کی جانب سے اخبارات میں اطلاع عام کے عنوان سے اشتہار شائع کیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے ایئرایکٹ 2012 کے تحت 7 دسمبر 2016 کو حویلیاں کے قریب حادثے کا شکار ہونے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 661 کے ہلاک شدگان کے ورثا کو زر تلافی ادا کیا جائے گا۔ لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی و افسوس بھی کیا گیا۔
اطلاع عام میں لواحقین کو مطلع کیا گیا ہے معاوضہ حاصل کرنے کے لئے لواحقین کو جانشینی سرٹیفیکیٹ پیش کرنا ہو گا۔ اس کے علاوہ ہلاک افراد کے وہ ورثا جو کمسن ہیں انہیں معاوضہ وصول کرنے کے لیے گارجیئن سرٹیفکیٹ و دیگر ضروری دستاویز پیش کرنے ہوں گے۔ پی آئی اے کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا طیارہ حادثہ کے شہدا کے لواحقین کو پانچ لاکھ روپے پہلے ہی ادا کئے جا چکے ہیں۔
واضح رہے کہ 7 دسمبر 2016 کو پرواز پی کے 661 چترال سے اسلام آباد آتے ہوئے حویلیاں کے قریب پہاڑ پر گر کر تباہ ہوگئی تھی۔اس حادثے میں مسافروں اور عملے کے ارکان سمیت تقریبا 48 افراد جاں بحق ہوگئے تھے جن میں معروف نعت خواں جنید جمشید اور ان کی اہلیہ بھی شامل تھیں۔

 

 

ایمز ٹی وی(لاہور) سپیشل جج سنٹرل لاہور ملک محمدرفیق نے یونان اور ترکی سے ڈی پورٹ ہو کر پاکستان آنے والے 20افرادکو 20،20ہزارروپے جرمانہ اور تابرخاست عدالت قید کی سزا ئیں سنا دی ہیں۔
سپیشل جج سنٹرل کی عدالت میں ایف آئی اے نے لاہور ایرپورٹ سے گرفتارکرکے 20ملزمان کو پیش کیا ،عدالت کو بتایاگیا کہ ملزمان غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک گے جہاں سے یونان گورنمنٹ نے ان کو ڈی پورٹ کردیا ہے دوران سماعت ملزمان اختر، کریم الدین ،پرویزاور سلمان سمیت 20ملزمان نے عدالت کو بتایاکہ ان کو ایجنٹ حضرات نے ملازمت کا جھانسہ دے کر یونان بھجوایا اور بعد میں ان کو چھوڑ کر غائب ہو گئے ،عدالت نے ایف آئی اے کو حکم دیا کہ ملزمان کو بیرون ملک بھجوانے والے ایجنٹوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے عدالت نے مذکورہ تمام افراد کو تابرخاست عدالت قید اور 20،20ہزاروپے جرمانے کی سزا ئیں سنا دی ہیں

 

 

ایمز ٹی وی (اسپورٹس)پاکستانی خاتون کوہ پیما ثمینہ بیگ کو ایک اور اعزاز حاصل ہوگیا۔ثمینہ بیگ نے شمشال پیک اکیسپیڈیشن کو لیڈ کیا اور نامعلوم چوٹی بھی سر کی جسے آج تک کسی نے دریافت نہیں کیا تھا۔نیشنل ویمن ونٹر ایکسپی ڈیڈیشن کی نگراں پاکستان کی معروف کوہ پیما ثمینہ بیگ تھیں۔ ابتدائی طور پر اپر ہنزہ میں موجود منگلگ کی چوٹی کو سر کرنے کا منصوبہ تھالیکن بعض مسائل کی وجہ سےبوسم پاس ائیریا شمشال نامی چوٹی کو پہلے سر کیا گیاجسے اس سے قبل کسی نے سرنہیں کیا تھا۔ موسم سرما میں ہونے والا یہ ایکسپیڈیشن اس لحاظ سے منفرد تھا کہ کلائمبرز کو باقائدہ ٹریننگ دی گئی تھی۔ثمینہ بیگ کی سربراہی میں خواتین کوہ پیماؤں نے 5600 میٹرز برفیلی چوٹی سر کی ،جہاں درجہ حرارت منفی چالیس کے قریب تھا۔

 

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ)ہالی ووڈ کی مشہور امریکی اداکارہ لنزے لوہان نے کہا ہے کہ میرے ایک سعودی دوست نے قرآن کریم تحفے میں دیا جسے میں اپنے ساتھ رکھنے لگی اور اب اُس کی تعلیمات کو سمجھنے کی کوشش کررہی ہوں جس کی وجہ سے اسلام سے قربت بھی حاصل ہورہی ہے کیونکہ یہ میری شخصیت کے عین مطابق ہے۔ مشہور امریکی اداکارہ لنزے لوہان نے ایک وڈیو کلپ میں اسلام کے ساتھ اپنی کہانی اور اس حوالے سے اپنے ایک سعودی دوست کے کردار کا ذکر کیا ۔ لنزے کے مطابق ” لندن میں سکونت کے دوران ایک سعودی دوست نے مجھے قرآن کریم کا ہدیہ پیش کیا جسے میں اپنے ہمراہ نیویارک لے آئی اور اسے پڑھنا شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کی تعلیمات ایک کُھلے دروازے کے مترادف ہیں اور بالخصوص روحانیت کے لحاظ سے یہ میری شخصیت کے عین مطابق ہیں”۔ لنڈسے کا کہنا ہے کہ ” امریکا میں قرآن کا نسخہ لے کر سڑک پر چل رہی تھی، اس دوران کچھ لوگوں نے مجھ پر حملہ کر دیا اور کہا کہ میں ایک بری انسان ہوں، یہ سب صرف اس لیے کہ میں نے قرآن کریم ہاتھ میں تھاما ہوا تھا”۔ امریکی اداکارہ نے کہا کہ ” لندن واپس آکر اپنے آپ کو محفوظ سمجھ رہی ہوں کیونکہ مجھے اپنے ملک میں خطرہ ہوگیا ہے، لوگوں نے میرے ساتھ برا سلوک اس لیے کیا کہ (قرآن) میرا اعتقاد ہے اور میں اس پر ایمان لائی ہوں”۔ لنزے نے افسردہ انداز میں کہا کہ “اب میں سوچ سکتی ہوں کہ عام مسلمانوں کے ساتھ ترقی یافتہ ممالک میں روزانہ کیا کیا معاملات پیش آتے ہوں گے، اور وہ کتنی اذیت سے گزرتے ہوں گے کیونکہ میں خود بھی اسی تجربے سے گزر چکی ہوں”۔ خیال رہے امریکی اداکارہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر موجود اکاؤنٹ سے اپنی تمام تصاویر کو حذف کردیا ہے اور اپنی پروفائل کو انگریزی زبان سے تبدیل کر کے عربی زبان میں تبدیل کرتے ہوئے عبارت میں ’’السلام وعلیکم‘‘ کے الفاظ تحریر کیے ہیں۔ انسٹاگرام پر لنڈسے کے فالوورز کی تعداد 57 لاکھ سے زائد ہے، اسلام سے قریب حاصل کرنے کے بعد مداحوں کی جانب سے اُن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔