ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ) مارننگ شوز کی دنیا کا معروف نام ڈاکٹر شائستہ لودھی طویل وقفے کے بعد ایک بار پھر ٹی وی اسکرین پر جلوہ گر ہونے کو تیار ہے اور وہ 23 جنوری سے جیو نیوز پر مارننگ شو کا آغاز کر رہی ہیں۔ شائستہ لودھی ”جیو صبح پاکستان “ کے نام سے مارننگ شو کریں گے جس میں مختلف موضوعات پر گفتگو کیساتھ ساتھ بھرپور انٹرٹینمنٹ فراہم کی جائے گی۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی بھی نمبر ایک ہونے کا دعویٰ نہیں کیا کیونکہ وہ اس سے ڈرتی ہیں اور صرف ایسا کام کرنے کی کوشش کرتی ہیں جو لوگوں کو پسند آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ مارننگ شوز میزبان کا محور میزبان ہوتا ہے اور اس کی وجہ سے ہی پروگرام دیکھا جاتا ہے اس لئے میزبان کا لوگوں کو متوجہ کرنا اور ان کی دلچسپی کا مواد پیش کرنا ضروری ہوتا ہے۔ اہل بیت کی گستاخی کے معاملے پر پروگرام پر پابندی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر شائستہ لودھی نے کہا کہ اس دوران مجھے بہت سی مشکلات اور مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ میرے بچوں کا تعلیمی سال ضائع ہوا، میری والدہ وہیل چیئر پر آ گئیں اور والد کا بلڈ پریشر کا مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کر گیا تاہم ان 2 سالوں میں اللہ تعالیٰ کے بہت قریب ہوئی ہوں۔ ڈراموں میں اداکاری سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ان کا یہ تجربہ کچھ زیادہ کامیاب نہیں رہا اور ان کے خیال میں انہوں نے بہت ہی برا کام کیا جسے دیکھ کر شرمندگی ہوتی ہے لیکن اب ایک اور ڈرامے میں کام کر رہی ہوں اور امید ہے کہ اس میں اداکاری کچھ بہتر ہو گی تاہم فلموں میں کام کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
ایمز ٹی وی ( تعلیم ) سندھ کے وزیر تعلیم جام مہتاب حسین ڈاہر نے کہا ہے کہ آئندہ سال کے لیے اس تجویز کا جائزہ لیا جا رہا ہے کہ موسم سرما میں اسکولوں کے تدریسی اوقات کو تھوڑا آگے بڑھا دیا جائے اور اسکولوں میں تدریسی عمل تھوڑی دیر سے شروع کیا جائے، اسکولوں کی تعطیلات کا کلینڈر جنوری میں بنتا ہے ۔ آئندہ حکومت سندھ کی یہ کوشش ہو گی کہ سردیوں کی تعطیلات کے لیے کوئی مخصوص تاریخ مقرر نہ کی جائے اور یہ چھٹیاں موسمی صورت حال کو دیکھتے ہوئے اس وقت دی جائیں ، جب سردی کی شدت زیادہ ہو ۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران اس وقت کہی جب قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن نے اپنے ایک پوائنٹ آف آرڈر پر اس امر کی نشاندہی کی کہ کراچی میں اس وقت درجہ حرارت بہت گرا ہوا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے پھر بارش کی پیشگوئی کی ہے ۔ اس صورت حال میں اسکول جانے والے معصوم بچوں اور ان کے والدین کو پریشانی سے بچانے کے لیے اسکولوں کی ایک ہفتے کی تعطیلات میں اضافہ کیا جائے ۔ وزیر تعلیم جام مہتاب حسین کا کہنا تھا کہ سال کے 365دنوں میں 122دن اسکولوں میں چھٹیاں ہوتی ہیں ۔ اس صورت حال میں ہم مزید چھٹیوں میں اضافہ کریں گے تو بچوں کا تعلیمی نقصان ہو گا ۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ میں بعض ایسے علاقے بھی ہیں جہاں موسم گرما درجہ حرارت 52 ڈگری سینٹی گریڈ تک چلا جاتا ہے اگر اسی طرح شدید سردی اور گرمی کے زمانے میں تعلیمی اداروں کی چھٹیوں کو بڑھایا جاتا رہا تو گرمی کے زمانے میں شدید گرم علاقوں کے رہنے والوں کی جانب سے یہ بھی کہا جائے گا کہ بہت زیادہ گرمی ہے ۔ چھٹیوں میں اضافہ کیا جائے ۔ جام مہتاب نے کہاکہ کراچی میں اس وقت درجہ حرارت 12 سینٹی گریڈ سے کم نہیں ہے ۔ اس لیے مزید چھٹیوں کا کوئی جواز نہیں ۔ پنجاب اور شمالی علاقہ جات میں جہاں درجہ حرارت منفی سے بھی نیچے ہے اور کچھ علاقوں میں برف باری ہو رہی ۔ وہاں بھی تعلیمی اداروں میں تعلیمی سرگرمیاں جاری ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ سال کے لیے اس تجویز کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے کہ موسم سرما میں اسکولوں کے تدریسی اوقات کو تھوڑا آگے بڑھا دیا جائے ۔
ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنت)اگر آپ نے دنگل فلم کو دیکھا ہو تو یہ تصور کرنا مشکل ہے کہ عامر خان کی جگہ مہا ویر سنگھ پھوگٹ کا کردار کسی اور اداکار کو دیا جاتا۔دنگل عامر خان کے کیرئیر کی بہترین اداکاری سے سجی فلم ہے جس میں انہوں نے ایک نئے معیار کو بھی طے کیا، یعنی پہلے اپنا جسمانی وزن بہت زیادہ بڑھایا اور بہت کم مدت میں اسے کم بھی کرکے دکھایا۔بولی وڈ میں کون سا اسٹار ایسی ہمت کا مظاہرہ کرسکتا ہے؟ ممکنہ طور پر کوئی نہیں۔ مگر دنگل بنانے والی ٹیم نے عامر خان سے ہٹ کر بھی چند آپشن ذہن میں رکھے ہوئے تھے۔فلم پروڈکشن کمپنی یو ٹی وی موشن پکچرز کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے مطابق ٹیم نے سوچ رکھا تھا کہ اگر عامر خان نے فلم میں کام کرنے سے انکار کیا تو ساﺅتھ سے تعلق رکھنے والے کمال حسن یا موہن لال کو کاسٹ کیا جائے گا۔ یوٹی وی کی کریٹیو پروڈیوسر دیویا راﺅ نے بتایا کہ جب مہا ویر سنگھ پھوگٹ پر فلم بنانے کا فیصلہ کیا گیا تو عامر خان ہمارا پہلا انتخاب تھے ۔تاہم جب ان سے پوچھا گیا کہ اگر عامر خان فلم میں کام کرنے سے انکار کرتے تو پھر؟ تو ان کا جواب تھا ' عامر سے ہٹ کر جو اداکار ہمارے ذہن میں تھے وہ موہن لال اور کمال حسن تھے'۔دلچسپ بات یہ ہے کہ موہن لال 1977-78 میں کیرالہ اسٹیٹ کے ریسلنگ چیمپئن بھی رہ چکے ہیں۔ خیال رہے کہ دنگل گزشتہ سال 23 دسمبر کو ریلیز ہوئی تھی اور باکس آفس پر چوتھے ہفتے میں بھی کمائی کے نت نئے ریکارڈز قائم کررہی ہے۔اب تک یہ فلم 370.11 کروڑ انڈین روپے کما چکی ہے اور ابھی تک بزنس میں کمی کے کوئی آثار نظر نہیں آئے۔
ایمز ٹی وی (تجارت) ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے چیئرمین محسن شیخانی نے 21 تا 23 مارچ کو ہونے والی آباد کی سہ روزہ بین الاقوامی نمائش " آباد انٹرنیشنل ایکسپو 2017" کی تقریب رونمائی کا اعلان کردیاہے یہ تقریب اسلام آباد کے پاک چین دوستی سینٹر میں ہوگی اور میئر اسلام آباد ،کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین شیخ انصر عزیز 21جنوری کو اسلام آباد کے فائیو اسٹار ہوٹل میں ہونے والی تقریب رونمائی کے مہمان خصوصی ہوں گے۔ چیئرمین آباد نے کہا" آباد انٹر نیشنل ایکسپو2014 اور آباد انٹرنیشنل ایکسپو 2016 " کی شاندار کامیابی کے بعد اسلام آباد میں بھی تعمیراتی صنعت سے متعلقہ مصنوعات کی نمائش کا فیصلہ کیا ہے۔انھوں نے کہا کہ آئندہ برس لاہور میں بھی تعمیراتی صنعت کی نمائش کی جائیگی۔ واضح رہے کہ آباد رواں برس کراچی میں 12 تا 14 اگست " آباد انٹرنیشنل ایکسپو 2017" کا انعقاد کرے گا۔
ایمز ٹی وی (تجارت) کراچی (اسٹاف رپورٹر)پی آئی اے نے اپنے موجودہ سسٹم کو مزید بہتر بناتے ہوئے انٹر پرائز ریسورس پلاننگ سسٹم (ERP) ایئر لائن میں نافذ کر دیا ہے جس سے ایئر لائن میں بہتر آپریشنل کنٹرول اور بروقت فیصلوں میں مدد حاصل ہو گی۔ اس سلسلے میں پی آئی اے ٹریننگ سینٹر میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی پی آئی اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر برنڈ ہلڈن برانڈ تھے۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دفتری امور کو سسٹم کے مرہون منت کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس سے پی آئی اے کو موجودہ اور مستقبل کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سسٹم سے پی آئی اے میں کاغذ کا استعمال ختم ہو جائے گا جس سے نہ صرف ماحول دوست سہولت ہو گی بلکہ کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی ۔ اس سسٹم سے ایئر لائن انتظامیہ کو بہتر انتظامی کنٹرول حاصل ہوگا اور آپریشنل کارکردگی بھی مزید بہتر ہوگی۔ اس کے علاوہ درست کاروباری اور آپریشنل معلومات، شفافیت اور معلومات تک آسان رسائی کے ذریعے ائر لائن کیلئے بہتر منصوبہ بندی اور فیصلے بھی جلد ازجلد کئے جا سکیں گے۔اوریکل کمپنی کے ڈائریکٹر ایلون شیا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروجیکٹ 12 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے جو نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں ایک ریکارڈ ہے۔انفوٹیک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نصیر اختر نے کہا کہ پی آئی اے انتظامیہ نے اس سسٹم کو نافذ کرنے میں جس جذبے کا مظاہرہ کیا ہے وہ لائق تحسین ہے۔ اس سے پہلے پی آئی اے کے چیف فنانشل آفیسر اورای آر پی کے چیف نیئر حیات نے اس سسٹم کے مختلف فوائد کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی ۔ انہوں نے بتایا کہ اس سسٹم سے پی آئی اے کے کاروباری آپریشنز، معلومات کے تبادلے، خریداری کے معاملات میں مزید بہتری اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے انتظامی امور کو آسان بنانے میں مدد ملے گی۔اس موقع پر پی آئی اے کے اعلیٰ انتظامی افسران بھی موجود تھے۔