اتوار, 22 دسمبر 2024


یوٹیلٹی اسٹورز پرسبسڈائزڈ اشیا کے نرخوں میں مزید کمی کااعلان

ایمز ٹی وی(بزنس)یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن آف پاکستان نے عوام کی سہولت کے لیے سبسڈائزڈ اشیا کے نرخوں میں مزید کمی کر دی ہے جس کا اطلاق ملک بھر کے تمام اسٹورز پرکر دیا گیا ہے، دال مونگ (دھلی) کی قیمت3روپے، دال ماش (دھلی) کی قیمت 3 روپے فی کلو، جام شیریں 1500ملی لیٹر بوتل 5 روپے اور 800ملی لیٹر بوتل پر 4 روپے جبکہ سپر باسمتی چاول اور سپر سیلہ چاول کی قیمت میں 3 روپے فی کلو کمی کر دی گئی ہے۔

ترجمان یوٹیلٹی اسٹورزکارپوریشن کے مطابق ملک بھر کے تمام اسٹورز پر عوام کی سہولت کے لیے وفاقی حکومت کے رمضان پیکیج کا کامیاب آغاز ہو چکا ہے جو چاند رات تک جاری رہے گا، اس پیکیج کے نتیجے میں 22اشیائے خوردونوش پر خصوصی سبسڈی دی جارہی ہے جس میں چینی ، گھی آئل، آٹا، چاول، مشروبات، چائے، مصالحہ جات، دودھ اور دیگر اشیا شامل ہیں۔

اس پیکیج میں عوام کو مزید سہولت دینے کے لیے کچھ اشیا کی قیمتوں میں مزید کمی کردی گئی ہے جس میں دال مونگ (دھلی) کی قیمت 148سے کم ہوکر 145روپے فی کلو، دال ماش (دھلی) 273سے کم ہوکر270روپے فی کلو، جام شیریں 1500ملی لیٹر بوتل 265سے کم ہو کر 260، جام شیریں 800ملی لیٹر بوتل 152 سے کم ہوکر148روپے، سپر باسمتی چاول اور سپر سیلہ چاول کی قیمت 72روپے فی کلو سے کم ہوکر 69 روپے ہو گئی ہے، رمضان المبارک کے دوران اشیائے خوردونوش کی وافر فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے اور کسی قسم کی کوئی قلت نہیں، شفافیت اور نگرانی کے لیے ویجیلنس اور آڈٹ کی ٹیمیں مختلف زونز، ریجنز کے اسٹوروں کی چیکنگ کر رہی ہیں تاکہ رمضان پیکیج کے تمام تر فوائد عام آدمی تک پہنچائے جا سکیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment