اتوار, 22 دسمبر 2024


اسحاق ڈارکی ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر سے ملاقات

ایمز ٹی وی(بزنس)وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر وارنر لائی پچ نے ملاقات کی، جس میں اے ڈی بی کے نائب صدر کے 15 سے 20 جون 2016ء تک دورہ پاکستان کے حوالے سے آگاہ کیا۔

کنٹری ڈائریکٹر اے ڈی بی نے اسحاق ڈار کو بتایا کہ نائب صدر ایشیائی ترقیاتی بینک دیگر سرکاری مصروفیات سمیت ایم فور شورکوٹ خانیوال ہائی وے منصوبے کیلئے اضافی سرمایہ کاری کیلئے دستخطوں کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ وہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے نائب صدر کے دورہ پاکستان کے شدت سے منتظر ہیں، ملاقات کے دوران وسطی ایشیائی علاقائی اقتصادی تعاون کے ررواں سال اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس کیلئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

ایشیائی ترقیاتی بینک علاقائی رابطوں کے فروغ کیلئے وسطی اور جنوبی ایشیائی خطے میں تجارت اور نقل وحمل کی ترقی میں تعاون کررہا ہے، اس موقع پر پاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے جاری منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

لائی پچ نے وزیر خزانہ کو بتایا کہ منصوبے مقررہ مدت کے اندر مکمل کئے جارہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی آئندہ 3 سال کیلئے سرمایہ کاری کے منصوبے پر اقتصادی امور ڈویژن سے تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

وزیر خزانہ نے پاکستان کی اقتصادی و سماجی ترقی کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک کی کوششوں کو سراہا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment