ایمز ٹی وی فارن ڈیسک-
امریکی ریاست اوہایو کے شہر کلیولینڈ میں 12 سالہ بچہ نقلی بندوق لے کر کھیل میں ایک میدان میں آگیا- پولیس کے دو اہلکار وہاں پہنچے اور انہوں نے بچے کو ہاتھ اٹھانے کا حکم دیا ، بچے نے اپنے کپڑوں میں پھنسائی بندوق کو نکالنے کی کوشش کی جس پر پولیس اہلکاروں نے گولی چلادی، فائرنگ سے بچہ شدید زخمی ہوگیا ، اسے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔
کلیولینڈ پولیس کے نائب سربراہ ایڈ ٹومبا کے مطابق بچے کے پاس نقلی ’ ایئرسوفٹ‘ بندوق تھی جو کہ ایک نیم خودکار پستول کی مانند دکھائی دے رہی تھی۔ پولیس کی جانب سے فائرنگ کرنے کی وجوہات کے بارے میں جاننے کے لئے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور دونوں پولیس افسران کو تفتیش مکمل ہونے تک چھٹی پر بھیج دیا گیا ہے۔