اتوار, 19 مئی 2024

ہائی کورٹ کے جسٹس فرخ عرفان نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

ذرائع کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس فرخ عرفان نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے، انہوں نے اپنا استعفیٰ صدرمملکت عارف کو بھجوایا جنہوں نے اس کی منظوری دے دی۔ جسٹس فرخ عرفان نے اس حوالے سے سپریم جوڈیشل کونسل کو بھی آگاہ کردیا ہے، جس کے بعد سپریم جوڈیشل کمیشن نے جسٹس فرخ عرفان کے خلاف کارروائی بھی ختم کردی ہے۔

جسٹس فرخ عرفان کا نام پاناما لیکس میں شامل تھا، اور ان کی آف شور کمپنیوں کا بھی انکشاف ہوا تھا۔ جسٹس فرخ عرفان کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل نے کارروائی شروع کررکھی تھی، آج اس کیس میں گواہیاں مکمل ہونی تھیں اور جسٹس فرخ عرفان کا بیان بھی ریکارڈ ہونا تھا، تاہم جسٹس فرخ نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، جس کے بعد سپریم جوڈیشل کونسل نے ان کے خلاف کارروائی ختم کردی ہے۔

جسٹس فرخ عرفان کے وکیل حامد خان کا کہنا ہے کہ جسٹس فرخ نے اپنا استعفیٰ صدرمملکت کو بھجوا دیا ہے، اور صدر نے استعفے کی منظوری بھی دے دی ہے،  اور اب وہ اپنے عہدے پر نہیں رہے۔

لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کو طبی معائنے کے لیے شریف میڈیکل سٹی منتقل کر دیا گیا ہے۔

العزیزیہ ریفرنس کیس میں ضمانت ملنے کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف کو طبی معائنے کے لیے شریف میڈیکل سٹی منتقل کر دیا گیا ہے، نواز شریف کو شریف میڈیکل سٹی کے بخش بلاک منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کے دل اور گردوں کے مختلف ٹیسٹ کیے جائیں گے، نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان بھی نواز شریف کے ہمراہ ہیں۔

گزشتہ روز نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے بتایا تھا کہ نواز شریف کو شریف میڈیکل سٹی اسپتال منتقل کیا جائے گا، جس کے بعد ان کی صحت کا مکمل جائزہ لیا جائے گا، نواز شریف کے گردوں اور دل کا علاج ایک ساتھ ہی ہوگا۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے نواز شریف کی طبی بنیادوں پر 6 ہفتے کے لیے ضمانت منظور کی ہے تاہم وہ اس دوران بیرون ملک سفر نہیں کرسکیں گے۔

کراچی:سپریم کورٹ کے جسٹس گلزار احمد اور جسٹس منیب اخترپر مشتمل بینچ نے سینیارٹی متاثر ہو نے کے خلاف انجینئیرنگ ورکس اینڈ سروسزافسران کی درخواست کی سماعت ملتوی کردی۔

منگل کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں سماعت کے موقع پرجسٹس گلزار احمد کا ریمارکس میں کہنا تھا کہ سندھ میں محکمے بنائے ہی ختم کرنے کے لئیے جاتے ہیں، دیہی سندھ میں ڈیویلپمنٹ کا ادارہ بنانے کا کیا جواز ہے، سندھ کے لوگ اب بھی موہن جو ڈرو میں رہ رہے ہیں، صوبے کے عوام کے نام پرکھربوں روپے خرچ کئے جا چکے،کل بھی ایک کیس سنا،105 ارب لگا کر بھی ایک گلاس صاف پانی مہیا نہیں کیا جا سکا، سندھ حکومت کے پاس کیا ان حقائق کا دفاع ہے، محکمے بنا کر ملازمین بھرتی پھر انہیں سر پلس پول میں ڈال دیا جاتا ہے۔

بعد ازاں عدالت نے سماعت ملتوی کردی۔ درخواست گزاروں نے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا کہ سندھ ایرٹ زون کے ملازمین کو مختلف محکموں میں ضم کیا گیا ہے جس کی وجہ سے ان کی سینیارٹی متاثر ہورہی ہے۔

کراچی: کے ایم سی نے شہر میں قائم مزید 2 ہزار غیر قانونی مارکیٹس اور دکانیں گرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی نے شہر میں قائم مزید غیر قانونی مارکیٹس اور دکانوں کو گرانے کا فیصلہ کرلیا ہے، کے ایم سی نے ایک ہزار 955 دکانیں توڑنے کا پلان ترتیب دیا ہے اور اس حوالے سے رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی گئی ہے۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مطابق لی مارکیٹ کی 703 دکانیں گرانے کے لیے دکان داروں کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں جب کہ جوبلی کلاتھ مارکیٹ کی 447 دکانیں توڑی جائیں گی۔ شاہ مارکیٹ کی 148، مدینہ کلاتھ مارکیٹ کی 137، تاج محل مارکیٹ کی 108، اورنگزیب مارکیٹ کی 180 اور اکبر روڈ کی 95 دکانیں مسمار کرنے کے لیے دکانداروں کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔

سپریم کورٹ سابق وزیراعظم کی طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست کا فیصلہ آج سنائے گی۔

زرائع کے مطابق سپریم کورٹ سابق وزیراعظم کی طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست کا فیصلہ آج سنائے گی۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ سماعت کرے گا۔

سابق وزیراعظم نوازشریف نے سزا معطلی کیس میں مزید دستاویزات جمع کرا دیں ہیں، ان کی جانب سے ایک خط  جمع کرایا گیا ہے جو ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کے نام ڈاکٹر لارنس نے لکھا ہے۔

ڈاکٹرلارنس کا لکھا گیا خط  نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے سپریم کورٹ میں جمع کرایا، خط میں نوازشریف کی 2003 سے 2019 تک کی میڈیکل رپورٹس شامل ہیں۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف نے العزیزیہ ریفرنس میں سزا معطل کرنے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے،  نوازشریف کو العزیزیہ ریفرنس میں 7 برس کی سزا سنائی گئی اور وہ اس وقت لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں، اس کے علاوہ انہیں ایون فیلڈ ریفرنس میں بھی سزا ہوئی ہے جو کہ عدالت نے معطل کررکھی ہے۔

اسلام آباد: سپریم کورٹ میں چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت کی جس میں عدالت نے مشرف کا ٹرائل کورٹ میں پیش نہ ہونے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف کبھی اسپتال چلے جاتے ہیں کبھی بیرون ملک، ملزم کی مرضی نہیں چلے گی، عدالت کے پاس انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لیے آرٹیکل 187 کا خصوصی اختیار ہے۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اس کیس کو جس طرح ڈیل کیا گیا وہ تاریخ کا ایک نیا باب ہے، پرویز مشرف ٹرائل کورٹ میں پیش ہوں یا اسکائپ پر بیان ریکارڈ کرائیں جس پر پرویز مشرف کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پرویز مشرف کا سیاسی کیرئیر ختم ہوچکا، پرویز مشرف بیمار ہیں عدالت پیش نہیں ہو سکتے اور ملزم کا سکائپ پر بیان بھی ریکارڈ نہیں ہوسکتا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ پرویز مشرف پاک بھارت کشیدگی کے دوران بڑے اچھے بیانات دیتے رہے، کتنے لوگ ہیں جو علاج کے لیے باہر جانا چاہتے ہیں، ایسے لوگوں کی وجہ سے دوسروں کے کیس پر اثر پڑتا ہے، پرویز مشرف بڑے مکے دکھاتے تھے، پرویز مشرف کہیں عدالت کو مکے دکھانا شروع نہ کر دیں، بہتر ہے عدالت کے سوالوں کا جواب ان کا وکیل دے دے۔

چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ یہ سمجھ لیں کہ مشرف کا ٹرائل تو ہونا ہے، ٹرائل نہ ہوا تو سمجھا جائے گا کہ کچھ لوگ قانون سے بالا تر ہیں، بڑا ہو یا چھوٹا ٹرائل کو ہائی جیک کوئی نہیں کرسکتا، برطانوی پارلیمنٹ نے آمر ہوری ویل کریمبل کا موت کے بعد ان کا ڈھانچہ نکال کر ٹرائل کیا۔ عدالت نے کہا کہ ٹرائل کورٹ کسی نتیجہ پر نہ پہنچی تو یکم اپریل کو فیصلہ کریں گے۔

 
 

 

پاکستان میں ڈیموں کی تعمیر اور قلت آب کے مسئلے پر قابو پانے کے لیے عوام دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ میں دل کھول کر حصہ لے رہے ہیں جس کے نتیجے میں عطیات کا ذخیرہ 10 ارب سے تجاوز کرگیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ڈیم فنڈ میں 10 ارب، 71 لاکھ روپے جمع ہوگئے ہیں۔ عمران خان نے ڈیم فنڈ میں دل کھول کر حصہ لینے پر پاکستان کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سخاوت کی تعریف کی۔

علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے ایک بیان میں کہا کہ ڈیم فنڈ میں دل کھول کر حصہ ڈالنے پر پاکستانی قوم زبردست خراج تحسین کی مستحق ہے، جب کہ سپریم کورٹ اور وزیراعظم خصوصی شاباش کے حقدار ہیں۔

 

فیصل جاوید نے کہا کہ پاکستان دنیا میں خیرات کرنے والی اقوام میں سرفہرست ہے، ہمارے قومی جذبے کو کوئی شکست نہیں دے سکتا، اپنے لوگوں کے عزم صمیم کو خصوصی سلام عقیدت پیش کرتا ہوں۔

 
 

 

کراچی: سندھ ہا ئی کورٹ کے جسٹس عقیل احمد عبا سی کی سر برا ہی میں تین رکنی لارجر بینچ نے اسکول فیسوں میں اضافے کے خلاف فا ﺅنڈیشن پبلک اور ہیڈ اسٹارٹ اسکولز مالکان سے منظور شدہ فیس اسٹر کچر اور نومبر2018سے جنوری 2019تک جمع کرائے گئے فیس چلان بھی طلب کر لیے ہیں۔ عدا لت عا لیہ نے تمام اسکولو ں کو فیس کٹو تی کےعدالتی حکم پر عملدرآمد یقینی بنا نے کا حکم دیا۔ بینچ کے سر براہ عقیل احمد عباسی نے ریما کس میں کہا ہے کہ عدالت اسکول مالکان کو صفا ئی کا مکمل مو قع دینا چا ہتی ہے پھر کاروائی سخت ہو گی،والدین بھی ٹھیک بیان دیں تا کہ اسکول ما لکان سے بیان طلب کر سکیں۔پیر کو جسٹس عقیل احمد عباسی ،جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس فیصل کما ل عالم پر مشتمل تین رکنی بینچ کے روبرو اسکول فیسوں میں اضافے کے خلاف کیس کی سماعت ہو ئی۔

 

 

کراچی: سپریم کورٹ نے شہر میں تجاوزات کے خاتمے اور کراچی کو اصل شکل میں بحالی سے متعلق آپریشن جاری رکھنے اور چیف سیکریٹری کو نگرانی کرنے کا حکم دے دیا۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں جسٹس فیصل عرب اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل تین رکنی بینچ کے روبرو شہر میں تجاوزات کے خاتمے اور کراچی کو اصل شکل میں بحالی سے متعلق سماعت ہوئی۔ ایڈوکیٹ جنرل سندھ، میئر کراچی وسیم اختر اور ڈی ایس بی سی اے افتخار قائم خانی سمیت متعلقہ اداروں کے افسران پیش ہوئے۔ سپریم کورٹ نے تجاوزات کیخلاف آپریشن جاری رکھنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے چیف سیکریٹری کو آپریشن کی نگرانی کرنے اور باغ ابن قاسم سمیت شہر بھر سے تجاوزات کا ملبہ بھی فوری ہٹانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے چیف سیکریٹری تمام محکموں اور اداروں کے درمیان تعاون اور مشاورت کو یقینی بنائیں۔ تجاوزات کے خاتمے اور ملبہ اٹھانے میں کوئی ادارہ مداخلت نہ کرے۔ جسٹس مشیر عالم نے ریمارکس دیئے ہمارا بھی خواب ہے کراچی اصل شکل میں بحال ہو اور رونقیں لوٹ آئیں۔ چھوٹے چھوٹے پلاٹس پر کاروباری ادارے اور ریسٹورنٹس بنادیئے گئے ہیں۔ اب گلیوں میں چلنے کی جگہ نہیں بچی، ہر جگہ تجاوزات کی بھرمار ہے۔ شہر کو اصل حالت میں رکھنا سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی ذمہ داری تھی مگر انہوں نے اپنا کام نہیں کیا۔ ایڈوکیٹ جنرل سندھ نے موقف اپنایا کراچی کو اصل شکل میں بحال کرنے کیلئے ماہرین کی مدد لے رہے ہیں۔ یکم جنوری کو کانفرنس میں ماہرین سے رائے لی گئی ہے۔ اگر منصوبہ بندی کے بغیر کارروائی کی گئی تو انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔ منصوبہ بندی ہے تحت کارروائی کیلئے مہلت دی جائے۔ ایس بی سی اے نے بھی آپریشن کیلئے مزید 8 ہفتوں کی مہلت طلب کرلی۔ جسٹس مشیر عالم نے ریمارکس دیئے چیف جسٹس سے خود درخواست کروں گا کہ کیس متعلقہ بینچ میں لگایا جائے اور ایجنسیوں کو کارروائی کیلئے مہلت ملے۔ اسی دوران ملٹری لینڈ پر قائم شادی ہالز گرانے کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ کالا پل پر قائم “مارکی” انتظامیہ نے نظر ثانی کی درخواست دائر کردی۔ درخواست گزار کے وکیل رشید اے رضوی نے موقف دیا کہ ہمارا موقف سنے بغیر شادی ہال گرانے کا حکم دے دیا گیا۔ ہم عدالت کو مطمئن کریں گے ہمیں بھی سنا جائے۔ جسٹس مشیر عالم نے ریمارکس دیئے ہم فی الحال کوئی حکم جاری نہیں کررہے۔ عدالت نے شادی ہال انتظامیہ کی درخواست پر ایڈوکیٹ جنرل اور دیگر کو نوٹس جاری کردیئے

 

کراچی:  وفاقی ہائر ایجوکیشن نے 10فروری کو ہونے والا لاء ایڈمیشن ٹیسٹ ملتوی کردیا ہے۔

نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت کی روشنی میں ایل ایل بی میں داخلے کیلئے لاء ٹیسٹ پاس کرنا لازمی قرار دیا گیا تھا تاہم جامعہ کراچی نے ایل ایل بی میں داخلے بغیر ٹیسٹ کے دیدیئے تھے تاہم احساس ہونے پر ان داخلوں کو روک دیا گیا تھا۔

 

Page 3 of 46