بدھ, 27 نومبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

کراچی: اسلامک ورلڈاکیڈمی آف سائنسز(آئی اے ایس)کی 24 ویں 2 روزہ سائنسی کانفرنس 7 مارچ سے بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم(آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی میں شروع ہوگی۔

آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق کانفرنس کا انعقاد اسلامک ورلڈاکیڈمی آف سائینسز، کامسٹیک اسلام آباد اورآئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کے باہمی اشتراک سے ہوگا جس کا افتتاح وزیرِ اعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ صاحب کریں گے۔

واضح رہے کہ اسلامی ممالک میں سائینس اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے کامسٹیک نے دراصل اسلامک ورلڈاکیڈمی آف سائینسزکی بنیاد رکھی تھی۔

آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری نے کہا ہے کہ اس اہم کانفرنس کی میزبانی اور انعقاد دراصل بین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ ترجمان کے مطابق اس کانفرنس میں ملکی و غیر ملکی سائنسدان اور محققیں شرکت کریں گے

اس افتتاحی تقریب سےوزیرِ اعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ سمیت شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی، آئی اے ایس کے بانی سرپرست پرنس الاحسان بن طلال (اُردن)، سرپرستِ اعلیٰ بین الاقوامی مرکز اور سابق وفاقی وزیر برائے سائینس اور ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر عطا الرحمن، آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری، آئی اے ایس کے صدرپروفیسر عدنان بدران(اُردن)، حسین ابراہیم جمال فاونڈیشن کے سربراہ عزیز لطیف جمال اور ڈاکٹر پنجوانی میموریل ٹرسٹ کی چیئرپرسن محترمہ نادرہ پنجوانی بھی خطاب کرینگے۔

تقریب میں صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی صاحب کا پیغام بھی پڑھ کر سنایا جائے گا۔

کراچی: سر سید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبہ مرکزِ مشاورت و رہنمائی کے زیرِ اہتمام پانچویں جاب فیئر2023 تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

جس میں شہر کی 102 سے زائد معروف کمپنیوں نے شرکت کی اور طلباء کوملازمتوں کے حصول میں مدد، رہنمائی اور دیگر ضروری معلومات اورسہولیات فراہم کرنے کے لئے اسٹالز لگائے گئے اور طلباء کے تیار کردہ 110 سے زائد پروجیکٹس نمائش کے لئے رکھے گئے ۔

اس موقع پراپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے چانسلر جاوید انوار نے کہا کہ جاب فیئر ایک ایساپلیٹ فارم ہے جو صنعتی و کاروباری اداروں اور طلبا کے مابین براہ راست ملاقات کا موقع فراہم کرتا ہے۔ ایسے فورم طلباء کے اعتماد میں اضافہ کرتے ہیں جو عملی زندگی میں ان کی کامیابی کا باعث بنتا ہے ۔

سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ولی الدین نے کہا کہ جاب فیئر کسی بھی کمپنی کے لیے تعلقات عامہ کا کام کرتی ہے ۔ آج طلباء کے پاس پہلے سے زیادہ مواقع موجود ہیں ۔ جاب فیئرکے ذریعے فوری ملازمت کا حصول ممکن ہے کیونکہ یہ فورم، ادارے اور طلباء دونوں کو یہ جانچنے کا موقع فراہم کرتا ہے

ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل نعمان احسن نے کہا کہ نوجوانوں کو اب روزگار کے مواقع ڈھونڈنے کی بجائے روزگار فراہم کرنے کے لئے انٹرپرینورشپ کو فروغ دینا چاہئے جبکہ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری OICکے ڈائریکٹر عبدالبدیع الدادا، نے کہا کہ جاب فیئر کے ذریعے نوجوانوں کے روزگار کے حصول کے خواب کو عملی جامہ پہنایا جارہا ہے ۔

کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ حصہ اول سائنس پری انجینئرنگ کے سالانہ امتحانات برائے 2022ء کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔

اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے ناظم امتحانات انجینئر انور علیم خانزادہ نے نتائج کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سائنس پری انجینئرنگ گروپ کے امتحانات میں 24ہزار 671امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی جبکہ 24ہزار 253امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے جس میں سے 10ہزار 130امیدواروں نے تمام چھ پرچوں میں، 3ہزار 919نے پانچ پرچوں میں، 3ہزار 610نے چار پرچوں میں، 3ہزار 265 نے تین پرچوں میں، ایک ہزار 865نے دو پرچوں میں جبکہ 875امیدواروں نے ایک پرچہ میں کامیابی حاصل کی۔

نتائج بورڈ کی ویب سائٹ www.biek.edu.pk  پر بھی اپ لوڈ کردیئے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ طلباء اپنے نتائج اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی آفیشل اینڈرائڈ ایپ کے ذریعہ بھی معلوم کرسکتے ہیں۔

اس اینڈرائڈ ایپ کو گوگل پلے اسٹور پر BIEK کے نام سے سرچ کر کے موبائل میں انسٹال کیا جاسکتا ہے۔

اسلام آبادـ : محکمہ موسمیات نےملک بھرمیں مارچ، اپریل اورمئی کے دوران ہی ہیٹ ویوز کی پیشنگوئی کردی۔

محکمہ موسمیات نے رواں سال مارچ، اپریل اور مئی کا موسمیاتی جائزہ جاری کر دیا۔ جس میں ان تین ماہ میں ہیٹ ویوز آنے کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔

موسمیاتی جائزے کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں بارشیں معمول کے مطابق رہنے کا امکان ہے جبکہ خیبر پختون خوا کے شمالی علاقوں اور گلگت بلتستان کے بیشتر علاقوں میں معمول سے قدرے کم بارشوں کا امکان ہے۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں دن اور رات کا درجہ حرارت معمول کے اوسط درجہ حرارت سے زائد رہنے کا امکان ہے۔

حالیہ آنے والے مہینوں میں گرمی میں اضافے کے امکان کے باعث ربیع کی فصلیں جلد پک سکتی ہیں جبکہ خریف کی کھڑی فصلوں کے لیے اضافی پانی کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔

درجہ حرارت میں اضافے اور خشک موسم سے اسلام آباد اور لاہور میں پولن سیزن جلد شروع ہوسکتا ہے۔

موجودہ ماحولیاتی صورتحال میدانی علاقوں میں ہیٹ ویو کے آغاز کی نشاندہی کر رہا ہے۔ درجہ حرارت بڑھنے کے باعث آنے والے وقت گھریلو اور زرعی استعمال میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

کراچی: جامعہ کراچی میں یوم مصطفیﷺ کاانعقاد شایانِ شان کےساتھ منایا جائیگا۔

تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی کے دفتر مشیر امور طلبہ کے زیر اہتمام یوم مصطفیﷺ بروزمنگل07 مارچ2023 ء کو صبح 11:00بجے پارکنگ گراؤنڈ بالمقابل آرٹس لابی جامعہ کراچی میں منعقد ہوگا۔

شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی صدارت کریں گے جبکہ نامور نعت خواں اور مقررین شرکت کریں گے۔

کراچی: ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے اسٹیئرنگ کمیٹی کی سب کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں سالانہ امتحانات 2023ء میں ہونے والے نہم و دہم جماعت جنرل گروپ ریگولر اور پرائیویٹ کے امتحانی پرچہ جات کے نئے سوالیہ ماڈل پیپرز جاری کر دیئے ہیں۔

چیئرمین میٹرک بورڈ اور انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمینز کے سربراہ پروفیسر سید شرف علی شاہ کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں بورڈ کی ڈائریکٹر ایجوکیشنل ریسرچ حور مظہر نے گزشتہ دنوں چار روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا تھا جس میں سینئر اور قابل اساتذہ کرام نے بھرپور شرکت کی اور ماڈل پیپرز تیار کئے۔

ڈائریکٹر ایجوکیشنل ریسرچ کے مطابق 2023ء کے سالانہ امتحانات کیلئے پرچے کاپہلا حصہ کثیر الانتخابی سوالات (MCQs) 20 فیصد، دوسرا حصہ مختصر جواب کے سوالات کا 40 فیصد جبکہ تیسرا حصہ بیانیہ جواب کے سوالات کا 40 فیصد پر مشتمل ہو گاانہوں نے کہا کہ امتحانی پرچہ جات پورے نصاب پر محیط ہوں گے۔

چیئرمین بور ڈ سید شرف علی شاہ نے کہا کہ پورے سندھ میں سب سے پہلے سائنس کی طرح جنرل گروپ کے ماڈل پیپرز میٹرک بورڈ نے ہی جاری کئے ہیں انہوں نے سینئر اساتذہ کرام اور خاص طور پر ڈائریکٹر ایجوکیشنل ریسرچ حور مظہر، ریسرچ ایسوسی ایٹ ایم اے جعفری اور ان کے عملے کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ریسرچ سیکشن آئندہ بھی ایسے ورکشاپ منعقد کرائے

انہوں نے کہا کہ ہمارے بورڈ کا ریسرچ سیکشن اکیڈمک کے حوالے سے بہت فعال ہے اور معیاری کام کے حوالے سے اپنی مثال آپ ہے۔ ماڈل پیپرز بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ www.bsek.edu.pk  پر اپ لوڈ کر دیئے گئے ہیں۔

ویب ڈیسک: واٹس ایپ نے صارفین کے لئے چیٹ جی پی ٹی جیسی آرٹی فیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی پر مبنی چیٹ بوٹ اضافے کااعلان کردیا۔

اس حوالے سے میٹا کے مالک مارک زکربرگ نے کہا کہ کمپنی کی جانب سے تخلیقی آرٹی فیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی کو سروسز کا حصہ بنانے کے لیے ایک اعلیٰ سطح کا پراڈکٹ گروپ تشکیل دیا جا رہا ہے۔

اس حوالے سے واٹس ایپ اور میسنجر کے لیے ٹیکسٹ پر مبنی اے آئی ٹولز کی آزمائش سے آغاز ہوگا جو کہ ممکنہ طور پر چیٹ جی پی ٹی کی طرح کے چیٹ بوٹس ہوں گے۔

آغاز میں یہ بوٹس صارفین کے لیے تفریح کا ذریعہ ہوں گے مگر میٹا کی جانب سے بتدریج انہیں دیگر شعبوں کا حصہ بنایا جائے گا۔

میٹا کی جانب سے انسٹا گرام میں اے آئی ٹیکنالوجی پر مبنی فلٹرز اور اشتہاری فارمیٹس کے تجربات بھی کیے جا رہے ہیں۔
اس طرح کے اے آئی ٹول کافی عرصے سے موجود ہیں مگر اس ٹیکنالوجی کو چیٹ جی پی ٹی کی بدولت بہت زیادہ مقبولیت حاصل ہوئی ہے۔

مائیکرو سافٹ کی جانب سے اس ٹیکنالوجی کو بنگ سرچ انجن اور ایج براؤزر کا حصہ بنایا گیا ہے۔اسی طرح گوگل کی جانب سے بارڈ نامی چیٹ بوٹ کو متعارف کرایا جارہا ہے۔

میٹا کی جانب سے اس طرح کا اعلان حیران کن نہیں کیونکہ یہ کمپنی عرصے سے اے آئی ٹیکنالوجی پر کام کر رہی ہے جبکہ مارک زکربرگ کا میٹا ورس کا منصوبہ بھی بہت زیادہ کامیاب ہوتا نظر نہیں آرہا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی منجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میں فرنچائزز کی تعداد 10 تک بڑھائی جاسکتی ہے۔

سربراہ مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی مقامی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے تسلیم کیا کہ پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) میں ٹیموں کی تعداد بڑھانے کیلئے دباؤ ہے لیکن بدقسمتی سے سابق چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور رمیز راجا نے فرنچائزز کے ساتھ اس بات پر اتفاق کیا کہ اگلے دو سالوں میں صرف چھ ٹیمیں کھیلیں گی تاہم یہ آٹھ ٹیموں کا منصوبہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ فرنچائزز کو 2 مزید ٹیموں کو شامل کرنے کیلئے راضی کرنے کی کوشش کررہے ہیں اس فیصلے سے کسی فرنچائز کو نقصان نہیں ہوگا اور اگر ہوا تو بورڈ ذمہ داری قبول کرے گا، لیگ کی مانگ زیادہ ہے اور 10 ٹیمیں بھی ہوتیں تو وہ بھی فروخت ہوجاتیں۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ پی ایس ایل میں دراصل 5 ٹیمیں تھی تاہم ملتان سلطانز کو چھٹی ٹیم کے طور پر شامل کیا گیا۔

دوسری جانب سربراہ منجمنٹ کمیٹی نے کہا کہ پنجاب حکومت اور پی سی بی کے درمیان اخراجات کے معاملے پر شیئرنگ کرنے پر رضا مندی ظاہر کردی ہے تاہم تمام معاملے پر فرنچائز اور بورڈ کا ایک پیج پر ہونا ضروری ہے۔

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم، وکٹ کیپر بلےباز محمد رضوان اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی 2023 کے ’’دی ہنڈریڈ ڈرافٹ‘‘ میں شامل ہوگئے۔

دی ہنڈریڈ ٹورنامنٹ کی ڈرافٹننگ 23 مارچ کو منعقد ہونی جبکہ ایونٹ اگست میں شروع ہوگا، تینوں پاکستانی ٹاپ اسٹارز کی بولی کم از کم ایک لاکھ یورو یعنی (2 کروڑ 76 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے) میں لگنے کا امکان ہے۔

اسی طرح تیز گیند باز حارث رؤف، نسیم شاہ اور محمد عامر بھی 60,000 پاؤنڈ یعنی (22 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے) کی ریزرو قیمت پر ڈرافٹنگ میں شامل ہوں گے۔

دی ہنڈریڈ 2023 ڈرافٹ میں پاکستانی کھلاڑی:
محمد رضوان، بابراعظم، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف، حسن علی، فہیم اشرف، محمد حفیظ، محمد عامر، فخر زمان، عماد وسیم، محمد اخلاق، ابرار احمد، سرفراز احمد، عمر اکمل، آصف علی، حیدر علی، نعمان علی، سلمان علی، عمید آصف، صائم ایوب، دانش عزیز، عماد بٹ، شاہنواز دھانی، سمین گل، محمد حارث، محمد حسنین، محمد عرفان، اعظم خان، عاکف جاوید، سلمان ارشاد، احمد دانیال، وقاص مقصود، عامر جمال ،حسیب للہ خان، مبصر خان، شرجیل خان، ساجد خان، عمر خان، زمان خان، صہیب مقصود،شان مسعود، اسامہ میر، محمد نواز، عثمان قادر، رومان رئیس، وہاب ریاض، عبداللہ شفیق، خوشدل شاہ، یاسر شاہ ، سعود شکیل، حارث سہیل، طلعت حسین، امام الحق، احسان اللہ، عبدالواحد اور عامر یامین شامل ہیں۔

جبکہ غیر ملکی کھلاڑیوں میں آسٹریلیا کے مچل اسٹارک، مارکس اسٹونیس، ایڈم زمپا، کیرون پولارڈ اور شکیب الحسن شامل ہیں جنہیں 1 لاکھ 25 ہزار یورو یعنی (3 کروڑ 47 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے) میں ریزرو کھلاڑیوں میں رکھا جائے گا۔

اسلام آباد: حکومت نے آئندہ پندرہ روز کیلیے پیٹرول کی قیمت میں پانچ روپے کمی کا اعلان کردیا۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ڈیزل کی قیمت برقرار رہے گی جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 15 روپے کمی کی گئی ہے۔

سماجی رابطے کی سائٹ پر اسحاق ڈار نے بتایا کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 12 روپے کمی کی گئی ہے۔

حالیہ کمی کے بعد فی لیٹر پیٹرول کی قیمت 267 روپے، لائٹ ڈیزل کی قیمت 184 روپے 68 پیسے اور مٹی کے تیل کی قیمت 15 روپے کمی سے 187 روپے 73 پیسے پر پہنچ جائے گی۔ اسی طرح ڈیزل کی قیمت 280 روپے پر برقرار ہے۔

نئی قیمتوں کا اطلاق رات بارہ بجے سے آئندہ پندرہ روز کیلیے ہوگا۔