Reporter SS
کیلیفورنیا: سوشل میڈیا ایپلی کیشن اسنیپ چیٹ نے بالآخراپناویب ورژن جاری کردیا ہے۔
ویب ورژن پربرطانیہ، امریکااور کینیڈا کے اسنیپ چیٹ+ سبسکرائبر اور آسٹریلیا اور نیوزی لینڈسے تعلق رکھنے والے ریگولر صارفین ایک دوسرے کو میسج اور کال کرسکیں گے۔
اسنیپ چیٹ نے حال ہی میں اسنیپ چیٹ+ پریمیئم ٹیئر اضافی لیکن مصنوعی فیچرز کے ساتھ جاری کیا تھا۔
ان فیچرز میں ایپ کے نشان کے اسٹائل میں تبدیلی، یہ دیکھنا کہ کس نے اسٹوری دوبارہ دیکھی اور اپنے کسی دوست کو ’بی ایف ایف‘ بنانا اور ان کو اپنی چیٹ ہسٹری میں سب سے اوپر پِن کرنا شامل تھا۔
ویب کے لیے اسنیپ چیٹ میں ری ایکشن، رپلائی جیسے فیچرز شامل ہیں اور جلد ہی ویڈیو کالز کے لیے لینسز بھی شامل کردیے جائیں گے۔
ایپ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ تمام پروڈکٹس کی طرح ہماری ٹیم نے ویب کے لیے اسنیپ چیٹ پرائیویسی مدنظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کی ہے۔ ہم نے یہ ایک منفرد پرائیویسی اسکرین کے ساتھ لانچ کیا ہے جو کچھ اور کام کرنے پر اسنیپ چیٹ کی وِنڈو کو چُھپا دے گی۔
کراچی: قیادت کا بوجھ بھی بابراعظم کی بیٹنگ پر اثرانداز نہ ہوسکا جب کہ انضمام الحق کا بطور کپتان سب سے زیادہ سنچریوں کا ریکارڈ برابر کردیا۔
بابراعظم کو 2019 میں پاکستان کا کپتان مقرر کیا گیا تھا، قیادت کا بوجھ پڑنے کے باوجود ان کی بیٹنگ متاثر نہیں ہوئی،وہ بطور کپتان مشکل سے مشکل صورتحال میں بھی بڑی اننگز کھیل کر صلاحیتوں کا اظہار کرچکے ہیں۔
سری لنکا سے جاری پہلے ٹیسٹ میں بھی انتہائی دشوار ترین صورتحال میں بابراعظم نے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری بنائی، یہ کپتان بننے کے بعد ان کی نویں تھری فیگر اننگز ہے، اس طرح انھوں نے سابق کپتان انضمام الحق کا بطور کپتان سب سے زیادہ سنچریوں کا ملکی ریکارڈ بھی برابر کردیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بابراعظم نے کپتان بننے کے بعد 70 ویں اننگز میں 9 ویں سنچری اسکور کی ، انضمام الحق نے اتنی سنچریاں 131 اننگز میں بنائی تھیں۔
پاکستان کی جانب سے بطور کپتان سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والوں میں ویسے بھی بابراعظم کم اننگز کی وجہ سے سرفہرست ہوچکے ہیں، دوسرے نمبر پر 9 سنچریوں کے ساتھ انضمام موجود ہیں، مصباح الحق نے اپنے دور قیادت میں 189 اننگز کے دوران 8 سنچریاں بنائی تھیں، عمران خان نے 186 اننگز میں 6 سنچریاں بنائیں جبکہ اظہر علی نے 40 اننگز میں 5 سنچریاں اسکور کی تھیں۔
لاہور: 17سال بعدانگلینڈ ٹیم کا دورہ پاکستان کےسلسلےمیں ای سی بی کا4رکنی سیکیورٹی وفدپاکستان پہنچ گیا۔
ای سی بی کا 4رکنی سیکیورٹی وفد میں پلیئرز ایسوسی ایشن، سیکیورٹی اور کرکٹ آپریشنز کے ممبران شامل ہیں، گذشتہ روز اسلام آباد آمد پر پی سی بی حکام نے مہمانوں کا استقبال کیا، آفیشلز نے پہلے مرحلے میں پنڈی اسٹیڈیم کا دورہ کیااور میزبان حکام سے سیکیورٹی امور پر بریفنگ لی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفد نے وزارتِ داخلہ میں بھی اعلیٰ شخصیات سے ملاقات کی،مہمانوں کوکراچی، لاہوراور ملتان میں سیکیورٹی سمیت انتظامات کا جائزہ لینا ہے، وفد اپنی رپورٹ ای سی بی کے پاس جمع کرائے گا جس کی روشنی میں ٹیم بھجوانے اور شیڈول کا حتمی فیصلہ ہوگا۔
انگلش ٹیم رواں سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل7 ٹی ٹوئنٹی میچز اور بعد ازاں 3 ٹیسٹ میچز کیلیے پاکستان آئے گی، مختصر ترین فارمیٹ کے مقابلے صرف 2 وینیوز کراچی اور لاہور میں کرانے کا عندیہ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ پہلے ہی دے چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق انگلش ٹیم کی پاکستان آمد 15 ستمبر کو ہوگی، ٹی ٹوئنٹی میچز 20، 22، 23 اور 25 تاریخ کو کراچی جبکہ 28، 30 ستمبر اور 2 اکتوبر کو لاہور میں شیڈول کیے جانے کا امکان ہے،ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد انگلینڈ کی ٹیم ٹیسٹ میچز کھیلنے کیلیے دوبارہ پاکستان آئے گی۔
یاد رہے کہ مہمان سائیڈ 2005کے بعد پاکستان کا دورہ کرے گی۔
کراچی: وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ماہر تعلیم پروفیسرڈاکٹرشگفتہ شہزادی کوجامعہ کراچی کی ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن مقررکردیاہے۔
سندھ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر شگفتہ شہزادی کی تقرری 8 اگست 2022 سے 24 دسمبر 2024 تک کی گئی ہے۔
بیرون ملک سے تعلیم یافتہ پروفیسر ڈاکٹر شگفتہ شہزادی، شعبہ اسپیشل ایجوکیشن، جامعہ کراچی کی چیئرپرسن ہیں اور وہ اس سے قبل بھی ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن کے عہدے پر خدمات انجام دے چکی ہیں، انہیں تعلیم اور خواندگی کے شعبے میں وسیع تجربہ حاصل ہے۔
وہ خصوصی تعلیم اور خصوصی بچوں کی بہتر نگہداشت پر کئی کتابیں بھی تحریر کر چکی ہیں۔
مانیٹرنگ ڈیسک : مائیکرو سافٹ نے ونڈوزکےنئےورژن متعارف کرانے کی تیاری شروع کردی۔
صارفین کو مائیکرو سافٹ کا نیا ونڈوز 11 آپریٹنگ سسٹم دستیاب نہیں مگر کمپنی نے اس کے نئے ورژن کو متعارف کرانے کی تیاری شروع کردی ہے۔
ونڈوز سینٹرل کی ایک رپورٹ کے مطابق مائیکرو سافٹ کی جانب سے ونڈوز 12 کو 2024 میں متعارف کرایا جاسکتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ مائیکرو سافٹ کی جانب سے ونڈوز کے نئے آپریٹنگ سسٹم کو ہر 3 سال بعد متعارف کرانے کا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے۔
یہ مائیکرو سافٹ کی جانب سے ونڈوز کی تیاری کے حوالے سے بڑی تبدیلی ہے۔
مائیکرو سافٹ نے 2015 میں ونڈوز 10 آپریٹنگ سسٹم کو متعارف کرایا تھا تو اس سے قبل ہر 3 سال میں ایک بار نئے آپریٹنگ سسٹم کو پیش کیا جاتا تھا۔
ونڈوز 10 کو ہر سال 2 بار بڑے فیچرز سے اپ ڈیٹ کیا جاتا تھا اور اس وقت کمپنی کے عہدیداران کا کہنا تھا کہ ونڈوز 10 کے بعد کوئی نیا آپریٹنگ سسٹم متعارف نہیں کرایا جائے گا۔
مگر 2021 میں مائیکرو سافٹ نے ونڈوز 11 کو متعارف کرایا اور ونڈوز 12 کی تیاری بھی شروع کردی ہے۔
مائیکرو سافٹ نے اس حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا اور فی الحال ونڈوز 11 کو ہر صارف تک پہنچانے کے لیے کام کیا جارہا ہے۔
کراچی :ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام قیام پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی کی تقریبات کےسلسلے میں "آل کراچی انٹر یونیورسٹی نیشنل کوئز کونٹیسٹ گیارہ اگست کوڈاؤ میڈیکل کالج کےمعین آڈیٹوریم میں منعقد ہوگا۔
ڈاؤ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی نےشہر کی تمام نجی و سرکاری جامعات و ملحقہ کالجز کے سربراہان کے نام لکھے گئے مراسلے میں زیادہ سے زیادہ طلبہ کو اس اہم قومی سرگرمی میں حصہ لینے کی درخواست کی ہے۔
یاد رہے کہ ڈاؤ یونیورسٹی کے زیراہتمام آل کراچی انٹر یونیورسٹی نیشنل کوئز مقابلے کے علاوہ بھی دیگر انڈور اور آؤٹ ڈور مقابلے منعقد کئے جائیں گےجن کا مقصد طلباء کی جدوجہد آزادی اور قیام پاکستان کے لیے سر توڑ کوشش کرنے والے رہنماوں کا کردار اجاگر کرنا ہے۔
کراچی: پی ایم سی کی قومی داخلہ شیڈولنگ کمیٹی نےمیڈیکل اورڈینٹل کالجوں کےداخلہ جات برائے سال 2022-23 کے لیے داخلہ کی متفقہ تاریخوں کی توثیق کردی.
پی ایم سی ہیڈ آفس میں ہونے والے اپنے اجلاس میں اتفاق رائے سے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں 2022-23 کے داخلوں کے شیڈول کا فیصلہ کیا گیا کہ تمام پبلک میڈیکل کالجوں کے داخلے 17 اکتوبر 2022 سے شروع کیے جائیں گے اور تمام خصوصی نشستوں سمیت 31 دسمبر 2022 تک مکمل کر لئے جائیں گے
جبکہ پرائیویٹ میڈیکل کالجوں میں داخلے 31 جنوری 2023 تک مکمل ہو جائیں گےاورپبلک ڈینٹل کالجوں میں داخلے 14 فروری 2023 تک مکمل ہو جائیں گے اور آخر میں پرائیویٹ ڈینٹل کالجوں میں داخلے 28 فروری 2023 تک مکمل ہو جائیں گے۔
دوسری جانب سرکاری کالجوں میں داخلے کے حوالے سے ہر صوبہ یا علاقہ میڈیکل کالجوں میں داخلے کے لیے 65% اور ڈینٹل کالجوں میں داخلے کے لیے 55% نمبروں کیساتھ MDCATکوالیفائی کرنے والے طلبا ء کی بنیاد پر میرٹ کا ڈھانچہ مرتب کرے گا۔
ضوابط کے مطابق کالجزاور یونیورسٹیاں مئی 2022 کے بعد کسی بھی وقت درخواستیں وصول کرنے کیلئے آزاد ہیں۔ ایم ڈی کیٹ امتحان کا نتیجہ 7اکتوبر 2022 کو کیا جائے گا جس میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے 2لاکھ سے زائد طلباء MDCAT امتحان دینے کے لیے رجسٹرڈ ہیں۔جن طلباء نے 2021 میں MDCAT کا امتحان دیا تھا وہ بھی داخلے کے لیے درخواست دیتے وقت اپنے 2021 کے نتائج کو 2022 MDCAT کے مساوی استعمال کر سکیں گے۔
پرائیویٹ کالجز/جامعات بھی داخلوں کے عمل میں میڈیکل اور ڈینٹل پروگرامزکے لیے مطلع شدہ اہلیت کے مطابق MDCAT پاس کرنے والے طلباء کی بنیاد پر اپنے انفرادی میرٹ کے معیار کا تعین کریں گی۔میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے وضع کردہ ضوابط کے مطابق نیشنل ایڈمیشن شیڈولنگ کمیٹی کل 11 ممبران پر مشتمل ہے۔پاکستان میڈیکل کمیشن نے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کے لیے اتفاق رائے پر مبنی بینچ مارکس قائم کرنے کیلئے مسلسل کاوشیں کیں۔ اور اس سال کے شروع میں نیشنل ایڈمیشن شیڈولنگ کمیٹی کی تشکیل کے لیے ضوابط وضع کیے تھے۔کمیٹی میں تمام صوبوں کے سرکاری کالجوں اور نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کی نمائندگی موجود ہے۔
ہر نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالج سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی درخواست کی گئی۔میڈیکل کالجوں اور ڈینٹل کالجوں سے سب سے زیادہ نامزدگی حاصل کرنے والے دو افراد سے متعلق کمیٹی کو مطلع کیا گیا۔ جمعہ کو PAMI سے متعلق بائیکاٹ کی گمراہ کن افواہیں کچھ پریس رپورٹس میں ظاہر ہوئیں۔پی ایم سی ان افواہوں کو بے بنیاد قرار دیتا ہے کیونکہ یہ کالجوں کا اختیار ہے کہ وہ نمائندے نامزد کریں جیسا کہ ان کی جانب سے کیاگیا اور ان میں سے ممبران کو کمیٹی میں مقرر کیا گیا۔
پبلک اور پرائیویٹ کالجوں کے داخلوں کے آرڈر کو پی ایم سی نے سال کے آغاز ہی میں اپنی داخلہ پالیسی اور ضوابط کے جزو کے طور پر واضح کردیا تھا اور کمیٹی نے درحقیقت سرکاری اور نجی میڈیکل ایڈمیشن کے بند ہونے کے درمیان 4 ہفتے اور سرکاری اور نجی ڈینٹل ایڈمیشن کے درمیان2 ہفتے کا وقت دیا تھا۔
یہ انتہائی افسوسناک بات ہے کہ ایک قومی ادارے کے کام کو نقصان پہنچانے کے لیے اس طرح کی گمراہ کن افواہیں پھیلائی جاتی ہیں جو کہ نا صرف کالجوں بلکہ اس سے بڑھ کر ہزاروں طلباء کے فائدے کیلئے انجام دیا جارہا ہے اور اسکے ذریعے پاکستان میں ڈاکٹروں کی تعداد کی بجائے قابلیت کو ترجیح دیتے ہوئے میرٹ کے اعلیٰ ترین معیار کو یقینی بنایا جارہا ہے۔
کراچی: جامعہ کراچی نے ایسو سی ایٹ ڈگری آف آرٹس اورایسوسی ایٹ ڈگری آف سائنس سال دوم کےپرچےمنسوخ کردیئے
تفصیلات کے مطابق 24جولائی کو ہونے والے ضمنی الیکشن کے باعث جامعہ کراچی نے بی اے اور بی ایس سی سال دوئم کے 27 جولائی کو ہونے والے پرچے اب 30 جولائی کو منعقد کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ناظم امتحانات جامعہ کراچی ڈاکٹر سید ظفر حسین کے مطابق بی اے اور بی ایس سی سال دوئم سالانہ امتحانات برائے 2021 ء کے 27 جولائی 2022 ء کو ہونے والے امتحانات اب 30 جولائی 2022 ء کو منعقد ہوں گے۔
تاہم امتحانی مراکز اور مقررہ وقت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ۔
پاکستان اورسری لنکاکےدرمیان گال انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلےجارہے پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگزمیں میزبان ٹیم کی بیٹنگ جاری ہے۔
دوسری اننگز میں سری لنکا نے کھانے کے وقفے کے بعد اب تک 5 وکٹیں گنوادی ہیں۔پاکستان کی طرف سے اب تک محمد نواز نے 3 اور یاسر شاہ نے 2 وکٹیں لی ہیں۔
سری لنکا کی پانچویں وکٹ 178 کے مجموعی اسکور پر گری جس میں یاسر شاہ نے شاندار گیند پر کوشال مینڈس کی وکٹ اڑائی اور وہ 76 رنز پر پویلین لوٹ گئے، اس وقت کریز پر دنیش چندی مل اور دھننجایا ڈی سلوا موجود ہیں۔
سری لنکا کی پہلی اننگز
سری لنکن ٹیم اپنی پہلی اننگز میں222 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
سری لنکا کی طرف سے دنیش چندی مل سب سے نمایاں کھلاڑی رہے جنہوں نے 76 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی 4، یاسر شاہ اور حسن علی نے 2، 2 جب کہ نسیم شاہ اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
کراچی: کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
کراچی میں بہادرآباد، لیاقت آباد، پی آئی بی کالونی اور اس سےملحقہ علاقوں میں تیز بارش ہوئی ہےجب کہ اورنگی ٹائون، نیوکراچی، سرجانی ٹاؤن، نارتھ کراچی اور ناردرن بائی پاس میں ہلکی بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ آج شام تک شہر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔