Reporter SS
ایمزٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک)سرکاری چینی اخبار ’’پیپلز ڈیلی‘‘ کے مطابق چین نے پاکستان کو 8 عدد ’’یوآن کلاس‘‘ آبدوزیں فروخت کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔۔
پاکستان کو آبدوزوں کی فروخت کے مذکورہ معاہدے پر اپریل 2016 میں وزیرِاعظم پاکستان نواز شریف کے دورہ چین کے موقعے پر دستخط کیے گئے جس کے مطابق ان میں سے 4 آبدوزیں چین میں جب کہ باقی کی 4 کراچی شپ یارڈ (پاکستان) میں تیار کی جائیں گی۔ یعنی اس معاہدے میں ٹیکنالوجی کی منتقلی (ٹیکنالوجی ٹرانسفر) کی شق بھی یقیناً شامل ہے۔
ٹائپ 039/ ٹائپ 041 یوآن کلاس (Yuan-Class) کی ان حملہ آور آبدوزوں میں حرکت اور توانائی کے لیے ڈیزل انجن نصب ہوتا ہے۔ یہ سمندر میں 400 میٹر تک کی گہرائی میں رہتے ہوئے 20 ناٹ (37 کلومیٹر فی گھنٹہ) تک کی رفتار سے سفر کرسکتی ہیں
یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ اس معاہدے کی لاگت 4 سے 5 ارب امریکی ڈالر کے مساوی ہے جس کے تحت پاکستان کو 2028 تک ایسی 8 آبدوزیں فراہم کردی جائیں گی۔ اس طرح یہ چین کے بڑے دفاعی برآمدی معاہدوں میں سے ایک ہے۔ پہلی 4 آبدوزیں جو پاکستان کو 2023 تک ملیں گی انہیں چین میں تیار کیا جائے گا جب کہ مزید 4 آبدوزیں 2023 سے 2028 کے درمیان کراچی شپ یارڈ میں مکمل کی جائیں گی۔
ایسی ہر آبدوز تقریباً 2300 ٹن وزنی اور چینی ساختہ YJ-2 بحری جہاز شکن میزائلوں کے علاوہ Yu-3 ایکٹیو/ پیسیو ہومنگ تارپیڈوز سے لیس بھی ہوگی۔ یوآن کلاس آبدوزوں کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ ان سے بہت ہی کم شور پیدا ہوتا ہے اور اسی لیے یہ چینی بحریہ کی ’’خاموش ترین‘‘ آبدوزوں میں بھی شمار کی جاتی ہیں۔
اس کے علاوہ پاکستان اور ترکی کے درمیان جون 2016 میں بھی ایک اور معاہدہ طے پاچکا ہے جس کے تحت پاکستان کی 3 عدد ’’اگوسٹا 90 بی کلاس‘‘ (المعروف ’’خالد کلاس‘‘) آبدوزوں کو جدید پروپلشن نظاموں سے لیس کرتے ہوئے ان کی کارکردگی اور عمر، دونوں میں اضافہ کیا جائے گا۔
ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ ) مبئی ہائی کورٹ نے بھارتی اداکارہ پروین بابی کی وصیت ان کی موت کے 11 سال بعد منظور کرلی ہے جس کے تحت بھارتی اداراہ کی جائیداد میں سے 80فیصد جونا گڑھ میں ٹرسٹ کے کاموں پر خرچ کی جائے گی اور 20فیصد اداکارہ کےننھیال کے انکل کو دی جائے گی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقدمہ اداکارہ کےپھوپھی زاد رشتے داروں کی جانب سے لڑ اجارہا تھا جنہیں ان کی دولت میں سے ایک روپیہ بھی نہیں ملا تھا ۔
ایک رپورٹ کے مطابق 2005 میں اداکارہ کی یہ وصیت ان کے ننھیالی انکل مراد خان بابی کی جانب سے پیش کی گئی تھی جس کے مطابق اداکارہ کی جائیداد میں سے 20فیصد انہیں اور 80 فیصد’ٹرسٹ‘کے کام پر خرچ کیا جانا تھا۔
اس وصیت کے منظرعام پرآنے کے ساتھ ہی اداکارہ کے پھوپھی زاد رشتے داروں نے اسے جعلی قرار دیکر مقدمہ دائر کردیا۔
تاہم عدالت نے مراد خان کی پیش کردہ وصیت کے حق میں فیصلہ سنادیاہے۔ پروین کے انکل کا کہنا ہے کہ قانونی جنگ کبھی بھی پیسے کے لیے نہیں تھی یہ صرف اداکارہ کی آخری خواہش کے لیے تھی اور اب میں اس کی جائیداد کو ٹرسٹ کے قیام کےلیے استعمال کروںگا جو اسے ہمیشہ زندہ رکھے گا۔
ایمز ٹی وی (اسپورٹس) پاکستان کے رضوان اعظم اور پلوشہ بشیر نے اسلام آباد میں کھیلے جانے والےانٹرنیشنل بیڈ منٹن ٹورنامنٹ میں مردوں اور خواتین کے انفرادی اعزاز اپنے نام کر لئے۔
پلوشہ بشیر اور رضوان اعظم نے اپنے شاندار کھیل کی بدولت ماہ نور شہزاد اورعرفان سعید کو شکست دی۔
جبکہ مینز ڈبلز کیٹگری کا اعزازرضوان اعظم اور کاشف سلہری نے جیتا۔ گزشتہ روزلیاقت جمنازیم اسلام آباد میں کھیلے گئے فائنل رائونڈ میں خواتین سنگلز میں پلوشہ بشیر نے سخت مقابلے کے بعد ماہ نور شہزاد کو 2-1سے شکست دیکر خواتین کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
میچ میں دونوں پلیئرز نے بہترین کھیل پیش کیا تاہم پلوشہ بشیر نے پہلے سیٹ میں 13-21کی شکست کے باوجود باقی دونوں سیٹس میں 21-18 اور 23-21سے کامیابی حاصل کی۔
مردوں کے انفرادی مقابلے میں رضوان اعظم نے عرفان سعید کو اپنے شاندار کھیل کی بدولت 21-15اور21-18سے شکست دی ۔ مینز ڈبلز کیٹگری میں رضوان اعظم اور کاشف سلہری نے اپنے جارحانہ کھیل کی بدولے سعید بھٹی اور عظیم سرور کو 21-14اور21-13سے شکست دیتے ہوئے ڈبلز کا کرائون اپنے نام کیا ۔
خواتین ڈبلز کیٹگری میں پلوشہ بشیر اور صائمہ منظور نے سدرہ حماد اور خضرہ رشید کو 13-21,21-11اور21-16سے شکست دیتے ہوئے خواتین ڈبلز کا ٹائٹل اپنے نام کیا ۔
ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ تھے جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جبکہ اس موقع پر پاکستان اسپورٹس بورڈ کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر وقار احمد، ڈپٹی ڈی جی آغاز امجد اللہ ، ڈائریکٹر پی ایس بی اعظم ڈار سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھی۔
ایمزٹی وی(اسپورٹس)ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے پاکستان کی جانب سے زیادہ میچز میں کپتانی کا عمران خان کا ریکارڈ برابر کر دیا۔ویسٹ انڈیز کے خلاف ابوظہبی ٹیسٹ میں مصباح الحق نے 48 ویں ٹیسٹ میں گرین کیپس کی قیادت کے فرائض انجام دے کر عمران خان کا ریکارڈ برابر کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک لیجنڈری کرکٹر کے برابر آنا میرے لئے بہت ہی اعزاز اور فخر کی بات ہے، میں اس قسم کے ریکارڈ کی طرف نہیں دیکھتا لیکن جب وقت کے ساتھ ساتھ آپ کے کیرئیر میں اس طرح کے بڑے لمحات آتے ہیں تو بہت خوشی اور راحت ملتی ہے۔
واضح رہے کہ مصباح الحق اب تک 66 میچز میں سے 48 ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں جس میں سے 23 میں فتح ان کا مقدر بنی جب کہ 13 میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ اتنے ہی ٹیسٹ میچز میں عمران خان کو 14 میچز میں کامیابی اور 8 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بطور کپتان مصباح الحق کی کامیابی کا تناسب 47.93 فیصد جب کہ عمران خان کی کامیابی کا تناسب 29.78 فیصد رہا۔
ایمز ٹی وی ( تجارت )سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے ستمبر کے دوران 481 کمپنیاں رجسٹر کیں۔ گزشتہ روز جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ستمبر میں رجسٹر ہونے والی کمپنیوں میں 87 فیصد پرائیویٹ لمیٹڈ، 11 فیصد سنگل ممبر جبکہ باقی پبلک ان لسٹڈ، غیرمنافع بخش ایسوسی ایشن اور غیر ملکی کمپنیاں شامل ہیں۔گزشتہ ماہ سب سے زیادہ کمپنیاں خدمات کے شعبے میں رجسٹرڈ ہوئیں جن کی تعداد 80 ہے، تجارت کے شعبے میں 62، انفارمیشن ٹیکنالوجی میں 43، تعمیرات میں42، سیاحت میں29‘ خوراک ومشروبات21، ریئل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ17، ایندھن و توانائی 16، کارپوریٹ ایگریکلچرل فارمنگ اور ادویہ سازی میں 13، 13، تعلیم میں12، ٹیکسٹائل میں11، پاور جنریشن اور انجینئرنگ میں 10،10 اور 102کمپنیاں دیگر شعبوں میں رجسٹر ہوئیں۔
اس کے علاوہ 5 غیر ملکی کمپنیوں کا اسلام آباد، کراچی اور لاہور آفس میں اندراج ہوا جبکہ 37 کمپنیوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی، ان سرمایہ کاروں کا تعلق افغانستان چین فرانس جرمنی جاپان کرغزستان لبنان ملائیشیا سنگاپور سری لنکا ترکی اور برطانیہ سے ہے۔ یہ سرمایہ کار کمپنیاں کیمیکل، مواصلات، کارپوریٹ ایگریکلچرل فارمنگ، تعلیم، ایندھن و توانائی شیشے و چینی مٹی سے بنی مصنوعات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، کان کنی، دوا سازی، پاور جنریشن، خدمات، تجارت، ٹرانسپورٹ اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھتی ہیں، ستمبر میں سب سے زیادہ 175 کمپنیاں لاہور کے کمپنی رجسٹریشن آفس میں رجسٹر ہوئیں جبکہ 137 اسلام آباد، 103 کراچی ، 17 فیصل آباد‘ 28 پشاور، 16 ملتان اور 5 کمپنیاں کوئٹہ میں رجسٹر ہوئیں۔
ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ) پاکستانی اداکارہ صبا قمر کا بالی ووڈ کیریئر شروع ہونے سے قبل ہی مشکلات کا شکار ہوگیا۔ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان اور ہندوستان کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی کے باعث صبا قمر کی فلم ہندی میڈیم کی شوٹنگ غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی گئی ۔
صبا قمر اس فلم میں اداکار عرفان خان کے ہمراہ جلوہ گر ہورہی تھیں ۔
ایمزٹی وی(کراچی)ایم کیو ایم لند ن کے رہنما حسن ظفر عارف کو رینجرز نے گرفتار کر لیا ۔ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم لند ن کے رہنما پروفیسر حسن ظفر عارف کو رینجرز اہلکاروں نے پریس کلب کے باہر سے حراست میں لے لیا اور انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے ۔وہ عبوری رابطہ کمیٹی لندن کے رکن ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم لندن کے رہنماﺅں کی آج کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس ہونا تھی اور رہنماﺅں کا انتظار کیا جارہا تھا تاہم پروفیسر حسن ظفر عارف کوپریس کلب میں دیکھ کر رینجرز اہلکار وں نے حراست میں لے لیا ۔
ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ پریس کلب کے اطراف کی سڑکوں پر رینجرز کی بھاری نفری تعینات ہے اور گاڑیوں کی چیکنگ کی جا رہی ہے ۔ رینجرز اہلکار پریس کلب کے تین اطراف کے راستوں پر موجود ہے ۔
ایمزٹی وی(اسپورٹس) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 452 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی ہے۔ یونس خان نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 127 رنز بنائے جبکہ کپتان مصباح الحق نے 96 رنز بنائے۔
تفصیلات کے مطابق ابوظہبی میں کھیلے جا رہے میچ کے دوسرے روز پاکستان نے 304 رنز 4 کھلاڑی آﺅٹ سے اپنی اننگز کا آغاز کیا اور پوری ٹیم 452 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔ ابتدائی وکٹیں گرنے کے بعد کپتان مصباح الحق اور یونس خان نے انتہائی ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 175 قیمتی رنز جوڑے۔
میچ کی خاص بات یونس خان کی بلے بازی ہے جنہوں نے 205 گیندیں کھیل کر 10 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 127 رنز بنا کر کیرئیر کی 37 ویں سنچری مکمل کرتے ہوئے ناصرف پاکستان کی پوزیشن مستحکم کی بلکہ مسلسل 30 میچوں میں 90 کے سکور کے دوران آﺅٹ ہوئے بغیر سنچریاں مکمل کر کے لیجنڈ کرکٹر سرڈان بریڈ مین کا 29 سنچریوں کا ریکارڈ بھی توڑا۔اس کے علاوہ انہوں نے متحدہ عرب امارات کی سرزمین پر 11 سنچریاں مکمل کرنے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔
کپتان مصباح الحق بدقسمتی سے سنچری مکمل کرنے میں ناکام رہے اور 96 رنز بنا کر گیبریل کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے تاہم انہوں نے سب سے زیادہ چھکے مارنے کا ٹیسٹ کرکٹ کی 139 سالہ تاریخ کا دھواں دار ریکارڈ اپنے نام ضرور کر لیا۔ اپنی اننگز کے دوران 2 چھکے لگائے جس کے ساتھ ان کے کل چھکوں کی تعداد 61 ہو گئی۔
ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں مصبا ح الحق نے دو چھکے لگا کر اپنے کل چھکوں کی تعداد 61کرنے کے ساتھ ساتھ نیو زی لینڈ کے کپتان برینڈن میکولم کے 59چھکوں کا ریکارڈ تو ڑ ڈا لا۔
دیگر بلے بازوں میں سمیع اسلم نے 6، اظہر علی0، اسد شفیق 68، یاسر شاہ 23، سرفراز احمد 56، محمد نواز 25 اور سہیل خان نے 26 رنز بنائے جبکہ ذوالفقار بابر اور راحت علی کوئی سکور نہ بنا سکے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے شینن گیبریل نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور جیسن ہولڈر نے 3 شکار کئے جبکہ دیویندرا بیشو اور کریگ بریتھ ویٹ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ایمزٹی وی(کراچی) ذرائع کے مطابق پاکستان میں سیر کیلئے آئے کار ریلی کے شرکاءکراچی میں مزار قاند پر حاضری کیلئے پہنچ گئے جہاں انہوں نے مزار پر پھول بھی چڑھائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس موقع پر مزار قائد پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ ریلی کے ساتھ رینجرز اور پولیس کے جوان سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں ۔پاک چین دوستی کارریلی کے شرکاءکی مزار قائد پر آمد کے موقع پر عام افراد کا داخلہ بند کر دیا گیا ۔
یاد رہے پاک چین دوستی کار ریلی کے 52شرکاءگلگت بلتستان کے راستے پاکستان داخل ہوئے تھے
جس کے بعد وہ لاہور بھی آئے اور گزشتہ روز سکھر سے سندھ کے تاریخی مقام موہنجو داڑو بھی گئے
چینی نوجوان 22کاروں کے قافلے کے صورت میں پاکستان کے مختلف شہریوں کی سیر کر رہے ہیں ، انہوں نے مزار قائد پر حاضری کے موقع پر پاکستان زندہ با دکے نعرے بھی لگائے ، شرکاءنے اپنے ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم بھی اٹھا رکھے تھے ۔
ایمز ٹی وی ( تجارت ) مقامی سیلولرکمپنی کی جانب سے مس ڈیکلریشن اورپلین پولیئسٹرفلم مائیکرون کی کلیئرنس میں بے قاعدگیوں کے ذریعے قومی خزانے کو مجموعی طور پر8 کروڑ50 لاکھ روپے کا نقصان پہنچانے کی نشاندہی ہوئی ہے ۔پاکستان کسٹمز نے مقامی کمیونی کیشن کمپنی کے درآمدکردہ ٹیلی کمیونی کیشن آلات کی کلیئرنس میں مس ڈیکلریشن سے قومی خزانے کو7کروڑ روپے سے زائد کا ریونیو نقصان پہنچانے کی نشاندہی کی۔ کسٹمز دستاویز کے مطابق مذکورہ کمپنی کی جانب سے ٹیلی کمیونی کیشن آلات کے30کنسائمنٹس درآمدکیے گئے
جس کی کلیئرنس کے لیے اس کمپنی اور متعلقہ 2کلیئرنگ ایجنٹس نے غلط بیانی سے کام لیتے ہوئے 10 فیصد کسٹمز ڈیوٹی ادا کی جبکہ کمیونی کیشن آلات میں شامل وی آرایل اے جیل بیٹری (12V)، ری چارج ایبل بیٹری (12V) اینڈ ایس بی ایس، ایون 190(12V)کی کلیئرنس 20 فیصد کسٹمزڈیوٹی کی ادائیگی پر عمل میں آتی ہے، کنسائمنٹس کی کلیئرنس میں غلط بیانی سے قومی خزانے کو 7کروڑ18لاکھ 50ہزارکا نقصان ہوا۔دستاویزکے مطابق پاکستان کسٹمز کے ڈائریکٹوریٹ پوسٹ کلیئرنس آڈٹ کراچی نے کلیئرنس ڈیٹاکے آڈٹ کے دوران تصدیق کی کہ مذکورہ کمپنی نے غلط ٹیرف 8507.2010 ظاہر کر کے کلیئرنس میں 10 فیصد کسٹمزڈیوٹی بچائی جبکہ مذکورہ کمیونی کیشن آلات کی کلیئرنس پی سی ٹی 8507.2090کے تحت 20 فیصدکسٹمز ڈیوٹی پر ہوتی ہے۔ڈائریکٹوریٹ پوسٹ کلیئرنس آڈٹ نے مذکورہ کمپنی کے خلاف آڈٹ آبزرویشن جاری کی لیکن کمپنی نے جواب نہیں دیا جس پرکمپنی کے خلاف مزیدکارروائی کے لیے کنٹراونشن رپورٹ متعلقہ کسٹمز ایڈجیوڈکیشن کلکٹریٹ کو ارسال کی گئی اور بعدازاں ایڈجیوڈکیشن کلکٹریٹ کی جانب سے کمپنی کو شوکازنوٹس جاری کردیاگیا۔
ڈائریکٹوریٹ پوسٹ کلیئرنس آڈٹ کسٹمز کراچی نے ریونیو میں 1.5 کروڑ روپے مالیت کی ایک اوربے قاعدگی کی نشاندہی کی جس میں پلین پولیسٹر فلم 12 مائیکرون کی غیرقانونی کلیئرنس پرکنٹراونشن رپورٹ مرتب کرکے متعلقہ کسٹمزایڈجیوڈکیشن کلکٹریٹ کوارسال کردی گئی ہے۔ پاکستان کسٹمزکی دستاویز کے مطابق پوسٹ کلیئرنس آڈٹ کی جانب سے میسرز پیکیجز پرائیویٹ لمیٹڈ کے درآمدی کنسائمنٹس کا بعداز کلیئرنس آڈٹ کیا گیا تو انکشاف ہوا کہ درآمدکنندہ نے 2012 تا 2015کے دوران پلین پولیسٹرفلم 12مائیکرون کے متعدد کنسائمنٹس کی کلیئرنس کے لیے ایس آراو659کی سہولت کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے 5 فیصد کسٹمز ڈیوٹی ادا کی جبکہ مذکورہ آئٹم پر 20 فیصد کسٹمزڈیوٹی، 17 فیصد سیلز ٹیکس اور 5.5 فیصد انکم ٹیکس عائد ہے تاہم میسرز پیکیجز پرائیوٹ لمیٹڈنے غلط بیانی سے کام لیتے ہوئے قومی خزانے کو 1کروڑ 78 لاکھ 26 ہزارروپے کا نقصان پہنچایا۔
دستاویزات کے مطابق پوسٹ کلیئرنس آڈٹ نے درآمد کنندہ کو آڈٹ آبزرویشن بھیجی لیکن کوئی موثر جواب نہ ملا جس پر پوسٹ کلیئرنس آڈٹ نے کنٹراونشن رپورٹ متعلقہ ایڈجیوڈکیشن کلکٹریٹ کو ارسال کردی۔ ذرائع کے مطابق ایڈجیوڈکیشن کلکٹریٹ نے درآمدکنندہ کو شوکازنوٹس جاری کرتے ہوئے تمام دستاویزکے ساتھ پیش ہونے کی ہدایت کردی ہے۔