Reporter SS
ایمز ٹی وی ( تعلیم/کراچی) وفاقی اردو یونیورسٹی کے ناظم امتحانات غیاث الدین احمد کے مطابق کراچی، اسلام آباد اورراولا کوٹ میں ایم اے (پرائیویٹ) سال اول و دوم کے امتحانات کا آغازہو چکا ہے۔
تاہم تفصیلات کے مطابق امتحانات کا آغاز22اکتوبر2016 سے ہوگا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ طلبہ و طالبات کوایڈمٹ کارڈ اورامتحانی شیڈول ان کے پتوں پر ارسال کردیئے گئے ہیں۔
ایڈمٹ کارڈ موصول نہ ہونے کی صورت میں ایم ایس سی بلاک میں قائم امتحانی کائونٹر سے رابطہ کریں۔ایم اے سال اول کے امتحانات صبح ساڑھے نو سے دوپہر ساڑھے بارہ بجے تک جبکہ سال دوم کے امتحانات دوپہرڈھائی بجے سے شام ساڑھے پانچ بجے تک ہونگے ۔
طلباء کیلئے امتحانی مرکز بی ایس سی بلاک اور طالبات کا امتحانی مرکز ایم ایس سی بلاک گلشن اقبال کیمپس بنایا گیا ہے۔ دوران امتحانات طلبہ و طالبات اپنے ہمراہ اصل کمپیوٹرائزڈشناختی کارڈ، رجسٹریشن کارڈ اور ایڈمٹ کارڈ لازمی لائیں۔
ایمز ٹی وی (تعلیم/حیدرآباد) مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جامشورو اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کیمپس خیرپور میرس میں فرسٹ ائیر انجینئرنگ‘ آرکیٹیکچر اور سٹی اینڈ ریجنل پلاننگ میں نئے سال2016-17ءمیں داخلوں کے لئےانٹرویولئے گئے۔
جس میں قمبر شہداد کوٹ‘ نوشہروفیروز‘ کراچی‘ کشمور‘ گھوٹکی اور لاڑکانہ اضلاع کے امیدوار شامل تھے۔
19اکتوبرکو جامشورو‘ ٹنڈو الہ یار‘ تھر پارکر‘ سانگھڑ اور مٹیاری کے اضلاع کے امیدواروں کے انٹرویو لئے جائیں گے ۔جبکہ 20 اکتوبر کو عمرکوٹ‘ ٹھٹھہ‘ سجاول‘ میرپورخاص اور بدین اضلاع کے امیدواروں سے انٹرویو لئے جائیں گے۔
ڈائرریکٹر ایڈمیشن نے اپنے اعلامیہ میں کہا ہے کہ امیدوار داخلے کے لئے مطلوبہ ضروری کاغذات اوریجنل اپنے ہمراہ لائیں جن میں میٹرک اور انٹر کی مارکس اور پاس سرٹیفکیٹ‘ ڈومیسائل‘ پی آر سی اور سی فارم (اوریجنل) اصل‘ آپشن فارم اوریجنل آن لائن پورٹیل امیدوار کے دستخط شدہ آپشن فارم اوریجنل کاغذات کے بغیر انٹرویو نہیں لیا جائیگا۔
ایمز ٹی وی (تعلیم /کراچی)ملیر میں بس اسکول وین پر الٹ گئی، جس کے نتیجے میں ڈرائیور جاں بحق جبکہ متعدد بچے زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر 15 میں بس اوراسکول وین کے درمیان تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں اسکول وین کا ڈرائیور جاں بحق جبکہ متعدد بچے زخمی ہوئے۔
حادثے کے فوری بعد امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور زخمی بچوں کو اسپتال منتقل کیا،جاں بحق شخص کی شناخت غلام طاہرکےنام سے ہوئی جبکہ آدم، علی عباس، سرور، جمیل اور فرید نامی افراد زخمی ہوئے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثہ ملیر سعود آباد پل کے قریب پیش آیا، حادثہ کے وقت گاڑی کی رفتار تیز تھی۔
ایمز ٹی وی ( تعلیم/ٹھٹھہ) ٹھٹھہ کے نواحی علاقے موری کے مقام پر واقع اسکول کی چھت دھماکے سے گر گئی۔
تفصیلات کے مطابق ٹھٹھہ کے نواحی علاقے 103 موری کے مقام پر واقع گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول 103 موری کی چھت ہاف ٹائم کے دوران دھماکے سے گری۔
تاہم معجزانہ طور پر طلباء اور اساتذہ مکمل طور پر محفوظ رہے۔ اسکول کے ہیڈ ماسٹر رشید احمد میمن کے مطابق واقعہ ہاف ٹائم کے دوران پیش آیا اس لیے اساتذہ اور طلباء معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔
علاوہ ازیں انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے اسکول کے چھت کی مرمت کی جائے۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد) بنی گالہ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے انٹرا پارٹی الیکشن سے بڑا مذاق نہیں ہو سکتا لیکن ان کی پارٹی میں تو جمہوریت نام کی کوئی چیز ہے نہیں ہی اور بادشاہت میں ایسا ہی ہوتا ہے، نواز شریف نے انٹرا پارٹی الیکشن سے خطاب کے دوران ساری باتیں کیں صرف اپنی کرپشن کے بارے میں نہیں بتایا، جمہوریت میں وزیراعظم عوام کو جوابدہ ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں 13 سال کرکٹ کھیلنے کے بعد نمبر ون آل راؤنڈر بنا اور صرف ایک کروڑ روپے کا فلیٹ خرید سکا جب کہ حسن نواز شریف نے ایسا کونسا پیتل سے سونا بنانے کا فارمولا ڈھونڈا تھا جو ایک طالب علم ہوتے ہوئے ساڑھے 6 سو کروڑ روپے کا فلیٹ خرید لیا، یہ سب وزیراعظم نواز شریف کی چوری کی ہوئی رقم ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کرپٹ مافیا کے سردار ہیں اور اقتدار میں آکر حسنی مبارک بن جاتے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ملک کو بچانا ہے تو کرپشن پر قابو پانا ہوگا، نواز شریف کرپٹ مافیا کے سردار ہیں اور اگر وہ اقتدار میں رہے تو ملک مزید قرضوں کے بوجھ تلے دب جائے گا۔
انہوں نے وزیراعظم کو ’’پاناما شریف‘‘ پکارتے ہوئے کہا کہ اگر انہوں نے کوئی چوری نہیں کی تو پھر تلاشی دینے میں کیا حرج ہے لیکن وزیراعظم اپنی کرپشن بچانے کے لئے ہم پر فوج بلانے اور سی پیک کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام لگا رہے ہیں، سی پیک منصوبے پر کوئی اعتراض نہیں، صرف اعتراض اس بات پر ہے کہ سی پیک کے ایم او یو پر 2013 میں دستخط ہوئے لیکن حکومت نے اسے چھپا کر رکھا اور اس منصوبے کے حوالے سے عوام کو 2016 میں بتانا شروع کیا۔
چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ 2 نومبر کو اسلام آباد میں عوام کا سمندر ہوگا اور جب تک عوام ساتھ ہیں تو اکیلے نہیں ہو سکتے، اب لوگ جان چکے ہیں کہ ملک کو کرپشن سے پاک کرنے کے لئے وزیراعظم نواز شریف کا احتساب ضروری ہے، 2 نومبر کو عوام دل سے تحریک انصاف کے ساتھ ہوگی۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملکی تاریخ میں پہلی بار اراکین پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلی کے اثاثوں کی تفصیلات کی چھان بین کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
کمیشن کا پولیٹیکل فنانس ونگ ارکان کی جانب سے جمع کرائے گئے گوشواروں کی چھان بین کا کام کرے گا۔ چیف الیکشن کمشنر نے سیکریٹری الیکشن کمیشن کو ایک ہفتے میں طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں وزیر اعظم نوازشریف، عمران خان، خورشید شاہ اور دیگرجماعتوں کے پارلیمانی قائدین کے گوشواروں کی جانچ پڑتال ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن پہلے مرحلے میں امیر جے یو آئی ف مولانا فضل الرحمٰن، امیر جماعت اسلامی سراج الحق، محمود خان اچکزئی، آفتاب شیرپاؤ،شیخ رشید اور دیگر جماعتوں کے پارلیمانی قائدین کے جمع کرائے گوشواروں کی جانچ پڑتال کریگا۔
دریں اثناء الیکشن کمیشن نے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے پرقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ، وزیر مملکت عابد شیر علی اور سائرہ افضل تارڑ سمیت 20اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی کی رکنیت بحال کر دی ہے۔ان میں قومی اسمبلی کے 8، پنجاب اسمبلی کے6اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے 4اراکین اور دو سینیٹرز شامل ہیں۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)وفاقی حکومت نے پاناما، بہاماس سمیت دیگر ٹیکس ہیون ممالک میں آف شورکمپنیاں بنانیوالے پاکستانیوں کیخلاف کارروائی تیز کرنیکا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی حکومت نے ان پاکستانیوں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کیلیے پاناما، بہاماس اوربرطانوی جزائر(British Virgin Islands) سمیت مجموعی طور پر9 ٹیکس ہیون ممالک کو وزارت خارجہ کے ذریعے خطوط لکھنے کی منظوری دیدی۔
تفصیلات کے مطابق ۔وزیرخزانہ اسحاق ڈارکی زیر صدارت اعلیٰ سطح کااجلاس ہوا، جس میں اسٹیٹ بینک، ایس ای سی پی اورایف بی آرسمیت دیگر متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیاگیاکہ 9ٹیکس ہیون ممالک میں سے جہاں جہاں پاکستان کے سفیر تعینات نہیں ہیں وہاں اس ریجن کے دوسرے پاکستانی سفارتخانے کے ذریعے رابطے کیے جائینگے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پانامااور بہاماس میں پاکستانی سفیر تعینات نہیں اس لیے پاناما حکام کیساتھ میکسیکو میں قائم پاکستانی سفارتخانے کے ذریعے رابطہ کیا جائیگا اور بہاماس اتھارٹیزکیساتھ برطانیہ میں قائم پاکستانی سفارتخانے کے ذریعے رابطہ کیاجائیگا۔
پاناما اوربہاماس سمیت جن ممالک کے ساتھ پاکستان کے ٹیکس معاہدے نہیں ہیں انھیں درخواست کی جائیگی کہ وہ پاناما و بہاماس میںقائم پاکستانیوں کی آف شور کمپنیوں کے ڈائریکٹرز و شیئر ہولڈرزکے بارے میں تفصیلات فراہم کریں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ ایف بی آرکے ذریعے پاناما اور بہاماس سمیت دیگر ممالک کی ٹیکس اتھارٹیز کو معلومات کے تبادلے کے معاہدوں وایم او یوزکیلیے مذاکرات شروع کرنے کیلیے خطوط لکھنے کااصولی فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ ممالک کیساتھ ایم او یو اور معاہدوں کیلئے خطوط کے ابتدائی مسودے بھی تیار کرلیے گئے اور توقع ہے کہ رواں ماہ کے دوران ہی یہ خطوط ارسال کردییے جائیں گے۔چیئرمین ایف بی آرنثارنے اجلاس کوبریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ پاناما پیپرز میں شامل لوگوں کوجاری کردہ نوٹسزمیں سے 133 نے ایف بی آر کو جواب بھجوادیے جبکہ نوٹس کا جواب نہ دینے والوں کو جرمانے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پاناما لیکس میں 270کمپنیاں اور444 انفرادی لوگ شامل ہیں، اسی طرح بہاماس لیکس میں 150انفرادی لوگوں کے نام شامل ہیں جن میں سے110 لوگوں کے بارے میں ایف بی آرنے معلومات حاصل کرلی ہیں جبکہ40کیسوں میں پتے معلوم کیے جارہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اسحاق ڈارنے امریکی حکومت پر زور دیا کہ وہ امریکہ کے نجی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلیے سہولتیں دی جائیں، پاکستان کے امریکی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کیلئے دروازے کھلے ہیں۔
ایمزٹی وی(کراچی) ایم کیوایم رہنما خواجہ اظہارالحسن کو گرفتار پر معطل ہونے والے ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کو دوبارہ ان کے عہدے پر بحال کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
معطل ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے گزشتہ ماہ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہارالحسن کو ان کے گھر سے گرفتار کیا تھا جس کے بعد وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کو معطل کردیا تھا۔
ذرائع کے مطابق اب ایک بار پھر معطل ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کو دوبارہ ان کے عہدے پر بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ اس حوالے سے راؤ انوار نے بھی جلد ہی اپنی بحالی کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ خواجہ اظہار الحسن کے گھر ٹارگٹ کلر کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا تھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کئی بار راؤ انوار کو ان کے عہدے سے معطل کیا گیا تھا تاہم کچھ روز بعد دوبارہ ان کو عہدے پر بحال کردیا گیا تھا۔
ایمزٹی وی(گلگت بلتستان) وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہد ری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف کے پاکستان کی ترقی کے وژن کو پورے خطے میں بے پناہ پذیرائی حاصل ہورہی ہے ۔
انہوں نے یہ بات ضلع ننکانہ کی تحصیل شاہ کوٹ میں نو تعمیر شدہ کالج روڈ کے افتتاح کے موقع پر کی۔ انہوںنے کہاکہ آج محمد نواز شریف کا وژن پورے خطے کے لئے باعث تقلید بن چکا ہے اور خطے کے دیگر ممالک بھی اس وژن کو اپنا کر ترقی کے سفر میں شامل ہونا چاہتے ہیں ۔وفاقی وزیر نے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ درحقیقت محمد نواز شریف کے ہی اُس وژن کا حصہ ہے جس کے تحت انہوں نے 90کی دہائی میں اس خطے کو وسطی ایشیائی ریاستوں سے ملانے کے لئے موٹر ویز کا منصوبہ شروع کیا ۔
انہوں نے کہا اُس وقت اس منصوبے کو تنقید کا نشانہ بنانے والے آج اسی منصوبے کو اپنے علاقوں تک توسیع دینے کے لئے کوشاں ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ نہ صرف اندرون ملک بلکہ اس خطے کے دیگر ممالک بھی پاک چین اقتصادی راہداری کا حصہ بننا چاہتے ہیں تاکہ وہ بھی اس منصوبے سے بھرپور فائدہ اٹھا کر اپنے ممالک میں ترقی و خوشحالی کے ایک روشن باب کا آغاز کر سکیں ۔
چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہاکہ یہ عظیم منصوبہ پاکستان کی معیشت کو ایک لازوال ترقی کی بنیاد فراہم کرے گا اور اس منصوبے سے پورے پاکستان کو مستفید کرنے کے لئے پورے ملک میں انفراسٹرکچر اور سڑکوں کی تعمیر پر بھرپور توجہ دی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت پسماندہ علاقوں کی ترقی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے تاکہ ترقی و خوشحالی کی ان کرنوں سے پورا ملک روشن ہوسکے ۔
ایمز ٹی وی (گلگت بلتستان)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاہے کہ گلگت بلتستان ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ میں 1500خالی پوسیٹیں مشتہر ہو چکی ہیں اوربہت جلد ان خالی اسامیوں پر میرٹ کی بنیاد پر بھرتیوں کا عمل پورا ہوگا سرکاری ہسپتالوں میں نظام کو ٹھیک کیاگیا ہے ادویات کی خریداری کے لئے بجٹ میں اضافہ کیاگیا ہے جبکہ پنجاب حکومت ساڑھے آٹھ کروڑ روپے مالیت کی ادویات گلگت بلتستان کو دینے کا اعلان کر چکی ہیں ان ادویات کی خریداری کے لئے باقاعدہ کمیٹی بھی تشکیل دی جاچکی ہے اس کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں ادویات کی خریداری کی جائےگی یہ بات انہوں نے اتوار کے روز گلگت بلتستان کے سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹروں کو اضافی مراعات دینے کےلئے ساڑھے چارکروڑ روپے کاریگولر بجٹ مختص کیاگیا ہے جبکہ ہسپتال میں نصب مشینری کی دیکھ بھال کےلئے بائیو میڈیکل انجینئر کی تعیناتی بھی عمل میں لائی گئی ہے صوبائی حکومت نے پی ایچ ڈی سی سفارش کی ہے کہ گلگت بلتستان کے بڑے ہسپتالوں میں نئے ڈاکٹروں کو ہاﺅس جاب کرنے کی اجازت دی جائے.
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے امسال ہی گلگت میں میڈیکل کالج چلانے کا پروگرام بنایا تھا لیکن بعض حلقوں کی جانب سے عمارت پر اعتراض اٹھنے کی بعد عملدرآمد روک دیا ہے انہوںنے کہا کہ اس مقصد کےلئے پی ایس ڈی پی میں ساڑھے تین ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ رواں مالی سال کے لئے 50کروڑ روپے جاری بھی ہو چکے ہیں وزیر اعلیٰ نے اپنی گفتگو میں کہا کہ وزیر اعظم ہیلتھ انشورنس سکیم کے تحت ضلع شگر ، کھرمنگ،دیامراور سکردو میں 60فیصد آبادی کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ یہ اسکیم گلگت بلتستان کے دیگر اضلاع میں بھی متعارف کرایا جائے جبکہ بہت جلد گلگت کے عملہ کو ایم آرآئی کی سہولت بھی میسرہوگی ۔