Reporter SS
ایمزٹی وی(کراچی)پرویز مشرف کالونی کے قریب پاک فضائیہ کا میراج طیارہ گر کر تباہ ہوگیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کراچی کے علاقے پرویز مشرف کالونی کے قریب پاک فضائیہ کا میراج طیارہ گر کر تباہ ہوگیا ہے،حادثے کا شکار طیارے کو پاک فضائیہ کے اسکواڈرن لیڈر باقر علی اڑا رہے تھے۔ حادثے کے بعد ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں ہیں جب کہ علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔
ایس ایس سٹی کراچی کا کہنا ہے کہ تباہ ہونے والا میراج طیارہ پی اے ایف مسرور بیس سے ٹیک آف کےدوران گر کر تباہ ہوا۔ بظاہر حادثے کی وجہ فنی خرابی نظر آتی ہے تاہم طیارے سے متعلق مزید معلومات اکٹھا کی جارہی ہیں۔
ایمز ٹی وی ( تعلیم) ثانوی واعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ سکھر کے ناظم امتحانات کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق سپلیمنٹری امتحان کا شیڈول جاری کردیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق ہائیرسیکنڈری سرٹیفکیٹ پارٹ ٹو کلاس بارہویں کے تمام گروپس کے سپلیمنٹری امتحان 2016کے سلسلے میں امتحانی فارم حاصل کرنے اور جمع کرانے کی تاریخو ں کا شیڈول جاری کردیاگیا ہے۔
خواہشمند اہل امیدوار31اکتوبر تک بغیر لیٹ فیس کے فارم جمع کراسکتے ہیں جبکہ 1نومبر سے9نومبر تک 500روپے لیٹ فیس سے فارم وصول کیے جائینگے۔ 10نومبر سے 21نومبر تک 1000روپے لیٹ فیس کے ساتھ فارم وصول کیے جائینگے ۔
تعلیمی بورڈ سکھر کی جانب سے ہائیر سیکنڈری سرٹیفکیٹ پارٹ ٹو بارہویں کلاس کے تمام گروپس کے فی کس امیدوار کے لیے ٹوٹل 1350روپے فیس مقرر کی گئی ہے جس میں 850روپے امتحانی فیس،100روپے اسپورٹس فیس، 300روپے مارکس سرٹیفکیٹ اور100روپے فارم فیس شامل ہے۔
ایمز ٹی وی ( تعلیم) وفاقی اردو یونیورسٹی میں ایل ایل ایم زبانی امتحانات کی تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
وفاقی اردو یونیورسٹی کے ناظم امتحانات غیاث الدین احمد کے مطابق ایل ایل ایم (سال آخر)2015کے طلبہ و طالبات کازبانی امتحان(Viva Voce( (17اکتوبر سے20اکتوبر 2016 تک ہو گا۔ جوکہ جامعہ اردو کے عبدالحق کیمپس میں منعقد ہو گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ طلبہ وطالبات اپنے نظام الاوقات دفتر شعبہ قانون سے حاصل کرسکتے ہیں۔
ایمز ٹی وی ( تعلیم) اسٹڈی ایڈ پروجیکٹ کے زیر اہتمام دو روزہ "ٹیلنٹ ایکسپو''آج سے ایکسپو سینٹر کراچی میں شروع ہو گا ۔
ٹیلنٹ ایکسپو کا افتتاح صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ، جماعت اسلامی پاکستان کے سیکریٹری لیاقت بلوچ، شیخ الجامعہ ڈاکٹر محمد قیصر، اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے ناظم ہاشم ابدالی کریںگے،
دو روزہ ٹیلنٹ ایکسپو میں یوتھ کا پاکستان، فائن آرٹ ایگزیبشن ، سائنس ایگزیبشن، تقریری مقابلے، مشاعرہ، ٹیبلو، اسکالر شپس، کیریئر گائنڈنس، بزآئیڈیاز، جاب فیئرز،فوٹو ہنٹ ،قرآن کانفرنس اور ٹیلنٹ ٹرابیوٹ کا انعقادبھی کیا جائے گا۔
جس میں شہر بھر کے A-1 گریڈ حاصل کرنے والے طلبہ وطالبات کو انعامات اسکالرشپس و اعزازی شیلڈ سے نوازا جائے گا۔
80سے زائد اسٹالز کے ذریعے ہم نصابی اورغیرنصابی سرگرمیوں کواجاگر کیا جائیگا۔
ایکسپو میں شہر کے مختلف اسکولوں ’کالجوں اورجامعات کی جانب سے سائنس اور دیگرشعبوں سے متعلق نمائش بھی لگائی جائیں گی،گزشتہ برس ڈرون ٹیکنالوجی کی طرز پر ریموٹ کنٹرول کارز، سولر انرجی سے چلنے والے مختلف پروجیکٹس پر شہریوں نے زبردست دلچسپی کا مظاہرہ کیاتھا ، اس بار بھی طلبہ و طالبات اپنی پراجیکٹس پیش کریں گے ۔
ایمزٹی وی(کراچی) قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے نواسے اسلم جناح شہر قائد میں کافی عر صہ سے انتہائی کسمپرسی کی حالت میں اپنی زندگی کے شب و روز گزارنے پر مجبورہیں۔اس بات کی خبر جب چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض حسین تک پہنچی تو انہوں نے جناح خاندان کی فوری ماہانہ مالی امداد کا اعلان کرتے ہوئے اسلم جناح اور انکی بیٹی کے علاج کیلئے ہر ممکن اقدام کا فیصلہ کیا ۔
اس موقع پر اسلم جناح نے کہاکہ چیئرمین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض حسین ہمدرد پاکستان ہیں ، انہوں نے ہماری مدد کی ہم انکا شکریہ اداکرتے ہیں ۔ ملک ریاض حسین نے کہا کہ میں ذاتی طور پر اس کو اپنے کندھوں پر ذمہ داری سے بڑھ کر وہ قرض سمجھتا ہوں جو من حیث القوم ہم سب نے ادا کرنا ہے ۔انہوں نے کہا جناح خاندان کی پوری دیکھ بھال کی جا ئے گی۔
ایمزٹی وی(کراچی) پانامہ لیکس کی تحقیقات کے معاملے پر تحریک انصاف اور حکمران مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت کے درمیان سیاسی جنگ عروج پر پہنچ گئی ہے، حکومت دھرنے سے قبل تحریک انصاف سے مذاکرات کرے گی، پی ٹی آئی قیادت نے 2 نومبر کو اسلام آباد میں طویل المدت دھرنا دینے کے ساتھ اگلے مرحلے پارلیمنٹ اور اسمبلیوں کی رکنیت سے استعفے دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے حکومت سے وزیراعظم کے استعفے یا خود کو احتساب کیلیے پیش کرنے کے مطالبات پر تو بات کی جائے گی تاہم دھرنے کو موخر کے معاملے پر حکومت سے کوئی مذاکرات نہیں کیے جائیں گے، دوسری جانب حکومت نے بھی پانامہ لیکس کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں سے دوبارہ رابطوں کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے اس دھرنے کو حکومت ہٹائو مہم میں تبدیل کرنے کی حکمت عملی طے کرلی ہے اور اس لیے اسلام آباد میں طویل المدت دھرنا دینے کا پروگرام فائنل کیا گیا ہے اور حکومت کے کریک ڈائون کی صورت میں تمام شہروں میں دھرنوں کے ساتھ ساتھ استعفوں کا آپشن استعمال کیا جا سکتا ہے۔
حکومت نے بھی دھرنے سے قبل پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکراتی پالیسی کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے کوشش کی جا رہی ہے، حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر پی ٹی آئی قیادت نے اسلام آباد کو بند کرنے کا فیصلہ واپس نہیں لیا تو پھر قانونی اور انتظامی آپشنز پر عمل درآمد کرنے کا فیصلہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔
ایمزٹی وی(کراچی)آل پاکستان انجمن تاجران کی طرف سے سندھ حکومت کی شام 7 بجے دکانیں بند کرنے کے فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے 28 اکتوبر کو کراچی میں ملک گیر کنونشن بلانے کا اعلان کر دیاگیا ہے۔
مرکزی سیکریٹری جنرل نعیم میر کا کہنا ہے کہ حکومت اپنی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے، شام 7 بجے دکانیں بند کرنے کا فیصلہ قابل عمل نہیں، ماضی میں بھی کئی دفعہ اس طرح کی ناکام کوششیں کی جا چکی ہیں، بجلی بحران کا واحد حل بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہے، ہم کراچی اور سندھ کی تاجر برادری کے ساتھ کھڑے ہیں، کراچی میں زبردستی دکانیں بند کرائی گئیں تو حکومت ملک گیر مزاحمت کا سامنا کرنے کیلئے تیارہو جائے۔
نعیم میر نے کہاکہ وفاق سندھ حکومت کے فیصلے کو بنیاد بنا کر اگلا وار لاہور اور اسلام آباد میں کرے گا، ہمارا مطالبہ ہے کہ سندھ حکومت اپنا یہ فیصلہ واپس لے اوراگر 48 گھنٹوں میں اپنا فیصلہ واپس نہ لیا تو کراچی میں ملک گیر تاجر کنونشن بلا لیا جائے گا اور پھرملک بھر میں متفقہ لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ شام 7 بجے دکانیں بند کرنے سے بجلی کی بچت کا حکومتی دعوی مضحکہ خیز ہے، ملک بھر میں تمام چھوٹے شہروں کی دکانیں اور کاروبار پہلے ہی 7 بجے تک بندہو جاتے ہیں، بڑے شہروں کی تمام ہول سیل مارکیٹیں بھی مغرب کی نماز کے فوری بعد بندہو جاتی ہیں لیکن ریٹیل مارکیٹیں ہی رات گئے تک کھلی رہتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ان ریٹیل مارکیٹوں میں پہلے ہی رات 8 تا 10 بجے لوڈ شیڈنگ کی جاری ہے۔
ماضی میں بھی کنٹونمنٹ ایریا کی مارکیٹوں پر اس طرح کے فیصلوں کا اطلاق ممکن نہیں ہو سکا، اس لیے پہلے حکومت کینٹ ایریا کے بازار وقت مقررہ پر بند کرائے، ویسے بھی میڈیکل اسٹورز، پلے لینڈز ، پنکچر شاپس،گلی محلے کے کریانہ اسٹورز پر فیصلے کا اطلاق ممکن نہیں، اس طرح کے ناقابل عمل فیصلے چھوٹے تاجروں اور مقامی انتظامیہ کے مابین تنازع کا باعث بنیں گے، حکومت فیصلے پر عملدرآمد سے پہلے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بیٹھ کر مشاورت کرے۔
ایمز ٹی وی ( تعلیم) جامعہ کراچی کے نا ظم امتحانات پروفیسر ڈاکٹر ارشد اعظمی کے اعلامیہ کے مطابق ایم بی بی ایس فائنل پروفیشنل سالانہ امتحانات برائے 2016 ء کے نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے۔
نتائج کے مطابق سرسید کالج آف میڈیکل سائنسز ٹرسٹ کی طالبہ سعدیہ نازبنت عبدالمجید سیٹ نمبر164431 نے 1387 نمبر کے ساتھ پہلی پوزیشن،جناح میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کی طالبہ نبیراسید بنت سید کوکب سراج سیٹ نمبر164054 نے 1386 نمبر کے ساتھ دوسری جبکہ لیاقت نیشنل میڈیکل کالج کی طالبہ کنزاضیاء بنت ضیاء الدین سیٹ نمبر164318 نے 1383 نمبر کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
امتحانات میں کل 475 طلبہ شریک ہوئے،389 طلبہ کو کامیاب جبکہ 86 طلبہ ناکام قرارپائے۔کامیاب طلبہ کا تناسب81.89 فیصدرہا۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیراعظم نواز شریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ملاقات کر کے نجی اخبار میں شائع ہونے والی متنازعہ خبر پر فوج کی تشویش سے آگاہ کردیا ۔ملاقات میں قومی سیکیورٹی اور خطے کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا.
تفصیل کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات میں معروف انگریزی نجی اخبار میں شائع والی خبر کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا ذرائع کے مطابق اس موقع پرر احیل شریف نے متنازعہ خبر کے حوالے سے وزیراعظم کو کور کمانڈر اور فوج کی تشویش سے آگاہ کیا ۔ملاقات میں متنازع خبر کے حوالے سے اب تک ہونے والی تحقیقات کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی
اس ملاقات سے قبل وزیراعظم نواز شریف نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار سے بھی ملاقات کی تھی جس میں چوہدری نثارنے اس خبر پر ہو نے والی اب تک کی تحقیقات سے وزیراعظم کو آگاہ کیاتھا ۔
واضح رہے نجی اخبار میں قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں سول ملٹری تعلقات میں تلخی کے حوالے سے متنازع خبر شائع کی گئی تھی جس پر وزیراعظم نے وفاقی وزیر داخلہ کو تحقیقات کا حکم دیا تھا
ایمزٹی وی(کراچی)سندھ میں رینجرز کے اختیارات میں 90روز کی توسیع کر دی گئی ۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ نےسندھ میں رینجرز کے اختیارات میں ایک بار پھر 90روز کی توسیع کر دی اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ رینجرز کے اختیارات میں توسیع کا فیصلہ 18اکتوبر سے نافذا لعمل ہو گا ، رینجرز کے اختیارات میں توسیع کا نوٹیفکیشن سندھ حکومت کی درخواست پر جاری کیا گیا ہے ۔
رینجرز اختیارات میں توسیع انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت کی گئی ہے جس کے بعد رینجرز کو گرفتاریوں اور چھاپے مارنے کی اجاز ت ہو گی ۔
یاد رہے سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کے ہوتے ہوئے رینجرز کے اختیارات کے حوالے سے وفاق اور صوبے میں ہر بار کشیدہ صورت حال سامنے آتی رہی ہے تاہم مراد علی شاہ کے آنے کے بعد وفاق اور صوبے نے کسی قسم کی رسہ کشی کے بغیر ہی رینجرز کے اختیارات میں توسیع کا معاملہ حل کر لیا ہے جسے سیاسی حلقوں میں پزیرائی مل رہی ہے ۔