Reporter SS
ایمز ٹی وی ( ژوب ) محرم کے دوران سیکورٹی میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی ساتویں محرم کے جلوس کے حوالے سے سخت انتظامات کیے جائیں ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشز ژوب محمد عظیم کاکڑ نے محرم کے دوران سیکورٹی انتظامات سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں ڈی پی او محمد سلیم ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر اختر ایس ڈی او واپڈا محمد یوسف چیف آفیسر میو نسپل کمیٹی خالد ایس ایچ او حمید اللہ امام بارگاہ کے حیدر علی توقیر حسین اور دیگر نے شرکت کی۔
ایمز ٹی وی ( تعلیم) سندھ مدرسہ بورڈ نے محکمہ تعلیم حکومت سندھ کے ادارے سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن کے باہمی اشتراک سے کراچی کے تمام دیہی علاقوں خصوصا ضلع ملیر میں معیاری تعلیم کو ہر بچے تک پہنچانے کے لئے ایک وسیع اور جامع پروگرام کا آغاز کر دیا ہے ۔
اس پروگرام کے تحت ان علاقوں میں جو اسکول بند ہیں یا جہاں گنجائش سے کم بچے زیر تعلیم ہیں انہیں سندھ ایجوکیشن فائونڈیشن کے ساتھ مل کر پوری طرح فعال کیا جارہا ہے۔مقامی آبادی ہی سے میرٹ پر اساتذہ کا انتخاب کیا گیا ہے اور یہ اساتذہ ایک نئے جذبے اور جانفشانی سے ان اسکولوں کو مثالی اسکول بنانے میں مصروف ہیں ۔
اس بات کا اعلان سندھ مدرسہ بورڈ کے صدر اور سابق وائس چانسلر سندھ یونیورسٹی مظہر الحق صدیقی نے یوم اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔یہ تقریب ضلع ملیر کے علاقے درسانو چنا میں مجوزہ ایجوکیشن سٹی کے عین وسط میں واقع ایس ایم بی قائد اعظم پبلک اسکول میں منعقد ہوئی ۔
تقریب میں عمائدین ،بورڈ کے اراکین ،ممتاز ماہر ین تعلیم،اسکول کے اساتذہ،والدین اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے حصہ لیا ۔ اس تقریب میں موجود اساتذہ اور طلباء و طالبات کا جوش قابل دید تھا۔اساتذہ گروپس کی صورت میں اسٹیج پر آتے رہے اور سیکڑوں طلباء و طالبات قطار در قطار انتہائی محبت ،احترام اور جذبے سے آگے بڑھ کر انہیں اپنے ہاتھوں سے بنائے ہوئے کارڈز، تحفے اور پھول پیش کرتے رہے۔
ایمز ٹی وی ( تعلیم) نرسنگ امتحانی بورڈ نےایل ایچ ویزکے سالانہ اور جنرل نرسنگ کے ضمنی امتحانات کے نتائج کا اجراء کر دیا گیا ہے ۔
بورڈ کے قائم مقام ناظم امتحانات غلام سرور قادری کے مطابق ایل ایچ ویز کے سالانہ امتحانات منعقدہ مارچ 2016میں 730طالبات نےامتحان دیا ان میں سے 650 طالبات کامیاب اور 80ناکام ہوئیں ۔
ایمز ٹی وی ( بولان ) بلوچستان کے ضلع بولان کے علاقے میں بم کے دھماکے میں پل جزوی طور تباہ ہوگیا جس کے باعث دوطرفہ ٹریفک معطل ہوگئی۔
لیویز کے مطابق ضلع بولان کے علاقے گروکوت پل کے نیچے نامعلوم افراد نے دھماکا خیز مواد نصب کر رکھا تھا، جس کے پھٹنے سے زور دار دھماکا ہوا اور پل کو نقصان پہنچا تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔واقعہ کے بعد مقامی انتظامیہ اور فورسز نے علاقےکو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی، تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ۔
پل کو نقصان پہنچنے سے کوئٹہ سبی کے درمیان ٹریفک معطل ہوگیا مزید کارروائی متعلقہ انتظامیہ کر رہی ہے۔
ایمز ٹی وی ( تعلیم) داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں انڈس اسپتال بلڈ سینٹر کے تعاون سے جمعہ کو خون عطیہ کرنے کا کیمپ لگایا گیا ۔
جس میں یونیورسٹی کے فیکلٹی ارکان ، انتظامی افسران ، ملازمین اور طلباء کی بڑی تعداد نےخون عطیہ کیا ۔ کیمپ کے دورے کے دوران وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی نے کہا کہ انسانیت کے خاطر خون عطیہ کرنا انتہائی ضروری ہے۔
ایمز ٹی وی ( تعلیم) صوبائی وزیر تعلیم و خواندگی جام مہتاب حسین ڈھر نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم کی دو حصوں میں تقسیم تعلیم کی بہتری کے لئے پہلا بڑا قدم ہے ۔
جلد ہی محکمہ تعلیم کے اہم انتظامی عہدوں پر اہل افسران کو تعینات کیا جائے گا،یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں صحافیوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنے والے اساتذہ محکمہ تعلیم میں ہونے والی بھرتیوں کے لئے ٹیسٹ کی تیاری کریں انہوں نے کہاکہ وہ خود اور سیکریٹری تعلیم سول سوسائٹی کے اراکین بلدیاتی نمائندوں اور تعلیمی سربراہوں کے ہمراہ ہر ہفتے تین دن اسکو ل و کالجز کا دورہ کریں گے۔ اور بہتری کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں گے۔
وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ سندھ میں تعلیم کی بہتری کے لئے نجی و سر کا ر ی تعلیمی اداروں کے ماہرین تعلیم پر مشتمل ریفارم کمیٹی قائم کی جارہی ہے ۔
ایمزٹی وی(مظفرآباد) آزاد کشمیر میں 8 اکتوبر 2005 کو آنے والے خوفناک زلزلے کو 11 برس بیت گئے لیکن اس کی یادیں آج بھی تازہ ہیں۔
8 اکتوبر 2005 کو آنے والے تباہ کن زلزلے کی یاد میں مظفر آباد سمیت آزاد کشمیر میں تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، مرکزی تقریب مظفر آباد میں منعقد کی گئی جس میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے یادگار شہداء پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔یادگار شہداء پر ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی اور 8 بج کر 52 منٹ پر سائرن بھی بجائے گئے۔
دوسری جانب زلزلے کے بعد زندگی کو معمول پر لانے کے لئے منظور کئے گئے ساڑھے 14 ہزار منصوبوں میں سے ساڑھے 4 ہزار تاحال نامکمل ہیں جس کے خلاف عوام وقتاً فوقتاً احتجاج بھی کرتے رہتے ہیں۔
واضح رہے کہ 8 اکتوبر 2005 کو رمضان المبارک کے مہینے میں صبح 8 بج کر 52 منٹ پر آنے والے شدید زلزلے کے باعث 74 ہزار افراد لقمہ اجل بن گئے تھے، زلزلے میں سیکٹروں افراد لاپتہ اور ہزاروں بے گھر بھی ہوئے جب کہ ہزاروں مکانات اور سڑکیں مکمل طور پر تباہ ہو گئے تھے۔
ایمزٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم نوازشریف نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، نئے آرمی چیف کے نام کا فیصلہ بھی کرلیا گیا ہے جس کا اعلان اگلے چند ہفتوں کے دوران کسی بھی وقت متوقع ہے۔ وزیراعظم نے اس حوالے سے اپنے قریبی ساتھیوں سے تفصیلی مشاورت بھی کی،ساتھیوں نے انہیں موجودہ صورتحال کے پیش نظر جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت میں توسیع کا مشورہ دیا تاہم نوازشریف کا موقف تھا کہ وہ موجودہ آرمی چیف کے مداح ہیں لیکن افواج پاکستان میں ترقیاں اور تقرریاں روٹین کے مطابق ہونی چاہییں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر کوئی انتہائی غیر معمولی واقعہ نہ ہوا تو جنرل راحیل شریف 29 نومبر کو اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے،چییئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود بھی اسی روز ریٹائر ہونگے اور دونوں بڑے عہدوں پر نئی تعیناتیاں ایک ساتھ ہی کی جائیں گی۔اس حوالے سے اگلے پچاس روز کے دوران دو لیفٹیننٹ جنرلز کو فور اسٹار جنرلز کے عہدوں پر ترقی بھی دے دی جائے گی۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے عمارت خلاف ضابطہ 45 لاکھ روپے کرایے پر حاصل کرنے پر ڈی جی نادرا سمیت پوری ہائرنگ کمیٹی معطل کردی۔
وزیر داخلہ چوہدری نثار کی زیر صدارت وزارت داخلہ اسلام آباد میں نادرا بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں متعلقہ قوانین و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 45لاکھ روپے ماہانہ کرائے پر عمارت حاصل کرنے سے متعلق ایف آئی اے کی رپورٹ پیش کی گئی۔
وزیرداخلہ نے معاملے میں شفافیت کے تقاضوں کو مدنظر نا رکھنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے نادرا کے ڈی جی طاہر اکرام سمیت پوری ہائرنگ کمیٹی کو معطل کر دیا.
ایمز ٹی وی (کراچی) محرم الحرام میں سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے سندھ پولیس نے جلوسوں کی نگرانی ڈرون سے کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس نے محرم الحرام کے جلوسوں کی ڈرون سے نگرانی کی تیاری کو حتمی شکل دے دی ہے۔
کراچی، حیدر آباد، سکھر اور لاڑکانہ سمیت سندھ کے بڑے شہروں میں سرکاری ڈرون اڑیں گے۔ سکھر اور کراچی میں پولیس اہلکاروں کو ڈرون پروازوں کی ریہرسل بھی کرادی گئی۔ ایسٹ پولیس کو آئی جی کی ہدایت پر جدید ڈرون فراہم بھی کردیئے گئے ہیں۔