Reporter SS
ایمزٹی وی(اسلام آباد) ٹی اوآرز كمیٹی میں ڈیڈ لاك پر اپوزیشن جماعتوں كا اجلاس آج اسلام آباد میں طلب كر لیا گیا ہےجس میں اپوزیشن اپنی حتمی حكمت عملی طے كرے گی۔ ذرائع كے مطابق پاناما لیكس كے معاملے پر حكومت اور اپوزیشن كے درمیان ڈیڈلاك كے باعث اب اپوزیشن نے اپنی حتمی حكمت عملی طے كرنے كا فیصلہ كیا ہے۔ سانحہ كوئٹہ سے پہلے اسپیكر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے حكومت اوراپوزیشن كو ٹی او آرز كے معاملے پر اكٹھے بٹھانے كے لیے اجلاس بلایا تھا جو سانحہ كوئٹہ كے باعث ملتوی كردیا گیا تاہم اب اپوزیشن نے اپنی حكمت عملی طے كرنے كے لیے آج صبح 11 بجے سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن كے دفتر میں اجلاس طلب كیا ہے جس میں پیپلزپارٹی ، تحریك انصاف، مسلم لیگ (ق)، جماعت اسلامی كے نمائندے شریك ہوں گے۔
اجلاس میں آفتاب شیر پاؤ، شیخ رشید، سینیٹر اسرار اللہ زہری كو بھی اجلاس میں مدعو كیا گیا ہے۔ اجلاس میں اپوزیشن كی آئندہ حكمت عملی مرتب كی جائے گی اور موجودہ سیاسی صورتحال كا جائزہ لیا جائے گا۔
واضح رہے كہ گزشتہ روز وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشیدشاہ سے ملاقات كركے انہیں ڈیڈ لاك كے خاتمے میں اپنا كردار ادا كرنے كی درخواست بھی كی ہے۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ کوئٹہ سانحے کے حوالے سے کچھ گرفتاریاں کی ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر آگے بڑھ رہے ہیں، دہشت گرد کی انگلیوں کے نشان اسی دن تصدیق ہو گئی تھی، انگلیاں پشین سے ایک فرد کی تھیں تاہم دہشت گرد کے سر کا ایک حصہ ملا لیکن تعین نہیں ہو رہا ہے کہ سر کا حصہ بمبار کا ہی ہے یا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سانحے میں ڈی این اے کے حوالے سے پیش رفت نہیں ہوئی ہے تاہم انٹیلی جینس ایجنسیوں کی وجہ سے کافی پیش رفت ہوئی ہے۔
بلیک لسٹ پر موجود امریکی شہری میتھیو بیرٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ میتھیو نے پاکستانی خاتون سے شادی کر رکھی ہے جس سے اس کے 2 بچے بھی ہیں، پہلی بار میتھیو بیرٹ 2011 میں پکڑا گیا تھا، اس وقت بھی میتھیو پرجاسوسی کا الزام ثابت ہوا نہ کیس بنا جب کہ میتھیو کا سسر وکیل ہے جس نےاس کا کیس بھی لڑا تاہم اس بار میتھیو کی آمد کی خبر سسر کو بھی نہیں تھی اور وہ اپنے سسر کے ساتھ بھی نہیں ٹھہرا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ میتھیو کو 24 گھنٹے میں ویزا جاری کیا گیا، جاننا چاہتے ہیں کہ اس میں ایسی کیا خوبی تھی جب کہ متعلقہ فرد نے اپنا ویزا فارم بھی درست نہیں بھرا اور فارم میں کئی اہم خانے خالی چھوڑے گئے تاہم میتھیو کے ایئرپورٹ سے نکل جانے کی تحقیقات جاری ہیں اور کیس کی خود نگرانی کر رہا ہوں، ویزا دینے والےافسر کے خلاف کارروائی وزارت خارجہ کی ذمے داری ہے تاہم تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے کل قائم ہونے والی کمیٹی انتظامی کمیٹی ہے، کل میں نے تجویز دی کہ ہر ماہ وزرائے اعلی کو بلایا جائے، نیشنل ایکشن پلان کے 20 نکات میں سے 9 خالصتاً صوبوں سے متعلق ہیں، ہر ماہ مانیٹرنگ ہوگی تو پتہ چلے گا کہ کون اپنی ذمہ داری پوری نہیں کررہا۔
ایمزٹی وی(تعلیم)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس نے سمسٹرخزاں 2015ء میں پیش کئے گئے میٹرک پروگرام کے فائنل امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔
کنٹرولر امتحانات سہیل نذیر رانا کے مطابق نتائج یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر فراہم کر دئیے گئے ہیں اور تمام امیدواروں کو ان کے دئیے گئے پتوں پر ڈاک کے ذریعے بھی رزلٹ کارڈز ارسال کئے جارہے ہیں۔
ایمزٹی وی(تعلیم) لاہور بورڈ نے فرسٹ ایئر میں داخلوں کا شیڈول جاری کر دیا، تمام کالجوں کے پرنسپل کو ہدایات کی ہیں کہ شیڈول پر سختی سے عمل کیا جائے۔ شیڈول کے مطابق 20 ستمبر تک1195 روپے فی طالبعلم رجسٹریشن فیس وصول کی جائے گی جس کے لیے کالج اپنے طلباء کا آن لائن ڈیٹا بیس ستمبر تک جمع کرادیں۔
20 ستمبر کے بعد بورڈ کی جانب سے کالجوں کے ریگولر داخلوں کے لیے فی طالبعلم 500 روپے جرمانہ وصول کرے گا جس کی معیاد21 ستمبر سے 30 ستمبر تک مقرر کی گئی ہے۔ فرسٹ ایئر میں داخلوں کیلئے کالجوں کے پرنسپل کو ہدایات جاری کی گئی کہ وہ او لیول کرنے والے طلباء کے مساویت کے سرٹیفکیٹ بھی لازمی جمع کرائیں۔ مراسلے کے مطابق سابقہ دو سال کے پاس طلباء جبکہ سابقہ پانچ سال کی میڑک پاس طالبات گیارہویں جماعت میں داخلے کے لیے اہل ہوں گے۔
ایمزٹی وی(راولپنڈی)آرمی چیف نے مزید 11دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی، جودہشت گردی کی کارروائیوں ، اغوا کی وارداتوں سمیت دیگرسنگین جرائم میں ملوث تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے اعلامیہ کے مطابق آرمی چیف نے مزید 11دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی، تمام ملزمان دہشت گردی، فرقہ ورانہ دہشت گردی کی کارروائیوں ، اغوا کی وارداتوں سمیت دیگرسنگین جرائم میں ملوث تھے۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ دہشتگرد بلوچستان پولیس کے ڈی آئی جی فیاض سنبل، اے ایس آئی رضا خان، کوئٹہ میں آئی ایس آئی کے انسپکٹر کامران نیازی، فرنٹیئر کانسٹبلری کے اہلکاروں اور پاک فوج کے میجر عابد مجید کے قتل میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دہشت گرداسکولوں،مواصلاتی تنصیبات پرحملوں ، فرقہ وارانہ قتل اور اغوا کی کئی وارداتوں میں بھی ملوث تھے۔دہشت گردوں کوسزائیں ملٹری کورٹ کی جانب سے سنائی گئیں۔
ایمزٹی وی(خیبرپختونخواہ) پاکستان نے پاک افغان سرحد پر دہشتگردوں کی نقل و حرکت اور افغانستان سے خیبرایجنسی میں آمد و رفت روکنے کیلئے پہاڑوں اور دروں پر مزید فوجی دستے تعینات کر دیئے ہیں ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سیکورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد پر آپریشن کیا ہے ، جس کا مقصد خیبرایجنسی میں دہشتگردوں کی آمد و رفت روکنا ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق وادی راجگال سمیت خیبرایجنسی کے بلند پہاڑی علاقوں میں دہشتگردوں کی نقل و حرکت پر موثر انداز میں نظر رکھنے اور افغانستان سے پاکستان داخلے کو روکنے کیلئے آپریشن کیا گیا، سرحد پر قائم چیک پوسٹوں اور دروں پر مزید فوجی دستے تعینات کر دیئے گئے ہیں ۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز وزیراعظم نواز شریف کی زیرِصدارت سیاسی و عسکری قیادت کے اہم اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لیے ٹاسک فورس کے ارکان کا تعین کرنے کے ساتھ ساتھ سرحدوں کی نگرانی کے لیے سول آرمڈ فورسز کے 29 ونگز بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا تھا ۔ واضح رہے کہ کوئٹہ کے سول ہسپتال میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 70 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
ایمزٹی وی(آزاد کشمیر) صدرآزادکشمیرکے انتخاب کے لیے پولنگ آج صبح 10 بجےآزادجموں وکشمیر قانون سا زاسمبلی کے لاجنگ ہال میں ہو گی ۔ صدر آزادکشمیر سردار محمد یعقوب خان کی زیر صدارت آزادکشمیر اسمبلی اور کونسل کے مشترکہ اجلاس میں آزاد ریاست جموں وکشمیر کے نئے صدر کا انتخاب ہو گا۔ حکمراں جماعت مسلم لیگ ن نے سابق سفارت کارمسعود خان جبکہ پیپلز پارٹی نے سابق وزیر خزانہ اورپارٹی کے جنرل سیکریٹری چودھری لطیف اکبرکو صدارتی امیدوار نامزد کیا ہے ۔
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 49 میں سے 48 جبکہ کشمیر کونسل کے 7 اراکین صدر کے انتخاب کے لیے ووٹ کا حق استعمال کریں گے ۔ آزادجموں وکشمیر پیپلزپارٹی کے سربراہ سردار خالد ابراہیم خان کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن تو منتخب ہوچکے ہیں لیکن اب تک حلف نہیں اٹھایا ۔ انھوں نے صدارتی انتخابات کا بائیکاٹ اوراس موقع پر سینٹرل پریس کلب کے باہر احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایمزٹی وی(خیبرپختونخواہ)خیبرپختونخوا حکومت نے بچوں کی شرح اموات پر قابو پانے کے لئے روٹا کے نام سے نئی ویکسین کو اگلے سال ای پی آئی پروگرام کا حصہ بنا نے کا فیصلہ کیا ہے ۔ صوبائی حکومت نے اس نئی ویکسین کے لیے چھ ارب روپے کی منظوری بھی دیدی ہے۔
روٹا ویکسین کو ای پی آئی پروگرام میں شامل کرنے کا فیصلہ صوبہ میں ہر سال 30 فیصد نومولود بچوں کا ڈائریا اور ہیضہ میں مبتلا اور شرح اموات میں اضافہ کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ یہ ویکسین بچوں کو پیدائش کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران دی جائے گی۔
طبی ماہرین کے مطابق جن بچوں کی قوت مدافعت کم ہوتی ہے ان پر ہیضہ اور ڈائریا کا حملہ زیادہ ہوتا ہے ۔خوراک میں احتیاط سے ان امراض کا سدباب کیا جاسکتا ہے۔