Reporter SS
ایمزٹی وی(تعلیم) لاہور میں تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کا جائزہ لینے کے لیے آرپی اوز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے خطاب میں ہدایت دی کہ تمام ریجنل اور ڈویژنل پولیس افسران تعلیمی اداروں کا دورہ کریں، کوئیک ریسپانس فورس اور بیٹ افسر بھی متحرک رہیں۔
آئی جی پنجاب نے پولیس افسران کو حکم دیا کہ بچوں کے والدین،ٹیچرز اورمعززین علاقہ سے مستقل رابطے رکھیں۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کےٹریننگ اسکولز اور کالجز میں صحت مندانہ ماحول کی فراہمی کو یقینی بنا یا جائے گا۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد) وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت ملک میں سیکیورٹی کی صورت حال پر غور کے لیے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت نے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصر جنجوعہ کو نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ ٹاسک فورس کے سربراہ مقرر کیا ہے ۔
اجلاس میں ملک کی اندرونی سلامتی،بارڈر مینجمنٹ کے لیےسول آرمڈ فورسزکے29ونگ بنانے کا فیصلہ کیا گیا، اس کے علاوہ وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی ناصر جنجوعہ کو نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ ٹاسک فورس کے سربراہ مقرر کیا گیا ہے، کمیٹی میں وفاقی سیکرٹری داخلہ ، ڈی جی نیکٹا ، چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز، داخلہ سیکرٹریز اور آئی جیز بھی شامل ہوں گے، اس کمیٹی کو ملک کی تمام سول و عسکری انٹیلی جنس ایجنسیوں کی معاونت حاصل ہوگی۔
واضح رہے کہ سانحہ کوئٹہ کے بعد منعقدہ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمدکا جائزہ لینے کے لئے مانیٹرنگ ٹاسک فورس قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے نمائندے، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی متعلقہ ایجنسیاں بھی ٹاسک فورس کا حصہ ہوں گی
ایمزٹی وی(کراچی) ایگزیکٹ اوربول ٹی وی کے سی ای او شعیب شیخ کو سندھ ہائی کورٹ سے ضمانت ملنے کے باوجود انکی مشکلات کم نہ ہوئیں،شعیب شیخ کی رہائی کا فیصلہ ہونے کے باوجود ابھی رہائی نہیں مل سکے گی، سٹی کورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد ہی شعیب شیخ رہا ہوسکیں گے،آج 13 ملزمان کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کے بعد ملزمان کا ریلیز آرڈر جاری ہوجائیگا۔ ریلیز آرڈرجاری ہونے کے بعد ملزمان سینٹرل جیل سے رہا ہونگے
شعیب شیخ کے ہمراہ تمام 13 ملزمان ضمانتی مچلکے جمع کروا کر رہا ہوجائنگے جبکہ شعیب شیخ کو ابھی ایک مقدمے میں ضمانت ملنا باقی ہے، شعیب شیخ پر جعلی ڈگری کی فروخت کے ساتھ منی لانڈرنگ کا مقدمہ بھی درج ہے جسکی سماعت سٹی کورٹ میں سیشن جج ساوتھ کی عدالت میں کی جا رہی ہے۔
سندھ ہائیکورٹ نے شعیب شیخ سمیت دیگر چودہ ملزمان کو جعلی ڈگری کیس میں 5،5 لاکھ روپے ضمانتی مچلکوں کےعوض جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔
ایمزٹی وی(ملتان) قندیل بلوچ قتل کیس میں نامزد ملزمان وسیم اور حق نواز کی پولی گرافک رپورٹ پولیس کو موصول ہوگئی۔رپورٹ کے مطابق دونوں ملزمان نے ملتے جلتے بیانات دیئے اور دونوں کے بیانات میں کوئی تضاد سامنے نہیں آیا، قتل سے قبل مقتولہ کو نیند کی گولیاں دی گئیں جس کے بعد اسے گلا دبا کر قتل کیا گیا اور نیند کی اضافی گولیوں کے باعث قندیل بلوچ مزاحمت نہ کرسکیں۔
ملزمان نے پولیس کو بیان دیا کہ قتل کے وقت ٹیکسی ڈرائیور باسط کو کھانے کے بہانے ہوٹل بھجوادیا تھا اور اسے کوئی علم نہیں تھا کہ وہ اپنے گھر کیوں آئے جس کے بعد وہ جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے۔ واضح رہے کہ 16 جولائی کو ماڈل قندیل بلوچ کے اسی کے بھائی وسیم نے غیرت کے نام پر گلا دبا کر قتل کردیا تھا جب کہ ملزم نے دوران حراست اعتراف جرم بھی کرلیا تھا۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد) پانامہ انکشافات کی روشنی میں وزیر اعظم کے گرد گھیرا مزید تنگ کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، پاکستان تحریک انصاف نے وزیر اعظم کی نااہلی کیلئے مفصل ریفرنس تیار کر لیا ہے جس کی منظوری کے لیئے کیلئے تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اہم ترین اجلاس اسلام آباد میں طلب کر لیا گیا ہے۔
اجلاس میں وزیر اعظم کی نااہلی کیلئے اسپیکر کو جمع کروایا جانے والا ریفرنس باضابطہ منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔ اجلاس میں وائس چیئرمین اور ڈپٹی پارلیمانی رہنما شاہ محمود قریشی اجلاس کی صدارت کریں گے۔ اجلاس میں تحریک انصاف کے پارلیمینٹیرینز شرکت کریں گے
پارلیمانی پارٹی سے منظوری کے بعد تحریک انصاف کا وفد ساڑھے چھ بجے اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کرے گا،اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات ان کے چیمبر میں ہوگی۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت ملک میں سیکیورٹی کی صورت حال پر غور کے لیے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا ہے جس میں اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت نے شرکت کی ۔ ذرائع کے مطابق جلاس میں ملک میں سلامتی کی صورت حال، دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان پرعمل درآمد سے متعلق امور پر تفصیلی غورکیا گیا ۔
اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف ، وزیر داخلہ چوہدری نثار،وزیرخزانہ اسحاق ڈار، مشیرخارجہ سرتاج عزیز اور مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ سمیت دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔ واضح رہے کہ سانحہ کوئٹہ کے بعد وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت کا یہ تیسرا اجلاس ہے۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے متنازع تقریر پر پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے یکم ستمبر کو طلب کرلیا۔ ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا محمد نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کی جانب سے قومی اسمبلی میں متنازع تقریر کے خلاف شہری وحید کمال کی درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ آرٹیکل 19 کے تحت افواج پاکستان پر کوئی الزام تراشی نہیں کی جاسکتی جب کہ محمود اچکزئی نے قومی اسمبلی میں افواج پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی اور اس سے قبل وہ خیبرپختونخوا کو افغانستان کا حصہ بھی قرار دے کر ملکی وحدت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر چکے ہیں۔
درخواست گزار نے چیف الیکشن کمشنر نے استدعا کی کہ ملکی وحدت اور اداروں کو بدنام کرنے پر محمود اچکزئی کو قومی اسمبلی کی رکنیت سے نااہل قرار دیا جائے جب کہ چیف الیکشن کمشنر نے درخواست کی سماعت 17 اگست تک ملتوی کرتے ہوئے محمود اچکزئی کو یکم ستمبر کو طلب کرلیا۔
واضح رہے کہ سانحہ کوئٹہ کے بعد قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے محمود اچکزئی کا کہنا تھا کہ ہر سانحے کے بعد بھارتی خفیہ ایجنسی “را” پر الزام عائد کردیا جاتا ہے جب کہ کوئٹہ میں جگہ جگہ ایف سی اہلکار موجود ہونے کے باوجود بلوچستان بار کے صدر کا قتل اور سول اسپتال میں دھما کا ہونا خفیہ اداروں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ایمزٹی وی(لاہور)بلاول بھٹو نے وزیر داخلہ چوہدری نثار کو لیگل نوٹس بھجوانے کا فیصلہ کر لیا ۔تفصیلات کےمطابق اسلام آباد میں دو روز قبل وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے پریس کانفرنس میں چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو پر الزم تراشی کی جس کو بنیاد بنا کر بلاول بھٹو کی جانب سے وزیر داخلہ چوہدری نثار کو لیگل نوٹس بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
پیپلزپارٹی کے چئیرمین نے پیپلز پارٹی کے سینئر وکلاء کو لیگل نوٹس تیار کرنے کی ہدایت کر دی جبکہ پیپلزپارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری نثار کو الزامات پر معافی مانگنا ہو گی یا قانونی کارروائی کا سامنا کرنا ہو گا
ایمزٹی وی(اسلام آباد) الیکشن کمیشن نے انتخابات کے دوران قوانین پر عمل درآمد کے لیے افسران کی تربیت کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔ الیکشن کمیشن نےجوڈیشل انکوائری کمیشن کی سفارشات پرعملدرآمد شروع کردیا ہے۔ تریبیتی پروگرام کی اففتاحی تقریب میں چیف الیکشن کمشنر سمیت چاروں ممبران اور سیکرٹری الیکشن کمیشن سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن فدا محمد کے مطابق ملک بھر سے 17 سے 19 گریڈ تک کے 343 افسران تربیت حاصل کریں گے، تربیتی پروگرام کے پہلے مرحلے میں چاروں صوبوں سے28 افسران تربیت حاصل کریں گے، یہ تربیتی پروگرام 4 ہفتوں پر محیط ہوگا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے افسران انتخابی قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کے ذمہ دار ہیں، الیکشن کمیشن افسران کی اہلیت اور قابلیت پر سوالات اٹھائے جارہے تھے، انکوائری کمیشن رپورٹ میں بھی الیکشن کمیشن افسران کی تربیت کی نشاندہی کی گئی، افسران کی تربیت الیکشن کمیشن میں اصلاحات کی طرف ایک قدم ہے، الیکشن کمیشن کےافسران ادارےکےتقدس کے لئے اپنا کردار ادا کریں
ایمزٹی وی(خیبرختونخواہ)پشاور سے نومولود بچوں کو اغوا کرکے فروخت کرنے والے گروہ کی نشاندہی پر میاں بیوی کو گرفتار کرلیا گیا۔ جنہوں نے اپنی نومولود بچی کوایک لاکھ روپے کے عوض خود ہی اغواکاروں کے ہاتھ فروخت کیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور کے پرائیویٹ اسپتالوں اور میٹرنٹی ہومز سے بچوں کو اغوا کرکے فروخت کرنے والے گروہ کے 7 ارکان کی نشاندہی پر میاں بیوی کو گرفتار کیا گیا ۔
پولیس کے مطابق بچی کے والدین نے رقم کے عوض بچی فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے، دونوں گرفتار ملزمان کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ اغواء کار گروہ کے 7 ارکان پہلے سے گرفتارکئے جاچکے ہیں۔اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان نجی اسپتالوں اور میٹرنٹی ہومز سے نومولود بچے اغواکرکے 70 ہزار سے 3 لاکھ تک میں فروخت کرتے تھے۔گروہ کے ایک رکن نے نو بچوں کو فروخت کرنے کا اعتراف کیا ہے۔