Reporter SS
ایمزٹی وی(بلوچستان) کوئٹہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان ثنا اللہ زہری نے کہا ہے کہ بھارت نے بلوچستان میں جو جنگ شروع کی ہے اس میں فتح ہماری ہو گی۔ دہشت گردوں کو بلوں سے نکال کر کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔ بلوچستان کے لوگ اپنی حب الوطنی کی وجہ سے آج باہر نکلے ہیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا ہے کہ سانحہ کوئٹہ میں ”را“ ملوث ہے جس کے ہمارے پاس ثبوت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کےخلاف جو جنگ شروع کی ہے اسے ختم کر کے ہی دم لیں گے۔ کل بھوشن یادیو کے پورے نیٹ ورک کو گرفتار کیا اور اس سے اہم انکشافات اگلوائے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اس میں کوئی شک نہیں کہ بھارت بلوچستان کے حالات خراب کر رہا ہے۔ ہم اپنے شہیدوں کے لہو کے ساتھ غداری نہیں کریں گے اور دہشت گردوں کو انجام تک پہنچا کر ہی دم لیں گے۔
قبل ازیں وزیرداخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مودی کے بیان نے واضح کر دیا کہ اس کے حواری یہاں ہیں۔ چند پیسوں کے عوض دہشت گردی کرائی جا رہی ہے۔ شہداءکے خون کا حساب لیں گے۔
انہوں نے مودی کےخلاف نعرے بھی لگوائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام نے آج سڑکوں پر نکل کر احتجاج کیا اور یہ واضح کیا کہ وہ متحد اور وطن کےلئے جان بھی قربان کرنے کیلئے تیار ہیں۔
ایمزٹی وی (اسلام آباد/تعلیم)وفاقی تعلیمی بورڈ کے انٹرمیڈیٹ سپلیمنٹری امتحانات یکم نومبر 2016ء سے شروع ہوں گے ، سپیلمنٹری امتحانات میں نئے طلباء حصہ لینے کے اہل نہیں۔ داخلہ بھجوانے کی آخری تاریخ یکم ستمبر، ڈبل فیس کے ساتھ 8 ستمبر اور ٹرپل فیس کے ساتھ 19 ستمبر ہے ۔
ایچ ایس ایس سی پارٹ ون اور پارٹ ٹو کیلئے فیس 1200روپے اور دونوں کیلئے 2400 روپے ہے ۔ امپرومنٹ امتحان کیلئے فیس 1350 ، دونوں پارٹس کیلئے 2550 روپے ہے ۔
ایمزٹی وی(تعلیم)جامعہ کراچی کے تحت 13ستمبر سے پروگرام چہارم برائے بنیادی چینی زبان پر آن لائن کورس لطیف ابراہیم جمال نیشنل سائنس انفارمیشن سینٹر، جامعہ کراچی میں شروع ہورہا ہے۔
ورچول ایجوکیشن پروجیکٹ پاکستان اورکنفیوشس انسٹی ٹیوٹ آف چائنیز لینگویج جامعہ کراچی کے باہمی تعاون سے اس کورس کا انعقاد کیا جارہا ہے ، ماہرین وڈیو کانفرنس کے ذریعے لیکچر دینگے ، کورس کا مقصد ثقافتی تعلقات کو فروغ دینا اور طالب علموں میں چینی زبان سے ہم آہنگی پیدا کرنا ہے
ایمزٹی وی(تعلیم)سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کی جانب سے موسم خزاں میں داخلہ لینے والے امیدواروں کے نتائج کا حتمی طورپراعلان کردیا گیا ہے۔ کامیاب ہونے والے تمام امیدواروں کومطلع کیاجاتاہے کہ وہ اپنے نتائج دیکھنے کیلئے سندھ مدرستہ الاسلام کی ویب سائیٹ smiu.edu.pkپر ملاحظہ کرسکتے ہیں۔
داخلہ فیس جمع کرانے کی آخری تاریخ 25 اگست 2016 ہے ۔ جبکہ کلاسز کا آغاز 5 ستمبر2016 سے ہوگا
ایمزٹی وی(کوئٹہ ) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے بلوچستان سے متعلق بیان کے خلاف کوئٹہ سمیت چاغی، چمن ، خضدار اور دیگر شہروں میں عوام کی جانب سے ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔ آل پارٹیز کے زیر اہتمام دالبندین میں ریلی نکالی گئی جب کہ شرکا ریلی نے نریندر مودی کے پتلے اور بھارتی پرچم نذر آتش کئے اور شرکا نے پاک فوج کے حق میں نعرے بھی بلند کئے۔
اسی طرح بلوچستان کے صدر مقام کوئٹہ میں بھی شہریوں کی جانب سے بھارتی وزیراعظم کے بیان کی شدید مذمت کی گئی اور انہوں نے بھارتی وزیراعظم کے بیان کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ان کے پتلے اوربھارتی پرچم نذر آتش کئے۔ چمن میں بھی شہریوں کی جانب سے بھارتی وزیراعظم کے بلوچستان سے متعلق بیان پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔
واضح رہے کہ حال ہی میں اپنے بیان میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا تھا کہ کشمیرکی موجودہ صورتحال کی وجہ سرحد پار پاکستان سے ہونے والی دہشت گردی ہے اور اب پاکستان کو بھی بلوچستان اورآزاد کشمیر میں مبینہ زیادتیوں کے لیے دنیا کے سامنے جواب دینا ہوگا۔
ایمزٹی وی(آزاد کشمیر)محکمہ جنگلات کی جانب سے شروع کی گئی موسم برسات کی شجرکاری کا افتتاح کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ سفارتی محاذ پر مہارت رکھنے والے مسعود خان کا نام صدارت کیلئے میں نے خود منتخب کیا ، ان کا انتخاب ہر لحاظ سے بہتر ثابت ہو گا،بے جا تنقید کرنے والے اپنے ارادوں میں ناکام ہونگے ،ریاست میں قانون کی حکمرانی اور میرٹ کی بالا دستی ہماری حکومت کا مشن ہے ،کارکن بلدیاتی الیکشن کی تیاری کریں ، انکی عزت نفس کا خیال رکھا جائے گا،لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کروائیں گے ،
وزیر اعظم آزاد کشمیر نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے بلوچستان، گلگت اور آزاد کشمیر پر دیئے گئے حالیہ بیان کو مقبوضہ کشمیر پر سے عالمی توجہ ہٹانے کے لئے ایک ناکام کوشش قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ مودی اس طرح کے بیانات دے کر در اصل مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی سے عالمی توجہ ہٹانا چاہتے ہیں،
مودی ایل او سی کے اس طرف آئے تو اسے پتہ چلے گا کہ آزاد کشمیر کے لوگ اس کے ساتھ کس طرح کی محبت کرتے ہیں،گجرات کے ہزاروں انسانوں کے قاتل مودی نے یہ بیان صرف اسلئے دیا تاکہ عالمی توجہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم سے ہٹائی جائے ، نریندر مودی بلوچستان اور آزاد کشمیر کے بجائے بھارت کے اندر جاری 30 سے زائد علیحدگی کی تحریکوں کی فکر کرے -
ایمزٹی وی(راولپنڈی) کسٹم عدالت نے غیر ملکی کرنسی کیس میں ماڈل ایان علی کو 31 اگست کو ہرصورت پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے۔ راولپنڈی کی کسٹم عدالت کے جج رانا آفتاب نے ایان علی کے خلاف غیرملکی کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے موقع پرایان علی تو پیش نہ ہوئیں تاہم ان کی قانونی ٹیم کے وکیل خرم کھوسہ نے عدالت میں ایان علی کی حاضری سے مستقل استثنی کی درخواست پیش کرتے ہوئے دلیل دی کہ ایان علی نےکراچی میں عدالت میں پیش ہونا ہے اس لیے حاضری سےاستثنیٰ دیا جائے۔ فاضل جج نے ایان علی کے پیش نہ ہونے اورمسلسل غیرحاضری پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے درخواست وصول کرنے سے انکارکردیا اورحکم دیا کہ ملزمہ کو عدالت میں پیش کیا جائے پھرمستقل حاضری سے استثنی کی درخواست سنی جائے گی، جس پروکیل صفائی نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ ان کی موکلہ آئندہ سماعت میں ہر صورت پیش ہوجائے گی۔
دوران دلائل خرم کھوسہ کی آواز بلند ہونے پرعدالت نے برہمی کا اظہارکرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ وہ اونچی آواز میں بات نہ کریں، اونچا بولنے سے کچھ نہیں ہو سکتا، عدالت نے ایان علی کو حاضری سے ایک دن کے لیے استثنیٰ دیتے ہوئے حکم دیا کہ ایان علی 31 اگست کو ہرصورت پیش ہوں، ملزمہ کے مستقل استثنیٰ کی درخواست پیشی کی صورت میں ہی سنی جائے گی۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد) سپریم کورٹ نے وزیراعظم کے کابینہ کو بائی پاس کرنے کا اختیار کالعدم قرار دے دیا۔ ذرائع کے مطابق جسٹس ثاقب نثارکی سربراہی میں فل بینچ نے وزیراعظم کی جانب سے کابینہ کو بائی پاس کرنے کا اختیار رولز سولہ 2 کو کالعدم قرار دے دیا۔ شہری کی جانب سے لیوی ٹیکس کے نفاذ کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر درخواست پر عدالت نے 79 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا جس میں وزیراعظم کے اختیارات کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ٹیکس میں اضافہ یا کمی وفاقی حکومت کا اختیار ہے وزیراعظم کا نہیں، بجٹ اختیارات اور صوابدیدی اختیارات وزیراعظم تنہا استعمال نہیں کرسکتے، مالی معاملات، بجٹ اخراجات حکومت کے صوابدیدی اخراجات وفاقی حکومت کرتی ہے اور کوئی بھی قانون یا بل کابینہ کی منظوری کے بغیر پارلیمنٹ میں پیش نہیں کیا جاسکتا۔
سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ وزیراعظم کابینہ کے فیصلے کے پابند ہیں اور وزیراعظم کابینہ کےفیصلے کو بائی پاس نہیں کر سکتے، وفاقی حکومت کا اختیار صرف وفاقی کابینہ استعمال کر سکتی ہے، وزیراعظم کو بجٹ اختیارات ، صوابدیدی اختیارات کابینہ کی منظوری سے استعمال کرنا ہوں گے۔ عدالت نے قرار دیا کہ سیکرٹری یا وزیر وفاقی حکومت کا اختیار استعمال نہیں کرسکتے، کابینہ کو فنانس بل سمیت ہر قسم کی قانون سازی سے قبل جائزے کے لئے مناسب وقت دیا جائے اور آئندہ کوئی بل یا آرڈنینس کابینہ سے منظوری کے بغیر جاری نہیں کیا جا سکتا۔
ایمزٹی وی(راولپنڈی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف 2 روزہ سرکاری دورے پر ملائیشیا پہنچ گئے جہاں انہوں نے اپنے ہم منصب سمیت دیگر فوجی اور حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف 2 روزہ سرکاری دورے پر ملائیشیا پہنچے جہاں انہیں آرمی ہیڈ کوارٹرز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا جب کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا سینئر آرمی کمانڈرز سے تعارف بھی کرایا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اپنے ملائیشین ہم منصب اور چیف آف ڈیفنس فورس سے ملاقاتیں کیں جن میں مشترکہ فوجی تربیت، دفاعی تعاون سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی جب کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو اسٹریٹیجک پارٹنر شپ میں بدلنے کا عزم کرتے ہوئے فوجی تعاون کے طویل المدت فریم ورک پر بھی دستخط کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کےمطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ملائیشیا کے وزیر دفاع سے بھی ملاقات کی جس میں انہوں نے پاک فوج کی دہشت گردی کے خلاف کامیابوں کو سراہا اور امن واستحکام کے لیے پاک فوج کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔ اس موقع پر جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ ملائیشیا اور پاکستان کی سلامتی سے متعلق کئی مشترکہ مقاصد ہیں جب کہ دہشتگردی کے خلاف بلا امتیاز کارروائیوں کی ضرورت ہے۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)قومی اسمبلی كی قائمہ كمیٹی برائے خزانہ كا اجلاس چیئرمین كمیٹی سلیم مانڈوی والا كی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا جس میں چیف شماریات آصف باجوہ نے كمیٹی كو بتایا كہ سول سائیڈ كی جانب سے مردم شماری كروانے کے لیے ہر وقت تیار تھے، حكومت نے 2 ارب روپے بھی جاری كردیئے تھے مگر فوج كے ضرب عضب میں مصروف ہونے كے باعث سی سی آئی نے مردم شماری كے التواء كی ہدایت كی تھی۔
چیف شماریات نے كہا كہ مردم شماری میں ایك لاكھ 67 ہزار شمار كنندہ كی ضرورت ہے فوج كے جوان مصروف ہیں اس لیے مسئلہ حل نہیں ہورہا ہے جس پر كمیٹی كے ركن كامل علی آغا نے كہا كہ موجودہ حكومت نے ہر كام فوج سے كروانے كا پروگرام بنا ركھا ہے، فوج آئندہ 5 سال میں بھی فارغ نہیں ہوگی، حكومت متبادل منصوبہ بنا كر مشتركہ مفادات كونسل میں لائے جس پر چیف شماریات نے كہا كہ فوج كے بغیر مردم شماری نہیں كرواسكتے اور فوج كے بغیر مردم شماری كروانے كا كوئی متبادل بھی نہیں ہے۔
چیف شماریات آصف باجوہ نے کمیٹی کے سامنے انکشاف کیا کہ حكومت كے پاس آبادی كا ڈیٹا بھی موجود نہیں ہے اس وقت ملک کی آبادی 19كروڑ 60 لاكھ ہے جس میں سے 7 كروڑ كا ڈیٹا موجود نہیں اور ان افراد كا ڈیٹا نہ نادرا كے پاس ہے اور نہ ہی بیورو شماریات كے پاس ہے اس لیے ان کے حوالے سے کچھ نہیں معلوم کہ یہ لوگ کہاں رہتے ہیں اور کیا کرتے ہیں۔