Reporter SS
پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج بچوں کا عالمی دن منایاجارہا ہے۔
اقوامِ متحدہ نے پہلی مرتبہ 20 نومبر 1954 کو انٹرنیشنل چلڈرن ڈے منانے کا اعلان کیا تھا تاکہ بچوں کی تعلیم و تربیت، معاشرتی و مذہبی تربیت سے متعلق شعور اُجاگر کیا جا سکے اور دنیا بھر کے بچے مستقبل میں اپنا مثبت کردار ادا کر سکیں۔
اس دن کو منانے کا مقصد بچوں کی عزّت افزائی، حوصلہ افزائی اور حقوق کی پاسداری کو یقینی بنانا ہے، دنیا بھر میں بچوں کو تشدد کی مختلف اقسام کا سامنا ہے جس سے بچوں کی نشوونما پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
یوم اطفال منانے کا مقصد عالمی سطح پر بچوں کے حقوق کو فروغ دینا اور ان کی تعلیم، صحت اور ایک بہتر زندگی کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنا ہے، اس دن کی ایک اور اہمیت 20 نومبر 1989 کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بچوں کے حقوق کا عالمی کنونشن منظور کیا جانا ہے۔
اس کنونشن نے بچوں کے حقوق کو بین الاقوامی سطح پر قانونی حیثیت فراہم کی اور اس بات کو یقینی بنایا کہ دنیا کے تمام بچے محفوظ، خوشحال اور تعلیم یافتہ مستقبل کی طرف بڑھ سکیں۔
ان حقوق میں تعلیم، صحت، حفاظت اور ایک بہتر ماحول شامل ہیں، یہ دن اس بات کی بھی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے کہ بچوں کو سماجی اور ثقافتی سرگرمیوں میں برابر کا حصہ ملنا چاہیے تاکہ وہ ایک بہتر مستقبل کی طرف گامزن ہو سکیں۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ 100 انڈیکس ملکی تاریخ کی نئی بلندیوں کو چھو گیا۔
کاروباری ہفتے کے تیسرے روز پاکستان سٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان دیکھنے کو مل رہا ہے، ایک موقع پر 100 انڈیکس 600 سے زائد پوائنٹس کے اضافے سے 96 ہزار 712 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 100 انڈیکس نے کاروبار کے دوران نئی بلند ترین سطح 96 ہزار 36 بنائی تھی۔
برطانیہ : برطانیہ بھر میں ہونے والی شدید برفباری سے معمولات زندگی مفلوج ہو گئی ہے
عالمی خبر رساں ادارے کی خبر کے مطابق شدید برفباری کے باعث 220 سے زائد اسکول بند کر دیئے گئے ہیں، جبکہ ہزاروں مسافروں کو ٹرینوں کی روانگی میں تاخیر کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں کل تک برفباری اور برفباری کی وارننگ جاری رہے گی۔
برطانیہ کے بڑے حصے برف سے ڈھکے ہوئے ہیں کیونکہ ملک نے موسم سرما کا پہلا ذائقہ چکھا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شمالی اسکاٹ لینڈ، شمالی آئرلینڈ، وسطی اور جنوبی ویلز اور سکاٹش سرحدوں سے نارفوک تک مشرقی کاؤنٹیوں میں برف باری اور برفباری کے حوالے سے شدید موسم کی وارننگ جاری کی ہے۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ اس کی وجہ آرکٹک سمندری ہوا ہے جس کا مطلب ہے کہ پورے ہفتے شدید سردی رہے گی۔
ممبئی: بھارت کے معروف موسیقار اور گلوکار اے آر رحمان کی اہلیہ سائرہ بانو نے شادی کے 29 سال بعد شوہر سے علیحدگی کا اعلان کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سائرہ بانو کی وکیل وندنا شاہ کی جانب سے اے آر رحمان اور سائرہ کی علیحدگی کے حوالے سے ایک بیان جاری کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کئی سالوں کی شادی کے بعد سائرہ نے اپنے شوہر اے آر رحمان سے علیحدگی کا مشکل فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ ان کے تعلقات میں پیچیدگی کے باعث کیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ایک دوسرے کے لیے گہری محبت کے باوجودجوڑے نے محسوس کیا کہ تلخی اور مشکلات کے باعث ان کے درمیان ایک ایسا فاصلہ پیدا ہو گیا ہے جسے اس وقت دونوں فریق ختم کرنے سے قاصر ہیں۔
سائرہ نے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ اس مشکل وقت میں ان کی پرائیویسی اور جذبات کا احترام کریں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اے آر رحمان نے 12 مارچ 1995 کو سائرہ بانو سے شادی کی تھی، جوڑے کے تین بچے ہیں۔
اے آر رحمان اور سائرہ کی ارینج میرج ہوئی تھی، موسیقار نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ ان کی والدہ نے سائرہ سے شادی کرائی تھی۔
آرٹیفیشل انٹیلی جنس نے پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی انڈین پریمئیر لیگ میں ممکنہ قیمت 15 کروڑ بھارتی روپے لگادی۔
ایونٹ کے پہلے ایڈیشن کے علاوہ پاکستانی کرکٹرز نے ابتک دوبارہ کسی سیزن میں آئی پی ایل نہیں کھیلی، سال 2008 میں پاکستانی کرکٹرز انڈین پریمیئر لیگ میں شریک ہوئے تھے۔
شاہد آفریدی، سہیل تنویر، سلمان بٹ، شعیب اختر، مصباح الحق سمیت کئی اسٹار ایونٹ کے پہلے ایڈیشن میں شریک ہوئے تھے، اس کے بعد ممبئی حملوں کا جواز بناکر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے پاکستانی پلئیرز پر پابندی عائد کردی۔
ایک بھارتی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق اے آئی پروگرام میں جب پاکستانی کرکٹرز کی موجودہ قدر کے لحاظ سے آئی پی ایل معاوضے کے حوالے سے استفسار کیا گیا تو فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی سب سے زیادہ 15 کروڑ بھارتی روپے (یعنی پاکستانی 50 کروڑ) لگائی ہے۔
بابراعظم کیلئے 12 کروڑ، محمد رضوان اور حارث رؤف کیلئے 10 10 کروڑ، شاداب خان 8 کروڑ، فخر زمان 6 کروڑ اور امام الحق کو 3 کروڑ بھارتی روپے کا حقدار قرار دیا گیا۔
اسموگ کی شدت میں کمی آنے کے بعد لاہور سمیت پنجاب بھر میں تعلیمی سرگرمیاں بحال ہوگئیں۔
پنجاب میں اسموگ کی خراب صورتحال کے باعث بند کیے گئے تعلیمی ادارےکھل دیئےگئے۔طلبہ اور اساتذہ کے لیے ایس او پیز پر عمل درآمد کی ہدایت کی گئی ہے جس کے مطابق ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ اسکولوں میں بیرونی کھیلوں اور غیر نصابی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد ہے۔
لاہور میں تعلیمی سرگرمیاں بحال ہونے کے بعد شہر کی اہم شاہراہوں پر واقع 200 سے زائد اسکولوں کے باہر اضافی پٹرولنگ افسر تعینات کردئیے گئے۔ڈی ایس پیز اسکول ٹائم اور چھٹی کے اوقات میں خود فیلڈ میں موجود رہیں گے۔ سی ٹی او لاہور کے مطابق چھٹی کے اوقات میں صرف ایک لائن میں پارکنگ کی اجازت ہوگی اور ڈبل پارکنگ کی صورت میں کارروائی کی جائےگی۔ اسکول و کالجز کے باہر کسی ریڑھی و ٹھیلے کو نہ لگنے دیا جائے۔
برازیل کے دارالحکومت میں دنیا کی بڑی معیشت کے حامل 20 ممالک کی تنظیم جی-20 کے سربراہی اجلاس کا آج دوسرا اور آخری روز ہے۔
جی-20 سربراہی اجلاس میں رہنماؤں نے دنیا بھر میں بھوک اور غربت سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات کے ساتھ آگے بڑھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اجلاس میں جاپان کے وزیراعظم اِشیبا شِگیرُو، امریکی صدر جوبائیڈن اور چینی صدر شی جنپنگ سمیت تمام رکن ممالک کے نمائندے شریک ہیں۔
علاوہ ازیں رہنماؤں نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث ہونے والے نقصان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس نمٹنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل پر زور دیا گیا۔
اجلاس کے پہلے روز کے اختتام پر جاری مشترکہ بیان میں غزہ اور لبنان میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکا غزہ اور لبنان میں جنگ بندی میں معاونت کرے تاکہ یرغمالیوں کی رہائی اور بے گھر افراد کی گھروں کی واپسی ممکن ہوسکے۔
جی 20 اجلاس کے پہلے روز رہنماؤں نے روس اور یوکرین جنگ کے جلد از جلد خاتمے کی خواہش کا اظہار کیا۔
خیال رہے کہ اس اجلاس میں روس کے صدر ولادیمیر پوٹن شریک نہیں ہیں۔
کراچی: آئی بی سی سی نے نئے گریڈنگ فارمولے کے ضمن میں گریس مارکس 3 سے بڑھاکر 5 کردیے ہیں۔
اس فیصلے کا اطلاق ملک بھر میں میٹرک اور انٹر کے امتحانی نتائج پر 2025 کے امتحانات سے ہی کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزملک بھر کے تعلیمی بورڈز کے چیئرمینوں کے تحت دو روزہ اجلاس کااجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس کے پہلے روز مذکورہ ادارے کی جانب سے میٹرک اور انٹر کی سطح پر گریس مارکس 7 نمبروں تک کرنے کی سفارش کی گئی تھی تاہم اجلاس کے شرکاء کی اکثریت اس پر راضی نہیں تھی جس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ موجودہ گریس مارکس 3 سے بڑھاکر 5 کردیے جائیں۔
یہ گریس مارکس زیادہ سے زیادہ دو مضامین میں مجموعی طور پر دیے جاسکیں گے تاہم کسی تیسرے مضمون میں امیدوار کے فیل ہونے کی صورت میں تیسرے مضمون پر فیصلے کا اطلاق نہیں ہوگا۔ واضح رہے کہ مذکورہ فیصلہ ملک بھر میں پاسنگ مارکس 33 سے بڑھاکر 40 کیے جانے کے تناظر میں کیا گیا ہے جو نئی گریڈنگ پالیسی کے طور پر نافذ ہوگا۔
اجلاس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی بی سی سی غلام علی ملاح اور چاروں صوبوں کے تعلیمی بورڈز کے سربراہوں اور تعلیمی افسران نے شرکت کی۔
ممبئ : بالی ووڈ کے پرفیکشنسٹ عامر خان کی فلم ’تارے زمین پر‘ کا سیکوئل ’ستارے زمین پر‘ جلد ریلیز ہونے کاامکان ہے۔
عامر خان دو سال بعد پھرسے بڑے پردے پر جلوہ گر ہوں گے جو کہ رواں سال کرسمس کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔
آر ایس پرسنا نے کی ہدایتکاری میںبننے والی فلم ’ ستارے زمین پر‘ مرکزی کرداروں میں عامر خان، جینیلیا دیش مکھ، اور درشیل سفاری شامل ہیں۔
بتایا جارہا ہے کہ فلم ستارے زمین پر میں ڈاؤن سنڈروم جیسی سنگین بیماری پر روشنی ڈالی جائے گی جبکہ 2007 کی مشہور فلم ’تارے زمین پر‘ میں ڈسلیکسیا جیسے مسئلے کو اجاگر کیا گیا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، یہ فلم 2018 میں ریلیز ہونے والی ہسپانوی فلم ’کیمپیونس‘ (چیمپیئنز) کا آفیشل ہندی ریمیک ہے۔
اسلام آباد: کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد، ایبٹ آباد کیمپس میں 32واں جلسہ تقسیم اسناد کی تقریب منعقد کی گئی۔
منعقدہ کانووکیشن میں 1296طلبا و طالبات کو ڈگریاں تفویض کی گئیں۔
جبکہ 58طلبا و طالبات کو نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے پر گولڈ،سلوراور برونز میڈل اور 39طلبا و طالبات کو پی ایچ ڈی کی ڈگریاں دی گئیں ۔
ڈاکٹر ایس ایم جنید زیدی مہمان خصوصی تھے ۔تقریب میں ممبر آف سینیٹ ، ممبر آف سینڈیکیٹ، ممبر آف اکیڈمک کونسل، مختلف کیمپسز کے ڈائریکٹرز، بورڈ آف فیکلٹی،ڈینز آف فیکلٹی اور پروفیسرز نے شرکت کی۔
ڈاکٹر ایس ایم جنید زیدی نے طلبا و طالبات اور ان کے والدین کو مبارکباد دی۔