Reporter SS
نئی دہلی: ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری کے معروف سپر اسٹار الو ارجن کی سپر ہٹ فلم پشپا 2 کا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے۔
یوٹیوب پرپشپا 2- دی رول کے تیلگو، ہندی اور تامل زبان میں جاری کیےگئے ٹریلرکو چندگھنٹوں میں ہی کروڑوں بار دیکھا جاچکا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 5 دسمبر 2024 کو فلم سنیما گھروں کی زینت بنےگی۔
خیال رہے کہ 2021 میں ریلیز ہونے والی الو ارجن اور ادکارہ رشمیکا مندانا کی تیلگو فلم پشپا: دی رائزنے کھڑکی توڑ کامیابی حاصل کی تھی، فلم باکس آفس پر کئی ریکارڈز اپنے نام کرتے ہوئے 2021 کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بھارتی فلموں میں سرفہرست تھی۔ فلم کے ہندی ورژن نے بھی بے پناہ مقبولیت سمیٹی تھی جس کے بعد ساؤتھ کے ساتھ بالی وڈ فلمی شائقین پشپا 2 کا بے تابی سے انتظار کر رہے تھے۔
پشپا 2- دی رول کے ٹریلر میں الو ارجن ایک نئے روپ میں نظر آرہے ہیں، پشپا اب پہلے سے زیادہ طاقتور اور امیر ہوچکا ہے۔ فلم پہلے پارٹ کی طرح ایکشن سے بھرپور ہے جس میں رومانس کا تڑکا بھی لگایا گیا ہے۔
پاکستانی بیٹر بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں بھارت کے اسٹار بیٹر ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا۔
بابر اعظم نے آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں 28 گیندوں پر 41 رنز بنائے اور ساتھ ہی اس فارمیٹ میں وہ رنز کے اعتبار سے کوہلی سے آگے نکل گئے۔
جس کے بعد بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگئے۔
روہت شرما 159 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں 4231 رنز بناکر اس فارمیٹ میں سب زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی ہیں۔
بابر اعظم 126 میچز کھیل کر 4192 رنز بناکر اس فہرست میں دوسرے جبکہ کوہلی 125 میچز میں 4188 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
واضح رہے کہ ویرات کوہلی اور روہت شرما ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز سے ریٹائر ہو چکے ہیں، تو یوں بابر کے پاس سنہری موقع ہے کہ وہ مستقبل میں اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بن جائیں۔
کراچی: جامعہ کراچی نے مخصوص نشستوں پر داخلوں کے لئے فارم جمع کرانے کی تاریخ کا اعلان کردیا ہے۔
انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر صائمہ اختر کے مطابق تعلیمی سال 2025 ء کے لئے مخصوص نشستوں (Reserved Seats)پر داخلوں کے لئے فارم 10 دسمبر2024 ء تک جمع کرائے جاسکتے ہیں۔
مخصوص نشستوں میں اسپورٹس،کراچی یونیورسٹی ایمپلائز،معذورافراد(اسپیشل پرسنز)،آرمڈ فورسز،اقلیتوں،وکلا کے بچے،فاٹا،شمالی علاقہ جات،آزاد جموں کشمیر،اندرون سندھ اور بلوچستان کی نشستیں شامل ہیں۔طلبہ تمام معلومات بمعہ آن لائن داخلہ فارم،فیس واؤچر اور پراسپیکٹس کے حصول کے لئےویب سائٹ پررابطہ کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ایسے شعبہ جات جہاں داخلہ ٹیسٹ کا اطلاق ہوتاہے،ان شعبہ جات کا انتخاب صرف وہ ہی طلبہ کرسکتے ہیں جنہوں نے داخلہ ٹیسٹ والے شعبہ جات کا فارم جمع کرایا ہے اور داخلہ ٹیسٹ میں بھی شرکت کی ہے۔ داخلے پالیسی کے مطابق دیئے جائیں گے۔
تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں بھی آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست دیکر سیریز 0-3 سے اپنے نام کرلی۔
ہوبارٹ میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کا 118 رنز کا ہدف 11.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر بنالیا۔
ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کے مارکوس اسٹونس نے 27 گیندوں پر پانچ چھکوں اور پانچ چوکوں کی بدولت ناقابل شکست 61 رنز بنائے جبکہ جوش انگلس نے 27 اور جیک فراسر نے 18 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی طرف سے شاہین آفریدی، عباس آفریدی اور جہانداد خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، پاکستانی بلے باز آسٹریلوی بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور پاکستان کی پوری ٹیم 117 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان ٹیم پورے 20 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 18.1 اوورز میں 117 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ بابراعظم 41 اور حسیب اللہ خان 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
شاہین آفریدی 16، صاحبزادہ فرحان 9، جہاندداد خان 5، عثمان خان 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کپتان سلمان آغا، عباس آفریدی سفیان مقیم ایک، ایک رن بناسکے، حارث روف صفر کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
آسٹریلیا کی طرف سے ایرون ہارڈی نے 3، ایڈم زمپا اور اسپینسر جانسن نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
گوجرانوالہ : گوجرانوالہ میں بھکاریوں نےدادی کے چالیسویں میں سوا کروڑ روپے خرچ کر ڈالے
12 ہزار سے زائد افراد کے کھانے کی دعوت کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
متوفی خاتون کے پوتے کا کہنا ہے کہ ملک بھر سے برادری کے لوگ کھانے میں شریک ہوئے، 60 من مٹن پکانے کا آرڈر دیا گیا تھا، اس کے علاوہ 10 دیگیں میٹھے چاول اور مربے بھی بنائے گئے تھے۔
سوشل میڈیا رپورٹس کے مطابق بھکاریوں نے چہلم پر تقریباً سوا کروڑ روپے خرچ کر ڈالے، تقریب میں شریک مہمانوں کیلئے ناشتے میں سری پائے جبکہ شام کے کھانے میں 250 بکرے کے علاؤہ انواع اقسام کا اہتمام کیا گیا۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہےکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو اپنی ساکھ کے بارے میں سوچنا ہوگا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ چیمپیئنز ٹرافی میں تمام ٹیمیں پاکستان آنے کو تیار ہیں، اگر بھارت کو کوئی خدشات ہیں تو ہم سے بات کرے ہم دور کر دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آئی سی سی نے ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان کرنا ہے جس کا ہم بھی انتظار کر رہے ہیں، امید ہے آئی سی سی جلد شیڈول کا اعلان کر دے گا۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ چیمپیئنز ٹرافی پاکستان میں کرائیں گے، کھیل اور سیاست دونوں کو الگ رکھنا چاہیے، آئی سی سی کو خط لکھا تھا جس کے جواب کا انتظار ہے۔
ایئرپورٹ اور اس کے ملحقہ علاقوں کو سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر ریڈ زون قرار دے دیا گیا.
ایئرپورٹ کے اطراف میں آنے والے راستے محدود کر دیے گئے ہیں اور ریڈ زون میں صرف ان افراد کو داخلے کی اجازت ہوگی جو ایئرپورٹ آنے، جانے یا وہاں اپنے فرائض سر انجام دینے کے مقصد سے موجود ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی ایئر پورٹ پر چینی انجینئرز کے قافلے پر خود کش حملے اور شارع فیصل پر دو لگژری گاڑیوں میں سوار افراد کے درمیان فائرنگ کے واقعے کے بعد شہر قائد میں سیکیورٹی کے انتظات مزید سخت کر دیے گئے، سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر ایئرپورٹ اور اس کے ملحقہ علاقوں کو ریڈ زون قرار دیا گیا ہے۔
ایس ایس پی ملیر کاشف آفتاب عباسی کے مطابق ایئرپورٹ کے قریب پانچ اہم مقامات پر اسٹار گیٹ، سی اے اے کلب، مدام بریج، ماڈل کالونی موڑ اور رینجرز چوکی فیونرل ایریا میں پولیس چیک پوائنٹس قائم کر دیے ہیں جہاں 24 گھنٹے پولیس کی نفری تعینات ہوگی۔ ان مقامات پر پولیس اہلکار ہر مشکوک شخص اور گاڑی کی چیکنگ کریں گے تاکہ کسی بھی غیر معمولی سرگرمی کو روکا جا سکے۔
ایس ایس پی ملیر نے کراچی ایئر پورٹ آنے والے تمام مسافروں سے درخواست کی ہے کہ اپنی پرواز کے وقت سے قبل ایئرپورٹ پہنچیں تاکہ سیکیورٹی مراحل سے بآسانی گزر سکیں اور کسی تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انھوں نے کہا کہ ایم 9 موٹر وے، ملیر کینٹ، میمن گوٹھ، ماڈل کالونی اور دیگر ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں سے گزارش ہے کہ شہر کی طرف سفر کے لیے ریڈ زون سے گزرنے کے بجائے مین شارع فیصل اور ملیر ہالٹ کا راستہ اختیار کریں۔ ڈرگ روڈ سے آنے والے مسافر، جو ملیر کینٹ یا ماڈل کالونی کی طرف جا رہے ہوں، ان سے بھی گزارش ہے کہ اسٹار گیٹ یا سی اے اے کلب روڈ استعمال کرنے کے بجائے ملیر ہالٹ سے گزرتے ہوئے اپنی منزل کی طرف سفر کریں۔
ایس ایس پی ملیر نے کہا کہ ایئرپورٹ جانے والے تمام افراد سے اپیل ہے کہ ریڈ زون میں داخلے سے قبل اپنی پرواز کی ٹکٹ اور قومی شناختی کارڈ ہمراہ رکھیں تاکہ سیکیورٹی چیکنگ کے عمل میں آسانی ہو۔ انھوں نے کہا کہ مسافروں کی سہولت، تحفظ اور محفوظ سفر ہماری اولین ترجیح ہے۔ ضلع ملیر پولیس عوام کی حفاظت اور امن کے قیام کے لیے ہر دم تیار ہے، کسی بھی مشکل یا پریشانی کی صورت میں پولیس آپ کی مدد کے لیے ہمہ وقت موجود ہے۔
ملتان کے نشتر اسپتال میں 25 مریضوں کے ایڈز میں مبتلا ہونے کے بعد ڈائیلیسز یونٹ میں نئےمریضوں کےعلاج پر پابندی لگادی گئی۔
نشتر اسپتال انتظامیہ نے ڈائیلیسز یونٹ میں نئے مریضوں کےعلاج پر پابندی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پابندی کے بعد پہلے سے رجسٹرڈ 240 مریض ہی ڈائیلیسز کروا سکتے ہیں۔
اسپتال انتظامیہ کا بتانا ہے کہ نئے مریضوں کے ڈائیلیسز کروانے پر پابندی عارضی ہے جو جلد ہی حفاظتی انتظامات مکمل کرکے ختم کردی جائے گی۔
دوسری جانب ایڈز وائرس مریضوں میں منتقل ہونے کیلئے بنائے گئے تحقیقاتی کمیشن کی انکوائری مکمل ہوگئی جس کے بعد کمیشن گزشتہ روز ہی واپس لاہور روانہ ہوگیا۔
اسپتال انتظامیہ کا بتانا ہے کہ تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ آج سیکرٹری ہیلتھ کو پیش کی جائے گی اور کمیشن رپورٹ کی روشنی میں ذمے داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ ڈائیلیسز یونٹ سے اب تک 25 مریضوں میں ایڈز منتقلی کی تصدیق ہوچکی ہے۔
چند روز قبل نشتر اسپتال کے ڈائیلیسز یونٹ میں ایڈز کے مریض کا ڈائیلیسز کیا گیا تھا جس کے بعد اسی مشین پر دیگر مریضوں کا ڈائیلیسز کرنے سے وائرس ان میں بھی منتقل ہوگیا۔
اسپتال انتظامیہ کا بتانا تھا کہ درجنوں مریضوں کے ایڈز میں مبتلا ہوجانے کے بعد 2 ڈائیلیسز مشینوں کوبند کردیا گیا ہے۔
لوگوں کو تیزترین سفری سہولیات فراہم کرنے کے لئے ٹیسلا، اسپیس ایکس اور ٹوئٹر جیسی کمپنیزکے مالک ایلون مسک دنیا بھر میں راکٹ پلیٹ فارم قائم کرنا چاہتے ہیں ۔
ان کی کمپنی اسپیس ایکس دنیا کے تمام شہروں کے درمیان سفر کو ایک گھنٹے کے اندر ممکن بنانے کی خواہشمند ہے جس کے لیے اسٹار شپ کو استعمال کیا جائے گا۔
ایلون مسک نے ایک ایکس (ٹوئٹر) پوسٹ میں بتایا کہ ان کا’ارتھ ٹو ارتھ‘ اسپیس ٹریول پراجیکٹ ڈونلڈ ٹرمپ کے دوبارہ امریکی صدر منتخب ہونے کے بعد ممکن ہونے والا ہے۔
انہوں نے یہ بات ایک صارف کی ایکس پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے بتائی۔
خیال رہے کہ یہ ایلون مسک کا نیا منصوبہ نہیں بلکہ کئی برس سے وہ اس پر بات کررہے ہیں۔
ستمبر 2017 میں آسٹریلیا کے شہر ایڈیلیڈ میں ایک کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اسپیس ایکس کی جانب سے مریخ پر انسانوں کو پہنچانے کے لیے بگ فلائنگ راکٹ (بی ایف آر) کو تیار کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ راکٹ نہ صرف مریخ کا سفر کرسکے گا بلکہ کسی عام مسافر طیارے کی طرح زمین کے کسی بھی حصے کا سفر کرسکے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس راکٹ سے دنیا کے کسی بھی حصے کا سفر ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں ممکن ہوجائے گا۔
اسی طرح 2022 میں انڈونیشیا کے علاقے بالی میں جی 20 کانفرنس کی سائیڈ لائن سے آن لائن خطاب کے دوران ایلون مسک نے کہا کہ وہ دنیا بھر میں راکٹ پلیٹ فارمز چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسا کرنے سے لوگ زمین کے دوسرے حصے تک آواز کی رفتار سے 20 گنا زیادہ رفتار سے سفر کرسکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 'میرے خیال میں اگر ہم دنیا کے کسی بھی حصے میں ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں سفر کرسکیں تو دنیا حقیقی معنوں میں قابل رسائی ہوجائے گی'۔
اسٹار شپ کے ذریعے لاس اینجلس سے کراچی کا سفر 30 منٹ، لندن سے نیویارک کا سفر 29 اور نیویارک اور شنگھائی کے درمیان سفر 39 منٹ میں طے ہوسکے گا یا کم از کم اسپیس ایکس کا تو یہی تخمینہ ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی نے غیر رجسٹرڈ وی پی این کی رجسٹریشن کے لیے 2 ہفتے کی مہلت دینے کا فیصلہ کرلیا۔
پی ٹی اے ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ وزارت داخلہ کی جانب سے غیر رجسٹرڈ وی پی این کی بندش کی ہدایت کے بعد عملدرآمد کے لیے پی ٹی اے کے جائزہ اجلاس میں کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں غیر رجسٹرڈ وی پی این کی رجسٹریشن کے لیے 30 نومبر تک مہلت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے بعدیکم دسمبر سے غیر رجسٹرڈ وی پی این کیخلاف کریک ڈاوٴن شروع کیا جائے گا۔
وی پی این کی بندش کے حوالے سے ایک ٹرائل کامیابی سے مکمل کرلیا گیا ہے، وی پی این بندش کے حوالے سے دوسرا ٹرائل آئندہ دنوں میں کیا جائے گا۔ اس بارے میں پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ بندش سے پہلے غیر رجسٹرڈ وی پی این ہولڈرز کو رجسٹریشن کا وقت دیا جارہا ہے۔
پی ٹی اے کے مطابق غیر رجسٹرڈ وی پی این سکیورٹی رسک ہیں،غیر رجسٹرڈ وی پی این سے حساس ڈیٹا تک رسائی حاصل کی جاسکتی ہے۔ غیررجسٹرڈوی پی این سے قابل اعتراض مواد تک رسائی حاصل کی جاسکتی ہے۔ قابل اعتراض مواد تک رسائی روکنا پی ٹی اے کی ذمے داری ہے۔