Reporter SS
غزہ: اسرائیلی فوج نے غزہ کی مسجد اوراسکول پر وحشیانہ بمباری کی جس کے نتیجے میں 24 فلسطینی شہید اور 93 زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حماس اس مسجد اور اسکول کو کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کے طور پر استعمال کر رہی تھی۔
دوسری جانب فلسطینی وزارت صحت نے اسرائیلی فوج کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے بتایا کہ شہید اور زخمی ہونے والوں میں اکثریت خواتین، بچوں اور بزگ شہریوں کی ہے۔
وزارت صحت کے بیان میں مزید کہا گیا کہ حملے میں مسجد اور اسکول سمیت متعدد رہائشی عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔ شہید ہونے والوں کی تعداد 24 سے زائد ہوگئی جب کہ 100 کے قریب زخمی ہیں۔
یاد رہے کہ غزہ کی وزارت مذہبی امور نے بتایا کہ گزشتہ ایک برس میں اسرائیلی فوج کی بمباری سے غزہ میں ایک ہزار 245 مساجد میں سے 814 کو مکمل طور پر تباہ ہوگئیں اور دیگر 148 کو نقصان پہنچا۔
علاوہ ازیں اسرائیلی فوج کی بمباری میں مساجد کے ساتھ ساتھ غزہ میں قائم 60 میں سے 19 چرچ مکمل تباہ کردیے گئے۔ مذہبی مقدس مقامت کو پہنچنے والے نقصانات کا تخمینہ 35 کروڑ ڈالر کے لگ بھگ ہے۔
شارجہ: آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کے چھٹےمیچ میں انگلینڈ نے بنگلادیش کو 21 رنز سے شکست دے دی۔
انگلینڈ کی جانب سے دیے گئے 119 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بنگلادیشی ٹیم 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 97 رنز بناسکی۔
قبل ازیں شارجہ میں گروپ بی کی ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ انگلینڈ نے سات وکٹوں کے نقصان پر 118 رنز بنائے، ڈینی ویاٹ ہوڈج 41 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔
ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کی سبحانہ موستری 44 رنز اور نگار سلطانہ 15 کے ساتھ قابل ذکر رہیں۔
واضح رہے کہ بنگلادیش نے اپنے پہلے میچ میں اسکاٹ لینڈ کو 16 رنز سے شکست دی تھی جبکہ یہ انگلینڈ کا پہلا میچ تھا۔
لاہورسمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں رات گئے بارش اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے گرمی اور حبس کا زورٹوٹ گیا۔
موسم خوشگوار ہونے پر شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔ محکمہ موسمیات نے بارشوں کا سلسلہ آٹھ اکتوبر تک جاری رہنے کی پیش گوئی کردی۔
لاہور سمیت پنجاب بھر میں خشک موسم کے باعث گرمی اور حبس کا سلسلہ جاری تھا۔ گزشتہ رات کالے بادلوں نے آسمان کو اپنے لپیٹ میں لے لیا۔
چاند تمام تر کوششوں کے باوجود اپنا جلوہ نہ دکھا سکا۔ گرج چمک کے ساتھ ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
ٹھنڈی ہواؤں نے درجہ حرارت میں مزید کمی پیدا کردی تو گرمی اور حبس کے ستائے ہوئے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں 8 اکتوبر تک بارشوں کے امکانات ہیں۔
ہوا میں نمی کا تناسب کم ہونے سے دن کی نسبت راتیں زیادہ ٹھنڈی ہونے لگی ہیں جو موسم سرما کے آمد کی اطلاع ہے۔
کراچی: عالمی شہرت یافتہ اسلامک اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کے گورنر ہاؤس میں منعقد ہونے والے اجتماع میں مقبول پاکستانی اداکارہ یشما گل نے اہم سوال پوچھ لیا۔
گورنر ہاؤس سندھ میںمنعقدہ اجتماع میں ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ‘ہماری زندگی کا مقصد کیا ہے؟’ کے عنوان پر تقریر کی اور پھر سوال و جواب کے سیشن کا آغاز کیا۔
اس سیشن میں سب سے پہلا سوال پاکستانی اداکارہ یشما گل کی جانب سے کیا گیا، اداکارہ نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کو بتایا کہ وہ ماضی میں لادین ہوگئی تھیں اور پھر وہ ڈاکٹر ذاکر نائیک کے بیانات سُن کر واپس دین کی طرف آئیں۔
یشما گل نے سوال کیا کہ جب اللہ تعالیٰ نے پہلے سے ہی انسان کی تقدیر لکھ دی ہے تو انسان کے اپنے اختیار میں کیا ہے؟، اگر انسان اپنی زندگی میں صحیح یا غلط کام کررہا ہے تو اس کا ذمہ دار کون ہے کیونکہ ہم انسان تو یہی سمجھتے ہیں کہ تقدیر تو پہلے ہی لکھی جا چکی ہے۔
اداکارہ کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ یہ سوال ہر مسلمان کے ذہن میں آتا ہے، اکثر لوگ ہمت کرکے یہ سوال پوچھ لیتے ہیں جبکہ کچھ لوگ فتوے کے خوف کی وجہ سے یہ سوال پوچھنے سے گھبراتے ہیں۔ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کو غیب کا علم ہے، اللہ تعالیٰ کو معلوم ہے کہ انسان نے اپنی زندگی میں کونسے کام کرنے ہیں پھر چاہے وہ کام اچھے ہوں یا غلط۔
اُنہوں نے کہا کہ انسان وہ نہیں کرتا جو اللہ تعالیٰ نے اُس کی تقدیر میں لکھ دیا ہے بلکہ اللہ تعالیٰ نے وہ لکھا ہے جو انسان نے کرنا ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ کو غیب کا علم ہے اور اللہ جانتا ہے کہ فلاں شخص اپنی زندگی کے کس موڑ پر کیا فیصلہ لے گا۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ ایک شخص ایک چوراہے پر کھڑا ہے، وہاں سے چار مختلف راستے نکلتے ہیں تو اللہ تعالیٰ نے اُس کی تقدیر میں وہ راستہ لکھا ہے جو اُس انسان نے اُس وقت اپنی سوچ سے چُنا یعنی وہ راستہ اللہ تعالیٰ نے نہیں چُنا بلکہ انسان نے خود اپنے لیے اُس راستے کا انتخاب کیا۔
کراچی: محکمہ موسمیات نے کراچی میں درجہ حرارت دوبارہ بڑھنے کی پیش گوئی کردی۔
منگل کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک تجاوز کرسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر نے ایڈوائزری جاری کر دی جس کے مطابق کل سے شہر پر بلوچستان کی شمال مغربی ریگستانی ہوائیں اثرانداز ہونا شروع ہوں گی جس کے سبب پیر کو زیادہ سے زیادہ پارہ 37 ڈگری تک بڑھ سکتا ہے۔
ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ رہنے کے نتیجے میں گرمی کی شدت اصل درجہ حرارت سے زائد محسوس کی جا سکتی ہے۔
آج شہر کا موسم جزوی ابرآلود اور پارہ 33 تا 35 ڈگری ریکارڈ ہوسکتا ہے، شہر میں گزشتہ دنوں سمندر کی نچلی سطح کے بادلوں اور تیز ہواؤں کے سبب موسم معتدل رہا۔
سندھ کے دیگر اضلاع میں موسم گرم، شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
اکتوبر کا مہینہ ہر سال گرم و مرطوب گزرتا ہے جبکہ نومبر کے اوائل یا وسط سے موسم خنک ہونا شروع ہوگا۔
کراچی: سندھ ٹیچرز ایجوکیشن ڈولیمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام اساتذہ کے عالمی دن کے حوالےسےتقریب منعقد کی گئی۔
تقریب میں وزیرتعلیم سندھ سردار علی شاہ بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔تقریب سےخطا ب کرتے ہوئےوزیرِ تعلیم سندھ کا کہنا تھاکہ رسمی یا غیر رسمی انداز میں سکھانے والے تمام افراد استاد ہی تصور ہوتے ہیں۔آج دنیا میں جو کچھ بھی اچھا نظر آتا ہے وہ سب سکھانے والے اساتذہ کی دین ہےپڑھانے کے معیار کو مزید بہتر کر کے ہم آنے والی نسلوں کو مزید قابل بنا سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایاکہ سندھ حکومت نے اسکولز میں پڑھانے کے معیار کو جدید انداز میں بہتر کرنے پر کام کر رہی ہےسندھ میں پڑھانے کو ایک مکمل پروفیشن کے طور پر تسلیم کرتے ہوئے ٹیچرز لائسنس متعارف کروایا گیا۔ہمارے اسکولوں میں قابل اساتذہ کی کمی نہیں ہےستاد کا تقدس محض چند لوگوں کی وجہ متاثر ہوا ہے
تقریب میں پڑھانے کے معیار کو بہتر بنانے کے حوالے سے نمایاں تصور پیش کرنے والے اساتذہ کو انعامات بھی دیے گئے۔
اسلام آباد: ماڈل کالج ایف الیون تھری میں اساتذہ کا دن منایا گیا ، مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال جبکہ صدارت وفاقی سیکرٹری تعلیم معین الدین وانی نے کی، پرنسپل کالج پروفیسر فرح حامد کی زیر نگرانی وفاقی دارالحکومت میں ایمرجنسی حالات کےباوجود خوبصورت تقریب کا انعقاد ہوا ۔
احسن اقبال نے کہا کہ موجودہ دور میں اکیسویں صدی کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے جدید تعلیم حاصل کرنا لازم ہے۔ انہوں نے تمام اساتذہ کی ڈیوٹی کو سراہتے ہوئے بتایا کہ ترقی یافتہ قومیں اپنے اساتذہ کا احترام کرتی ہیں، استاد کی ڈیوٹی سخت ہوتی ہے۔
معین وانی نے کالج میں جدید کمپیوٹر لیبارٹری ماں بچہ صحت سینٹر سمارٹ کلاس رومز وغیرہ کی سہولیات بارے بریفنگ دی اور بتایا کہ تمام تعلیمی اداروں میں یہ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں طالبات نے اساتذہ کے اعزاز میں نغمے اور ٹیبلو پیش کیے
لاہور: ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا نے گورنمنٹ پرائمری اسلامیہ اسکول رام پورہ کا اچانک دورہ کیا۔
پرنسپل سے بچوں کی نصابی سرگرمیوں اور دی جانے والی سہولیات سے متعلق پوچھا گیا۔
ڈی سی کا کہنا تھاکہ اساتذہ کی حاضری اور تدریسی معیار کو مزید بہتر کیاجائے ۔اسکول میں ڈینگی و صفائی اقدامات کا جائزہ لیا، بچوں سے ملاقات کی اور سہولیات بارے دریافت کیا۔
انہوں نے کہاکہ بچے ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں، ان کی تعلیم و تربیت میں کوئی کمی نہ رہنے دی جائے ۔ا سکولوں میں سہولیات کی فراہمی اور بچوں کے لیے سازگار ماحول یقینی بنایا جائے ۔
آرٹس کونسل کراچی میں جاری ورلڈ کلچر فیسٹیول کو آج 10 روز مکمل ہوگئے۔
ورلڈ کلچر فیسٹیول کے دسویں روز آرٹ ایگزی بیشن اور تھیٹر پلیز سمیت میگا کانسرٹ بھی ہوگا۔
ورلڈ کلچر فیسٹیول میں آج دوپہر آرٹ ایگزی بیشن کا انعقاد ہوگا جس میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید ابراہیم اور سندھ کے وزیر سیاحت و ثقافت ذوالفقارعلی شاہ شرکت کریں گے۔
ورلڈ کلچر فیسٹیول میں شام 7 بجے جاپانی تھیٹر پلے " آر یو لونگ اٹ" پیش کیا جائے گا اور 8 بجے میگا میوزک کانسرٹ ہوگا۔
واضح رہے کہ آرٹس کونسل میں ورلڈ کلچر فیسٹیول 2نومبر تک جاری رہے گا۔
حیدرآباد: تعلیمی بورڈ حیدرآباد کے کنٹرولر امتحانات نے ایک نوٹیفکیشن میں اورینٹل اور کمپارٹمنٹل لینگویج کے سالانہ امتحانات 2024 کے فارم جمع کرانے کی تاریخ کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ادیب اردو، سندھی، منشی فارسی، مولوی عربی اور ادیب عالم اردو، سندھی، منشی عالم فارسی، مولوی عالم عربی جبکہ ادیب فاضل اردو، سندھی، منشی فاضل فارسی، مولوی فاضل عربی کے مذکورہ بالاامتحانات دینے والے امیدواروں کو مطلع کیا گیا ہے کہ ریگولرامیدوارکے لیے2820 روپے اورپرائیوٹ امیدواروں کے لیے3180 روپے بغیر لیٹ فیس فارم جمع کرانے کی تاریخ 7 اکتوبر جبکہ 500 روپے لیٹ فیس 14 اکتوبر اور1000 روپے لیٹ فیس 21 اکتوبر2024 مقرر کی گئی ہے جبکہ آن لائن فارم جمع کرانے کے چارجز 200 روپے ہوں گے۔