Reporter SS
پاکستان میں انٹرنیٹ کی سست رفتاری معمول بن گئی اور اکتوبر کا پہلا ہفتہ گزرنے پر بھی انٹرنیٹ کی اسپیڈ بہتر ہونے کا حکومتی دعویٰ پورا نہیں ہوسکا۔
انٹرنیٹ کی سست رفتاری پاکستانیوں کیلئے مسلسل پریشانی کا سبب بن گئی ہے، انٹرنیٹ یا تو بالکل نہیں چلتا یا بہت سلو چلتا ہے۔رواں سال فروری سے اب تک صارفین انٹرنیٹ کی سست رفتاری کے مسئلے کا سامنا کررہے ہیں۔پی ٹی اے نے ایک ماہ پہلے انٹرنیٹ کی سست رفتاری کی وجہ زیر سمندر کیبل کی خرابی کو قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ کیبل کی خرابی اکتوبر کے آغاز میں ٹھیک کرلی جائے گی لیکن پچھلے 5،6 روز سے تو رہا سہا انٹرنیٹ بھی ختم ہوگیا۔
اس کے علاوہ موبائل سروس کوئی بھی ہو ڈیٹا کے ذریعے انٹرنیٹ کا استعمال صارفین کے لیے شدید اذیت کا باعث بنا ہوا ہے جب کہ صارفین کو انٹرنیٹ سلو ڈاؤن اور ایکس کی بندش کے معاملے پر عدالتوں سے بھی تاحال ریلیف نہیں مل سکا ہے۔
دوسری جانب پی ٹی اے ذرائع نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہےکہ اکتوبر کے آخر تک انٹرنیٹ کی اسپیڈ بہتر ہوجائے گی۔
کراچی: حکام نےائیرپورٹ کے سگنل پر دھماکے میں 9 مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا۔
تفتیشی حکام کے مطابق جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد فارنزک کے لیے بھجوائے گئے ہیں اور دوران تحقیقات خاتون سمیت 9 مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
حکام کا بتانا ہےکہ جائے وقوعہ کی جیو فینسنگ بھی مکمل کر لی گئی ہے جس کے بعد 6 مشکوک نمبرزکاڈیٹا حاصل کرلیا گیا ہے جب کہ حملہ آورکے پاس حملےکے وقت موبائل فون نہیں تھا۔
حکام کے مطابق دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی کا روٹ بھی مل گیا ہے، حملہ آور دھماکے سے قبل بھی ائیر پورٹ سگنل سےگزرا تھا۔
حکام کا مزید بتانا ہے کہ حملے میں متاثرہ 16 گاڑیوں کی مکمل تفصیلات حاصل کرلی ہیں، کرائم سین کو جلد کلیئر کردیا جائے گا مگر حملے کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا گیا۔
واضح رہےکہ 6 اکتوبر کی رات کراچی ائیرپورٹ کے قریب غیر ملکیوں کے قافلے پر خودکش حملہ کیا گیا جس میں دو چینی شہریوں سمیت تین افراد ہلاک ہوئے۔
سندھ ہائیکورٹ نے اردو فیڈرل یونیورسٹی کی فیس بڑھانے کیخلاف طلبہ کی درخواست پر تمام فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔
ہائیکورٹ میں اردو فیڈرل یونیورسٹی کی فیس بڑھانے کے خلاف طلبہ کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے تمام فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا۔
دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ عدالت نے حکم دیا کہ شعبہ قانون کی فیس اب 5 سالوں کیلئے صرف 15 ہزار بڑھائی جائے گی۔
بھارتی کامیڈین و میزبان بھارتی سنگھ اور ان کےشوہرہرش لمباچیاکوفراڈکیس میں پولیس نے طلب کرلیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی سنگھ، ہرش لمباچیا اور بالی وڈ اداکارہ ریا چکرورتی کو نئی دہلی پولیس نے 500 کروڑ روپے کے فراڈ میں تفتیش کیلئے طلب کیا ہے۔
اس حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ پولیس نے بھارتی، ہرش اور اداکارہ ریا چکرورتی کو اگلے ہفتے تحقیقات میں شامل ہونے کے لیے نوٹس بھیج دیے ہیں۔
پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ فراڈ HIBOX نامی ایک موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے کیا گیا ہے جس میں مبینہ طور پر لوگوں کو زیادہ منافع کے وعدے کے ساتھ سرمایہ کاری کرنے کا لالچ دیا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس فراڈ میں 9 سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور یوٹیوبرز شامل ہیں جن میں کامیڈین بھارتی سنگھ، ان کے شوہر ہرش لمباچیا، لکشے چوہدری، آدرش سنگھ، سورو جوشی، ابھیشیک ملہان، پورو جھا، ایلویش یادو اور بالی وڈ اداکارہ ریا چکرورتی سمیت دیگر لوگوں نے اس ایپ کو پروموٹ اور اس کے ذریعے لوگوں کو سرمایہ کاری کا لالچ دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ایپ رواں سال فروری میں لانچ کی گئی تھی جس میں 30 ہزار کے قریب لوگوں نے اپنا پیسہ لگایا اور ملزمان کی جانب سے صارفین کو روزانہ کی بنیاد پر ایک سے 5 فیصد جب کہ ماہانہ 30 سے 90 فیصد منافع حاصل کرنے کا وعدہ کیا گیا۔
پولیس کے مطابق اس فراڈ میں ملوث چنئی سے تعلق رکھنے والا اہم ملزم گرفتار ہے جس سے تفتیش جاری ہے۔
اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی میں انتظامی بحران شدت اختیار کرگیا۔
چیئرمین کے بعد سیکریٹری کو بھی امتحانات کے نتائج کی تیاری کے دوران عہدے سے ہٹا کر ڈپوٹیشن پر 19 گریڈ کے ایسو سی ایٹ پروفیسر کو تعینات کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق انٹر بورڈ کراچی میں ایک بار پھر ڈپوٹیشن پر تقرریوں کا سلسلہ شروع کردیا گیا، گریڈ 19 کے ایسوسی ایٹ پروفیسر کا ڈپوٹیشن پر انٹربورڈ کراچی تبادلہ کردیا گیا۔
محکمہ بورڈز و جامعات کی ہدایت پر محکمہ کالج ایجوکیشن کے ایسوسی ایٹ پروفیسر کو بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کراچی میں بطور سیکریٹری تعینات کردیا ہے ۔وزیر برائے یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق محکمہ کالج ایجوکیشن کے گریڈ 19 کے ایسو سی ایٹ پروفیسر امیر حسین قادری کو ڈپوٹیشن کی بنیاد پر سیکریٹری تعینات کردیا ہے ۔
امیر حسین قادری باقاعدہ عہدے دار کی تقرری تک ایک سال کی مدت کے لیے بطور سیکریٹری خدمات انجام دیں گے جبکہ انٹربورڈ کے سابق سیکریٹری محمد کاشف صدیقی کو اس عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے ۔انٹر بورڈ میں یہ تعیناتی ایسے حساس وقت پر کی گئی ہے جب انٹرمیڈیٹ کراچی کے نتائج کا اعلان کیا جانا ہے جو تاخیر کا شکار ہے ۔
محکمہ تعلیم سندھ سے وابستہ افراد کے مطابق گزشتہ کئی سال سے سندھ کے کسی بھی تعلیمی بورڈ میں مستقل ناظم امتحانات ، سیکرٹری بورڈ تعینات نہیں کیا گیا۔اس دوران ایڈہاک ازم کی بنیاد پر اہم عہدوں پر تعیناتیاں کی جارہی ہیں۔
گوگل فوٹوز میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی فیچر آسک فوٹو صارفین کے لیے متعارف کرانے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔
اس فیچر کا اعلان مئی میں گوگل کی سالانہ ڈویلپر کانفرنس کے موقع پر کیا گیا تھا اور اس کی آزمائش گوگل فوٹوز ایپ میں جولائی سے کی جا رہی تھی۔
اب اسے سب سے پہلے امریکا میں متعارف کرایا جا رہا ہے جس کے بعد توقع ہے کہ آنے والے مہینوں میں یہ دیگر ممالک کے صارفین کو بھی دستیاب ہوگا۔
گوگل جیمنائی پر مبنی اس فیچر سے صارفین فوٹوز ایپ میں زیادہ بہتر طریقے سے اپنا پسندیدہ مواد سرچ کر سکیں گے۔یہ فیچر جنریٹیو اے آئی کو استعمال کرکے زیادہ برق رفتاری سے تفصیلات اکٹھی کرے گا اور تصاویر میں موجود اشیا کی شناخت بھی کر سکے گا۔
یہ اے آئی فیچر صارفین کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کا جواب بھی دے سکے گا۔یہ فیچر گوگل فوٹوز کی سرچ ٹیب میں چھپا ہوگا اور اس کے لیے آسک بٹن کا اضافہ اس سروس میں کیا جائے گا۔اس بٹن پر کلک کرنے پر ایک نیا انٹرفیس نظر آئے گا جس میں مختلف سوالات موجود ہوں گے۔
کمپنی کی جانب سے مئی میں بتایا گیا تھا کہ اس فیچر سے صارفین کے لیے ہزاروں تصاویر میں سے کسی ایک تصویر کو ڈھونڈنا بہت آسان ہو جائے گا، اس طرح اسکرولنگ میں وقت ضائع کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
9 ٹو 5 گوگل کی رپورٹ کے مطابق جن افراد نے آغاز میں آسک فوٹو ویٹ لسٹ میں سائن اپ کیا تھا، ان کے لیے یہ فیچر اب متعارف کرا دیا گیا ہے۔
یہ نیا فیچر گوگل فوٹوز مں سرچ ٹیب کی جگہ لے گا۔
کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے بجلی کے بلوں میں ٹیکس وصولی کے خلاف درخواست مسترد کردی۔
سندھ ہائیکورٹ میں سماعت کے دوران کے الیکٹرک کے وکیل نے کہا کہ ایڈوانس ٹیکس، اِنکم ٹیکس دینے والے صارفین پر نافذ نہیں ہوتا، اگر درخواست گزارانکم ٹیکس ادا کرتے ہیں تو ہم سے رابطہ کرلیتے ہیں۔
وکیل کے الیکٹرک کا کہنا تھا بجلی ایک قابل فروخت شے ہے جس پر ٹیکس لگتے ہیں جب کہ فیول ایڈجسٹمنٹ تیل کی قیمتوں کے مطابق ریگولیٹ ہوتے ہیں۔اس پر عدالت نے کہا کہ فیول ایڈجسٹمنٹ کئی ماہ بعد ہوتے ہیں، اگر کوئی کرایہ دار ہے تو یہ فیول ایڈجسٹمنٹ اس کی حق تلفی ہے۔
عدالت نے درخواست گزار سے سوال کیا کہ فنانس ایکٹ کے تحت ٹیکس کا نفاذ کیا جاتا ہے، آپ نے فنانس ایکٹ چیلنج کیا؟
بعد ازاں عدالت نے بجلی کے بلوں میں ٹیکس وصولی کے خلاف درخواست کو مسترد کردیا اورکہا کہ درخواست مسترد کرنے کی وجوہات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
ملتان: پاکستان نے میزبان انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز کھانے کے وقفے تک 6 وکٹوں کے نقصان پر 436 رنز بنالیے۔
ملتان میں کھیلے جارہے ٹیسٹ میں مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل 74 اور آغا سلمان 31 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں جبکہ آج گرنے والی پہلی وکٹ نسیم شاہ کی تھی جو 33 رنز بناکر پویلین لوٹے بعدازاں محمد رضوان صفر کے مہمان ثابت ہوئے۔
پہلا دن
پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف پہلے دن کے اختتام پر 86 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 328 رنز بنائے تھے۔ صائم ایوب کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد کپتان شان مسعود اور اوپنر عبداللہ شفیق نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 253 رنز بنائے۔ یہاں عبداللہ شفیق 102 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، انہوں نے ٹیسٹ میں اپنی پانچویں سنچری بنائی۔
عبداللہ شفیق کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان شان مسعود بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹہر سکے اور 151 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھے۔ انہوں نے 4 سال بعد کیریئر کی 11 ویں سنچری اسکور کی جس میں 10 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔
پاکستان کو چوتھا نقصان بابراعظم کی صورت میں اٹھانا پڑا جو 30 رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ پہلے دن کے اختتام پر سعود شکیل 35 اور نسیم شاہ بغیر کوئی رن بنائے کریز پر موجود تھے۔
واضح رہے کہ ملتان میں اب تک دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف ایک ایک ٹیسٹ جیت چکی ہیں۔ انگلینڈ سے قبل بنگلا دیش نے پاکستان کو اسکی ہی سرزمین پر دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں وائٹ واش کیا تھا۔
کراچی: جامعہ کراچی نےمعروف اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کو پی ایچ ڈی کی اعزازی سند دینے پر غور شروع کردیا ۔
اس حوالےسے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی کی زیر صدارت سنڈیکیٹ کا ایک ہنگامی اجلاس کل طلب کرلیا
واضح رہے کہ معروف اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کو پی ایچ ڈی کی اعزازی سند دینے کی باقاعدہ سفارش صوبے کی سرکاری جامعات کے چانسلر کامران ٹیسوری کی جانب سے کی گئی تھی۔
محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کے ذرائع کے مطابق محکمہ کی جانب سے اس سلسلے میں آمادگی کا خط منگل کو جامعہ کراچی کو بھجوایا گیا ہے جس کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے اس سلسلے میں حتمی منظوری کے لیے سنڈیکیٹ کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں جاری یک نکاتی ایجنڈے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں گورنر سیکریٹریٹ کے موصولہ خط کے تناظر میں ڈاکٹر ذاکر عبدالکریم نائیک مبلغ اسلام کو پی ایچ ڈی کی اعزازی سند دیے جانے پر غور اور منظوری دینا ہے۔
حیدرآباد : گورنمنٹ کالج یونی ورسٹی حیدرآباد میں اینٹی ڈرگ اینڈ ٹوبیکو کمیٹی کے تحت ہفتہ انسدادِ منشیات مہم منایا جارہا ہے۔ مہم کا آغاز وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طیبہ ظریف نے کیا۔
افتتاحی تقریب تاریخی اسمبلی ہال کے سامنے منعقد ہوئی۔ منشیات کی روک تھام اور شعور و آگہی کے لیے طلبہ نے پوسٹرز تیار کر رکھے تھے جن پر مختلف نشہ آور اشیاء اور ان کے استعمال سے پہنچنے والے نقصانات کی تصویر کشی کی گئی تھی۔ طلبہ نے اس حوالے سے وائس چانسلر، اساتذہ، عملے اور طلبہ کو بریف کیا۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طیبہ ظریف نے مہم اور طلبہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ منشیات کے عادی افراد کی وجہ سے پورے پورے معاشرے تباہ و برباد ہوجاتے ہیں اس ناسور کے خاتمے کے لیے انفرادی اور اجتماعی دونوں سطح پر بھرپور کوشش کرنا چاہیے۔
انھوں نے طلبہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آپ منشیات کے خلاف ہمارے سفیر ہیں۔ جس طرح آپ نے اپنے آپ کو اس لعنت سے محفوظ کیا ہوا ہے اسی طرح اپنے اردگرد ماحول کو اس گندگی سے محفوظ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ کونسلنگ کریں۔ غیر نصابی سرگرمیاں بالخصوص کھیل کود میں بھرپور حصہ لیں۔ جی سی یونیورسٹی حیدرآباد میں تمام سہولیات موجود ہیں ان سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
اس موقع پر اینٹی ڈرگ اینڈ ٹوبیکو کمیٹی کے کنویئر پروفیسر ڈاکٹر مخدوم محمد روشن صدیقی، کمیٹی اراکین، سینیئر پروفیسرز، صدور شعبہ جات اور انتظامی افسران بھی موجود تھے۔