جمعرات, 28 نومبر 2024

سرگودہا : علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نےسمسٹربہار2020کے منسوخ ہونے والے امتحانات کی نئی تاریخوں کااعلان کردیا۔

ریجنل ڈائریکٹر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی محمد ہاشم خان نیازی نے کہا کہ کورونا وائرس کی تعطیلات کے دوران26 نومبر2020 سے شروع ہونے والے جن پرچہ جات کو منسوخ کیا گیا تھا انہیں از سرِ نو 18 جنوری 2021 سے شروع کیا جا رہاہے۔

جس میں شرکت کے لئے امید وار انٹر نیٹ سے اپنی نئی رول نمبر سلپ حاصل کر سکتے ہیں۔

واضح رہے وفاقی حکومت نے 18 جنوری سے تمام تعلیمی ادارے سلسلے وار کھولنے کااعلان کیا ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے امتحانات کاشیڈول ترتیب دیا گیا ہے۔
یا د رہے امتحانات مکمل ایس او پیز کے تحت لئے جائیں گے۔

پشاور: محکمہ ہائر ایجوکیشن خیبر پختونخوا نے مالی خسارے سے بچنے کے لیے صوبے کی تمام جامعات میں نئے بھرتی ہونے والے ملازمین کی پنشن کی سہولت ختم کردی۔

صوبے کی جامعات شدید مالی بحران کی لپیٹ میں ہیں جس کے باعث بچت کے مختلف اقدامات کیے جارہے ہیں۔

ہائر ایجوکیشن خیبر پختونخوا کے اعلامیے کے مطابق صوبے میں جامعات کے زیر نگرانی اسکولوں کی فیسوں پر بھی نظر ثانی کرکے فیس بڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جامعات کے ملازمین کے میڈیکل اور ہاؤس الاونس کو تبدیل کرکے صوبائی حکومت کے اسکیل کے برابر لایا جائےجبکہ مرمت، سکیورٹی اور دیگر اخراجات کے لیے کیمپس کے اندر رہائش پذیر ملازمین سے پیسے وصول کیے جائیں تاکہ جامعات پر کم سے کم بوجھ پڑھ سکے۔

کراچی: قائم تلاش کمیٹی نےوائس چانسلر کے تقرر کے لئے حیدرآباد کی پہلی سرکاری جامعہ گورنمنٹ کالج حیدرآباد یونیورسٹی کے پہلے وائس چانسلر کے عہدے کیلئے 33 امیدواروں میں سے 17 ؍ امیدواروں پر اتفا ق کرلیا ہے ۔

تلاش کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالقدیر راجپوت کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں تعلیمی امور کا تجربہ رکھنے والے سینئر بیوروکریٹ اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری بورڈز و جامعات علم الدین بلو نے بھی خصوصی شرکت کی۔

33 امیدواروں میں سے16امیدواروں کو غیر موزوں قرار دیدیا گیا ہے جن میں موجودہ قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر ناصرالدین شیخ بھی شامل ہیں انھیں تحقیقی پرچے کم ہونے کے باعث انٹرویو کے لیے نہیں بلایا جائے گا۔

اجلاس میں جن ؍17 امیدواروں کو انٹرویوز لیے اہل قرار دیا گیا ان میں انٹر بورڈ کراچی کے چیئرمین ڈاکٹر سعید الدین، جامعہ سندھ کے موجودہ وائس چانسلر ڈاکٹر فتح محمد برفت، ڈاکٹر ابراہیم کیریو،ڈاکٹر طیبہ ظریف، ڈاکٹرﷲ بخش گھونگرو، ڈاکٹر حسین بخش مری، ڈاکٹر غلام سرور مرکھنڈ، ڈاکٹر صغیر احمد شیخ ،ڈاکٹر اسد ﷲ شاہ، ڈاکٹر عبدﷲ ، ڈاکٹر عنایت ﷲ شاہ، ڈاکٹر رزاق مہر، ڈاکٹر نبی بخش جمانی، ڈاکٹر پروین منشی، ڈاکٹر صدیق محمد کلہوڑو، ڈاکٹر حفیظ الرحمان میمن اور ڈاکٹر عنایت علی شاہ شامل ہیں۔

تلاش کمیٹی کے ذرائع کے مطابق امیدواروں کے انٹرویوز آئندہ ہفتےسے شروع ہوں گے۔

اسلام آباد: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے گلگت بلتستان میں میٹرک کی تعلیم مفت فراہم کرنے کا اعلان کردیاہے۔

ذرائع کے مطابق علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے 15جنوری سے شروع ہونیوالے سمسٹر بہار 2021سے گلگت بلتستان میں میٹرک کی تعلیم مفت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

صحافیوں کے وفد سے بات چیت میں کہا کہ اوپن یونیورسٹی ملک میں خواندگی کی شرح بڑھانے میں اور اعلیٰ تعلیم طلبہ کو ان کے گھروں کی دہلیز پر دلانے میں بنیادی کردار ادا کررہی ہے۔

کراچی : وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی کی زیر صدارت سندھ ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں معذور بچوں کے لیے 5 فیصد کوٹہ مختص کرنے کی منظوری دی گئی جبکہ سندھ ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ پالیسی پر نظر ثانی کے لیے تفصیلی غور و خوض کیا گیا

اس موقع پروزیر تعلیم سندھ سعید غنی کا کہنا تھاکہ ہر طالب علم کی مکمل اسکروٹنی کے بعد ہی منظوری دی جائے سندھ ایجوکیشن انڈومنٹ اسکالر شپ پروگرام ہر نوجوان کو تعلیم کا مساوی حق فراہم کرتا ہے ۔ ہم چاہتے ہیں کہ میرٹ پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے ۔ وسائل نہ رکھنے والے بچوں کو ہم اس اسکالرشپ پروگرام کے تحت ہم معیاری تعلیم فراہم کررہے ہیں ۔

اجلاس میں سیکرٹری کالجز خالد حیدر شاہ ،ایم ڈی سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن قاضی کبیر، ایڈیشنل سیکرٹری انڈومنٹ فقیر محمد لاکھو و دیگر ارکان شریک ہوئے۔

کراچی: جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کےزیر اہتمام چوتھے سینٹ کا اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میںیونیورسٹی کی پرو چانسلر وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل تمام متعلقین کی مشاورت کے بعد تشکیل دی جائے گی۔انہوں نے مزید کہاہےکہ پاکستان میڈیکل کمیشن بل کا ابھی باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ اس میں موجود کمی کو سندھ میڈیکل ڈینٹل کونسل کی تشکیل کے ذریعے دور کیا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ ایس ایم ڈی سی کے دائرہ کار میں دیگر نکات جیسے یونیورسٹی اور میڈیکل کالجز کے الحاق، نصاب اور تعلیمی معاملات بھی شامل ہوں گے جس طرح پی ایم ڈی سی کام کیا کرتی تھی۔انہوں نےمزید کہا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے کی گئی قانون سازی کو نظر انداز نہیں کر سکتے جس کے تحت MD-CAT عمل میں آیا. مگر ہم کوشش کر سکتے ہیں کہ پی ایم سی کی تشکیل کے بعد جو مشکلات درپیش آ رہی ہیں ان کو ایس ایم ڈی سی کے ذریعے کم کیا جا سکے۔

انہوں نے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے بانی وائس چانسلر پروفیسر سید محمد طارق رفیع کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سے پہلے پروفیسر طارق رفیع نے یونیورسٹی کی گزشتہ دو سالوں کی کارکردگی پیش کی۔انہوں نے یونیورسٹی کی جانب سے کنٹریکٹ ملازمین کو فائدہ پہنچانے کے لیے ان کی سالانہ چھٹیاں اور تنخواہوں میں اضافے کے بارے میں بتایا۔وزیر صحت نے اس بات کو بہت سراہا اورکیبنٹ میں اس کو پیش کرنے کا حکم دیا۔

پرو فیسر طارق رفیع نے یہ بھی بتایا کہ یونیورسٹی اپنا 60 فیصد بجٹ اپنی ذرائع سے حاصل کرتی ہے کیونکہ گورنمنٹ کی دی گئی گرانٹ بتدریج کم ہو رہی ہے۔انہوں نے 1.9بلین روپے کا بجٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اس میں 400ملین روپے کا خسارہ ہے جو بچت اور حکومتی گرانٹ سے پورا کیا جائے گا۔

انہوں نے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سنٹر کی وفاق میں منتقلی کے حوالے سے فکیلٹی کے اسٹیٹس کے مسئلہ کو بھی ابھارا۔جسے ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے ایک مسئلہ قراردیا اور کہا کہ ان کی وزارت اس مسئلہ کے حل کے لیے مسلسل کوشش کر رہی ہے۔

مانیٹرنگ ڈیسک : واٹس ایپ پرائیویسی پالیسی میں تبدیلی کے اعلان کے بعد ترک صدر طیب اردوان کے میڈیا آفس نے واٹس ایپ کو خیرباد کہہ دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ترک صدرکے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں واٹس ایپ کی نئی پرائیوسی پالیسی کو متنازع قرار دیتے ہوئے اسے چھوڑنے کا اعلان کیا گیا۔

واٹس ایپ پرائیویسی پالیسی تبدیل

واٹس ایپ پرصدارتی دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ صدر کا میڈیا آفس اب صحافیوں کو ترک کمیونیکیشن کمپنی کے پلیٹ فارم بی آئی پی کے ذریعے اطلاعات فراہم کرے گا۔

ترکی کے مقامی میڈیا کے مطابق ترک سیل کمپنی نے دعویٰ کیا ہےکہ واٹس ایپ کی نئی پرائیویسی پالیسی کے اعلان کے بعد صرف 24 گھنٹوں اس کے صارفین کی تعداد میں 1.12 ملین کا اضافہ ہوا جس سے دنیا بھر میں بی آئی پی کے صارفین کی تعداد 53 ملین سے تجاوز کرگئی ہے۔

دوسری جانب ترکی میں واٹس ایپ کی جانب سے نئی پالیسی کے بعد اعلان کے بعد ٹوئٹر صارفین نے ہیش ٹیگ ڈیلیٹ واٹس کا استعمال شروع کردیا۔

کراچی: وفاقی اردو یونیورسٹی نے ملتوی ہونے والافارم ڈی کاداخلہ ٹیسٹ2021(صبح)کی تاریخ کااعلان کردیا

ڈائریکٹر ایڈمیشن ڈاکٹرسیداخلاق حسین کے مطابق داخلہ2021(صبح)فارم ڈی کا ملتوی ہونے والاانٹری ٹیسٹ اب 14 جنوری 2021جمعرات کو صبح10:30 بجے ہوگا۔

پشاور: ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے دو سالہ بیچلر اور ماسٹرز ڈگری پروگرامز کو 2022 تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد طلباء اب اگلے دو سالوں تک مختلف انڈرگریجویٹ اور گریجویٹ پروگراموں میں داخلے حاصل کرسکتے ہیں۔

وائس چانسلر یونیورسٹی آف پشاور نے ایک نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایچ ای سی نے اگلے دو سال تک پروگرام جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ طلباء کو اب 2022 تک ان پروگراموں میں داخلے کے حوالے سے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کو اب 2022 تک ان پروگراموں میں داخلے کے حوالے سے کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔

گذشتہ سال نومبر میں ، ایچ ای سی نے تمام تعلیمی اداروں کو دو سالہ بیچلر ڈگری پروگراموں کو روکنے کی ہدایت جاری کی تھی کیونکہ وہ تعلیمی سال 2018 کے بعد کیے گئے اس طرح کے کسی بھی پروگرام کو تسلیم نہیں کرے گی۔

اس سلسلے میں ، کمیشن نے ملک کے تمام سرکاری اور نجی شعبے کی ڈگری دینے والے اداروں کو ایک خط بھی لکھا تھا۔

کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کو پڑھتے ہوئے کہا گیا ہے کہ "یہ شدید خدشات کے ساتھ دیکھا گیا ہے کہ یہ پروگرام اب بھی یونیورسٹیوں ، ڈگری ایوارڈ دینے والے اداروں (ڈی آئی اے) اور ان سے وابستہ کالج پیش کرتے ہیں۔"

مانیٹرنگ ڈیسک : مقبول ترین مسیجنگ ایپ واٹس ایپ نے گزشتہ ہفتے اپنی پرائیویسی میں تبدیلی کے اعلان کے بعد صارفین کی جانب سے تنقید اور غصے کااظہار کیا جارہاہے۔

جس کے بعد اب موبائل ایپ ٹیلی گرام نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دلچسپ انداز میں اپنے خیالات کااظہار کیاہے جس پر صارفین کی جانب سے خوب تبصرے کیے گئے۔

میسجنگ سروس ٹیلی گرام نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک میم شیئر کی جس میں 2 اسپائیڈر مین ایک دوسرے کی طرف اشارہ کررہے ہیں اور ان میں سے ایک کے سر پر فیس بک جبکہ دوسرے پر واٹس ایپ کا آئیکون موجود ہے۔

سال 2020 میں میمز کے طور پر وائرل ہونے والے کوفن ڈانس ( گھانا کے افراد کی تابوت اٹھائے رقص کرتے ہوئے ایک ویڈیو ) کی مختصر سی ویڈیو موجود تھی جس پر واٹس ایپ کی جانب سے صارفین کو ارسال کی گئی پرائیویسی پالیسی موجود ہے۔

Image

جس سے ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ ٹیلی گرام، واٹس ایپ صارفین کی جانب سے دیگر میسجنگ ایپس کا رخ کرنے پر مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے ان کی پالیسی کو نشانہ بنارہا ہے۔

ایسی مزاحیہ ٹوئٹ پر صارفین تبصرہ کئے بغیر نہ رہ سکے جسکا جواب ٹیلی گرام نے بھی بھرپور انداز میں دیا ہے

خیال رہے کہ واٹس ایپ کی پرائیویسی پالیسی متعارف ہونے کے بعد دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے ایک ٹوئٹ میں سگنل ایپ کے استعمال کی تجویز کی تھی۔

ان کی اس ٹوئٹ کے بعد سگنل پر نئے صارفین کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ ہوا کہ نئے صارفین کی رجسٹریشن میں تاخیر بھی ہوئی۔