ایمزٹی وی( انٹرنیشنل) غیر ملکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ شام میں امریکی فضائی حملے کے دوران شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ عراق و شام (داعش) کا سربراہ ابوبکر البغدادی ہلاک ہو گیا ہے۔ واضح رہے کہ امریکہ کی جانب سے یہ اقدام اورلینڈو کے نائٹ کلب میں 50 افراد کی ہلاکت کے بعد سامنے آیا ہے۔ دہشتگردی کے اس حملے میں ملوث افغان نژاد امریکی عمر متین نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کا تعلق داعش کے ساتھ ہے۔ اگر یہ خبر درست ہے تو اس سے اس کی تنظیم کو بہت نقصان ہوگا۔ تاہم ابھی تک امریکی حکومت یا فوج کی جانب سے اس خبر کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ اس سے پہلے خبریں تھیں کہ گزشتہ دنوں الرقہ میں امریکی فضائیہ کی بمباری کے دوران ابوبکر البغدادی شدید زخمی ہو چکا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ابوبکر البغدادی پر فضائی حملوں کی خبریں میڈیا پر آتی رہی ہیں لیکن کبھی بھی اس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
ایمز ٹی وی(ٹیکنالوجی)چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق چین کے سائنسدانوں نے کہا ہے کہ آئندہ پانچ سالوں کے دوران خلاء میں پانچ مصنوعی سیارے چھوڑے جائیں گے۔ خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ چین کے خلائی تحقیقاتی ادارے کے سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ یورپی اشتراک سے آئند پانچ سالوں کے دوران خلا میں پانچ مصنوعی سیارے چھوڑے جائیں گے۔
خلائی تحقیقاتی ادارے کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ خلا میں چھوڑے جانے والے سیاروں میں شمسی سرگرمیوں کی نگرانی،ماحول اور خلائی موسم کی معلومات، پانی کی ری سائیکلنگ کے تجربات اور سیاہ سوراخ کی تحقیقات سے متعلق سیارے شامل ہونگے۔
ایمز ٹی وی(ٹیکنالوجی)واٹس ایپ کی جانب سے ویڈیو کال کے بٹن کے حوالے سے باضابطہ طورپر کوئی اعلان سامنے نہیں آیا۔ اس بٹن کو اےپی کے مرر سے ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔اس کے علاوہ واٹس ایپ کا بیٹا ورژن استعمال کرنے والے گوگل پلے بیٹا ٹیسٹنگ پروگرام سے بھی اس فیچر کو ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔
اگرچہ یہ بٹن واٹس ایپ میں موجود ہے مگر ابھی فعال نہیں ہوا ہے۔اس بٹن کی کچھ پلیٹ فارمز پر ٹیسٹنگ بھی ہوئی ہے اور امکان ہے کہ اس کے حوالے سے جلد اہم خبر سامنے آئے گی۔
ایمز ٹی وی(ٹیکنالوجی)مائیکرو سافٹ کے مطابق ان کا سیااومی کے ساتھ پیٹنٹ کی فروخت کا طویل المدتی معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت سیااومی اپنے سیل فونز اور ٹیبلیٹس پر مائیکروسافٹ کے سافٹ وئیرز کی کاپی کر سکے گی جیسے کہ اسکائپ اور مائیکرو سافٹ آفس وغیرہ ہیں۔
کمپنیوں نے باہمی معاہدے کی مالیت ظاہر نہیں کی ہے تاہم سیااومی اپنا کاروبار چین سے باہر مزید پھیلائے جانے کی خواہشمند ہے
ایمز ٹی وی(ٹیکنالوجی)فالج کے مریضوں کو ابلاغی عمل کے قابل کرنے کے لیے تحقیق برسوں سے جاری ہے۔ اس دوران ہزار ہا تجربات کے بعد بالآخر سائنس داں اس مشین کی تیاری کے قریب پہنچ گئے ہیں جو ان کی سوچ کو تحریر کی شکل میں ڈھال کر انھیں بات چیت کرنے کے قابل بنادے گی۔ مشین کو حقیقت کا رُوپ دینے کی جانب اہم پیش رفت کے طور پر سائنس دانوں نے ایک شخص کی سوچ کو لفظ میں کام یابی سے ڈھال لیا۔ ماہرین نے جو لفظ بُوجھا وہ وہی تھا جو اس شخص نے سوچا تھا۔
امریکا کی بارکلے یونی ورسٹی میں نیوروسائنس کے پروفسیر رابرٹ نائٹ اور ان کی ٹیم طویل عرصے سے دماغ کے ان حصوں کا مطالعہ کررہی ہے جو بولنے، سننے اور سوچنے کے عمل میں ملوث ہوتے ہیں۔ سوچ بچار کے عمل کے دوران ان حصوں میں رونما ہونے والی تبدیلی کا درست مطلب سمجھنے میں ابتدائی کام یابی کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے پروفیسر رابرٹ کہتے ہیں کہ اب ان کے سامنے سب سے بڑا چیلنج سوچ بچار کے دوران ایک شخص کے دماغ میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کو قابل فہم فقروں اور جملوں میں تبدیل کرنا ہے۔
پروفیسر رابرٹ کے مطابق دماغ کے کئی ایسے امراض ہیں جن کے نتیجے میں مریض مکمل طور پر ہوش و حواس میں ہوتے ہوئے بھی قوت گویائی سے محروم ہوجاتا ہے۔ محقق نے کہا کہ وہ ایک ایسی ڈیوائس بنانا چاہتے ہیں جو سوچ بچار کے عمل کے دوران دماغ میں پیدا ہونے والے سگنلز کو ڈی کوڈ کرسکے۔ بعدازاں ان سگنلز کو ساؤنڈ فائل کی شکل دے کر اسپیچ ڈیوائس کے ذریعے تحریر میں تبدیل کیا جاسکے۔ واضح رہے کہ یہ ڈیوائس متأثرہ شخص کے دماغ کے اندر نصب کی جائے گی۔
تجربات کے دوران سائنس دانوں نے ایک مریض، جو مکمل طور پر ہوش میں تھا، کی کھوپڑی کے اوپر اس جگہ پر برقیرے رکھے جس کے نیچے نطق کو کنٹرول کرنے والا دماغی حصہ موجود ہوتا ہے۔ پھر انھوں نے مریض کو ایک لفظ بار بار سنایا اور اس دوران دماغی خلیوں کے برقی ردعمل کو مانیٹر کرتے رہے۔ کئی بار یہ عمل دہرانے کے بعد انھوں نے برقی سگنلز کو ریکارڈ کرلیا۔ برقی سگنلز کو ڈی کوڈ کرنے کے لیے سائنس داں ایک کمپیوٹر ماڈل پہلے ہی تخلیق کرچکے تھے۔ جب انھوں نے ریکارڈ شدہ برقی سگنلز کو اس ماڈل میں داخل کرکے صوتی اشارات میں بدلا تو نتیجے کے طور پر وہی لفظ سنائی دیا جو مریض سے کہا گیا تھا۔
بعدازاں سائنس دانوں نے مریض کو ایک مخصوص لفظ سوچتے رہنے کی ہدایت کی اور اس دوران دماغ میں پیدا ہونے والے برقی سگنلز کو ریکارڈ کرلیا۔ پھر اسی تیکنیک کی مدد سے ان سگنلز کو الگ الگ ڈی کوڈ کیا گیا تو سب کا نتیجہ ایک ہی لفظ کی صورت میں ظاہر ہوا۔ پروفیسر رابرٹ کو امید ہے کہ مستقبل قریب میں وہ دماغ کے برقی اشارات یعنی سوچ کو فقروں اور جملوں میں تبدیل کرنے والی مشین بنانے میں کام یاب ہوجائیں گے۔
ایمزٹی وی(بلوچستان)طورخم بارڈر پر دوران ڈیوٹی افغان فورسز کی فائرنگ سے شہید ہونے والے میجر علی جواد چنگیزی کو سپرد خاک کر دیا گیا۔ میجر علی جواد چنگیزی کے جسد خاکی کو پشاور سے کوئٹہ خالد ایئر بیس پر لایا گیا، جہاں سے میت کو امام بارگاہ پہنچایا گیا۔ نماز جنازہ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری، آئی جی ایف سی میجر جنرل شیر افگن، وفاقی وزیر برائے سرحدی امور جنرل ریٹائرڈ قادر بلوچ، صوبائی وزراء سمیت اراکین اسمبلی، ہزارہ برادری کے متعبرین اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ نماز جنازہ کے بعد شہید کو سلامی پیش کی گئی۔ وفاقی وزیر برائے سرحدی امور ریٹائرڈ جنرل عبدالقادر بلوچ کا کہنا تھا کہ میجر علی جواد چنگیزی کی شہادت پر پوری قوم فخر کرتی ہے۔ اس دھرتی کو اللہ تعالی ٰ نے اسے سپوتوں سے نوازا ہے جو اپنے ملک کے لیے قربانیاں دینے کے لیے ہمیشہ تیار ہیں۔
ایمز ٹی وی(ٹیکنالوجی)سویڈن کے طالب علموں نے ایک بہت کم توانائی استعمال کرنے والی ایسی گاڑی بنائی ہے جو بجلی کی قوت سے چلتی ہے اور ریل کی پٹڑیوں پر بھی دوڑتی ہے جب کہ اسے باکفایت سواری کا ایوارڈ دیا گیا ہے۔
ڈالارنا یونیورسٹی کے طلبا و طالبات کی ٹیم نے المونیم کی ایک گاڑی بنائی ہے جس کا وزن صرف 100 کلوگرام ہے اور اسے چلانے کے لیے 12 وولٹ اور 45 واٹ کی 4 بیٹریاں نصب کی گئی ہیں۔ تجرباتی طور پر اسے 3.36 کلومیٹر تک چلایا گیا جب کہ اس گاڑی میں 6 مسافر بیٹھ سکتے ہیں۔
گاڑی کے تمام حصے یونیورسٹی کے اندر ہی بنائے گئے ہیں بس اس میں بیرنگ، بیٹری اور موٹر باہر سے خریدی گئی ہیں۔ اسے بنانے کے لیے 4 طالب علموں نے کئی ڈیزائن پر کام کیا اور اس کے بعد ایک مؤثر گاڑی تیار کی ہے۔ پوری گاڑی المونیم کی بنی ہوئی ہے جب کہ اس کے پہیے فولاد سے بنائے گئے ہیں۔ اگرچہ ریلوے ٹریک پر یہ بہت تیزی سے نہیں چلی لیکن اس ٹیم نے توانائی کی بچت کے لحاظ سے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے جو 0.84 واٹ گھنٹے فی کلومیٹر فی مسافر ہے اور اسے ایکو شیل کار میراتھن میں پہلا انعام دیا گیا ہے۔
ایمزٹی وی( انٹرنیشنل) امریکی سینیٹ نے چھ سو دو ارب ڈالرکا متنازعہ ڈیفنس آتھرائزیشن بل منظورکرلیا۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی سینیٹ نےقومی ڈیفنس آتھرائزیشن ایکٹ کی منظوری دے دی ہے۔ جب کہ پاکستان کی امداد میں سے 30 کروڑ ڈالر کی رقم حقانی نیٹ ورک کے خلاف کارروائی سے مشروط کردی گئی ہے۔ گوانتامو بے جیل کی بندش سمیت متعدد مسائل پر اختلافات کی وجہ سے صدر براک اوباما انتظامیہ نے بل کو ویٹو کرنے کی دھمکی دی تھی۔ سو ارکان پر مشتمل امریکی سینیٹ نے پچاسی کے مقابلے میں تیرہ ووٹوں کی واضح اکثریت سے دفاعی بل منظور کیا۔ اس بل کو گزشتہ ماہ ایوان نمائندگان کے منظور کئے بل سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔ جس کے بعد صدر کی منظوری کے لئے بھیجا جائے گا۔ گزشتہ ماہ ایوان نمائندگان نے آئندہ برس کے فوجی اخراجات کے پالیسی بل میں پاکستان کو فوجی امداد کی فراہمی پر عائد شرائط کو مزید سخت کر دیا تھا۔ اوباما انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بل کی بعض ترامیم متنازع ہیں جس سے مسائل پیدا ہوں گے۔
ایمز ٹی وی(کراچی )پولیس نے منگھوپیر کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے شہر کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔ کالعدم تنظیم کے کمانڈر کی کمین گاہ پر چھاپہ مار کر بھاری تعداد میں گولہ بارود اوراسلحہ برآمد کرلیا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایس ایس پی ویسٹ پیر محمد شاہ نے بتایا کہ خفیہ اطلاع پر منگھوپیر سلطانہ آباد میں کالعدم تحریک طالبا ن کے کمانڈراحسان اللہ محسود کی کمین گاہ پر چھاپہ مارا گیا چھاپے کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔
کارروائی میں حصہ لینے والے ایس ایچ او منگھوپیرغلام حسین کورائی نے بتایا کہ چھاپے کے دوران 6 آر پی جی راکٹ لانچر بھی برآمد ہوئے۔
کالعدم تحریک طالبان کے کمانڈر احسان اللہ محسود کے گھر کے اطراف میں سرچ آپریشن کے دوران 35 مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔
ایمزٹی وی (تعلیم) مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنا لوجی جامشورو میں وزیر اعظم لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت پی ایچ ڈی و ماسٹرز کے طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ مہران یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اسلم عقیلی نے الیکٹرونکس شعبہ میں ہونے والی تقریب میں مہران یونیورسٹی کے مختلف شعبوں میں ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کرنے والے طلبہ کو لیپ ٹاپ دیئے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اس وقت تقریباً400 ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کے طلبہ کو مرحلے وار وزیر اعظم لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے لیپ ٹاپ قابلیت پر پورا اترنے والے طلبہ کو دیئے گئے ہیں۔ امید ہے کہ طلبہ لیپ ٹاپ کو تحقیق او تدریس کے لئے بروئے کا ر لائینگے۔ اس موقع پر رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر طحٰہ حسین علی، لیپ ٹاپ اسکیم کے کو آرڈنیٹر ڈاکٹر تنویر پھلیپو ٹو اوردیگر موجود تھے