ایمزٹی وی (اسلام آباد) الیکشن کمیشن نے کوائف مکمل نہ ہونے پر پاک سرزمین پارٹی کی رجسٹریشن کی درخواست مسترد کردی۔
ذرائع کے مطابق مصطفیٰ کمال کی جانب سے پاک سرزمین پارٹی کی رجسٹریشن کے لئے الیکشن کمیشن میں ایک تحریری درخواست جمع کرائی گئی تھی تاہم الیکشن کمیشن نے کوائف مکمل نہ ہونے پر پاک سرزمین پارٹی کی رجسٹریشن کی درخواست ابتدائی طور پر مسترد کردی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق پاک سرزمین پارٹی کی رجسٹریشن کے لئے جمع کرائی گئی درخواست میں نہ تو عہدیداروں کی تفصیل درج ہے اور نا ہی پارٹی منشور ہے۔ اس کے علاوہ درخواست میں انٹرا پارٹی الیکشن کے حوالے سے بھی تفصیلات درج نہیں۔ الیکشن کمیشن نے درخواست کا جائزہ لینے کے بعد مصطفیٰ کمال کو پارٹی کی انرولمنٹ کے لئے رجسٹریشن ایکٹ کے تحت درخواست جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
ذرائع الیکشن کمیشن کے جمع کرائی گئی درخواست میں مطابق مصطفیٰ کمال کو پارٹی کا چیرمین بتایا گیا جب کہ پارٹی فنڈز کا ذریعہ چندہ بتایا گیا ہے۔
ایمزٹی وی (اسلام آباد) تحریک انصاف نے 24 مارچ کو یوم تاسیس کے سلسلے میں اسلام آباد کے ڈی چوک کا مقام تبدیل کردیا جس کے بعد اب جلسہ ایف نائن پارک اسلام آباد میں ہوگا۔
ترجمان تحریک انصاف نعیم الحق کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے 20ویں یوم تاسیس پر 24 اپریل کو جلسے کے لئے اسلام آباد کے ڈی چوک کا مقام تبدیل کردیا گیا ہے اوراب جلسہ ایف نائن پارک میں ہوگا جب کہ اس سے قبل اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے تحریک انصاف کے اعلان کے بعد اپنے ردعمل میں کہا تھا کہ ڈی چوک پر کسی قسم کے جلسے یا اجتماع کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف نے پارٹی کے یوم تاسیس کے سلسلے میں ڈی چوک پر جلسہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
ایمز ٹی وی (ہنگو) پاک افغان سرحد کے قریب 50 سے زائد دہشت گردوں نے ایف سی کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا تاہم جوابی کارروائی میں 15 شدت پسند ہلاک اور 6 زخمی ہو گئے۔ ہنگو میں پاک افغان سرحد کے قریب منگور سر چیک پوسٹ پر 50 سے 60 دہشت گردوں نے ایف سی کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا تاہم سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 15 شدت پسند ہلاک اور 6 زخمی ہو گئے۔ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آور افغانستان کے راستے سے داخل ہوئے اور واپس اسی جانب فرار ہو گئے۔ ہنگو میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملے کے بعد ٹل اور دو آبہ کے علاقوں میں سرچ آپریشن کر کے 10 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ گرفتار افراد کے قبضے سے اسلحہ اور دستی بم بھی برآمد ہوئے اور تمام افراد کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔
ایمز ٹی وی (پشاور) بدھو ثمر باغ میں سڑک کنارے نصب بارودی مواد پھٹنے سے ایک پولیس اہلکار جاں بحق جب کہ ایک راہ گیر زخمی ہوگیا۔ پشاور کے علاقے بدھو ثمرباغ میں سڑک کے کنارے اس وقت زور دار دھماکا ہوا جب معمول کے گشت پر مامور ایک پولیس اہلکار وہاں پہنچا، دھماکے کے نتیجے میں پولیس اہلکار موقع پر ہی جاں بحق جب کہ ایک راہ گیر زخمی ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا سڑک کنارے درخت کے ساتھ پہلے سے نصب بارودی مواد کی مدد سے کیا گیا۔ دھماکے کے لیے 500 گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا جسے ریموٹ کنٹرول کی مدد سے اڑایا گیا۔