Monday, 18 November 2024
×

Warning

JUser: :_load: Unable to load user with ID: 45

ایمز ٹی وی (کھیل) وقار یونس نے بورڈ کیخلاف اعلان جنگ وقتی اشتعال کے تحت نہیں کیا بلکہ یہ ایک سوچے سمجھے منصوبے کا حصہ تھا اور اس کا اسکرپٹ بورڈکے ایک ناراض آفیشل نے تیارکیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملاقات کے لیے نہ بلانے پر وقار یونس نے اظہار ناراضی کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی شہریارخان اورایگزیکٹیوکمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا، اس وقت یہ تاثر سامنے آیا کہ شاید وہ غصے میں ایسی باتیں کر گئے مگر ذرائع کا کہنا ہے کہ ایسا سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ہوا۔ بورڈ وقار یونس کو فارغ کرنے کا فیصلہ کرچکا مگر وہ آسانی سے یہ پوسٹ چھوڑنے کو تیار نہیں ہیں، تنازع والے دن ان کے قریبی شخص نے ایک اعلیٰ پی سی بی آفیشل سے ملاقات کر کے کہا کہ ’’ وقار یونس کا کنٹریکٹ ختم ہونے والا ہے، اگر اس سے پہلے عہدے سے ہٹایا تو ان کی بے عزتی ہوگی، کہیں اور کوچنگ اسائمنٹ ملنے میں بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، انھیں اگست تک فرائض انجام دینے دیں، تب تک انگلینڈ سے ٹیسٹ سیریز مکمل ہو جائے گی‘‘ مذکورہ آفیشل نے انھیں جواب دیا کہ ’’تحقیقاتی کمیٹی نے اگر کوچ کو برطرف کرنے کی سفارش کر دی تو اس پر عمل کرنا ہی پڑے گا‘‘ اس کے کچھ دیر بعد ہی وقار یونس نے پریس کانفرنس کر دی اور اگلے روز وزیر کھیل ریاض حسین پیرزادہ سے ملاقات کیلیے اسلام آباد بھی پہنچ گئے۔ یاد رہے کہ کوچ نے اپنی رپورٹ میں سب پر الزامات لگائے مگر اپنی کسی غلطی کو تسلیم نہ کیا، یہ کسی کو ہضم نہیں ہو رہا، دلچسپ بات یہ ہے کہ کپتان شاہد آفریدی کو سب تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں مگر انھوں نے بڑے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے شکست کی ذمہ داری نہ صرف قبول کی بلکہ کسی اور کیخلاف ایک لفظ بھی نہیں کہا۔

ایمز ٹی وی ( انٹرٹینمنٹ): سرکاری ٹی وی کی نیوزاینکر کیساتھ خفیہ شادی کرنیوالے وفاقی وزیرکانام سامنے آگیاہے اور مقامی اخبار نے دعویٰ کیاہے کہ وہ نام مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق ہے جنہوں نے اینکرڈاکٹرشفق حرا کو دلہنیا بنا لیا ہے۔ اخبار نے اپنے ذرائع کے حوالے سے لکھاکہ لیگی حلقوں میں خواجہ سعد رفیق کی دوسری شادی کی خبریں گردش کررہی تھیں جن کا علم ہونے پر ان کی پہلی اہلیہ غزالہ سعد رفیق کیساتھ اختلافات پیداہوگئے ہیں اورخاتون خانہ نے گھر چھوڑنے کی دھمکی دیدی تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ پہلی اہلیہ تک یہ خبر کیسے پہنچی۔اخبار کے رابطہ کرنے پر خواجہ سعد رفیق کے پرسنل سیکریٹری وقاص نے اس ضمن میں لاعلمی کا اظہار کردیااور وفاقی وزیر سے رابطے کا مشورہ دیا۔اس کے بعد خواجہ سعد رفیق کے پرائیویٹ سیکریٹری صہیب نے بتایاکہ وفاقی وزیرمیٹنگ میں مصروف ہیں تاہم ان کی خفیہ شادی کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ، یہ محض افواہ ہے :۔

ایمز ٹی وی (کھیل) کولکتہ کے گنجان علاقے بڑا بازار میں پل گرنے کے افسوسناک واقعے کی وجہ سے اتوار کو ایڈن گارڈنز میں شیڈول ویمنز اور مینز ورلڈ ٹی 20 فائنلز میں شریک چاروں ٹیمیں بازؤوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر حصہ لیں گی۔ بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر اور سابق بھارتی کپتان سارو گنگولی نے مہمان ٹیموں سے یہ درخواست کی تھی، فائنل کے موقع پر بنگال کرکٹ کے آنجہانی سربراہ جگموہن ڈالمیا کی یاد میں پانچ منٹ کی دستاویزی فلم بھی اسٹیڈیم پر نصب اسکرین پر دکھائی جائے گی، ایونٹ کی میزبانی ان کے دور میں بنگال کو ملی تھی، ثقافتی پروگرام میں بکھرم گھوش کی طبلہ پرفارمنس بھی شامل ہوگی، ڈانسر تنوشری شنکر کے ساتھ حاضرین و ناظرین امان علی خان و ایان علی خان کی ستارنوازی سے بھی محظوظ ہوسکیں گے۔

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)بلوچستان سے بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے دہشت گرد سے ہونے والی تفتیش میں پاکستان نے ایران سے وہاں موجود بھارتی ایجنٹ راکیش کی حوالگی کا مطالبہ کردیا ہے۔ تفصیلات کےمطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار سے ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ایجنٹ کی گرفتاری سے متعلق امور، حکومت پاکستان کی جانب سے ایرانی سفارتخانے کو بجھوائے گئے نوٹس اور ایرانی سرزمین پر موجود ’را‘ کے نیٹ ورک کے حوالے سے پاکستانی خدشات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پرچوہدری نثارکا مزید کہنا تھا کہ ایران کی سرزمین پر بھارتی خفیہ ایجنسی کے ایجنٹ کا موجود ہونا باعث تشویش ہے، ایران اپنی سرزمین پر تاحال موجود بھارتی ایجنٹ راکیش عرف رضوان کو پاکستان کے حوالے کرے۔ انھوں نے کہا کہ ایرانی حکومت پاکستان کے ریفرنس کا سنجیدگی سے جائزہ لے تاکہ دونوں ممالک کی سرحدوں پر اعتماد سازی بڑھے، پاکستان بھارتی جاسوس سے متعلق تحقیقات ہنگامی بنیاد پر آگے بڑھانا چاہتا ہے۔

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کرکے پنجاب میں انسداد دہشت گردی آپریشن پر بظاہر ڈیڈلاک ختم کرنے کی کوشش کی.
ذرائع کے مطابق 3 گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات میں حکومت اورفوج کے درمیان پنجاب میں رینجرزکو بلانے کےحوالےسے اختلافات کم کرنے کی کوشش کی گئی۔ فوج طویل عرصے سے وفاقی حکومت پر دباؤ ڈال رہی تھی کہ پنجاب میں پولیس کے خصوصی اختیارات کے ساتھ رینجرز کو طلب کیا جائے مگر (ن) لیگی حکومت سیاسی نقصان کے پیش نظر اس اقدام سے گریزاں تھی مگر گلشن اقبال پارک میں دھماکے نے آرمی چیف کو پنجاب میں دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کیخلاف آپریشن شروع کرنیکا حکم دینے پر مجبور کردیا۔
وفاقی اور پنجاب حکومت اعتماد میں نہ لیے جانے پر آرمی چیف کے اس اقدام سے ناخوش معلوم ہوتی ہیں اور فوج و حکومت میں ٹکراؤ کی افواہوں کو تقویت مل رہی ہے۔ اس صورتحال کے تناظر میں چودھری نثار اور شہباز شریف نے آرمی چیف سے ملاقات کی۔ سیاسی و عسکری قیادت میں ملاقات پنجاب میں آپریشن پر اختلافات کو کم کرنے کی کوشش ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پنجاب میں دہشت گردوں کے ٹھکانے موجود ہیں مگر حکومت سیاسی مصلحت کے تحت ان کی تردید کررہی ہے۔ تاہم حکام کا مزید کہنا ہے کہ پنجاب میں آپریشن شروع کردیا گیا ہے اور یہ منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت پنجاب میں رینجرز بلانے پر اتفاق کرسکتی ہے مگر اسے خصوصی اختیارات نہیں دیے جائیں گے۔

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد) واشنگٹن میں دو روزہ عالمی جوہری سلامتی کانفرنس میں امریکی صدراوباما کی طرف سے دیئے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس جوہری مواد کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے نیو کلیئر ایمرجنسی مینجمنٹ نظام سمیت ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مؤثر میکنزم موجود ہے جبکہ بین الاقوامی سطح پر یہ تشویش پائی جاتی ہے کہ جوہری مواد کو کسی صورت غلط ہاتھوں میں نہیں جانا چاہیے اور پاکستان اس میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیائی ذرائع نجی شعبے، ہسپتالوں، صنعتوں اور تحقیق کے شعبوں میں ہر جگہ استعمال کیے جارہے ہیں۔
جوہری سلامتی کانفرنس کے موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے ترکی اور چین کے وزرائے خارجہ سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کیں جس میں دونوں رہنمائوں نے دو طرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی اوربین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی دوستی اور تاریخ کے خصوصی رشتوں سے جڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف 13 ویں او آئی سی سربراہ اجلاس میں شرکت کیلئے ترکی کا دورہ کریں گے۔
چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان دہشتگردی کی لعنت کے خلاف عالمی جنگ میں سب سے آگے ہے اور پوری دنیا اس جدوجہد میں پاکستانی سیکورٹی فورسز اور عوام کی قربانیوں کا اعتراف کرتی ہے۔ چینی وزیر خارجہ نے دونوں ملکوں کے درمیان اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو مستحکم بنانے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سی پیک منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر طارق فاطمی نے چینی وزیر خارجہ کو سی پیک سے منصوبوں پر عملدرآمد کرنے سے متعلق پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی پاکستان اور چین کے لیے مشترکہ خطرہ ہے۔

ایمز ٹی وی (ٹیکنالو جی)ایپل کمپنی نے ایک پروگرام کا آغاز کیا ہے جس کے تحت اسی ہفتے ریسائیکیلنگ روبوٹ ایک اہم کردار ادا کرے گا یہ لازمی ریسائیکلینگ پروگرام ہے ایپل آپ کی ڈیوائس کو لے کر اسے پارٹس میں تبدیل کر دے گا یہ ایپل اوربرائٹ سٹار کے درمیان شراکت داری ہے اور اس کا آغاز اسی ہفتے میں کیا جائے گا اور جو فون اچھی حالت میں ہیں ایپل ان کو اپنے صارفین سے لے کران کو کچھ رقم ادا کرے گا آپ کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ اگر چہ آپ کا فون یا ٹیبلیٹ یا کمپیوٹر اچھی حالت میں ہے تو آپ اسے کسی جگہ پھینک رہے ہیں جہاں یہ فری میں ریسائیکل ہو جائے تو ٹہریے کیوں کہ ایپل آپ کواس کے پیسے دے گا۔

اس کے لئے ایپل نے ایک سائٹ بنائی ہے جہاں جا کر نہ صرف آپ یہ معلوم کرسکتے ہیں کہ آپ فون کو کس طرح دے سکتے ہیں بلکہ آپ اپنے فون کے بدلے میں ملنے والی رقم کو بھی جان سکتے ہیں، آئی فون فور ایس کے لئے پچاس ڈالر جبکہ آئی فون سکس ایس پلس اگر اچھی حالت میں ہو تو تین سو ڈالر دیئے جائیں گےآپ جہاں کہیں بھی ہو ایپل آپ کے پرانے آئی پیڈز پنیسٹھ سے دوسو پچیس ڈالر عوض آپ سے لے گا۔ ایپل کا کہنا ہے کہ وہ میک بکس اور نئی ویندوز والے کمپیوٹر کو لینے کا بھی آغاز کرے گا اور وہ صارفین جو وینڈوز استعمال کرتے ہیں اور اپنی وینڈوز کو اپ گریڈ کرتے رہتے ہیں ان کو بھی اچھی قیمت میں لیا جائے گا۔

اگر آپ کی ڈیوائس ٹوٹی ہوئی ہےتوبھی آپ کو دلبرداشتہ ہونے کی ضرورت نہیں آپ اسے کوڑےدان میں پھینکنے کے بجائے ایپل کے اسٹور میں جمع کروا دیں اسے بھی ریسائیکل کیا جا ئے گا اور ایپل ہی کی دوسری آن لائن سائٹس موجود ہیں جہاں سے آپ اپنے ٹوٹے ہوئے موبائل کی کچھ قیمت حاصل کرسکتے ہیں اب اس کا انحصار آپ پر ہے کہ آپ اس سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے اسے ایپل سے ریسائیکل کرواتے ہیں یا آن لائن اسٹور میں جمع کرواتے ہیں لیکن مہربانی کرکے اسے کچرے کے ڈھیر میں ڈالنے سے گریز کریں۔

ایمز ٹی وی (لاہور) کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی کا کہنا ہے کہ مٹھی بھردہشت گرد جان لیں کہ وہ ہمارے حوصلے کم پست نہیں کرسکتے۔ رینجرز ٹریننگ گیریژن لاہور میں انسداد دہشت گردی کی تربیت مکمل کرنے والے 24 ویں دستے کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کور کمانڈر لاہور کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے جو آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے، آپریشن کی کامیابی کا سہرا عوام کے سر بھی جاتا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل صادق علی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے پاؤں اکھڑ چکے ہیں اور دہشت گرد بزدالانہ کارروائیاں کر رہے ہیں، دہشت گردوں نے پہلے آرمی پبلک اسکول پشاور میں اور پھر گلشن اقبال پار ک میں ننھے اور معصوم بچوں کو نشانہ بنایا، مٹھی بھردہشت گرد جان لیں کہ وہ ہمارے حوصلے کم پست نہیں کرسکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ رینجرز ملکی دفاع میں صف اول کا کردار ادا کر رہی ہے اور ہمارے جوان ملکی دفاع کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔