Monday, 18 November 2024
×

Warning

JUser: :_load: Unable to load user with ID: 45

ایمز ٹی وی(کوئٹہ)ایف سی اہلکاروں نے چمن کے قریب سرحدی علاقے سے افغان انٹیلی جنس افسر کو گرفتار کر کے اس کی نشاندہی پر بڑی مقدار میں بارودی مواد اور اسلحہ برآمد کرلیا۔ ترجمان ایف سی بلوچستان کے مطابق چمن میں پاک افغان سرحدی علاقے شہیدان بو غرہ میں کارروائی کرتے ہوئے افغان انٹیلی جنس ادارے کے افسرکو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے ایک پستول ، گولیاں اور وائر لیس سیٹ برآمد کرلیا۔ سیکیورٹی حکام نے افغان انٹیلی جنس ایجنٹ کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا جہاں اس نے تفتیش کے دوران چمن ہی میں ایک کمپاؤنڈ کی نشاندہی بھی کی۔ ایف سی نے اس کمپاؤنڈ میں کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں بارودی مواد اور اسلحہ برآمد کرلیا۔ ایف سی ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار افغان انٹیلی جنس افسر مختلف علاقوں میں دہشت گرد کارروائیوں کی منصوبہ بندی کررہا تھا اور اس کی نشان دہی پر کمپاؤنڈ سے 21 کلوگرام بارودی مواد، بم بنانے کے مختلف آلات اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔ واضح رہے کہ سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ ماہ بھی بلوچستان سے بھارتی ایجنسی را کے حاضر سروس افسر کلبھوشن یادیو کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے جعلی پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات برآمد کئے تھے۔

ایمز ٹی وی (رسالپور) پاک فضائیہ کی ایک سو سولہویں نان جی ڈی کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ تقریب ہوئی ۔ تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈر عراقی ائیر فورس لیفٹیننٹ جنرل انور حامد امین تھے ۔ پاک فضائیہ کی شیر دل ٹیم نے فلائی پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کیا ۔ تقریب میں ایئر چیف مارشل سہیل امان بھی موجود تھے ۔ مہمان خصوصی لیفٹیننٹ جنرل انور حامد امین کمانڈر عراقی ائیر فورس نے گارڈ آف آنر کا استقبال کیا ۔ اس موقع پر بینڈ فضا میں مسحور کن دھن بکھیرتا رہا ، کیڈٹس کے چاک و چوبند دستے نے مہمان خصوصی کو سلامی دی ۔ اس موقع پر عراق کے قومی ترانے کی دھن بجائی گئی جبکہ پاکستان کا قومی ترانہ پڑھا گیا ۔ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا فرائض کی بجا آوری کے ساتھ کیڈٹس اپنی تعلیمی استعداد پر بھی توجہ دیں ۔ تقریب میں 53 پاکستانی جبکہ 17 عراقی کیڈٹس پاس آؤٹ ہوئے ۔ مہمان خصوصی نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو بیجز لگائے اور اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس میں ٹرافیاں تقسیم کیں ۔

ایمز ٹی وی ( لاہور) پاناما لیکس کی جانب سے انکشافات کے بعد پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن اراکین کی جانب سے شدید احتجاج کیا جا رہا ہے ۔ پاناما لیکس نے وزیر اعظم کے اہلخانہ کے اثاثوں کے حوالے سے انکشافات کئے تھے لیکن وزیر اعظم کی جانب سے ان تمام انکشافات کے بعد ٹی وی پر خطاب کے دوران ان تمام دستاویزات کو جھٹلادیا گیا تھا ۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاناما لیکس کی جانب سے ان کے خاندان کے افراد کے اثاثوں کے حوالے سے بے بنیاد الزامات لگائے جا رہے ہیں جن کی کوئی حقیقت نہیں ہے ، اپوزیشن اراکین نے پنجاب اسمبلی کے اندر اور باہر احتجاج کیا جبکہ تحریک انصاف نے بھی وزیر اعظم کے اثاثوں کے حوالے سے فیصل چوک میں مظاہرہ کیا ۔ اپوزیشن اراکین نے ایوان میں سپیکر ڈائس کے سامنے نعرے بازی کی اور تمام حقائق عوام کے سامنے لانے کا مطالبہ کیا ۔

ایمز ٹی وی (آزاد کشمیر) آزاد کشمیر سپریم کورٹ کے چیف جسٹس اعظم خان نے بیورو کریسی پر واضح کر دیا کہ وہ حکمرانوں کے سامنے میرٹ کی پامالی پر ڈٹ جائیں تو عدالت انہیں تحفظ دے گی ۔ مظفر آباد میں آزاد کشمیر سپریم کورٹ کی نئی عمارت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس اعظم خان نے کہا کہ بار ، بینچ اور حکومتی اداروں کے مشترکہ تعاون سے ہی علاقے میں میرٹ کو یقینی بنایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے بیورو کریسی پر واضح کیا کہ وہ آئین و قانون کے خلاف احکامات ماننے سے انکار کرتے ہوئے میرٹ کی بالادستی کے لئے اپنا کردار ادا کریں ۔ چیف جسٹس سپریم کورٹ کا مزید کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں پنجاب و دیگر صوبوں کی نسبت انصاف کی فراہمی آسان اور کم وقت میں ممکن بنائی جا رہی ہے ۔ چیف جسٹس اعظم خان نے سپریم کورٹ کے دیگر جج صاحبان جسٹس ابراہیم ضیاء ، جسٹس مسعود اے شیخ اور وکلاء کے ہمراہ سپریم کورٹ کی نئی تعمیر کی گئی عمارت کا افتتاح کیا ۔

ایمزٹی وی (اسلام آباد)وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا پانچواں اجلاس ہوا جس میں سول و عسکری قیادت نے پاکستان میں بھارتی خفیہ ایجنسی “را” سمیت غیرملکی ایجنسیوں کی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں انسداد دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ، ملکی سلامتی اور سرحدی سیکیورٹی صورتحال پر غور کیا گیا جب کہ قومی سلامتی کمیٹی نے دہشت گردی کے خلاف آپریشن میں ملنے والی کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اجلاس کے دوران سول و عسکری قیادت نے ملک میں بھارتی خفیہ ایجنسی “را” کی مداخلت پر شدید تشویش کا بھی اظہار کیا۔
اجلاس کے دوران حال ہی میں امریکا میں ہونے والی جوہری سلامتی کانفرنس، امریکا سے ایف 16 طیاروں کی خریداری اور مسلح افواج کے ترقیاتی پروگراموں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
واضح رہے کہ سیکیورٹی فورسز نے آج پاک افغان بارڈر کے قریب کارروائی کے دوران افغان انٹیلی جنس افسر کو حراست میں لے لیا جب کہ گزشتہ ماہ فورسز نے چمن بارڈر کے قریب سے ہی بھارتی خفیہ ایجنسی “را” کے حاضر سروس افسر کو گرفتار کیا تھا۔
اجلاس میں وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار، وزیرخزانہ اسحاق ڈار، وزیراطلاعات پرویز رشید، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود، ڈی جی آئی ایس پی آر، ڈی جی آئی ایس آئی اور وزیراعظم کے مشیربرائے قومی سلامتی ناصر خان جنجوعہ نے شرکت کی۔

ایمزٹی وی (تعلیم)ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت گزشتہ روز نویں کلاس کے انگریزی کے پرچے کے دوران کمشنر کراچی آصف حیدر شاہ، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس مشتاق مہر اور ثانوی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین پروفیسر انوار احمد زئی نے کورنگی کے حساس امتحانی مراکز کا دورہ کیا ۔
اس موقع پر معائنہ کرنے والے تینوں افسران نے امتحانی عملے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ امتحان میں نقل کے عمل کو جڑ سے ختم کرنا ہمارا ہدف ہے اوراس میں ڈویڑنل انتظامیہ، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ثانوی تعلیمی بورڈ زیرو ٹالرنس کا ثبوت دیتے ہوئے نقل میں ملوث افراد کو ضرور سزا دیں گے۔ دریں اثناءضلعی انتظامیہ اور بورڈ کی دیگر ویجیلینس ٹیموں نے بھی مختلف اضلاع کے امتحانی مراکز کا دورہ کیا۔
ان ٹیموں نے تسلیم کیا کہ ماضی میں امتحانی مراکز کے باہر جس طرح امیدواروں کو مدد پہنچانے والوں کا ہجوم ہوا کرتا تھا، وہ صورتحال اس سال دیکھنے میں نہیں آئی تاہم معائنہ ٹیموں نے تین افراد کو امیدواروں کی جگہ امتحان دینے پر پکڑا اور انہیں سزا دینے والی کمیٹی کے سپرد کر دیا جو اصل امیدواروں کو2سال تک کیلئے کسی بھی امتحان سے محروم کر سکتی ہے،
ضلعی انتظامیہ اور بورڈ کی ٹیموں نے بلدیہ کے علاقے البدر سیکنڈری اسکول سے نقل کرتے ہوئے اٹھارہ کیسز پکڑے جبکہ لانڈھی میں تین غیر متعلقہ افراد کو سینٹر کے اندر موجود پایا گیا جو خود کو نگراں امتحان بتا رہے تھے، ٹیم نے وزیر اعلیٰ کی ہدایت کے مطابق ان کیخلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے تینوں افراد کو پولیس کے حوالے کر دیا ۔
بور ڈکے چیئرمین پروفیسر انوار احمد زئی نے فوری طور پر اس سینٹرکے سینٹر سپرنٹنڈنٹ نعیمہ رفیق کو برطرف کر کے ان کی جگہ عمران شہزاد کو سینٹر سپرنٹنڈنٹ مقرر کر دیا اس طرح ویجیلینس ٹیم ہی کی شکایت پر گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول لیبراسکوائر لانڈھی کے سینٹر سپرنٹنڈنٹ عبداللہ کامل کو بھی امتحانی کام سے فارغ کرتے ہوئے ان کی جگہ سینئر استاد کو امتحانی کام تفویض کر دیا۔ پروفیسر انوار احمد زئی نے کہا ہے کہ ہر امتحانی مرکز میں ڈیوٹی دینے والے اساتذہ کی کارکردگی قابل قدر ہے تاہم نقل میں مدد دینے والے عناصر کی نشاندہی بھی ذمہ دار اساتذہ ہی کر سکتے ہیں۔

ایمزٹی وی (تعلیم) سندھ سیکرٹری تعلیم فضل اللہ پیچوہو کی جانب سے میڈیا پر اساتذہ کے خلاف نازیباالفاظ کے استعمال کئے جانے پر سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچر ر اسیوسی ایشن کی جانب سے اساتذہ آج کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کریں گے۔تفصیلات کے مطابق سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچررزایسوسی ایشن کراچی ریجن کے صدر پرفیسر فیروز الدین صدیقی نے سپلا کراچی ریجن کی ریجنل ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔