ایمز ٹی وی (صحت). برطانوی ماہرین نے سخت مشقت والی ورزشوں کو فلو سے بچاؤ میں معاون قرار دیا ہے ۔ برطانوی ماہرین کی تحقیقی رپورٹ کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر ایک سے ڈیڑھ گھنٹہ اگر مشقت والی ورزشوں کو اپنا معمول بنایا، جیسے دوڑنا، تیز سائیکل چلانا اور کھیلوں کی سرگرمیوں کو معمول کا حصہ بنایا جائے تو فلو ہونے کے امکانات بہت کم ہوجاتے ہیں ۔ تاہم ماہرین کے مطابق روزانہ مشقت والی ورزشوں کو روزمرہ زندگی کا حصہ بنا کر سردیوں میں فلو سے بچاؤ ممکن ہے، اس سے قوت مدافعت میں بھی بہتری آتی ہے اور صحت بھی بہتر رہتی ہے۔تاہم اس حوالے سے گرمیوںکا ڈیٹا ابھی معلوم نہیں ہوسکا ہے۔ -
ایمز ٹی وی (کراچی) لیاری گینگ وار کے سر غنہ عزیر بلوچ نے دوران تفتیش خواتین ونگ کا انکشاف کیا ہے۔ قرة العین، نبیلا اور سمیرا سمیت 10 خواتین ونگ چلاتی ہیں۔ دورانِ تفتیش عزیر بلوچ نے انکشاف کیا ہے کہ قرة العین، نبیلہ، سمیرا، ملکہ اور سمرین گینگ وار کی سہولت کار ہیں جبکہ یاسمین، فاطمہ اور گل بی بی سمیت 10خواتین ونگ چلاتی ہیں۔ قرة العین اور نبیلہ گینگ وار کے کمانڈر جمیل چھنگا کی قریبی رشتہ دار ہیں۔ تفتیش کے مطابق گروہ خواتین ونگ کے ذریعے بھتہ خوری اور اسلحے کی ترسیل بھی کرتا ہے۔ قتل کے بعد لاشوں کو مختلف مقامات پر خواتین کے ذریعے پھینکا گیا اور بھتے کی رقم جمع کر کے عینی نامی خاتون کو دی جاتی ہے۔ پولیس کے مطابق لیاری گینگ وار خواتین ونگ کے خلاف جلد کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔
ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ): معروف اداکار ندیم نے کہا ہے کہ چند سال کے دوران پاکستانی فلموں نے حیران کن ترقی کی ہے طویل عرصہ سے پاکستان کی فلم انڈسٹری بحران سے گزر رہی تھی لیکن ہمارے ملک کے نوجوانوں نے صرف چند سالوں کے مختصردورانیہ میں اچھی اور معیاری فلمیں بنا کر انڈسٹری کی رونقوں کو واپس لے آئے۔ وہ جو بھارتی فلموں کو ہر وقت موضوع بنا کر باتیں کرتے تھے انھیں بھی اندازہ ہوگیا کہ پاکستان میں اب اچھی اور معیاری فلمیں بننا شروع ہوچکی ہیں اب ہمیں صر ف پاکستانی فلموں کی ترقی کی طرف توجہ دینا چاہیے۔یہ بات انھوں نے اپنے ایک انٹرویو میں کہی،انھوں نے کہا اب اچھی اور معیاری فلموں کے لیے بہترین موضوعات کی ضرورت ہے،تاکہ فلموں میں مزید بہتری آئے۔ پاکستانی فلم بین اپنے ملک میں بننے والی فلموں کی بھر پور حوصلہ افزائی کررہے ہیں رفتہ رفتہ بھارتی فلموں کا کریز اب ختم ہوتا جارہا ہے ہمیں بھارتی فلموں سے خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں کیونکہ ہمارے ملک میں بہترین ٹیلنٹ موجود ہے جو بہت اچھا کام کرنا جانتا ہے اور ہمیں مستقبل میں نوجوانوں سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں جو ا?نے والے دنوں اور بھی اچھا کام کریں گے۔
ایمز ٹی وی (بزنس)مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں مزید 15 روپے کا مزید اضافہ ہو گیا ہے جس کے بعد اِس کے نرخ 264 روپے فی کلو تک پہنچ گئے ہیں ۔
لاہور میں گذشتہ تین روز سے مرغی کے گوشت کے نرخوں میں 15 روپے کا اضافہ ہو چکا ہے جس کے بعد اِس کے نرخ 264 روپے فی کلو تک پہنچ گئے ہیں ۔ گوشت کے نرخوں میں اضافے کا عمل ماہ مارچ کے آغاز کے بعد سے مسلسل جاری ہے جس میں فی الحال کمی کے کوئی آثار دکھائی نہیں دے رہے ۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق نرخوں میں اضافہ رسد اور طلب میں فرق بڑھ جانے کے باعث ہو رہا ہے اور صورت حال جلد بہتر ہو جائے گی ۔
ایمز ٹی وی ( انٹرنیشنل) امریکا میں ری پبلکن پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار کی دوڑ میں پیش پیش ارب پتی ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایٹمی ہتھیاروں سے مسلح پاکستان بہت اہم مسئلہ ہے۔ اپنے ایک انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ پاکستان ایک بہت اہم مسئلہ ہے اور ہمارے لیے واقعی بہت اہم ملک ہے کیونکہ اس کے پاس جوہری ہتھیار ہیں، پاکستان کو اپنے حالات پر قابو پانا ہو گا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے ایسٹر کے موقع پر لاہور کے پارک میں خودکش دھماکے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک پارک میں جہاں زیادہ تر عیسائی تھے دھماکا کیا جاتا ہے، اگرچہ ہلاک ہونے والوں میں عیسائیوں سے زیادہ دوسرے لوگ تھے لیکن یہ ایک خوفناک داستان ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ وہ بنیاد پرست اسلامی دہشت گردی کی بات کر رہے ہیں اور وہ کسی بھی دوسرے صدارتی امیدوار کی نسبت اس مسئلے کو بہتر انداز میں حل کریں گے۔
ایمز ٹی وی (اسپیشل رپورٹ) ایک مطالعاتی جائزے کے مطابق فن لینڈ دنیا کی سب سے خواندہ قوم ہے۔ دنیا کی زیادہ پڑھی لکھی قوموں کی رینکنگ میں نورڈک ممالک سرفہرست ہیں جبکہ فن لینڈ کو تمام دنیا پر سبقت حاصل ہے جس کے بعد ناروے، آئس لینڈ، ڈنمارک اور سویڈن کو دنیا کی سب سے زیادہ خواندہ قومیں قرار دیا گیا ہے۔
'دا ورلڈز موسٹ لٹریٹ نیشنس 2016' نامی مطالعہ میں پہلی بار دنیا کے 60 سے زیادہ ممالک میں پڑھے لکھے رویے اور خواندگی کے رجحانات کا جائزہ لیا گیا ہے۔ 'سنٹرل کنیکٹیکٹ اسٹیٹ یونیورسٹی' کی مارچ میں شائع ہونے والی ایک پریس ریلیز کے مطابق مطالعہ میں ایک ملک کی پڑھنے لکھنے کی صلاحیت کی پیمائش کے بجائے قوموں کی درجہ بندی ان کے خواندہ طرز عمل اور اس کے لیے دستیاب وسائل کی بنیاد پر کی گئی ہے۔
دنیا کی خواندہ قوموں کی تازہ ترین رینکنگ میں امریکہ اور کینیڈا بالترتیب نویں اور 11 ویں نمبر پر ہیں جبکہ برطانیہ فہرست میں نیچے یعنی 17 ویں نمبر پر جگہ حاصل کر سکا ہے۔سنٹرل کینیکٹیکٹ اسٹیٹ یونیورسٹی کے صدر اور تحقیق کے مصنف جان ڈبلیو ملر نے مطالعے کے لیے مجموعی طور پر 200 ممالک کے اعدادوشمار پر نظر ڈالی ہے لیکن متعلقہ اعدادوشمار کی کمی کی وجہ سے انھوں نے صرف61 ممالک کا تجزیہ کیا ہے۔
بقول پروفیسر ملر یہ مطالعہ خواندہ طرز عمل اور ان کی حمایت کرنے والے وسائل کو دیکھنے کے لیے ایک لینس کے طور پر استعمال ہوا ہے۔ تجزیہ کار جان ڈبلیو ملر جنھوں نے پچھلے 40 برس کے دوران اپنا تعلیمی کام خواندگی کے مسائل کے لیے وقف کر رکھا ہے کہتے ہیں کہ خواندگی کی طاقت اور پڑھی لکھی دنیا کا حصہ بننے کی اہمیت کو لوگ اکثر نظر انداز کر د یتے ہیں جبکہ خواندہ طرز عمل افراد اور قوموں کی کامیابی کے لیے اہم ہے۔ پروفیسر ملر کے مطالعے میں پڑھی لکھی قوموں کی درجہ بندی کرتے ہوئے سوئٹزرلینڈ اور جرمنی کو بالترتیب چھٹا اور آٹھواں نمبر دیا گیا ہے۔ اسی طرح ہالینڈ دسویں، فرانس بارہویں اور آسٹریلیا سولہویں نمبر پر ہے۔ علاوہ ازیں جنوبی کوریا اور جاپان بالترتیب 22 ویںاور 32 ویں نمبر پر ہیں۔
جبکہ سنگاپور 36 ویں، قطر45 ویں، ترکی50 ویں ملائیشیا 53 ویں اور انڈونیشیا دنیا کی پڑھی لکھی قوموں کی درجہ بندی میں آخری 60 ویں نمبر پر ہے۔ پروفیسر ملر کا مطالعہ دو اقسام کے طریقہ کار پر مبنی تھا جس میں انھوں نے ایک طرف انٹرنیشنل تعلیمی نتائج اور پیسا ٹیسٹ میں پیش رفت کا جائزہ لیا ہے تو دوسری طرف خواندگی کے رویے کی خصوصیات مثلا آبادی، اسکول کی تعلیم کے سال، اخبارات کے قارئین، کتب خانوں کا سائز اور گھروں میں کمپیوٹر کی دستیابی کے اعدادوشمار کا معائنہ کیا ہے۔
پروفیسر ملر کے مطابق وہاں ایک طرف تو اسکولوں کے لازمی تعلیمی سال کی مدت اور تعلیمی اخراجات کے درمیان کوئی بامعنی تعلق نہیں تھا تو دوسری طرف ٹیسٹ کے اسکور اور تعلیمی اخراجات کے درمیان بھی کوئی واضح تعلق نہیں تھا۔ انھوں نے مزید کہا کہ نورڈک ممالک نے مطالعے میں پہلی پانچ جگہیں حاصل کی ہیں اور اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ مطالعہ کرنا ان لوگوں کی ثقافتی روایات کا حصہ ہے۔ پروفیسر ملر کے بقول درجہ بندی اس سے بہت مختلف بھی ہوسکتی تھی اگر مطالعہ صرف تعلیمی نتائج کی بنیاد پر کیا جاتا مثال کے طور پر برازیل تعلیمی سرمایہ کاری کے لیے اول نمبر پر ہوسکتا ہے۔اسی طرح اسٹونیا کتب خانوں میں کتابوں کی تعداد کے حوالے سے سبقت حاصل کرسکتا ہے۔
جبکہ نیدر لینڈ گھروں میں کمپیوٹر کی دستیابی کے ساتھ اور فن لینڈ اخبارات کے قارئین کی تعداد کے لیے فہرست میں سب سے اوپر آسکتے تھے۔ علاوہ ازیں ٹیسٹ کی کارکردگی کی بنیاد پر اگر مطالعے سے نتیجہ اخذ کیا جاتا تو اس فہرست میں سنگا پور ،جنوبی کوریا ،جاپان اور چین سب سے اوپر آسکتے تھے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ جب ہم نے ان ملکوں کی بہترین تعلیمی کارکردگی کے علاوہ وہاں کے کتب خانوں کے سائز اور گھروں میں کمپیوٹر کی دستیابی جیسے عوامل کو تجزیہ میں شامل کیا تو نتیجہ حیران کن ثابت ہوا اور یہ ممالک درجہ بندی میں نیچے آگئے تھے۔
پروفیسر ملر نے مزید کہا کہ اگرچہ امریکہ میں لازمی تعلیمی سال میں اضافہ ہوا ہے لیکن اس کے باوجود خواندہ طرز عمل کے رجحانات میں کمی واقع ہوئی ہے، بلکہ یہ کہا جاسکتا ہے کہ امریکی قوم دنیا کی دوڑ میں سست رہی ہے لیکن دوسروں نے اپنی رفتار تیز کردی ہے۔
ایمز ٹی وئ (کھیل) برطانوی فری اسٹائل فٹبالر جان فارن ورتھ نے کرین کی مدد سے بتیس میٹر کی بلندی سے پھینکا جانے والا فٹ بال کنٹرول کر کے اسٹار فٹبالر میسی کا ریکارڈ توڑ دیا۔ ارجنٹائن کی نمائندگی کرنے والے میسی نےاٹھارہ میٹر کی بلندی سےپھینکے جانے والی فٹ بال کو پاؤں سے سنبھالنے کا ریکارڈ قائم کیا تھا جو اب انکے نام نہیں رہا۔ برطانوی فری اسٹائل فٹبالر نے کمال مہارت دکھا کر یہ اعزاز میسی سے چھین لیا۔