ایمز ٹی وی ( بلوچستان )اسمبلی نے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے حاضر سروس افسرکی گرفتاری پر اپوزیشن لیڈر کی تحریک التوا کو بحث کے بعد قراردادکی صورت میں منظور کر لیا، اراکین نے اس بڑی کارروائی پر سیکیورٹی فورسزکو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ وفاقی حکومت اس معاملے کو عالمی اداروں اور اقوام متحدہ کے سامنے پیش کرے۔
اجلاس میں سانحہ لاہورکی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کیلیے فاتحہ خوانی کی گئی اور مسیحی برادری کے ہلاک افراد کے سوگ میں ایک منٹ کی خاموشی اختیارکی گئی،منگل کو بلوچستان اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راحیلہ حمید درانی کی صدارت میں منعقد ہوا اجلاس میں اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع کی26مارچ کو را کے نیول افسرکی گرفتاری پرالتواکی تحریک پر بحث ہوئی، تحریک التوا پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے صوبائی وزیرنواب محمد خان شاہوانی نے کہا کہ ہمارے اداروں نے جس طرح بھارتی حاضر سروس افسرکو گرفتارکیا یہ قابل تحسین ہے۔
اپوزیشن رکن سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا ہے کہ پچھلے دنوں جس طرح بھارتی خفیہ ایجنسی کے حاضر سروس کو پکڑاگیا اور جس طرح انکشافات ہوئے ان کو سرعام لٹکایا جائے، اس تحریک التوا کی قراردادکی صورت میں منظوری دی جائے۔
ایمزٹی وی ( لاہور) رینجرز اور حساس ادارے کے اہلکاروں نے راج گڑھ میں کارروائی کرتے ہوئے سانحہ گلشن اقبال پارک کے 3 مبینہ سہولت کاروں کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے اہم دستاویزات برآمد کرلیں ہیں۔ لاہور کے علاقے راج گڑھ میں رینجرز اور حساس ادارے کے اہلکاروں نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ تینوں ملزمان کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں ملزمان 2 روز قبل گلشن اقبال پارک میں ہونے والے خودکش دھماکے میں ملوث اور دہشت گردوں کے سہولت کار ہیں، ملزمان کے قبضے سے اہم دستاویزات بھی برآمد ہوئی ہیں۔ دوسری جانب رینجرز اور پاک فوج نے جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی دہشت گردوں کے مشتبہ ٹھکانوں پر کارروائیاں جاری رکھی ہوئیں ہیں جس کے تحت 2 روز میں راجن پور، ملتان، رحیم یار خان، مظفر گڑھ اور خانیوال سے 200 سے زائد ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
ایمزٹی وی (تعلیم) سندھ پرفیسرز اینڈ لیکچرزایسوسی ایشن کے مرکزی صدر پروفیسر سید علی مرتضٰی ،سیکرٹری جنرل پروفیسر شیر خان سیلرو سمیت دیگرپروفیسرز نے میڈیا کانفرنس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے کالج اساتذہ کے ساتھ جاری امتیازی سلوک کسی بھی صورت قابل ِ قبول نہیں ہے یہ ہمارا حق ہے کہ ہمیں بھی ملک کے دیگر صوبوں کے مساوی حقوق دیئے جائیں۔ اساتذہ کے ساتھ امتیازی سلوک کے خلاف کراچی سے کمشور تک کے تمام کالج اساتذہ آج اپنے ہاتھوں میں قومی پرچم لئے وزیر ِاعلٰی ہاﺅس کی جانب مارچ کریں گے اور اپنے مطالبات کی منظوری تک وہاں دھرنا دیں گے۔