ایمز ٹی وی (کراچی) شہر قائد میں احتجاج کے باعث ایم اے جناح روڈ جب کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث وزیراعلیٰ اورگورنر ہاؤس سے متصل سڑکیں بند ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اسلام آباد کے ریڈ زون میں دھرنے پربیٹھے مظاہرین سے اظہاریکجہتی کے لیے کراچی کی نمائش چورنگی پربھی احتجاجی دھرنا جاری ہے جس کی وجہ سے ایم اے جناح روڈ نمائش چورنگی سے سی بریزتک بند ہے۔ اس کے علاوہ سیکیورٹی خدشات کے باعث وزیراعلیٰ ہاؤس اورگورنر ہاؤس کے متصل سڑک کو بھی کنٹینر لگا کرہرقسم کی آمدو رفت کے لیے بند کردیا ہے۔ شہر کی دونوں مرکزی سڑکیں بند ہونے سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، لاکھوں لوگ منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کرنے پرمجبور ہیں۔ ترجمان ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ نمائش چورنگی بند ہونے سے ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھا ہوا ہے، انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ٹاورسے ضلع وسطی کی جانب جانے والے حضرات نیو پریڈی اسٹریٹ ، نشتر روڈ اور سولجربازارکی سڑک استعمال کریں جب کہ شہر کے وسطی علاقوں سے ٹاور، آئی آئی چندریگر روڈ اور اس کے ملحقہ علاقوں کی جانب جانے والے حضرات نیو پریڈی اسٹریٹ استعمال کریں۔
ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ): بالی ووڈ کی موسٹ اسٹائلش اداکارہ کرینہ کپور خان شادی کے بعد بھی فلم انڈسٹری سے وابستہ ہیں لیکن ان کا کہنا ہے کہ شادی کے بعد بہت سی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اسی لیے بھارت میں شادی روح کو بیچنے کے مترادف ہے۔ بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور خان کا شمار فلم نگری کی صف اول کی اداکاراو¿ں میں ہوتا ہے، انہوں نے اپنے فلمی کیرئیر میں صف اول کے اداکاروں خصوصا تینوں خانز کے ساتھ اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جب کہ موسٹ اسٹائلش اداکارہ فلمی دنیا کی مصروفیات کے ساتھ ساتھ سماجی مسائل پر آواز اٹھاتی رہتی ہیں تاہم اب انہوں نے بھارت میں شادی شدہ خواتین کی زندگی سے پردہ اٹھایا ہے۔ اپنے ایک انٹرویو میں اداکارہ کرینہ کپور خان کا کہنا تھا کہ شادی کے بعد بہت سی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کے باعث زندگی میں تبدیلی آجاتی ہے اسی لیے بھارت میں شادی روح کو بیچنے کے مترادف ہے جب کہ سیف علی خان میرے پیشے کا احترام کرتے ہیں اور ہم دونوں کے درمیان خاصی ہم آہنگی بھی ہے۔ واضح رہے کہ بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپورخان اپنی نئی آنے والی فلم”کی اینڈ کا“ کی تشہیر میں مصروف ہیں جو کہ یکم اپریل کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
ایمز ٹی وی (لاہور) رینجرز اور حساس ادارے کے اہلکاروں نے راج گڑھ میں کارروائی کرتے ہوئے سانحہ گلشن اقبال پارک کے 3 مبینہ سہولت کاروں کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے اہم دستاویزات برآمد کرلیں ہیں۔ لاہور کے علاقے راج گڑھ میں رینجرز اور حساس ادارے کے اہلکاروں نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔ تینوں ملزمان کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں ملزمان 2 روز قبل گلشن اقبال پارک میں ہونے والے خودکش دھماکے میں ملوث اور دہشت گردوں کے سہولت کار ہیں، ملزمان کے قبضے سے اہم دستاویزات بھی برآمد ہوئی ہیں۔ دوسری جانب رینجرز اور پاک فوج نے جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی دہشت گردوں کے مشتبہ ٹھکانوں پر کارروائیاں جاری رکھی ہوئیں ہیں جس کے تحت 2 روز میں راجن پور، ملتان، رحیم یار خان، مظفر گڑھ اور خانیوال سے 200 سے زائد ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
ایمز ٹی وی (صحت) ایک رپورٹ کے مطابق اگر وٹامن “سی”کو خوراک کا حصہ بنایا جائے تو موتیا جیسی کیفیت کو ایک تہائی حد تک کم کیا جاسکتا ہے۔
عمرکے ساتھ ساتھ آنکھوں میں موتیا اترنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ صرف امریکہ میں ہی سال 2006 سے 2008 کے دوران 29 فیصد عمر رسیدہ افراد موتیا کے شکار ہوئے تھے اوراب یہ اعداد و شمار بڑھ چکے ہیں۔ اس مرض میں آنکھ اور عدسے کے درمیان مائع جمع ہوجاتا ہے اور نظردھندلی ہونی شروع ہوجاتی ہے لیکن حیرت انگیز امر یہ بھی ہے کہ عام موتیا کے کامیاب اور کم خرچ علاج کے باوجود دنیا بھر میں یہ سہولت عام نہیں اور اب بھی لوگوں میں اندھے پن کی سب سے بڑی وجہ ہے۔
کنگز کالج لندن نے ماہرینِ چشم کہتے ہیں کہ غذائی اجزا موتیا بننے کے عمل کو روک سکتے ہیں اس کےلئے انہوں نے برطانیہ سے جڑواں افراد کے ایک ہزار جوڑوں کا جائزہ لیا اور انہیں ایک سوالنامہ بھرنے کو کہا جو وٹامن اے، بی ، سی، ڈی اور ای کے ساتھ ساتھ تانبے، مینگنیز اور زنک (جست) کو خوراک کا حصہ بنانے کے بارے میں تھا۔ ان میں سے 60 سال سے زائد کے افراد کی آنکھوں کا معائنہ بھی کیا گیا۔ اس کے 10 سال بعد 324 جوڑوں کی آنکھوں کا جائزہ لیا گیا۔
ان میں سے جنہوں نے وٹامن “سی” زیادہ لیا تھا ان میں موتیا کا خطرہ 20 فیصد تک کم نوٹ کیا گیا۔ دس سال تک مطالعے کے بعد معلوم ہوا کہ وٹامن سی باقاعدگی سے لینے سے موتیا کا خطرہ 33 فیصد تک کم ہوگیا۔ اس بنیاد پر کہا جاسکتا ہے کہ وٹامن سی کا باقاعدہ استعمال موتیا کو ٹال سکتا ہے۔
واضح رہے کہ اس کی شدید کیفیت یا کالا موتیا دنیا بھر میں اب بھی نابینا پن کی سب سے بڑی وجہ ہے۔
ایمز ٹی وی (ٹیکنالوجی) برطانوی کمپنی نے ایسا بستر نما انوکھا لباس تیار کیا ہے جسے آپ پہن کر سو بھی سکتے ہیں جو آپ کو مکمل بستر کا احساس دلائے گا۔
یہ آرام دہ لباس عوام کو بیٹھے بیٹھے سونے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے برطانوی باشندے شدید محنت کرتے ہیں اور نیند کی کمی سے ان کی طبیعت مزید متاثر ہوسکتی ہے اور اسی لیے محدود تعداد میں ’’سُو ویٹ نامی‘‘ یہ لباس تیار کیا گیا ہے جو تھکان اور نیند کی کمی دور کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔
اس انوکھے لباس کا کالر بڑا اور دبیز ہے جو کسی بھی وقت قیلولہ اور آرام کی سہولت فراہم کرتا ہے جب کہ لباس کو اس طرح بنایا گیا ہے کہ یہ شدید سردی سے بھی بچاتا ہے اور سفید رنگ مزاج کو پرسکون بناتا ہے.
ایمز ٹی وی (کھیل) ہیڈ کوچ وقار یونس نے ورلڈ ٹی ٹوینٹی میں شکست پر رپورٹ تیار کر لی۔ ہیڈ کوچ نے خود کو بری الزمہ قرار دیتے ہوئے ناقص کارکردگی کی ذمہ داری کپتان شاہد آفریدی اور سلیکشن کمیٹی پر ڈال دی ہے ۔ ہیڈ کوچ نے کیا کہ شاہد آفریدی کئی اہم مواقعوں پر درست فیصلے نہیں کر پائے جس کی وجہ سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ وقار یونس نےکھلاڑیوں کی کارکردگی اورکپتان کی حکمت عملی کو شکست کی وجہ قرار دیدیا۔ ہیڈ کوچ وقاریونس نے میگا ایونٹ میں ناکامی کا ذمہ دار کپتان اور سلیکشن کمیٹی کو قرار دے دیا ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کپتان شاہد آفریدی کا ورلڈ ٹی ٹوینٹی میں رویہ غیر سنجیدہ رہا۔
ایمزٹی وی ( انٹرنیشنل) اردن کے شاہ عبداللہ نے ترکی پر یورپ میں داعش کے دہشت گرد بھیجنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو ترکی میں تربیت دیکر یورپ میں چھوڑ دیا جاتا ہے۔ شاہ عبداللہ کا کہنا تھا کہ رجب طیب اردوان بنیادپرست اسلام کے ذریعے خطے کے مسائل کے حل پر یقین رکھتے ہیں اور اعتدال پسند عناصر کی طرف دیکھ رہے ہیں، خطے میں مذہبی آپشن استعمال کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ترکی داعش کے دہشت گردوں کو تربیت فراہم کر کے یورپ بھیج رہا ہے جو وہاں جا کر تخریبی کارروائیاں کر رہے ہیں۔
ایمز ٹی وی (بلوچستا ن)بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فرنٹئیرکور اور حساس اداروں کی کارروائی11 ازبک باشندوں سمیت 12 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔
ایف سی ترجمان کے مطابق فرنٹئیرکور نے حساس اداروں کے ساتھ مشترکہ کارروائی کے دوران نوشکی میں سرچ آپریشن کیا اور وہاں غیر قا نونی طور پر مقیم 11 ازبک باشندوں کو گرفتار کر لیا ،کالعدم تنظیم سے تعلق کے شبے میں ایک مبینہ شرپسند بھی گرفتارہوا۔
دوسری جانب سوئی کے علاقے ہزاروگوٹھ میں کارروائی کرتے ہوئے تخریب کاری کا منصوبہ ناکام بنادیا ،گوٹھ سے 5 کلو گرام دھماکہ خیز مواد اورڈیونیٹر قبضے میں لے لیا گیا،تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ۔