ایمز ٹی وی (بین الاقوامی)امریکہ کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی ساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی کاکہناہےکہ پاکستان سمیت خطےکو دہشتگردی کے خطرات لاحق ہیں، دہشتگردی سے پاکستان کے معصوم شہری نشانہ بن رہے ہیں۔ جان کربی نے دہشتگردی کےخلاف پاکستان کےساتھ تعاون جاری رکھنےکےعزم کا اظہارکیا۔ انکا کہنا تھا کہ لاہور جیسے بزدلانہ حملے دہشتگردی کے خلاف ہماراعزم اوربڑھاتے ہیں،جان کربی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نوازشریف کے دورہ واشنگٹن کی منسوخی سے باخبر ہیں۔
ایمز ٹی وی (پشاور): تہکال میں نامعلوم شرپسندوں نے ایک گھر پر دستی بم حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ایک خاتون بیٹے سمیت زخمی ہوگئی۔ پولیس کے مطابق نامعلوم شرپسندوں نے تہکال کے علاقہ میں حسین شاہ نامی شخص کے گھر پر حملہ کیا، بم پھٹنے سے حسین شاہ کی اہلیہ اور بیٹا زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق دونوں زخمیوں کو طبی امداد کےلئے اسپتال پہنچادیا گیاہے۔ واقعہ کامقدمہ تھانہ تہکال میں نامعلوم شرپسندوں کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔
ایمز ٹی وی (ایبٹ آباد ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ زلزلے میں ہزارہ کے ڈھائی ہزارا سکول متاثر ہوئے ، گیارہ سال میں 7 سوا سکولوں پر کام ، مکمل نہیں ہوسکا ، 6 سوا سکولوں پر کام شروع نہیں ہوا ، 650ا سکولوں کو گرا دیا گیا ، اب صوبائی حکومت نے 7 ارب روپے مختص کرکے اسکولوں کی تعمیر کی ذمہ داری لی ہے ، وفاق نے کہا کہ یہ ا سکول ہمارے دائرہ کار میں نہیں آتے ، نواز شریف نے وعدہ کیا تھا ہم 4 ارب روپے دیں گے لیکن وہ بھی نہیں ملا ، کے پی کے میں 29 ہزار سرکاری اسکول ہیں ، 11 ہزار سکولوں میں بنیادی سہولیات نہیں ہیں ، جوا سکول ایرا اور وفاقی حکومت کے تحت تھے ان کیلئے بیرون ملک سے اربوں روپے کے فنڈز آئے لیکن ہمیں اس میں سے کچھ نہیں ملا ، وفاق بتائے یہ پیسہ کہاں گیا اورا سکولوں کیلئے استعمال کیوں نہیں ہوا ، انہوں نے کہا کہ قومیں پلوں اور ٹرینوں سے نہیں بنتیں قومیں تعلیم سے بنتی ہیں ، انہوں نے کہا کہ حقیقی تبدیلی تب آتی ہے جب ادارے غیر سیاسی ہوتے ہیں ، آج پوری قوم کہہ رہی ہے کہ کے پی کے میں پولیس غیر سیاسی ہوگئی ہے۔ آج پورے ملک کی پولیس سیاسی ہے اسی لئے ہمارے ملک کی پولیس کام نہیں کر رہی۔ عمران خان نے کہا کہ قبائلی علاقوں کی سرحدوں سے جب غیر ملکی پاکستان میں آتے ہیں تو اس سے خطرہ ہوتا ہے ، اس لئے ہم نے قبائلی علاقوں کی سرحدوں پر رینجرز تعینات کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ان علاقوں میں قیام امن کو یقینی بنایا جا سکے۔ عمران خان نے کہا کہ پنجاب سندھ اور کے پی کے میں بلدیاتی نظام نافذ ہوئے ، کے پی کے میں 44 ارب روپے کا فنڈ بلدیاتی اداروں میں جا چکا ہے ، مشرف کے دور میں اس صوبے میں 2 ارب روپے کے فنڈز تقسیم ہوئے تھے۔ ہم نے پہلی بار ڈسٹرکٹ سطح پر پولیس کے احتساب کا نظام بنایا ہے ، ہم نے بیورو کریسی کے نظام کا معائنہ کرنے کیلئے نظام وضع کیا ہے ، اور میں یقین دلاتا ہوں کہ بلدیات کیلئے جو پیسہ مختص کیا گیا ہے وہ درست طریقے سے استعمال ہوگا۔ -
ایمز ٹی وی (لاہور) سانحہ گلشن اقبال پارک کے بعد پنجاب بھر میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگردوں اور ان کے معاونین کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور صوبے بھر میں جاری سرچ آپریشن میں 400 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ سیالکوٹ میں آپریشن کے نتیجے میں 68 غیر ملکیوں سمیت 200 سے زائد افراد گرفتار کیے گئے، گرفتار افراد کا تعلق جنوبی پنجاب اورافغانستان سے ہے، اس کے علاوہ گوجرانوالہ سے 100 ، بہاولنگر سے 40 ،رحیم یار خان سے 34، راجن پور سے 25 جب کہ بہاولپور، احمد پور شرقیہ، خیر پور ٹامیوالی اور اوچ شریف سے 16 مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے افراد کے قبضے سے اسلحہ، اشتعال انگیز لٹریچر اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا ہے، ان تمام افراد کو تحقیقات کے لیے نامعلوم جگہ پر منتقل کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے زیرصدارت اہم اجلاس میں پنجاب بھر میں دہشت گردوں کےخلاف مشترکہ آپریشنز کے فیصلے کے بعد صوبے بھر میں بھرپور آپریشن جاری ہے۔
ایمز ٹی وی(بزنس نیوز) چکن ریٹیلرز کے مطابق کراچی میں مرغی کا گوشت 50 روپے اضافے سے ایک ہفتے کے دوران 300 روپے کلو کی سطح پر آ گیا۔ لاہور میں بھی مرغی کا گوشت لگ بھگ 50 روپے مہنگا ہو کر اب صارف کو 228 کلو کے حساب سے خریدنا پڑ رہا ہے۔ اس کے علاوہ پشاور میں زندہ مرغی 30 روپے مہنگی ہو کر 180 روپے کی سطح پر آ چکی ہے۔ پولٹری فارمرز مرغی کی قیمتوں میں اضافے کا جواز وہی مرغے کی ایک ٹانگ طلب و رسد میں بڑھتے ہوئے فرق کو بتا رہے ہیں۔
ایمزٹی وی (تعلیم)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ریجنل ڈائریکٹر لاہور رسول بخش بہرام کی قیادت میں یونیورسٹی انتظامیہ ،اساتذہ اورطلبا کی بڑی تعداد نے گلشن اقبال پارک کا دورہ کیا اورجاں بحق افراد کی یاد میں شمعیں روشن کیں ،پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ دریں اثنا یونیورسٹی لاہور ریجن کا اہم اجلاس بھی ہوا جس میں سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیاگیا۔
ایمز ٹی وی (لاہور) آئی جی پنجاب پولیس مشتاق سکھیرا نے کہا ہے کہ پولیس کے پاس وسائل کی کمی کے باعث دہشت گرد اپنے مقصد میں کامیاب ہوجاتے ہیں اس لئے عوام بھی اپنے ارد گرد کے ماحول پر نظر رکھیں۔ لاہورمیں تقریب سے خطاب کے دوران آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس نے ہر محاذ پر دہشت گردوں کے خلاف جنگ لڑی، دہشتگردی کےخلاف اس جنگ میں پاک فوج اور پولیس سمیت دیگر فورسز نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، یہ جنگ دہشت گردی کےخاتمے تک جاری رہے گی۔ مشتاق سکھیرا کا کہنا تھا کہ پولیس دن رات کام کررہی ہے، وسائل کی کمی کے باعث دہشت گرد اپنے مقصد میں کامیاب ہوجاتے ہیں، عوام سے گزارش ہے کہ وہ اپنے اردگرد ماحول پربھی نظررکھیں کیوں کہ دہشت گرد کہیں نہ کہیں کسی نہ کسی جگہ ٹھہرتے ہوں گے، ہمیں مل کر ان کے ٹھکانوں کو ختم کرنا ہوگا، اگر مل کر لڑائی لڑیں گے تو دہشت گردوں کو کہیں جگہ نہیں ملے گی۔
ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ): علی ظفر نے کہاکہ وہ فلموں کی تکمیل کے ساتھ ساتھ اپنے نئے البمز کی تیاری اور فلاحی سرگرمیوں پر بھی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ علی ظفرنے بتایاکہ وہ پاکستان میں لڑکیوں کی تعلیم اور اسکولوں کی تعمیر جیسے منصوبوں پر بھی کام کر رہے ہیں۔ علی ظفر نے کہا کہ وہ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ تبدیلی صرف تعلیم کے ذریعے ہی لائی جا سکتی ہے۔ پاکستانی گلو کار اور اداکار علی ظفر نے کہا ہے کہ انھوں نے 60 دنوں میں50 شوز کیے۔ علی ظفرنے اپنے نئے البم کی موسیقی پر کام مکمل کر لیا ہے اور اپنی نئی بالی وڈ فلم کی شوٹنگ بھی بھارتی ساحلی شہر گوا میں مکمل کر لی ہے۔