Monday, 18 November 2024

ایمز ٹی وی (تجارت ) سوئی سدرن گیس کمپنی نے سی این جی ایسوسی ایشن کے ساتھ مذاکرات کے بعد سندھ میں رواں ہفتے کے دوران سی این جی اسٹیشنز کو گیس فراہمی بند کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا ہے جس کے بعد صوبے بھر میں منگل اور جمعہ کے روز سی این جی اسٹیشنز کھلے رہیں گے سوئی سدرن کمپنی نے رواں ہفتے کے دوران منگل اور جمعہ کو سی این جی اسٹیشنز کو گیس فراہمی بند کرنے کے احکامات جاری کئے تھےتاہم گزشتہ روز سی این جی ایسوسی ایشن سے مذاکرات کے بعد سوئی سدرن کمپنی نے یہ فیصلہ واپس لیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ لائن پیک کی صورتحال میں بہتری کے بعد اب صوبے بھر میں منگل اور جمعہ کے روز سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی بحال رہے گی -

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ) بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کا کہنا ہے کہ ماہرہ خان اور نواز الدین صدیقی اچھے اداکار ہیں جن سے مجھے سیکھنے کا موقع مل رہا ہے ۔ پاکستانی خوبرو اداکارہ ماہرہ خان جو کہ پاکستانی ڈراموں کے ساتھ ساتھ فلموں میں بھی اپنا مقام بنا چکی ہیں انہوں نے بالی ووڈ میں اپنے کیرئیر کا آغاز شاہ رخ خان کی فلم’’رئیس‘‘ سے کیا ۔ فلم کی شوٹنگ کے دوران ہی شاہ رخ خان پاکستانی اداکارہ کی پرفارمنس سے بے حد متاثر ہوئے اور انہیں ایک باصلاحیت اداکارہ قرار دیا ۔ بالی ووڈ کنگ کا اپنے ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ ماہرہ خان اور نواز الدین صدیقی سمیت فلم کے تمام اداکار’’رئیس‘‘ کے لیے بہترین انتخاب ہیں اور مجھے امید ہے کہ ان کی مدد سے میری کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی - 

ایمزٹی وی (انٹرٹینمنٹ )بھارتی فلم انڈسٹری میں تیزی سے کامیابیوں کا سفر طے کرنے والے پاکستان کے معروف اداکار فوا د خان بالی ووڈ فلم’کپور اینڈ سنز‘میں شاندار اداکاری کے باعث اپنے مداحوں کو متاثر کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں فلم نے ریلیز ہوتے ہی باکس آفس پر دھوم مچادی ہے اور 3 دن میں26کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کرنے میں کامیابی حاصل کر لی ہے شکن بترا کی ہدایتکاری میں بننے والی اس کامیڈی ڈرامہ فلم کی کہانی دو بھائیوں کے گرد گھومتی ہے جو الگ ہوجاتے ہیں ، کہانی اس وقت دلچسپ ہوجاتی ہے جب ان کے 90برس کے داد ا دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے ان دونوں بھائیوں کو اپنے پرانے گھر بلاتے ہیں فلم کی دیگر کاسٹ میں عالیہ بھٹ،سدھارتھ ملہوترا ،رشی کپور اور رتنا پھاٹک بھی شامل ہیں۔ 

ایمز ٹی وی (انٹر نیشنل )امریکی صدارتی امیدوار بننے کی دوڑ میں شامل ڈیمو کریٹ رہنما برنی سینڈرز بھلے ہی ہیلری کلنٹن سے پیچھے ہوں لیکن فنڈز جمع کرنے میں وہ ان سے آگے نکل گئے ہیں امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق فروری کے دوران ڈیمو کریٹس امیداروں میں برنی سینڈرز اپنی حریف ہیلری کلنٹن کے مقابلے میں چار کروڑ پینتیس لاکھ ڈالر فنڈز اکھٹا کرنے میں کامیاب رہے ہیں جبکہ ہیلری کلنٹن تین کروڑ ڈالر جمع کرسکی ہیں ۔

تاہم یہ فنڈز خرچ کرنے میں بھی ان کی رفتار ہیلری سے زیادہ ہے اور فروری کے اختتام تک ان کے پاس ایک کروڑ بہتر لاکھ ڈالر باقی رہ گئے تھے۔ ریاست ورمونٹ سے تعلق رکھنے والے سینڈرز نے زیادہ تر فنڈز آن لائن چندے سے جمع کیے ہیں.

ایمز ٹی وی (اسپیشل رپورٹ) امریکہ کے تین ذہین طالب علم دو لڑکیوں اور ایک لڑکےکو ایک مقبول امریکی مقابلے انٹیل ٹیلنٹ سرچ کا فاتح قرار دیا گیا ہے۔ حال ہی میں واشنگٹن میں ہونے والے ابھرتے ہوئے موجد نوجوانوں کے روایتی سائنس اور انجنیئرنگ کے مقابلے' انٹیل ٹیلنٹ سرچ ایوارڈز 'کے لیے فاتحین امول پنجابی، پیج براؤن اور مایا ورما نے انٹیل کارپوریشن کا لاکھوں ڈالرز کا ایوارڈ وصول کیا ہے۔

 

امریکی ہائی اسکولوں کے یہ ذہین طالب علم انٹیل سرچ مقابلے 2016ء کے فاتح بنے ہیں جو سوسائٹی فار سائنس اینڈ پبلک کا ایک پروگرام ہے اور یہ امریکہ کا سائنس اور ریاضی کا ایک بڑا مقابلہ ہے جس نے اس برس 75 سال مکمل کر لیے ہیں۔ فاتحین کا انتخاب تین شعبوں ' بنیادی تحقیق'، 'گلوبل گڈ' اور 'ایجاد' کے لیے کیا گیا تھا۔ سوسائٹی فار سائنس اینڈ پبلک کے مطابق جس نے دارالحکومت واشنگٹن میں گرینڈ جشن کا اہتمام کیا تھا، تینوں شعبوں کے ہر فاتح کو   150,000 ڈالر کی رقم بطور انعام پیش کی گئی۔ انٹیل فاؤنڈیشن کی صدر روزا لنڈا نے کہا کہ دو خواتین کا پہلا انعام جیتنے کے علاوہ سائنس ٹیلنٹ سرچ مقابلے کی 75 سالہ تاریخ میں  نصف سے زائد خواتین فائنلسٹ نامزد ہوئی ہیں۔

      

 

 

 

 

 

 

 

 

بنیادی تحقیق کے فاتح  امول پنجابی امریکی ریاست میسا چوسٹس سے تعلق رکھنے والے 18 سالہ بھارتی نژاد امریکی طالب علم امول پنجابی نے ایک سافٹ وئیر تیار کیا ہے، جو ادویہ سازوں کو سرطان اور دل کی بیماریوں کے علاج کی دواؤں کی تیاری میں مدد فراہم کر سکتی ہے۔ اس کے علاوہ امول نینو ذرات پر شائع ہونے والے ایک تحقیقی پرچے کے اہم مصنف ہیں اور اپنے اسکول میں جاز ورکشاپ کی اہم پیانو پلئیر ہیں۔

 

گلوبل گڈ کی فاتح پیج براؤن امریکی ریاست مین سے تعلق رکھنے والے 18 سالہ طالبہ پیج براؤن نے ای کولی نامی خطرناک بیکٹیریا کے ساتھ چھ مقامی نہروں کے پانی کے معیار اور فاسفیٹ کی سطح پر مطالعہ پیش کیا ہے۔

 

ایجاد کی فاتح مایا ورما کیلی فورنیا کی طالبہ مایا ورما نے جدید ڈیزائن اور تخلیق کے ذریعے ایک کم لاگت کا اسمارٹ فون کی طرز کا آلہ تخلیق کیا ہے، جو درست طریقے سے سانس کی بیماریوں کی تشخیص کرتا ہے۔

 

دیگر فائنلسٹس نے خفیہ کاری کے نظام کے ساتھ جدید سائبر سکیورٹی پروگرام پر اپنے پراجیکٹ پیش کئے تھے اس کے علاوہ مقابلے میں نینو میڈیسن پر بھی تحقیق پیش کی گئی۔  75 ہزار ڈالر کا دوسرا انعام بنیادی تحقیق کے زمرے میں امریکی ریاست ایلینوئے کی طالبہ مینا جگدیش نے حاصل کیا۔گلوبل گڈ کے لیے دوسرا انعام پینسلوینیا کے طالب علم مائیکل زینگ نے جیتا جبکہ پینسلوینیا کے ایک دوسرے ہائی اسکول کے طالب علم ملند جگوٹا نے ایجادات کے زمرے میں دوسرا انعام وصول کیا۔ 35 ہزار ڈالر کا تیسرا انعام بنیادی تحقیق میں ورجینیا کے طالب علم کنال شروف نے جیتا ان کے علاوہ ریاست ایڈ اہو کے طالب علم ناتھن چارلس مارشل نے گلوبل گڈ کے لیے دوسرا انعام وصول کیا جبکہ کاویا روی چندرا نے ایجادات کے زمرے میں تیسرا انعام حاصل کیا۔

 

جیتنے والے طالب علموں سمیت امریکہ بھر سے اس مقابلے میں شرکت کرنے والے کل 300 طالب علموں کو فائنل کیا گیا تھا، جن میں سے مستقبل کے سائنس دانوں، موجد اور انجینیئرز بننے والے 40 سرکردہ امیدواروں کو جنوری میں حتمی مقابلے کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔ فائنلسٹس کا تعلق 18 امریکی ریاستوں کے 38 اسکولوں سے تھا جبکہ دو اسکولوں منٹگمری بلئیر ہائی اسکول، میری لینڈ اور میسا چوسٹس اکیڈمی میتھ اینڈ سائنس سے دو، دو حتمی امیدواروں کا انتخاب کیا گیا۔

ایمزٹی وی (تعلیم) ایچ ای سی نے کروڑوں روپے کی کرپشن میں ملوث محمد ارشد کامران کو ڈائریکٹر جنرل کی پوسٹ پر ترقی دے دی۔ ذرائع کے مطابق اسسٹنٹ ڈائر یکٹر ایچ آر ایم امجد حسین شاہ کی جانب سے 21 مارچ کو جاری آفس آرڈرنمبر 19-9/HEC/HRM/2016/522 کے مطابق محمد ارشد کامران کو ڈائر یکٹر جنرل (ایکٹنگ) بیسک پر اسکیل 20 میں ترقی دینے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔ محمد ارشد کامران کے خلاف 30 مئی 2014 کو فیڈرل اردو یونیورسٹی آف آرٹس ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کراچی کے رجسٹرار کی جانب سے ڈائر یکٹر جنرل ایف آئی اے اسلام آباد کو باضابطہ طور پر شکایت کی گئی تھی ، ارشد کامران اسو قت ایچ ای سی سے فیڈرل اردو یونیورسٹی میں ڈیپوٹیشن پر تعینات تھے۔ شکایت میں بتایا گیا تھا کہ انہوں نے 17 کروڑ 80 لاکھ روپے اردو یونیورسٹی کے اکیڈ مک بلاک کی تعمیر کیلئے مختص منصوبے سے غبن کئے ہیں ۔ اس کیس کی تحقیقات تا حال ہو رہی ہیں اس کے با وجود انہیں بیسویں گریڈ میں ترقی دے کر باقاعدہ آفس آرڈر جاری کر دیا گیا ہے اور انہیں مطلع کیا گیا ہے وہ متعلقہ شعبے میں جوائننگ کیلئے فوری طور پر رابطہ کریں۔ ایچ ای سی حکام کا کہنا ہے کہ ارشد کامران کی ترقی سلیکشن بورڈ کے منعقدہ اجلاس 14 جنوری 2016کو منظور کی گئی تھی۔