ایمزٹی وی (ایجوکیشن) لمس یونیورسٹی (سکھر)کی جانب سے قائم کی گئی ڈیجیٹل اینڈ ریسرچ لیبارٹری کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر لیاقت میڈیکل یونیورسٹی جامشورو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نوشاد احمد شیخ کا کہنا تھا کہ لمس یونیورسٹی پبلک سیکٹر یونیورسٹی ہونے کے ناطے طلبہ کو بہتر تعلیم دینے اور عوام کو صحت کی سہولتیں فراہم کررہی ہے اس حوالے سے ڈاکٹر نوشاد احمد شیخ کا کہنا تھا کہ لمس کی نئی ڈیجیٹل لیبارٹری میں غریب عوام کو کم قیمت پر ہر طرح کے ٹیسٹ کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لمس یونیورسٹی کی جانب سی مختلف شہروں دادو، میرپورخاص ، ٹنڈو آدم، حیدرآباد ،قاسم آباد، لطیف آباد، جامشورو میں جدید نئی مشینری کے ہمراہ تربیت یافتہ عملہ مقرر کیاگیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ سندھ کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز سمیت تمام بڑے شہروں میں لمس یونیورسٹی کی جانب سے لیبارٹریز قائم کرکے عوام کو صحت کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ ڈاکٹر نوشاد احمد شیخ نے کہا کہ نئی ڈیجیٹل لیبارٹری عوام کیلئے تحفہ ہے۔ افتتاحی تقریب کے دوران ڈین پروفیسر اشرف خاصخیلی ،چیئرمین پیتھالوجی پروفیسر ڈاکٹر اکرام اجن ویگرموجود تھے ۔
ایمزٹی وی (تعلیم) داﺅد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے طلباء پروجیکٹ نمائش اور مقابلہ (ایس پی ای سی ) میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے۔تفصیلات کے مطابق مقابلے کا انعقاد این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کراچی کے شعبہ الیکٹرونک انجینئرنگ ٹیکنالوجی میں کیا گیا ۔ مقابلے میں پاکستان بھر سے 60سے زائد یونیورسٹیز نے حصہ لیا جن میں داﺅد یونیورسٹی ، فاسٹ یونیورسٹی ، سرسید یونیورسٹی ، پی اے ایف کیٹ ، جامعہ این ای ڈی ، انڈس یونیورسٹی ، علی گڑھ یونیورسٹی ، مہران یونیورسٹی ، ڈی ایچ اے صوفا یونیورسٹی اور دیگر شامل تھیں۔ روبو میز کیٹیگری میں داﺅد یونیورسٹی کے شعبہ الیکٹرونک انجینئرنگ کی ٹیم "الیکٹرونک 15"نے پہلی پوزیشن حاصل کی ۔ ٹیم کے ارکان میں جواد جیلانی ، شیخ احمد قریشی ، سجاد حیدر ، حسن اکبر، طارق کھوسو ، عبدالرحمن شامل تھے جن کے روبوٹ "ٹیک اس بوٹ" نے میز کا فاصلہ محض 35سیکنڈ میں طے کیا جبکہ دوسری پوزیشن لینے والے روبوٹ نے یہی فاصلہ 44 سیکنڈ میں طے کیا۔ علاوہ ازیں روبو میز کیٹیگری میں بہترین ڈیزائن کا اعزاز بھی دائود یونیورسٹی کی ٹیم "الیکٹرونک 15" کو ملا۔
ایمزٹی وی (تعلیم) پاکستان سے 11 طلباء پر مشتمل ایک وفد نے جینسیز پروگرام کے تحت جاپان کا مطالعتی دورہ کیا۔ وفد میں ہمدرد یونیورسٹی کے پانچ طلباء اور ایک سپر وائزر شامل تھے۔ ذرائع کے مطابق اس 10 روزہ دورے کے دوران طلباء کو ماحولیاتی مسائل، تعلیم اور جاپان کے عالمی حفاظتی اقدامات کے بارے میں بتایا گیا۔ طلباء کو جاپان کے ری سائیکلنگ مراکز، شہری فارمز، پانی کو ذخیرہ کرنے اور اس کی ری سائیکلنگ کے مراکز اور بچوں کی تعلیم کے جدید و منفرد طریقہ تعلیم نے بہت متاثر کیا۔ Jenesysپروگرام کا بنیادی مقصد پاکستان، بھارت اور ایشائی ممالک کے لوگوں کے درمیان باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم کو فروغ دینا ہے نیز جاپان کے معاشرے، تاریخ، متنوع ثقافت، سیاست اور خارجہ پالیسی سے روشناس کرانا ہے۔
ایمز ٹی وی(انٹرنیشنل) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ اسلام امن و شانتی کا مذہب ہے، یہ بات انھوں نے 20 مختلف ممالک سے آنے والے صوفی علما پر مشتمل 3 روزہ کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، نریندر مودی نے کہا کہ مذہب اسلام میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہے، اسلام کا مطلب ہی امن و شانتی ہے اور اس کا دہشت گردی سے کچھ بھی لینا دینا نہیں ہے۔
اس کا پیغام مکاتب فکر اور فرقوں کی حدود سے کہیں بڑا ہے جب ہم اللہ کے 99 ناموں کے بارے میں سوچتے ہیں تو اس میں سے کوئی بھی نام تشدد یا طاقت کی غمازی نہیں کرتا، پہلے کے 2 نام تو ہمدردی اور رحم کیلیے ہیں، اللہ رحمن اور رحیم ہے، بھارتی وزیر اعظم نے اپنے نصف گھنٹے کے خطاب میں اسلام، صوفی روایات اور اسلامی تہذیب و ثقافت کی بات کی اور کہا کہ بھارت میں اسلام کی جڑیں کافی مضبوط رہی ہیں۔
17 سے 20 مارچ کے درمیان چلنے والی اس کانفرنس کا اہتمام بریلوی مکتب فکر کے اداروں نے کیا ہے لیکن کہا یہ جا رہا ہے کہ اسے مرکزی حکومت کی سرپرستی بھی حاصل ہے، حکومت کے ہی ایک بہت ہی معروف اور مہنگے ایوان’وگیان بھون‘ میں اسے کیا جا رہا ہے جس میں پاکستان، مصر اور شام جیسے کئی مسلم ممالک کے صوفی علما شرکت کر رہے ہیں۔
ایمز ٹی وی(کراچی) بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبد الباسط قومی کرکٹ ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لئے کولکتہ پہنچ گئے۔ پاکستانی ہائی کمشنر نے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور انہیں وزیر اعظم میاں نواز شریف کا خصوصی پیغام پہنچایا۔ عبد الباسط کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم کرکٹ ٹیم کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے بنگلہ دیش کیخلاف پہلے میچ میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ اس موقع پر کپتان شاہدافریدی نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کی پوزیشن بہت مضبوط ہے، وہ ہر میدان مارنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
ایمزٹی وی (سائنس)گزشتہ کچھ عرصے میں بڑے بلیک ہولز کی دریافت نے سائنس دانوں کو حیران کردیا تھا لیکن اب ان کے لے ایک پریشان کن تحقیق سامنے آگئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آسمان پر چمکنے اور جگمگانے والے ستارے بلیک ہولز کے اندر جا کر غائب ہورہے ہیں۔
ناسا کی انتہائی طاقتور سیٹلائٹ نے گزشتہ دنوں ستاروں کے جھرمٹ سگنس سے تابکاری شعاعوں سے نکلنے والی طاقتورترین توانائی کا مشاہدہ کیا جوکہ زمین سے 8 ہزار نوری سال کے فاصلے پر موجود ہے۔ سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ ان کی طاقتور ٹیلی اسکوپ پر لگے جدید ترین کیمرے سے روشنی کے ان فلیشز کو ریکارڈ کیا جب کہ یہ فلیشز ہزاروں سورج سے نکلے رہے تھے جب کہ انتہائی کم عرصے تک نظر آئے اور ہماری آنکھ جھپکنے سے بھی 10 گنا زیادرہ رفتار سے غائب ہوگئے۔
یورپ، عرب امارات، بھارت اور امریکا کے سائنس دانوں پر مشتمل ایک ٹیم کا کہنا ہے کہ بلیک ہول سے نکلنے والی طاقتور شعاعیں ان ستاروں کی ہیں جنہیں اس نے ابھی تک اپنی غذا کا حصہ نہ بنایا ہو کیوںکہ بلیک ہول کی سطح اتنی گہری ہے کہ روشنی بھی اس کی کشش ثقل سے نہیں نکل سکتی۔
ایمز ٹی وی (تجا رت )فی تولہ سونے کی مقامی قیمتوں میں ساڑھے آٹھ سو روپے اضافہ ہوگیاہے۔
سندھ صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق 10 گرام سونے کی مقامی قیمت 729 روپے اضافے کے بعد 42 ہزار 857 روپے ہوگئی ہے۔ عالمی منڈی میں نرخ بڑھنے کے باعث جنوری 2014 کے بعد پہلی بار سونے کے مقامی نرخ اس سطح پر دیکھے گئے ہیں۔
ایمز ٹی وی (اسپورٹس)پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق نے کہا ہے کہ اس بار گرین شرٹس ورلڈ کپ میں بھارت کوہرا دے گی ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان نے کہا کہ کھلاڑیوں کی باڈی لینگویج دیکھ کر امید ہے کہ پاکستان بھارتی ٹیم کوٹی 20ورلڈ کپ کے میچ میں شکست دیدے گا۔
انضمام الحق کا مزید کہناتھا کہ بنگلا دیش کیخلاف ہونے والے میچ میں کھلاڑی کی کارکردگی اچھی تھی ،تاہم بھارت کے خلاف جیت کیلئے سینئر کھلاڑیوں کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔
ایمزٹی وی (انٹرنیشنل) بھارت میں ہر آنے والے دن کے ساتھ مذہبی انتہا پسندی زور پکڑتی جا رہی ہے اور ہندو انتہا پسند اس تعصب میں اتنا آگے آ چکے ہیں کہ انھوں نے ’بھارت ماتا کی جے‘ نہ کہنے پر لوک سبھا کے مسلمان رکن اسدالدین اویسی کی زبان کاٹنے والے کے لئے ایک کروڑ روپے کا اعلان کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی کی جانب سے ’بھارت ماتا کی جے‘ نہ کہنے پر بی جے پی اتر پردیش کے رہنما شائن پرکاش دیودی نے اسد الدین اویسی کو غدار قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت ماتا کی جے کہنے سے آپ کو تکلیف ہے تو پھر بھارت میں رہنے کا بھی آپ کو کوئی حق حاصل نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو بھی اسد الدین اویسی کی زبان کاٹ کر لائے گا اسے ایک کروڑ روپے انعام دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ شیو سینا نے بھی اسد الدین اویسی کی شہریت منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری جانب مہاراشٹرا اسمبلی نے بھی بھارت ماتا کی جے نہ کہنے پر مجلس اتحاد المسلمین کے رکن وارث پٹھان کی رکنیت معطل کردی جس کے خلاف لوگ احتجاجاً سڑکوں پرنکل آئےاور وارث پٹھان کی رکنیت بحال کرنے کا مطالبہ کیا تاہم پولیس نے مظاہرین پرلاٹھی چارج کیا۔ واضح رہے کہ اسد الدین اویسی نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ان کی گردن پر چھری بھی رکھ دی جائے تو تب بھی وہ بھارت ماتا کی جے نہیں کہیں گے کیونکہ بھارت کے آئین میں کہیں بھی نہیں لکھا کہ ’بھارت ماتا کی جے‘ کہا جائے