Sunday, 17 November 2024
×

Warning

JUser: :_load: Unable to load user with ID: 45
 
ایمز ٹی وی (کوئٹہ) بلوچستان کے بیشترعلاقوں میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ، مختلف علاقوں میں کئی بوسیدہ چھتیں گرگئیں ، ندی نالوں میں طغیانی سے سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر میں بارشیں مزید دو روز تک جاری رہیں گی ۔ بلوچستان بھر میں طوفانی بارشوں سے ہر طرف پانی ہی پانی ہے ۔ نشیبی علاقے زیرآب آ گئے جبکہ چمن سمیت دیگر علاقوں میں رابطہ سڑکیں بہہ گئیں ۔ کوئٹہ سمیت صوبے کے بیشتر علاقوں میں طوفانی بارشوں نیا سلسلہ جاری ہے ۔ پنجگو، دالبندین ، سبی ،قلات اور کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دیگر اضلاع میں بارش ریکارڈ کی گئی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ نیا سلسلہ آئندہ دو روز تک جاری رہے گا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دالبندین میں 22 ، پنجگور میں 11 ، سبی میں 22 ، قلات میں 36 اور پسنی میں صفر ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ موسم کا حال بتانے والے کہتے ہیں کہ بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ دو روز تک جاری رہے گا ۔ ابتک کئی علاقوں میں کچے گھروں کی چھتیں اور دیواریں گر چکی ہیں جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہوچکے ہیں ۔ کمشنر کوئٹہ نے بارشوں سے ہونے والے نقصان کے پیش نظر تمام متعلقہ محکمو ں کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے کوئٹہِ ، قلعہ عبداللہ ، پشین ، چاغی اور نوشکی کے ڈپٹی کمشنر کو افرادی قوت اور مشینری کو الرٹ رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے ۔ کوئٹہ اور گرد و نواح میں بادل چھائے ہوئے ہیں ۔
بلوچستان کے کئی شہروں میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آ گئے ، رابطہ سڑکیں بہہ گئیں ، مچھ میں دو افراد جاں بحق اور گیارہ زخمی ہو گئے ۔ سریاب کےعلاقے موسیٰ کالونی میں زمینوں میں دراڑ پڑنےکے باعث سینکڑوں مکانات متاثر ہوئے ، محکمہ موسمیات نے وارننگ جاری کردی ۔ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ کوئٹہ ، مکران ، سبی ، دالبندین ، ژوب ، چمن ، میں بادل خوب برسے ، مچھ میں بارش کے باعث گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 11 زخمی ہوگئے ، جھل مگسی میں ڈیم کے بند ٹوٹنے کی وجہ سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے ۔ چمن کے گرد و نواح میں بارشوں کے ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے ۔ کئی کچے مکانات منہدم ہوئے ہیں تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ ژوب میں ندی نالے بپھر گئے اور جو راستے میں آیا بہا لے گئے ۔ سڑکیں بند ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے بلوچستان میں آج مزید بارشوں کی پیش گوئی کردی ہے ۔ موسلا دھار بارشوں کے ساتھ طوفانی ہوائیں بھی چل سکتی ہیں ۔ ڈیرہ اسماعیل خان ، ٹانک ، موسیٰ خیل ، فیصل آباد ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، ملتان ، راجن پور اور بھکر میں بارش نے جل تھل کر دیا ۔ محکمہ موسمیات نے اگلے چار روز ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے.

ایمزٹی وی (تعلیم) پلان انٹرنیشنل اور نوحا گل بل کے زیراہتمام مقامی ہوٹل میں ڈاکیومینٹری تعلیم ہمارا مستقبل اور لانچنگ رپورٹ بلیک ٹو برائٹ کا اہتمام کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری تعلیم سندھ فضل اللہ پیچوہو نے کہا کہ فری لازمی تعلیم کو گراس روٹ لیول پر لے کر جائیں گے اس حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ پلان انٹرنیشنل کے تعلیم کے فروغ کے لئے اقدامات کو سراہتے ہیں، ان کے ساتھ ایک ایم او یو پر دستخط کئے ہیں جس کے صوبے پر دوررس نتائج برآمد ہوں گے۔ اس موقع پر ایم پی اے سندھ اور چیئرمین اسٹیڈنگ کمیٹی خورشید احمد جونیجو، کنٹری پروگرام منیجر امپلی مین ٹیشن عمران یوسف شامی اور عطا محمد نے بھی خطاب کیا علاوہ ازیں اشتیاق بیگ، محمد شاہد امین، نور فاطمہ کاظمی، کنزہ جاوید، مریم عیسیٰ، فرخ رحیم، جمشید علی، عظیم غوری، اطالوی قونصل گیانلوکا، سلمیٰ مراد، عادل مراد، حسن سومرو اور دیگر بھی موجود تھے۔

ایمز ٹی وی (لاہور) وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ فلاح عامہ کے منصوبوں کواعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیا جا رہا ہے جب کہ پنجاب حکومت دیہی اور شہری علاقوں کیلئے ترقی کی متوازن پالیسی پرعمل پیرا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں اراکین اسمبلی، پارلیمانی سیکرٹری صحت خواجہ عمران نذیر، متعلقہ سیکرٹریز ، کمشنر لاہور ڈویژن سمیت اعلی حکام نےشرکت کی جب کہ اجلاس کے دوران صوبے میں فلاح عامہ کے منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب میں عوام کی فلاح و بہبود کے لئے متعدد منصوبوں پر تیزی سے کام ہورہا ہے ، عوام کی بے لوث خدمت ہمارا مشن ہے، مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے شفافیت، اعلی معیاراورتیزرفتاری سے منصوبوں کی تکمیل کے کلچر کو پروان چڑھایا ہے جہاں حکومت کی شفاف پالیسی کا اعتراف نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی ادارے بھی کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ ڈھائی برس میں تعلیم، صحت ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی سمیت عوام کو بہترین سہولیات مہیا کرنے کے لئے وسائل میں کمی نہیں آنے دیں گے۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت دیہی اورشہری علاقوں کے لئے ترقی کی متوازن پالیسی پرعمل پیرا ہے، دیہی سڑکوں کی تعمیروبحالی کے بڑے منصوبے پرتیزرفتاری سے کام ہورہا ہے جس سے معیشت کوبے پناہ فائدہ پہنچے گا، تعلیم و صحت کی سہولتوں کی بہتری اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے اربوں روپے کے منصوبوں پر کام ہورہا ہے جب کہ فلاح عامہ کے منصوبوں کو اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیا جا رہا ہے،وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں عوام کی بے لوث خدمت کا سفر جاری و ساری رہے گا۔

ایمزٹی وی(ایجوکیشن) سندھ کے کالج اساتذہ سے مبینہ امتیازی سلوک کے خلاف سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچرارز ایسو سی ایشن ضلع کورنگی کراچی کے تحت گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کورنگی نمبر 4 کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ اس مظاہرے میں ضلع کورنگی کراچی کے کالج اساتذہ نے شرکت کی۔ سپلا کے مرکزی صدر پروفیسر علی مرتضیٰ،کراچی ریجن کے صدر پروفیسر فیروز الدین صدیقی، پروفیسر عامرالحق، پروفیسر عزیزاللہ میمن نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں کالج اساتذہ کے مظاہروں کوکافی دن ہو چکے ہیں مگر افسوس تاحال حکومت کے کسی ذمہ دار نے سپلا کے نمائندگان سے رابطہ نہیں کیا ۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں کالج اساتذہ کی مسلسل حق تلفی کی جارہی ہے ان کے جائز حقوق سلب کیے جارہے ہیں.

ایمزٹی وی (ایجوکیشن)او ائی سی کے اجلاس میں وزیر مملکت صدر ممنون حسین کو قومی زبان میں تقریر کرنے پر وفاقی جامعہ اردو کے رجسٹرار آصف علی نے مبارکباد پیش کردی،اس حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ  انہوں نے مسلم ممالک کی سب سے بڑی تنظیم او آئی سی کے پانچویں غیر معمولی اجلاس میں قومی زبان میں تقریر کرکے اس کی اہمیت اور قدر ومنزلت میں نہ صرف بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا وقار بلند کیا ہے بلکہ اس سے اردو زبان کی اہمیت کو بھی ثابت کیا ہے.

ایمز ٹی وی (گلگت) گورنر گلگت بلتستان میر غضنفر علی خان سے پارٹ سیکریٹری آف فورن افیئرز آفس سنکیانگ WUXianاور ایگزیکٹیو ڈائریکٹر اینڈ پارٹی سیکریٹری سینٹرانز &سی ایس سی سنکیانگ YUANJianminنے ملاقات کی ۔ملاقات میں گلگت بلتستان میں چائنا کے اشتراک سے بننے والے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔
گورنر گلگت بلتستان میر غضنفر علی خان نے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی صدیوں سے چلی آرہی ہے اور چائنا کی حکومت پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے ۔گلگت بلتستان وہ علاقہ ہے جس کے ذریعے پاکستان اور چائنا کے بارڈرز ملتے ہے اور انہی بارڈرز کی وجہ سے پاکستان اور چائنا کے آپس میں اچھے تعلقات برقرار رکھے ہوئے ہیں ۔ پاک چین دوستی کو مضبوط بنانے میں گلگت بلتستان کے عوام کا اہم کردار رہا ہے اور یہاں کے عوام نے قراقرم ہائے وے بنانے کے دوران بہت ساری قربانیا ں دی ہیں ۔گورنر گلگت بلتستان نے کہا کہ گلگت بلتستان کی ترقی کے لیئے پاک چائنا اقتصادی راہداری میں ایسے منصوبوں کو شامل کرنا چاہئے جو گلگت بلتستان کے عوام کے خواہشات کے مطابق ہوں اور علاقے کو معاشی لحاظ سے مضبوط کرنے میں بھی مدد ملے ۔
گورنر گلگت بلتستان میر غضنفر علی خان کو پارٹ سیکریٹری آف فورن افیئرز آفس سنکیانگ WUXian نے کہا کہ روان سال اپریل میں چائنا کا اعلیٰ سطح کا وفدگلگت بلتستان کا تفصیلی دورہ کریگا اور گلگت بلتستان میں ترقیاتی میگا منصوبوں کا بھی اعلان کریگا ۔ گورنر گلگت بلتستان نے کہا کہ چائنا کے وفد کو ہم گلگت بلتستان میں خوش آمدید کہتے ہیں اعلیٰ سطح کے وفد کے آنے سے گلگت بلتستان اور چائنا اور سینکیانگ کے درمیان اچھے تعلقات کو فروغ ملے گا ۔
 
 
 
 

ایمزٹی وی (ایجوکیشن) ثانوی تعلیمی بورڈکراچی کے اعلامیہ کے مطابق نویں اور دسویں سائنس اور جنرل ریگولر پرائیویٹ کے 28مارچ سے شروع ہونے والے سالانہ امتحانات کے ایڈمٹ کارڈز، ڈیٹ شیٹ اور سینٹر لسٹ 16مارچ2016 سے جاری کئے جائیں گے۔ اعلامیہ کے مطابق بورڈ کے چیئرمین پروفیسر انوار احمد زئی نے اسکولوں کے سربراہان سے کہا ہے کہ وہ اپنے شناختی کارڈ کی کاپی، آفس کارڈ اور اتھارٹی لیٹر کے ہمراہ مقررہ تاریخ کو میٹرک بورڈ کے کانفرنس ہال پہلی منزل سے صبح ساڑھے9بجے سے شام 5بجے تک حاصل کر سکتے ہیں۔ جبکہ پرائیویٹ طلبہ وطالبات کے ایڈمٹ کارڈ ان کے رہائشی پتوں پر ارسال کر دیئے گئے ہیں نہ ملنے کی صورت میں16مارچ کے بعد فیس چالان کی سلپ اور گزشتہ ایڈمٹ کارڈ کی کاپی کے ہمراہ بورڈ آفس کے متعلقہ سیکشن بلاک Aکمرہ نمبر5سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

ایمزٹی وی (ایجوکیشن) عالمی یوم خواتین کے حوالے سے اے پی ایم ایس او شعبہ طالبات کے زیر اہتمام سیمینارکا انعقاد کیا گیا۔اس موقع ہر سینئر ڈپٹی کنوینرمتحدہ قومی موومنٹ پاکستان ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ عورت ہمارے معاشرے کا ایک اہم رکن ہے۔ان کے بھی اتنے ہی حقوق ہیں جتنے ایک مرد کے ہیں،ہمارے معاشرے کی خواتین کو معاشرے کی ترقی کیلئے مردوں کے شانہ بشانہ کام کرنے اور آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ ان کا مزید کہناتھا کہ عصر حاضر میں طلباوطالبات کے لئے نئے میڈیکل کالجز کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ خواتین کے حقوق کے حوالے سے بنائے جانے والے قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تب ہی ہم ایک اچھے اور پائیدار معاشرے کو تشکیل دے سکتے ہیں۔ اس موقع پر رابطہ کمیٹی ممبر زرین مجید،چیئرمین اے پی ایم ایس او سرفراز صدیقی، وائس چیئر پرسن وجیہہ رﺅف اور مرکزی کابینہ بھی موجودتھی۔

ایمز ٹی وی (اسپیشل رپورٹ) فوربس کی 30 سال سے کم عمر کامیاب افراد کی سالانہ فہرست میں چار پاکستانی نوجوانوں کا نام شامل ہے جنھوں نے مختلف شعبوں میں بالکل نئےحالات پیدا کیے ہیں۔ فوربس کی 2016 کی  30 انڈر 30 فہرست میں 600 مرد اور خواتین کانام شامل ہےجنھیں20 مختلف شعبوں مثلاً  کاروباری صارفین کی ٹیکنالوجی، تعلیم، میڈیا قانون، سماجی کاروبار، سائنس اور آرٹ کے شعبوں سے منتخب کیا گیا ہے۔تھرٹی انڈر تھرٹی نامی فہرست میں 'سماجی کاروبار'  اور 'میڈیا اور مارکیٹنگ'  کے زمروں میں پاکستان سے خالدہ بروہی، عمر انور جہانگیر، منیبہ مزاری اور فضا فرحان کا نام شامل کیا گیا ہے جو تیس سال سے کم عمر میں، اس دنیا کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔

 

خالدہ بروہی

فوربس نے خالدہ بروہی کو 'سماجی کاروبار' کی 30 سال سے کم عمر کامیاب خاتون قرار دیا ہے۔ تبدیلی کی علمبردار خالدہ بروہی  ایک غیر منافع بخش ادارہ چلاتی ہیں۔ ان کا ادارہ دیہی علاقوں کی خواتین کو خود مختار بنانے کے لیے ہنر سکھا رہا ہے۔ 27 سالہ سماجی کارکن نے اپنی سہیلی کا غیرت کے نام پر قتل دیکھا تھا اور اس خوفناک تجربے سے گزرنے کے بعد انھوں نے  16 سال کی عمر میں 'سگھڑ'  نامی ادارے کی بنیاد ڈالی۔

 

خالدہ کی تنظیم پاکستان کے   23دیہاتوں میں عورتوں کو چھ ماہ کے تربیتی کورس فراہم کرتی ہے جہاں انھیں کاروباری معلومات اور روایتی کڑھائی کی مہارت سکھائی جاتی ہے ۔ اس کے علاوہ انھیں قرضوں اور منڈیوں تک رسائی کے طریقے بتائے جاتے ہیں۔ عورتوں کے حقوق کے لیے ان کی کوششوں کو ملک کے اندر اور پاکستان سے باہر بھی سراہا گیا ہے۔ 2013 میں انھیں وومن ان دا ورلڈ فاؤنڈیشن کی طرف سے با اثر خاتون قرار دیا گیا تھا۔

 

عمر انور جہانگیر  

 24 سالہ عمر انور جہانگیر کراچی میں 'بحریہ میڈیکس'  نامی ایک تنظیم کے سربراہ ہیں، جو صحت کے دیکھ بھال کے پروگراموں کو چلاتی ہے ۔ان کے اقدامات میں ایک اہم پروگرام  بحریہ میڈکس بلڈ بینک سوسائٹی کا قیام شامل ہے، جو موبائل نیٹ ورکس سے مربوط ہے۔ 2014 میں عمر نے عالمی اقتصادی فورم گروپ کا حصہ بننے کا اعزاز حاصل کیا اور ڈیوس میں ہونے والے اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس میں 'گلوبل شیپر' کی حیثیت سے پاکستان کی نمائندگی کی ۔

 

منیبہ مزاری

پاکستان ٹیلی وژن کی اینکر اور اقوام متحدہ کی عورتوں کی تنظیم کی طرف سے پاکستان کی خیر سگالی سفیر ہیں۔ وہ ملک کی تاریخ کی پہلی وہیل چئیر اینکر اور ماڈل ہیں اور ایک انقلابی مقرر کی حیثیت سے بھی جانی پہچانی جاتی ہیں۔27 سالہ منیبہ کا نام 'میڈیا اور مارکٹنگ' کے کامیاب نوجوانوں کی فہرست میں شامل ہے۔ وہ سات برس پہلے ایک کار حادثے کا شکار ہوگئی تھیں جس کے بعد چلنے پھرنے سے معذور ہیں۔ فائن آرٹ کی ڈگری رکھنے والی منیبہ حادثے کے بعد سے اپنی پینٹنگ کے ذریعے  عام لوگوں کی امیدوں اور خوف کی عکاسی کر رہی ہیں۔

 

فضا فرحان

فضا فرحان ایک مائیکرو فنانس ادارہ 'بخش فاؤنڈیشن' کے نام سے چلاتی ہیں جو کہ پسماندہ طبقوں کی فلاح وبہبود کے لیے کام کرتا ہے۔ 26 سالہ فضافرحان کی فاؤنڈیشن نے دیہی علاقوں میں مائیکرو فنانس اسکیم کے ذریعے توانائی کے منصوبے شروع کئے ہیں اور تقریباً 12 ہزار دیہاتوں کو کاروباری قرضے فراہم کئے ہیں اور  6,750سے زائد خاندانوں کو شمسی توانائی سے جلنے والے بلب فراہم کئے ہیں۔ فضا فرحان اقوام متحدہ کی طرف سے خواتین کی معاشی خود مختاری کے لیے بنائے گئے ایک اعلیٰ سطح کے پینل کی رکن ہیں۔

 

ایمزٹی وی(ایجوکیشن) وزیراعلیٰ ہاﺅس نے میٹرک اور انٹر کے سالانہ امتحانات شروع ہونے سے چند ہفتے قبل اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی اور ثانوی تعلیمی بور ڈ کراچی میں عارضی بنیادوں پر3نئی تعیناتیاں کردی ہیں۔یہ تعیناتیاں سنیارٹی کے پیش نظرکی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے نائب ناظم امتحانات محمد زبیر سے قائم مقام ناظم امتحانات کا چارچ واپس لے کرنائب امتحانات زرینہ چوہدری کو قائم مقام ناظم امتحانات مقرر کر دیا ہے اس طرح اسی بورڈ میں ڈپٹی سیکرٹری محمد جعفر سے قائم مقام سیکرٹری کے عہدے کا چارج ڈپٹی سیکرٹری عظیم احمد کو قائم مقام سیکرٹری مقرر کردیا ہے۔ جبکہ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی میں بورڈ کے چیئرمین کی سفارش پر انسپکٹر آف اسکولز سید محمد علی شائق کو قائم مقام سیکرٹری مقرر کر دیا گیا ہے، یہ اسامی حور مظر کو عہدے سے ھٹائے جانے کے بعد خالی ہوئی تھی۔ تینوں تبدیلیوں کا وزیراعلیٰ ہاﺅس کے سیکشن آفیسر بورڈز فاروق بگٹی نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ ہاﺅس کے ذرائع کے مطابق ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ ثانوی تعلیمی اور سندھ کے دیگر بورڈز میں آئندہ ہفتے تلاش کمیٹی کے ذریعے مستقل ناظم امتحانات اور سیکرٹریز کی تقرری کا سلسلہ شروع ہو جائے گا اور یہ تمام تقرریاں شفاف اور میرٹ پر کی جائیں گی۔