Sunday, 17 November 2024
×

Warning

JUser: :_load: Unable to load user with ID: 45
ایمز ٹی وی (بین الاقوامی ڈیسک) بھارت میں مودی سرکار کے چھتر چھایا تلے بی جے پی کی انتہا پسندی عروج پہ پہنچ گئی ، کشمیریوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے والے کنہیا کمار کی زبان کاٹنے کے لیے بی جے پی کے یوتھ ونگ کے رہنما نے پانچ لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کر دیا ۔ بھارت میں کشمیریوں کے حقوق اور انتہا پسند بی جے پی کے خلاف آواز اٹھانا بھی ایک جرم بن گیا ۔ بھارت میں انتہا پسند ہندو بی جے پی یوتھ ونگ کے رہنما کلدیپ وارشنے نے جواہر لعل یونیورسٹی کے طالب علم رہنما کنہیا کمار کی زبان کاٹنے والے کے لیے 5 لاکھ روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے ۔ اتر پردیش میں بی جے پی یوتھ ونگ کے ضلع بدائون کے رہنما کلدیپ وارشنے کا کہنا ہے کہ کنہیا کمار کو بی جے پی اور نریندر مودی کے خلاف بات کرنے کی سزا ملنی چاہیئے ۔ کنہیا کمار نے فروری میں نئی دلی کے جواہر لعل یونیورسٹی میں افضل گورو کی برسی پر ہونے والے احتجاج کی قیادت کی تھی ۔ کشمیریوں کی حمایت میں آواز اٹھانے کی پاداش میں بھارتی سرکار نے اُن پر بغاوت کا مقدمہ درج کر رکھا ہے ۔ کنہیا کمار کو چند دن پہلے عدالت پیشی کے موقع پر بھی شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا ۔

ایمز ٹی وی (ایجوکیشن) خیبر پختونخوا کی کئی نابینا لڑکیوں کا کہنا ہے کہ وہ 'امتیازی سلوک' کا شکار ہیں کیوں کہ انھیں ثانوی تعلیم تک رسائی نہیں دی جا رہی ہے۔ بینائی سے محروم بہت سی طالبات اسکول چھوڑنے پر مجبور ہیں کیونکہ صوبے میں ان کے لیے پرائمری اسکولز تو موجود ہیں لیکن کوئی ہائی اسکول موجود نہیں ہے۔

 

پشاور میں نابینا لڑکیوں کے لئے پرائمری  اسکول موجود ہے مگر وہاں صرف 25 طالبات تعلیم کرسکتی ہیں۔ اسکول میں کلاسز بھی بہت تاخیر سے شروع ہوتی ہیں۔ دس سال کی عمر سے لڑکیاں بنیادی تعلیم حاصل کرنا شروع کرتی ہیں جبکہ 16 برس کی عمر تک صرف پانچ جماعتیں مکمل کرپاتی ہیں۔

پاکستان کا شمار خواندگی کے اعتبار سے دنیا میں کم ترین شرح رکھنے والے ممالک میں ہوتا ہے جہاں صرف 30 فیصد بچے ہی اسکول جاتے ہیں۔خیبر پختونخوا کی نابینا طالبات اور بھی کئی مسائل کا شکار ہیں۔ صوبے میں کوئی بریل پرنٹنگ پریس نہ ہونے کی وجہ سے اساتذہ اپنے ہاتھوں سے کتابیں بنانے پر مجبور ہیں۔اساتذہ پرانی کتابیں لیتے ہیں جسے بینائی والا شخص اونچی آواز میں پڑھ کر سناتاہے اوروہ اسے بریل میں تبدیل کرکے لکھ لیتے ہیں۔ یہ بہت مشکل عمل ہے ہزاروں نقطوں کو کاغذ پر بنانا مگر اساتذہ کا یہ جذبہ قابل تحسین ہے۔    

 

خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت کی جانب سے محکمہ بہبود کے نئے وزیر کی تعیناتی کے بعد اسکول کے ہیڈماسٹر پرامید ہیں کہ حکومت اس اسکول میں کلاسز کا اضافہ کرے گی اور وہ ثانوی تعلیم کے کورسز پڑھا سکیں گے۔ ہیڈماسٹر کے مطابق تمام کاغزی کاروائی مکمل ہوچکی ہے اور اسکول میں مزید جماعتوں کی تعمیر کا کام دو سے تین ماہ میں شروع کردیا جائے گا۔ لیکن یہ نابینا طالبات اس سے قبل بھی کئی وعدے سن چکی ہیں۔ اور اب یہ اس وقت تک مطمئن نہیں ہوں گی جب تک وہ اپنے اسکول میں نئی کلاسز کے تعمیر ہونے کی آوازیں نہیں سن لیتیں۔

 

ایمز ٹی وی (بین الاقوامی ڈیسک) افغانستان میں قیام امن کے لیے ہونے والے چار ملکی مذاکرات کے بعد ایک بار پھر قیام امن کی امید روشن ہوگئی تھی لیکن اب طالبان نے پیشگی شرائط کے بغیر افغان حکومت سے مذاکرات سے انکارکردیا ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغان طالبان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جب تک ان کی پیشگی شرائط مان نہیں لی جاتی وہ افغان حکومت سے مذاکرات نہیں کریں گے۔ طالبان کی جانب سے شرائط بیان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مذاکرات سے قبل ملک سے غیرملکی افواج کا خاتمہ، طالبان کے ناموں کا عالمی بلیک لسٹ سے اخراج اور ان کے قیدیوں کی رہائی ضروری ہے جب کہ ان شرائط کی منظوری تک طالبان کسی قسم کے مذاکرات میں شریک نہیں ہوں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس سے قبل بھی مذاکرات کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا اور اب بھی ان کی رکھی گئی شرائط کے بغیر کسی قسم کے مذاکرات کامیاب نہیں ہوں گے جب کہ اسلامک امارت نے کسی بھی شخص کو افغان حکومت سے براہ راست مذاکرات میں حصہ لینے کے لیے اپنا نمائندہ مقرر نہیں کیا اور نہ ہی مجلس شوریٰ نے اس قسم کے مذاکرات میں حصہ لینے کی منظوری دی ہے۔
واضح رہے کہ میڈیا میں گزشتہ کئی روز سے کہا جا رہا تھا کہ افغان حکومت اور طالبان براہ راست مذاکرات کے لیے تیار ہو گئے ہیں لیکن اب طالبان نے اس کی سختی سے تردید کردی ہے۔ دوسری جانب طالبان کے اس بیان سے پاکستان، افغانستان، چین اور امریکا کی جانب سے جاری 4 ملکی مذاکرات کے پلیٹ فارم پر افغانستان میں امن کی کوششوں کو بھی دھچکا لگا ہے۔
ایمز ٹی وی (بین الاقوامی ڈیسک) امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر پیساڈینا میں آئل ریفائنری میں جنریٹر پھٹنے کے نتیجے میں آگ لگ گئی ، آگ لگنے سے تین افراد زخمی ہو گئے ۔ یہ واقعہ برازیل کی نیشنل آئل کمپنی کی ریفائنری میں پیش آیا جہاں جنریٹر پھٹنے سے زوردار دھماکا ہو گیا ۔ آگ سے جھلس کر تین افراد زخمی ہو گئے ، آگ کے باعث پولیس کے مطابق فائر فائٹرز نے آگ پر قابو پا لیا ہے ۔ حادثے کے بعد آئل ریفائنری کے متاثرہ یونٹ کو بند کردیا گیا ہے ۔
 
ایمز ٹی وی (بین الاقوامی) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی آبائی ریاست گجرات میں دس دہشت گردوں کے داخلے کی اطلاعات کے بعد سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کے مشیر برائے قومی سلامتی امورلیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ناصرجنجوعہ نے اپنے بھارتی ہم منصت اجیت دوول کو اطلاع دی ہے کہ گجرات میں 10 دہشت گرد داخل ہوئے ہیں۔ جو ہندوؤں کے مذہبی تہوار شیو راتری کے موقع پر کارروائی کرسکتے ہیں۔
پاکستان کی جانب سے دی گئی اطلاعات کے بعد گجرات میں تمام سیکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے، مذہبی و عوامی مقامات اور حساس تنصیبات پر سیکیورٹی کومزید سخت کردیا گیا ہے۔
 
گجرات میں محکمہ پولیس کے سربراہ پی سی ٹھاکر کی جانب سے ریاست بھر کے پولیس اسٹیشنز کو خصوصی ہدایات جاری کردی ہیں جب کہ پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کرکے انہیں فوری طور پر متعلقہ تھانوں میں فرائض سنبھالنے کا حکم ملا ہے۔ اس کے علاوہ فوج کو بھی تیار رہنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
 
ایمز ٹی وی (فیصل آباد) فیسکو میں بھرتی سکینڈل 16 افراد کو بوگس تقرر نامے جاری کر دیئے گئے ، امیدوار جوائننگ کیلئے پہنچے تو پکڑے گئے ، انتظامیہ نے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیکر انکوائری شروع کر دی ۔ گریڈ ایک سے سترہ تک بھرتی کیلئے بوگس تقرر نامے جاری کئے گئے جس کیلئے فیسکو کے اندر سے ہی ملازمین نے لاکھوں روپے وصول بھی کئے ، لیکن جب امیدوار جوائننگ کیلئے پہنچے تو پکڑے گئے جس پر یہ سارا معاملہ سامنے آیا ۔ فیسکو حکام نے 16 افراد کو گرفتار کرا کے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ہے ۔ چیف ایگریگٹو فیسکو رشید اسلم نے ڈپٹی ڈائریکٹر انٹیلی جنس اختر اعوان کو تحقیقاتی ٹیم کا سربراہ بنا کر مزید انکواِئری کر کے رپورٹ جمع کرانے کا کہا ہے ۔
 
ایمز ٹی وی (کراچی) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کا کہنا ہے کہ مصطفیٰ کمال اورانیس قائم خانی کے بارے میں وہ ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے ابھی تو وہ انہیں دیکھ، سن اور سمجھ رہے ہیں۔
عباسی شہید اسپتال کراچی کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ مصطفیٰ کمال اورانیس قائم خانی کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے ابھی وہ انہیں سن ، دیکھ اورسمجھ رہے ہیں البتہ موجودہ سیاسی صوتحال پران کی کڑی نظرہے۔ وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار نےواضح بات کردی ہے۔
 
عشرت العباد خان کا کہنا تھا کہ وہ صوبائی حکومت، بلدیاتی نمائندوں کے کام میں مداخلت اورسیاست نہیں کررہے، کراچی میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے تاہم انتظامی امور میں بہتری کی ضرورت ہے۔ عوام کو صحت و صفائی کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے ۔
 
 
ایمز ٹی وی (اسلام آباد) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق کہتے ہیں کہ خوف اورترغیب کے ذریعے نیب اوردیگر ریاستی اداروں کو فرائض کی بجا آوری سے باز رکھنا مسلم لیگ (ن) کا پرانا ہتھکنڈہ ہے۔
اسلام آباد سے جاری اپنے بیان میں نعیم الحق نے کہا کہ شریف خاندان نے جس غیرشفاف اندازمیں صوبائی اورقومی خزانے کو انتہائی متنازعہ منصوبوں میں جھونکا ہے اس کی مثال نہیں ملتی، خوف اورترغیب کے ذریعے نیب اوردیگر ریاستی اداروں کو فرائض کی بجا آوری سے بازرکھنا پرانا مسلم لیگی ہتھکنڈہ ہے، شہباز شریف نے بیشتر صوبائی محکموں میں آڈٹ حکام کا داخلہ غیر رسمی انداز میں بند کررکھا ہے۔
ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ شریف خاندان کی تشہیرکے لیے اشتہاروں پرخرچ کئے جانے والے اربوں روپوں کا بھی حساب کیا جانا چاہئیے، شریف برادران کو ذاتی تشہیرکا اتنا ہی شوق ہے تو قومی سرمائے کی بجائے بیرون ملک جمع کی گئی ذاتی دولت خرچ کریں۔
 
ایمز ٹی وی (کوئٹہ) بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لئے سیکورٹی اداروں کی کارروائیاں جاری ہیں ، رواں سال ہونے والی 2593 کارروائیوں میں 323 دہشت گرد ہلاک جبکہ 12234 گرفتار ہوئے ۔ محکمہ داخلہ کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں رواں سال کے دوران انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر 2593 کارروائیاں کیں گئیں جس میں ایف سی پولیس اور لیویز نے حصہ لیا ان کارروائیوں میں 323 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ 12234 دہشت گرد گرفتار ہوئے ۔ رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیموں سے تھا جس کے قبضے سے 3763 مختلف اقسام کا اسلحہ اور 248327 راونڈز برآمد ہوئے ۔ وزارت داخلہ کے مطابق بلوچستان میں امن اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیوں جاری رہیں گئیں -