ایمزٹی وی(بزنس) یورپی پارلیمنٹ کی جانب سے پاکستان کی جی ایس پی پلس میں آئندہ دوسال کی توسیع کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔ جی ایس پی پلس میں توسیع کے معاملے پر برسلز میں یورپی پارلیمنٹ کی تجارتی کمیٹی کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں پاکستان کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا گیا۔ کمیٹی نے کہا کہ پاکستان مثبت سمت میں گامزن ہے ۔جبکہ دوسری جانب کمیٹی نے پاکستان سے مطالبہ کیا کہ چائلڈ لیبرکی روک تھام سے متعلق پاکستان مزید اقدامات کرے ، معاملہ یورپی پارلیمنٹ کی جنرل اسمبلی میں بھیج دیا جائے گا، توسیع سے متعلق یورپین پارلیمنٹ آئندہ دوماہ کے اندرفیصلہ کرے گی۔
ایمزٹی وی(بزنس) کراچی چیمبرآف کامرس کے دورے پرارجنٹائن کے سفیر روڈولفو جے مارٹن سراویا نے باہمی تجارت بڑھانے کیلیے مشترکہ طور پر نمائشوں کے انعقاد اورتجارتی وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زوردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ارجنٹائن کی نئی حکومت نے پاکستان سمیت دنیا بھرکیلیے اپنے دروازے کھول دیے ہیں، اس صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستانی تاجربرادری کو مختلف شعبوں میں تجارت کی نئی راہیں تلاش کرنے کی ضرورت ہے جبکہ ارجنٹائن کے تاجروں کو بھی اپنی منصوعات پاکستان میں فروخت کرنے کے امکانات کا جائزہ لینا چاہیے۔ پاکستانی تاجر برادری ارجنٹائن کے تیار کردہ سیلو بیگز کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی اجناس کو زیادہ عرصے تک محفوظ بنا کر فوائد حاصل کرسکتی ہے۔ انہوں نے چند سال قبل کراچی اور ارجنٹائن چیمبرزکے مابین طے پانے والے ایم او یو کا حوالہ دیتے ہوئے اسے فعال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ کراچی چیمبرکے صدر یونس محمد بشیر نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان معمولی تجارتی حجم کو بہتر بنانے کیلیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔
ایمزٹی وی(بزنس) وزارت خزانہ نے پاکستان اسٹیل مل انتظامیہ سے تنخواہوں کے معاملے پر پوچھ گچھ شروع کر دی ہے۔ چارماہ سے زائد عرصے سے تنخواہیں نہ ملنے پر ملازمین کے احتجاج کے بعد اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 29 جنوری کودوماہ کی تنخواہوں کی ادائیگی کی منظوری دی تھی تاہم وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق پاکستان اسٹیل مل انتظامیہ سے تنخواہوں کے معاملے پر پوچھ گچھ شروع کر دی گئی ہے جس میں انتظامیہ سے پوچھا گیاہے اسٹیل مل کی پیداوار گزشتہ 8 ماہ سے بند ہے تو کنسلٹنٹ کیوں رکھے ہیں۔ مالی حالت خراب ہونے کے باوجود اسلام آباد‘ لاہور اور کراچی کے ریجن دفاتر میں افراد کی تعداد کیسے بڑھی۔ 3سال کے دوران اسٹیل مل کے کتنے ملازمین ریٹائر ہوئے۔ ملازمین میں کمی ہوئی لیکن تنخواہوں کا بجٹ 48 کروڑکیوں ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جب تک ان تمام سوالات کے جوابات نہیں دیے جائیں گے تنخواہوں کے لیے رقم جاری نہیں کی جائے گی۔
ایمزٹی وی (اسپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کو حکومت کی جانب سے بھارت میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنے کی اب تک اجازت نہیں ملی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہریار خان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم کو بھارت میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کھیلنے کی اب تک اجازت نہیں ملی جب کہ اس حوالے سے وزیراعظم سیکرٹریٹ سے رابطہ کیا لیکن کوئی جواب نہیں ملا تاہم پی سی بی کو وزیراعظم کی اجازت کا انتظار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی نے بھارت میں ہونے والے ٹورنامنٹ کے لئے حکومت سے اجازت مانگی ہے۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کا 23 فروری کو ہونے والا فائنل میچ وزیراعظم نواز شریف مصروفیت کے باعث نہیں دیکھ سکیں گے۔
ایمزٹی وی(اسپورٹس) پاکستان سپر لیگ کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا۔ دبئی میں کھیلی جانے والی پہلی پاکستان سپر لیگ کامیابی سے جاری ہے اور اس کا پہلا مرحلہ شائقین کرکٹ کے جوش و جذبے اور سنسنی خیز مقابلوں کے بعد ختم ہوگیا ہے۔ پی ایس ایل کے پہلے مرحلے کے آخری میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا۔ پاکستان سپر لیگ کے فائنل فور مرحلے میں اسلام آباد یونائیٹڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، کراچی کنگز اور پشاور زلمی نے جگہ بنائی ہے۔ فائنل فورکا پہلا کوالیفائنگ میچ جمعہ کو کھیلا جائے گا جس میں پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مد مقابل ہوں گے جب کہ ہفتے کو اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے درمیان جوڑ پڑے گا جس کے بعد پاکستان سپر لیگ کے فائنل راؤنڈ کے لیے دو ٹیمیں سامنے آئیں گی۔
ایمزٹی وی(بزنس) پاکستان اسٹیٹ آئل کا مالی بحران پھر سنگین ہو گیا۔ پاور سیکٹرز کے واجبات 200 ارب روپے ہو گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہر بار کی طرح پاور سیکٹر نے واجبات کی ادائیگی نہ کرنے کی ٹھانی ہوئی ہے۔ واجبات کی عدم ادائیگی میں واپڈا اور حبکوسب سے آگے ہے اس وقت پاور سیکٹرز کے واجبات 200 ارب روپے تک پہنچ گئے ہیں۔ مالی بحران کی سنگینی کو بھانپتے ہوئے پی ایس او نے وزارت پیٹرولیم اور وزارت پانی وبجلی سے رابطہ کیا جس میں پی ایس او نے فوری طور پر واجبات میں سے 80 ارب روپے مانگ لیے ہیں۔ واضح رہے کہ پی ایس او کو ریفائنریز اور سپلائیرز نے 45 ارب روپے ادا کرنے ہیں۔
ایمزٹی وی(بزنس) کراچی میں تعینات امریکی قونصل جنرل کراچی برائن ہیتھ نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری میں تاجروں وصنعت کاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا خطے میں پاکستان کو ابھرتی ہوئی معیشت کے ساتھ داخلی طور پربھی مستحکم ملک کی حیثیت سے دیکھنا چاہتا ہے۔ کیری لوگر بل کے حوالے سے ان کا کہنا تھا پاکستان کے استحکام کے لیے ہی کیری لوگر برمن بل کے تحت توانائی، صحت اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں اربوں ڈالر مالیت کے منصوبے پائپ لائن میں ہیں،کراچی میں امن وامان کی صورتحال میں واضح طور پر مثبت تبدیلیاں آئی ہیں جو خوش آئند ہیں، ملک بھر میں امن واستحکام سے دونوں ممالک کے مابین تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوگا اس موقع پر برائن ہیتھ نے کہاکہ امن و امان کی صورتحال دیک کر ٹریول ایڈوائس نرم کرنے کا فیصلہ کیا جاتا ہے، اس کے لیے ٹائم فریم نہیں دیا جاسکتا تاہم جس طرح حالات میں مثبت تبدیلی آرہی ہے تو اس معاملے میں بھی پیشرفت کا امکان پیدا ہو گا سینیٹر عبد الحسیب خان نے کہاکہ کاروباری روابط بڑھانے کے لیے کاروباری برادری کے سفارتی رابطے مثبت نتائج کا باعث بنیں گے۔ اس موقع پر کاٹی کے سینئر نائب صدر سلیم الزماں، نائب صدر سید واجد حسین،گلزار فیرور، زبیر چھایا، سید فرخ مظہر، راشد احمد صدیقی، اکبر فاروقی و دیگربھی موجود تھے۔
ایمزٹی وی(انٹرنیشنل) سعودی عرب نے امریکی اتحاد میں داعش کے خلاف فضائی حملوں کا آغاز کردیا پینٹاگون کے ترجمان پیٹر کُک نے بتایا کہ سعودی طیاروں نے گزشتہ ہفتے امریکی اتحاد کے تحت داعش کے خلاف فضائی کارروائی میں حصہ لیا تاہم انہوں نے یہ وضاحت نہیں کی کہ سعودی طیاروں نے کیا اور کہاں کارروائی کی؟ ترجمان کہنا تھا کہ سعودی عرب گزشتہ چند دنوں سے داعش کے خلاف کارروائیوں کے لیے پُرعزم نظر آرہا ہے۔