ایمزٹی وی(کراچی) محکمہ صحت سندھ کے افسران نے تصدیق کی ہے کہ تھر پارکر میں گزشتہ 4 ماہ کے دوران 143 بچوں کی اموات ہوچکی ہیں۔محکمہ صحت کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق صرف گزشتہ ماہ جنوری 2016 میں 40 بچوں کی اموات ہوئیں. محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق اکتوبر 2015 میں 31 بچے ہلاک ہوئے، نومبر 2015 میں 28 بچے ہلاک جبکہ دسمبر 2015 میں 44 بچے موت کا شکار ہوئے۔ دوسری جانب غیر سرکاری لیکن اہم ذرائع نے انکشاف کیا کہ صرف گزشتہ ماہ جنوری میں موت کا شکار ہونے والے بچوں کی تعداد حکام کی جانب سے فراہم کردہ 4 ماہ میں ہونے والی بچوں کی ہلاکتوں کے اعداد وشمار سے کہیں زیادہ ہے۔ خیال رہے کہ تھرپارکر کا صحرائی علاقہ گزشتہ 5 سال سے قحط سالی کا شکار ہے اور حکام کی جانب سے فراہم کردہ مذکورہ ہلاکتوں کے اعداد شمار گزشتہ سال اکتوبر 2015 سے اب تک کے ہیں۔
ایمزٹی وی(کراچی) سندھ اسمبلی میں پی آئی اے کے ملازمین پر تشدد اور دو ملازمین کے جاں بحق ہونے پر مذمتی قرارداد اختلافات کے بعد منظور کرلی گئی ۔ ارکان اسمبلی سیاہ پٹیاں باندھ کر اجلاس میں شریک ہوئے ۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد ، پشاور اور ملتان میں جاں بحق ملازمین کی غائبانہ نماز جنازہ بھی ادا کی گئی ۔ ایوان میں جاں بحق ملازمین کیلئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کیلئے صحت یابی کی دعا کی گئی ۔ اجلاس میں واقعے کی مذمتی قرارداد اختلافات کا شکار ہوگئی ۔ بعد ازاں سندھ اسمبلی میں مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی ۔ مذمتی قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ پی آئی اے ملازمین کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے ۔ دوسری جانب کراچی میں پی آئی اے ملازمین نے جاں بحق ہونے والوں کی یاد میں شمعیں روشن کیں ۔ فیصل آباد ، پشاور اور ملتان میں جاں بحق ہونے والوں کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی ۔
ایمزٹی وی(پشاور) پاکستان کے ساتھ افغان سرحدی صوبے میں ڈرون حملے میں شدت پسند تنظیم کالعدم پاکستان تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) کے خان سجنا گروپ کے 18 مبینہ عسکریت پسند ہلاک ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق جاسوس طیارے نے میزائل حملہ افغانستان کے صوبے پکتیکا میں کیا۔ ذرائع کا دعویٰ تھا کہ اس اجلاس میں تحریک طالبان پاکستان سے الگ ہونے والے شدت پسند گروہ 'سجنا گروپ' کے سربراہ خان سید سجنا نے بھی شریک ہونا تھا۔ خان سید سجنا کی شرکت یا حملے میں نشانہ بننے کے حوالے سے مزید معلومات سامنے نہیں آئیں. پکتیکا کے علاقے برمل میں کیے گئے ڈرون حملے میں ہلاک ہونے والے 18 شدت پسندوں میں سے 14 کا تعلق محسود اور 4 کا وزیر قبیلے سے تھا۔ واضح رہے کہ تحریک طالبان پاکستان کے نائب امیر ولی الرحمن کی ہلاکت کے بعد مئی 2013 میں خان سید سجنا کو شدت پسند تنظیم کا نائب امیر بنایا گیا تھا۔
ایمزٹی وی (تعلیم)ڈپٹی چیئرمین سینٹ سینیٹرمولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ ایک اچھے معاشرے کی تشکیل کے حوالے سے اگر ہم نبی کریم ﷺکی تعلیمات پر عمل پیرا ہوجائیں توایک پاکیزہ ،صالح اور عدیم المثال معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔ لیکن ہماری بدنصیبی یہ ہے کہ ہم قرآن وسنہ کی روشنی میں تشکیل پانے والے معاشرے سے گھبراتے ہیں اور اسلامی تعلیمات سے دور ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے ہمارامعاشرہ تنزلی کی جانب گامزن ہے۔ نبی کریم ﷺکی تعلیمات اور اسوہ حسنہ ہمارے لئے مشعل راہ ہیں۔ایک اصلاحی اورفلاحی معاشرہ اس وقت تشکیل پاسکتا ہے جب ہرفرداپنی ذمہ داری کا احساس کرے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جامعہ کراچی کے شعبہ قرآن وسنہ اور ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے اشتراک سے منعقدہ دوروزہ قومی کانفرنس بعنوان ”ہماری معاشرتی اصلاح قرآن وسنہ کے تناظر میں“ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا. اس موقع پرجامعہ کراچی کے شعبہ قرآن وسنہ کی پروفیسر ڈاکٹر زینت ہارون ,شعبہ قرآن وسنہ کے پروفیسر ڈاکٹر غضنفر نے بھی خطاب کیا۔
ایمزٹی وی(تعلیم) ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ حیدرآباد کی جانب سے ایس ایس سی اور ایچ ایس سی کے طلبا ءو طالبات کے اکیڈمک مقابلوں کا انعقاد 8فروری 2016ءسے بورڈ آڈیٹوریم لطیف آبادمیں ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس سی کے طا لب علموں کے لئے 8فروری کو صبح 10بجے حسن قرات سے شروع ہوگا اور 10فروری کو انگریزی ، سندھی اور اردو میں تقریری مقابلوں پر اختتام پزیر ہوگا ۔جبکہ ایچ ایس سی کے لئے 11فروری سے 15 فروری تک تقریری مقابلوں کا انعقاد ہوگا۔ اس کے علاوہ 16فروری کو صبح 10بجے ملی نغموں کے مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا