ایمزٹی وی(ملتان) ملتان میں مالکن کے تشدد سے متاثرہ دو بچیاں چائلڈ پروٹیکشن بیورو پہنچا دی گئیں۔تفصیلات کے مطابق ملتان کے علاقہ قادر آباد میں مالکن کے ناروا سلوک اور تشدد سے متاثرہ سات سالہ اقصیٰ اور نو سالہ انیشا دلبرداشتہ ہو کر گھر سے بھاگ گئیں جنہیں احمد نامی شہری نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کر دیا۔ بچیوں کا کہنا ہے کہ مالکن ان پر تشدد کرتی تھی جس کی وجہ سے انہیں بھاگنا پڑا۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے مطابق بچیوں کے والدین کی تلاش شروع کر دی گئی ہے، جلد والدین کے حوالے کردیا جائے گا.
ایمزٹی وی(اسلام آباد)مولانا عبد العزیز نے پرویز مشرف سمیت تمام کرداروں کو معاف کرنے کا عندیہ دے دیا۔ اسلام آباد کی مقامی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے، خطیب لال مسجد کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف ان کے مسلمان بھائی ہیں، معاف کرنے کا فیصلہ مشاورت سے ہو گا۔ مولانا عبد العزیز تو معافی تلافی کیلئے تیار ہیں لیکن ان کے وکیل طارق اسد کہتے ہیں کہ لال مسجد آپریشن کے کرداروں کو معاف کیا گیا تو مولانا عبد العزیز کے خلاف ہی مقدمہ درج کرائیں گے۔ دوسری جانب اسلام آباد کی مقامی عدالت نے دو مقدمات میں مولانا عبد العزیز کی ضمانت منظور کر لی ہے۔
ایمزٹی وی(نیویارک) امریکی صدر باراک اوباما اپنے دور صدارت میں پہلی بار امریکا کی مسجد کا دورہ کریں گے۔ وائٹ ہاؤس ترجمان کا کہنا ہے کہ اوباما مسلمان امریکی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے اور بالٹی مور کی مسجد میں لوگوں کے اجتماع سے خطاب بھی کریں گے ، ایک رپورٹ کے مطابق امریکا میں مسلمانوں کی آبادی تینتیس لاکھ ہے جو امریکا کی مجموعی آبادی کے ایک فیصد ہے۔ باراک اوباما امریکا میں سات سال کے دوران پہلی بار کسی مسجد کا دوہ کریں گے ۔
ایمزٹی وی (کوئٹہ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کوئٹہ کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ پُرامن اور خوشحال بلوچستان کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج بلوچستان میں نوجوانوں کے بہترین مستقبل کیلئے مختلف شعبوں میں اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کیلئے ترقی کی رائیں کھل گئی ہیں، 25 ہزار طلباء کو زیور تعلیم سے آراستہ کر رہے ہیں، 8 ہزار نوجوانوں کو سکیورٹی فورسز میں بھرتی کیا گیا ہے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ ہم ملکر کام کرینگے تو اس میں کوئی شک نہیں کہ ہمارا شمار ترقی یافتہ ممالک میں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ایف ڈبلیو بلوچستان میں 632 سڑکیں تعمیر کر چکی ہے، ایف ڈبلیو کو ہدایت کی ہے کہ بلوچستان میں سڑکوں کی تعمیر کا کام نہیں رکنا چاہئے۔ پاک فوج کا شمار دنیا کی بہترین افواج میں ہوتا ہے۔ پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان کیلئے گیم چینجر ہے۔اس حوالے سے راحیل شریف کا مزید کہنا تھا کہ ریاستی اداروں اور عوام کی شراکت کے بغیر ترقی ممکن نہیں، بلوچستان کا مستقبل روشن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں دہشت گردی کرنے والوں کو باہر سے فنڈنگ اور اندر سے سپورٹ مل رہی ہے مگر دہشت گردوں کا خاتمہ کر کے دم لینگے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی اور استحکام کیلئے سرحدوں کو کنٹرول اور محفوظ بنانا ترجیحات میں شامل ہے۔ سرحدوں کو کنٹرول کرنا اہم چیلنج ہے۔ آپریشن ضرب عضب کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی صورتحال میں نہیں جانا چاہتے کہ جس سے صوبہ مشکل صورتحال سے دو چار ہو۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے مزید کہا کہ پاک فوج کی قربانیوں سے ملک میں جلد امن قائم ہو گا۔
ایمز ٹی وی(اسپورٹس)پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کے میچز سوشل ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ پر براہ راست نشر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی سی بی کی ایگریکٹو کمیٹی کے چیرمین نجم سیٹھی نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پی ایس ایل کے لوورز کیلئے اچھی خبر ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے تمام میچز یوٹیوب پر بھی براہ راست دیکھے جا سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ صارفین یو ٹیوب پر بغیر کسی فیس کے پی ایس ایل کے میچز براہ راست دیکھ سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کل سے دبئی میں شروع ہونے جا رہی ہے جس کا پہلا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈیٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔
ایمزٹی وی(کراچی) سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پی آئی اے میں جاری احتجاج اور مسافروں کی سہولت کے پیش نظر ایئر بلیو کو اضافی پروازیں شروع کرنے کی اجازت دے دی، یہ اضافی پروازیں کراچی سے لاہور، اسلام آباد اور لاہور اسلام آباد سے کراچی کیلیے آج سے شروع کی جائے گی۔ اس سلسلے میں سول ایوی ایشن کے ترجمان نے پروازوں کا شیڈول بھی جاری کردیا ہے۔ سول ایوی ایشن نے پی آئی اے کے ملازمین کے احتجاج کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایئربلیوکو اضافی پروازیں شروع کرنے کی ہدایت دی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ بزنس ایئربلیوکوحاصل ہوسکے جبکہ کراچی میں ایک اور شاہین ائیرویز بھی نجی شعبے میں چلائی جارہی ہے لیکن حکمرانوں نے پی آئی اے میں جاری احتجاج کا فائدہ اپنے ہی ایک وفاقی وزیرکودینے کا فیصلہ کیا اس سلسلے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان نے رات گئے ائیربلیو کی اضافی پروازوں کا باقاعدہ شیڈول بھی جاری کردیا ائیر بلیوکے مالک مسلم لیگ میں شامل ایک وفاقی وزیرہیں جو پی آئی اے کے سابقہ ایم ڈی بھی رہ چکے ہیں۔
ایمز ٹی وی (اسپورٹس) دنیا کے معروف ترین فٹبال کھلاڑی ارجنٹینا کے لوئنل میسی نے کہا ہے کہ وہ اس افغان لڑکے سے ملاقات کریں گے جس نے انٹرنیٹ پر تصاویر کے ذریعے شہرت حاصل کی تھی۔ ان تصاویر میں لڑکے کو پلاسٹک بیگ سے بنی شرٹ پہنے دیکھا جا سکتا ہے جس پر میسی کا نام اور ان کا کھیل کا نمبر درج ہے۔
غزنی کے ضلع جاغوری کے ایک غریب خاندان سے تعلق رکھنے والا پانچ سالہ مرتضیٰ اس وقت انٹرنیٹ پر غیر متوقع طور پر مشہور ہو گیا جب اس کی تصاویر کو فیس بک اور سماجی رابطے کی دیگر ویب سائٹس پر شیئر کیا گیا۔
میسی جیسی اصل شرٹ کی جگہ مرتضیٰ کے بھائی نے ایک نیلی اور سفید دھاریوں والے پلاسٹک بیگ کو کاٹ کر شرٹ بنائی جس پر مارکر پین سے میسی اور نمبر 10 لکھا تھا۔ ارجنٹینا کی قومی ٹیم کے لباس پر بھی سفید اور نیلی دھاریوں بنی ہیں۔
ان تصاویر کو دنیا بھر میں شیئر کیا گیا اور افغان فٹبال فیڈریشن نے پیر کو اپنی ویب سائٹ پر کہا تھا کہ وہ مرتضیٰ کی کھلاڑی سے ملاقات کرانے کے لیے میسی کے نمائندوں سے رابطے میں ہے۔ گزشتہ ماہ میسی نے پانچویں مرتبہ دنیا کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز جیتا تھا۔
ایمزٹی وی (اسلام آباد) ایف بی آر نے ٹیکس اصلاحات کمیشن کی تجاویز کونئے بجٹ میں شامل کرنے کیلیے 8 فروری کواجلاس طلب کرلیا۔ذرائع سے ملنے والی دستاویز کے مطابق 8 فروری کو ٹیکس اصلاحات کمیشن کے اجلاس میں اس کی بجٹ تجاویز میں سے رواں مالی سال نافذ کردہ تجاویز اوررہ جانے والی تجاویز کوآئندہ بجٹ میں شامل کرنے کا جائزہ لیا جائے گا جس کے تحت تنخواہ دار ملازمین کیلیے ٹیکسوں کی سلیبز (کٹیگریز) پر نظرثانی کیے جانے کا بھی امکان ہے، رواں مالی سال کے بجٹ میں بینکنگ ٹرانزیکشن پر عائد کردہ ود ہولڈنگ ٹیکس اور کیپٹل گین ٹیکس سے بین الاقوامی مالیاتی اداروں سمیت ایسے سیکٹر جن کیلیے ٹیکس گوشوارے جمع کرانا لازمی نہیں سے متعلق مسائل کو بھی حل کیا جائیگا، اس کیلیے ٹیکس قوانین میں ترامیم کی جائیں گی۔ دستاویز کے مطابق کمیشن نے اپنی رپورٹ میں ایف بی آر سے کہاکہ آپریشن ضرب عضب کے فنڈز کیلیے زیادہ آمدن والے اداروں اور انفرادی ٹیکس دہندگان پر ٹیکس ایئر 2018 تک سرچارج عائد کیا جائے، ان کی 3کٹیگریز بنائی جائیں، 5کروڑ تک آمدن والوں کی پہلی کٹیگری پر سرچارج عائد نہ کیا جائے، دوسری کٹیگری میں5کروڑ1تا ساڑھے 7کروڑ سالانہ آمدن پر 10 فیصد جبکہ اس سے زائد پر25 لاکھ روپے فکس ٹیکس کے علاوہ ساڑھے 7 کروڑ سے زائد رقم پر 15 فیصد اضافی سرچارج وصول کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں سپرٹیکس کی وصولیوں کا جائزہ لے کراس کو وسیع دینے یا نہ دینے کا فیصلہ بھی کیا جائے گا۔
ایمزٹی وی (اسلام آباد )پاکستان ریلوے میں 92 کروڑ کرپشن اورمالی بدعنوانی کا ایک نیا اسکینڈل سامنے آ گیا ہے۔اسکینڈل کے دستاویزی ثبوت ہونے پر چیئرمین ریلوے اور وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، سیکریٹری ریلوے اور پروجیکٹ ڈائریکٹر کیخلاف کرپشن کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ملنے والی دستاویزات کے مطابق پاکستان ریلوے کاخانیوال رائے ونڈ ریلوے ٹریک کی ازسرنو تعمیر اور بحالی کے دوران ریلوے افسران کے 92 کروڑ روپے کی مالی بدعنوانی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق منصوبے کے تحت159کمزور پلوں کی تعمیر اور بحالی کے لیے پی سی ون تیارکیا گیا۔ منصوبے کیلیے277ملین روپے رقم مختص کی گئی تھی، پروجیکٹ ڈائریکٹر نے اعلیٰ حکام کواعتماد میں لیتے ہوئے ٹھیکیداروں کو92کروڑ روپے اضافی ادا کر دیے۔آڈٹ رپورٹ کے مطابق پی سی ون کے تحت موجودہ پلوں کی بحالی پر234ملین جبکہ سگنل پر43ملین خرچ ہونے تھے لیکن کرپٹ افسروں نے پلوں کی تعمیر پر اضافی 787ملین جبکہ سگنلزکی تعمیر پراضافی130ملین کی ادائیگی کر دی۔