ایمزٹی وی(بلوچستان)بلوچستان کے علاقے لورالائی میں کنوبی سےڈپٹی ڈائریکٹرزراعت سمیت6افرادلاپتا ہوگئے ہیں ،پولیس کا کہنا ہے کہ ڈپٹی ڈائریکٹراوران کےساتھیوں کی تلاش کیلیےکوشش کررہےہیں۔ پولیس کے مطابق زیارت سے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ایک دعوت سے واپس جانے والے ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت حبیب اللہ کو 6 ساتھیوں سمیت اغوا کرلیا گیا ہے۔ نامعلوم مسلح افراد نے سنجاوی کے قریب کنوبی کے مقام سے انھیں اغوا کیا. واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ نے لیویز کے ساتھ مل کرمغویوں کی بازیابی کیلیے اغوا کاروں کی تلاش شروع کر دی ہے
ایمزٹی وی(اسلام آباد)سپریم کورٹ نے اردوکے بطور دفتری زبان نفاذ کے فیصلے کیخلاف نظرثانی درخواست خارج کرتے ہوئے وفاق اور چاروں صوبائی حکومتوں سے ایک ماہ میں عملدرآمدکی رپورٹ طلب کرلی۔ جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں فل بینچ نے پنجاب حکومت کی درخواست پر سماعت کی، ایڈیشنل ایڈوکیٹ رزاق اے مرزا نے پیش ہوکر استدعا کی کہ 3 ماہ کا وقت کم ہے، اس حد تک فیصلے پر نظرثانی کر کے مزید وقت دیا جائے۔ درخواست گزار کوکب اقبال نے فیصلے پر عدم عملدرآمد اور انگریزی میں تقاریر کرنے پر وزیر اعظم کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی استدعا کی تو عدالت نے کہا کہ یہ معاملہ پیش رفت کی رپورٹ آنے کے بعد دیکھا جائے گا۔ جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ انگریزی کے ساتھ ساتھ اردو میں بھی پالیسیوں اور قوانین کے اہتمام کرنے کیلیے 1999میں تمام اداروں کو لکھا گیا تھا، کیا ابھی تک اس بارے صرف خط و کتابت ہو رہی ہے؟۔ جسٹس ثاقب نثارکی سربراہی میں فل بینچ نے سیلاب کی تباہ کاریاں کم کرنے کے لیے وزارت پانی و بجلی کی رپورٹ تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔ وزارت پانی و بجلی نے رپورٹ پیش کی کہ سیلاب کی تباہ کاریاںکم کرنے کے لیے چھوٹے ڈیم اور نہریں بنائی جا رہی ہیں جبکہ کشمیر اورگلگت بلتستان میں20 سال کے لیے درختوںکی کٹائی پر مکمل پابندی عائدکرنے پر غور ہو رہا ہے۔
ایمزٹی وی(تعلیم)دہشت گرد نوجوان نسل کو علم کی روشنی سے دور رکھنا چاہتے ہیں۔ اس ناپاک عمل میں کامیابی کے لئے وہ درسگاہوں پر آئے روز حملے کرتے رہتے ہیں۔ ان خیا لات کا اظہار ناظم انجمن طلبہ اسلام کراچی افتخار علی نے انجمن طلبہ اسلام جامعہ کراچی کے کارکنان کی مرکز انجمن پر آمدکے موقع پر ان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ7فروری کو گلشن اقبال میں اجتماع ہوگا۔
ایمز ٹی وی(تعلیم) یونائیٹڈ گروپ ملازمین جامعہ کراچی کے زیراہتمام جامعہ کراچی ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے الیکشن کے سلسلے میں آرٹس آڈیٹوریم میں جلسہ منعقد کیا گیا. جس میں تمام شعبہ جات، انسٹیٹیوشن اور سینٹرز کے ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یونائیٹڈ گروپ کے چیئرمین نورالامین نے کئی اہم نکات پر روشنی ڈالی اور سابقہ دور کی ایسوسی ایشن کے ذاتی مفادات کی سیاست کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ نورالامین نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ملازمین کی سینیارٹی لسٹ کا فوری اجراءکیا جائے، پرائیویٹ سیکیورٹی کے بجائے ریٹائرڈ ملازمین کے بچوں کو ملازمت کا موقع دیا جائے، تمام غیرقانونی ترقیاں اور مکانات کی بندر بانٹ کو فوری واپس کیا جائے. دوران ملازمت انتقال کر جانے والے ملازمین کے بچوں کو ترجیحی بنیادوں پر ملازمت فراہم کی جائے جوکہ سنڈیکیٹ سے منظورشدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ کے اندر سینٹرز اور انسٹیٹیوشن کے سربراہان کا تقرر بھی سنڈیکیٹ قوانین کے مطابق کیا جائے۔
ایمز ٹی وی (بزنس)وزیر خزانہ اسحاق ڈار اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں اوگرا حکام پر برس پڑے، گیس انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ ٹیکس کے معاملے میں اوگرا حکام اور وزیر خزانہ کے درمیان اختلاف رائے تھا۔ ای سی سی نے صعنتوں کے لئے بجلی 3 روپے فی یونٹ سستی کرنے لے لئے نیپرا کی پالیسی گائید لائن منظور کر لی۔ اجلاس میں کئی معاملات پر حتمی فیصلہ نہ ہو سکا۔ اوگرا حکام کے مؤقف پر وزیر خزانہ نے اظہار ناراضی کیا۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کئی معاملات پر حتمی فیصلہ نہ کر سکی اور جمعے کو اقتصادی رابطہ کمیٹی کا ایک اور اجلاس طلب کر لیا گیا۔ اجلاس میں قطر سے ایل این جی درآمد کرنے کے معاملات پر غور کیا گیا لیکن فیصلہ نہ ہو سکا اور اب ایل این جی کے معاملات پر جمعہ کے اجلاس میں غور کیا جائے گا۔
ای سی سی اسٹیل ملز کے ملازمین کو دو ماہ کی تنخواہ دینے کی سمری پر غور نہ کر سکی اور آئی ڈی پیز کے لئے مفت گندم کی سمری بھی مؤخر کر دی گئی۔ ذرائع کے مطابق یہ دونوں معاملات بھی جمعہ کو ہونے والے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں پیش کئے جائیں گے۔
ایمزٹی وی (تعلیم) کراچی کے مختلف انسٹیٹیوٹس کے درمیان اسکل ڈیویلپمنٹ مقابلوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل ووکیشنل ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیو ٹیک) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم میاں محمدنواز شریف نے روشن پاکستان کے نام سے پورے ملک میں اسکل ڈیویلپمنٹ پروگرامز کا آغاز کیا ہے.جس میں 18سے 35سال تک کے مرد اور خواتین کو تکنیکی اصولوں کے مطابق ٹریننگ دی جاتی ہے۔ ذوالفقار چیمہ نے بتایا کہ نیوٹیک کے تحت کورسز نہ صرف بلامعاوضہ ہیں، بلکہ طالب علموں کو ماہانہ2000روپے وظیفہ بھی دیا جاتا ہے۔ مستقبل میں اسکل ڈویلپمنٹ یونیورسٹی کاقیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔مزیداس پروگرام کو ملنے والی پزیرائی کی روشنی میں جلد ہی اس کے فیزIII کا بھی آغاز ہوجائے گا جس سے 50,000 بے روزگار نوجوان مستفید ہوکرملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکیں گے۔ چیئرمین میمن انسٹیٹیوٹ ایچ ایم شہزاد نے بتایا کہ انسٹیٹیوٹ سے ہزاروں طالب علم مستفید ہورہے ہیں۔آخر میں مقابلے میں کامیاب ہونے والے انسٹیٹیوٹس کو اعزازی سرٹیفکیٹ اور نقد انعامات دیئے گئے۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم کو 20000 ، دوسرے کو 15000اور تیسرے کو 10000روپے نقد انعام دیا گیا۔
ایمزٹی وی ( تعلیم ) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو مد نظر رکھتے ہوئے تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کو ہر صورت میں مقدم رکھا جائے۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو وزیراعلیٰ ہاﺅس میں امن و امان بالخصوص تعلیمی اداروں میں سیکورٹی سے متعلق ایک ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ۔ ڈائریکٹر جنرل رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تمام تر حفاظتی اور احتیاطی اقدامات کرلئے ہیں۔ احتیاطی اقدامات میں تعلیمی اداروں میں اوران کے اطراف میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کرکے مین کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے منسلک کر دیا گیا ہے ، تعلیمی اداروں کے اطراف میں رینجرز اور پولیس کی موبائلز اور موٹر سائیکلوں پر گشت شامل ہیں۔