ایمزٹی وی(اسلام آباد) جسٹس میاں ثاقب نثارنے آج قائم مقام چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ تفصیلات کے مطابق حلف برداری کی تقریب کا انعقاد سپریم کورٹ آف پاکستان اسلام آباد میں ہوا جہاں جسٹس آصف سعید خان کھوسہ نے میاں ثاقب نثار سے عہدے کا حلف لیا۔ واضح رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی اس وقت بیرونِ ملک دورے پرہیں اوران کی غیر موجودگی میں جسٹس میاں ثاقب نثار قائم مقام چیف جسٹس کے فرائض انجام دیں گے۔ حلف برداری کی تقریب میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے ججز، اٹارنی جنرل آف پاکستان، سینئر وکلا اور لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کے افسران نے شرکت کی.
ایمز ٹی وی(اسپورٹس) آسٹریلوی ایوارڈ میلہ جارح مزاج بیٹسمین ڈیوڈ وارنر نے لوٹ لیا، سب سے ممتاز ایلن بورڈر میڈل کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز میلبورن میں آسٹریلوی کرکٹ ایوارڈز کی رنگارنگ تقریب منعقد ہوئی جس میں دو ٹاپ ایوارڈز جارح مزاج بیٹسمین اور نائب کپتان ڈیوڈ وارنر کی جھولی میں آن گرے۔ انھیں سال کے بہترین کھلاڑی کے لیے مختص ایلن بورڈر میڈل اور ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کے اعزاز سے نوازا گیا۔ گذشتہ برس اسٹیون اسمتھ نے ایلن بورڈر میڈل اپنے گلے کی زینت بنایا تھا اور اس بار بھی ووٹنگ پیریڈ کے دوران سب سے زیادہ انٹرنیشنل رنز ان کے ہی تھے لیکن جب ووٹنگ ہوئی تو وارنر کے حصے میں 240 جبکہ اسمتھ کو 219 ووٹ ملے، مچل اسٹارک 183 ووٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔
وارنر نیوزی لینڈ کے ساتھ گذشتہ برس کے آخر میں کھیلی گئی ٹیسٹ سیریز کے بہترین پلیئر رہے، اس میں انھوں نے گابا ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سنچریاں اسکور کی تھیں جبکہ واکا میں 253 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی، اس سیریز میں مجموعی طور پر 592 رنز 98.66 کی اوسط سے اسکور کیے۔ ووٹنگ پیریڈ کے دوران وارنر نے 60.63 کی ایوریج سے 1334 رنز بنائے، اس دورانیہ میں صرف جوئے روٹ اور الیسٹر کک ان سے آگے رہے۔ ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کیلیے ووٹنگ میں وارنر نے 30، اسمتھ نے 24 اور اسٹارک نے 18 ووٹ لیے، ایڈم ووگس 16 ووٹ کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے۔
ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ گلین میکسویل کے نام رہا۔ چونکہ ووٹنگ پیریڈ کے دوران آسٹریلیا نے صرف ایک ٹوئنٹی 20 انٹرنیشنل کھیلا تھا، اس لیے اس بار مختصر ترین فارمیٹ میں کوئی ایوارڈ نہیں دیا گیا۔ بیلنڈا کلارک سے منسوب ویمنز ایوارڈ الیسی پیری کے نام رہا، اس سے قبل مسلسل دو برس میگ لیننگ نے اس پر قبضہ کیے رکھا تھا۔ بریڈ مین ینگ کرکٹر کا ایوارڈ ساؤتھ آسٹریلیا کے بیٹسمین الیکس روس کو دیا گیا جبکہ ڈومیسٹک کرکٹر کا اعزاز ایڈم ووگس کے حصے میں آیا۔
ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ)بالی وڈ فلم ’ائیر لفٹ‘ نے ریلیز کے پہلے 4 دنوں میں 54 کروڑ 70 لاکھ روپے کما لئے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق راج مینن کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ائیرلفٹ22 جنوری کو ریلیز ہوئی تھی اور ابتدائی چار دنوں میں یہ 50کروڑ سے زیادہ کا بزنس کرچکی تھی۔
تجارتی تجزیہ نگارترون آدرش نے’ ٹوئٹر‘ پر کہا ہے فلم نے ریلیز کے پہلے دن 35کروڑ 12 لاکھ ، دوسرے دن 60کروڑ 14 لاکھ، تیسرے دن 35کروڑ 17لاکھ روپے اور چوتھےدن 40کروڑ 10لاکھ روپے کا بزنس کیا جس سے فلم نے چار دنوں میں مجموعی طور پر 54 کروڑ 70 لاکھ روپے کا بزنس کیا۔
انہوں نے کہا کہ فلم اسی طرح کاروبار کرتی رہی تو جلد ہی 100 کروڑ کے کلب میں شامل ہو جائے گی۔
فلم کی کہانی عراق کویت جنگ کے دوران بھارتی شہریوں کے انخلا پر مبنی ہے فلم میں اکشے کمار،نمرت کور اور سمیر علی نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔
ایمز ٹی وی (نئی دلی) پٹھان کوٹ حملے کے بعد بھارت اتنا خوفزدہ ہوگیا ہے کہ پاکستان کی فضائی حدود سے آنے والی معمولی چیز بھی اسے خوفزدہ کردیتی ہے، پہلے کبوتر کو پاکستانی جاسوس قرار دے دیا گیا اور اب ان کی فضائی حدود میں آجانے والے غبارے نے بھارتی فوج کے ہوش اڑا دیئے اور بھارتی وزیر نے تو الزام عائد کردیا کہ یہ پاکستان کی شرارت ہے لیکن بھارتی نے یہ کہہ کر غبارے سے ہوا نکال دی کہ یہ غبارہ محکمہ موسمیات کا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست راجستھان میں 67 ویں یوم جمہوریہ کی تقریب جاری تھی کہ اچانک ریڈار میں ایک چمکتی مشکوک چیز نے حکام کو پریشان کردیا جس پر فوری طور پر ہائی الرٹ کردیا گیا اور بھارتی ایئر فورس کا ایک ہیلی کاپٹر اور طیارہ اس کی جانب روانہ کردیا گیا۔ کچھ دیر بعد ہی واضح ہوگیا کہ یہ تو ایک غبارہ تھا لیکن یہ جان کر بھی بھارتی میڈیا اپنی پاکستان اندھی دشمنی سے باز نہ آیا اور پاکستان پر الزامات لگانے شروع کردیے کہ یہ پاکستان نے بھیجا ہے تاکہ بھارت کے اینٹی میزائل سینسر کا جائزہ لے سکے۔ اسی دوران بھارتی طیارے نے غبارے کومار گرایا لیکن اس میں کوئی دھماکا خیز یا کوئی مشکوک چیز برآمد نہیں ہوئی بلکہ اس پر سالگرہ مبارک تحریر تھا۔
بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر اس ’’جاسوس غبارے‘‘ پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کا جانب سے بھیجا گیا ہے اور اس پر پاکستان سے پوچھ گچھ کی جائے گی جب کہ بھارتی میڈیا بھی پاکستان کے خلاف زہر اگلنے لگا لیکن بھارتی پولیس نے بھارتی وزیر دفاع کے غبارے سے یہ کہہ کر ہوا نکال دی کہ یہ غبارہ بھارتی محکمہ موسمیات کا تھا۔ بھارتی پولیس کے اس بیان کے بعد تو جیسے بھارتی میڈیا کو سانپ سونگھ گیا اور چند ہی گھنٹوں میں ان کے الزامات دم توڑ گئے۔
ایمزٹی وی(اسپورٹس)ساؤتھ ایشین گیمز کیلیے پاکستانی ویمنز باسکٹ بال ٹیم میں وزیر داخلہ چوہدری نثار علی کی بیٹی کو بھی شامل کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارت میں 5 فروری سے شیڈول ساف گیمز کے لیے قومی ویمنز باسکٹ بال ٹیم کا انتخاب کرلیا گیا، فیڈریشن نے ایک ماہ تک کیمپ جاری رہنے والے کیمپ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ ٹرائلز کے ذریعے لیا اوربعدازاں 12 رکنی ٹیم منتخب کی۔ جس میں باصلاحیت نتاشہ نثار علی بھی شامل ہیں جو وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان کی صاحبزادی ہیں، اس کے علاوہ پاکستان کی مایہ ناز فٹبالر حاجرہ خان کوبھی رکھا گیا ہے، ٹیم کی قیادت کی ذمہ داری ثنا محمود کوسونپی گئی ہے۔
واضح رہے کہ قومی ویمنزباسکٹ بال ٹیم 20 سال بعد کسی بھی انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت کریگی، اس سے قبل پاکستانی ٹیم نے 1995میں پہلی اور آخری بار اسلامک گیمز میں حصہ لیا تھا، اعلان کردہ 12 رکنی اسکواڈ میں ثنامحمود (کپتان)، ماہ روخان، کائنات ظفر، پامیلا، سحرش، حاجرہ خان ، سمیعہ، وجیہہ، نتاشہ نثار علی، معصومہ، زارا اور امینہ کو رکھا گیا ہے
ایمزٹی وی (پشاور)بم ڈسپوزل یونٹ نے رنگ روڈ کے قریب بجلی کے ٹاور کے ساتھ نصب 5 بم ناکارہ بنا کرشہر کو ایک بڑی تباہی سے بچالیا۔ ذرائع کے مطابق پشاورپولیس کو مقامی افراد نے رنگ روڈ پرجمیل چوک کے قریب 132 کے وی بجلی کے ٹاور کے ساتھ مشکوک سامان کی موجودگی کی اطلاع دی جس پرپولیس اوربم ڈسپوزل یونٹ موقع پرپہنچ گیا۔نصب کئے گئے ہربم کا وزن 5 کلو گرام تھا۔
ایس ایس پی آپریشن عباس مجید مروت نے جائے وقوع پرمیڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شہر بھر میں 145 موبائل اوررائیڈراسکواڈ نگرانی پرمامور کیے جاچکے ہیں
ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ)ون ڈائریکشن بینڈ کے سابق رکن و معروف انگریزی گلوکار زین ملک کا پہلا سولو گانا”پلو ٹاک“ لانچ کیلئے تیار کر لیا گیا ہے۔ 23 سالہ ملک کی طرف سے حال ہی میں اپنی شرٹ لیس تصویر کے ساتھ موبائل تصاویر شیئرنگ سروس انسٹا گرام پرنئے گانے کی لانچ کا اعلان کیا گیا ہے۔گلوکار کا کہنا تھا کہ وہ انسانی فطرت اور اس کے تقاضوں سے اچھی طرح واقف ہیں اسی بنا پر انھوں نے ایسا گانا تیار کیا ہے۔ملک کا مزید کہنا تھا کہ وہ مستقبل قریب میں ون ڈائریکشن کو دوبارہ آپس میں اکھٹا کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور جلد اپنے اس منصوبے کو عملی جامہ بھی پہنا لیں گے۔واضح رہے ون ڈائریکشن بینڈ زین ملک کواپنے ساتھ شامل کیے بغیر اپنے پانچویں البم کی تیاریوں میں مصروف ہے۔
ایمزٹی وی(کراچی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی صدارت کور ہیڈکواٹرز کراچی میں اعلیٰ سطح اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں کراچی آپریشن کا جائزہ لیا گیا۔ آرمی چیف نے کراچی میں قیام امن کے لئے کردار ادا کرنے پر رینجرز اور انٹیلی جنس اداروں کو سراہا۔ تفصیلات کے مطابق اجلاس میں ڈی جی آئی ایس آئی، کور کمانڈر کراچی، ڈی جی آئی ایس پی آر، ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس، ڈی جی رینجرز سندھ نے شرکت کی۔ اجلاس می٘ کور کمانڈر کراچی اور ڈی جی رینجرز سندھ نے آرمی چیف اور اجلاس کے دیگر شرکاء کو کراچی آپریشن کے حوالے سے بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کراچی میں جاری آپریشنز کی وجہ سے حالات بہتری کے طرف گامزن ہیں۔
آرمی چیف نے کراچی میں قیام امن کے لئے رینجرز کی کاوشوں کو سراہا ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں دہشت گردوں کا نیٹ ورک توڑنے میں انٹیلی جنس اداروں نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ کراچی میں قیام امن کے لئے کسی بھی حد تک جائیں گے اور کراچی کا امن ہر قیمت یقینی بنائیں گے۔ آرمی چیف نے کہا کہ کراچی میں خوف سے پاک ماحول لوگوں کا حق ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی اور قبائلی علاقوں میں موجود دہشت گردوں کا گٹھ جوڑ توڑا جائے گا۔
ایمزٹی وی (بلوچستان) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور ساحلی شہر گوادر کو 'محفوظ شہر' بنانے کے لیے سیکیورٹی کا جامع منصوبہ تشکیل دے دیا گیا۔ بلوچستان کے چیف سیکریٹری سیف اللہ چھٹہ خی زیر صدارت اجلاس ہوا ۔اجلاس کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) خالد شیر دل کا کہنا تھا کہ دونوں شہروں میں لیزر کیمروں، آٹومیٹک نمبر پلیٹ ریڈر اور آر ایف آئی ڈی سیکیورٹی آلات کی تنصیب کے لیے 10 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں. اس حوالے سے ڈی جی بلوچستان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ کے تمام اہم مقامات پر 1400 سیکیورٹی اور نگرانی کیمرے نصب کیے جائیں گے، جس میں شہر کے داخلی اور خارجی راستے بھی شامل ہیں جبکہ گوادر اور اس کے اطراف میں 136 مقامات پر 465 کیمرے نصب کیے جائیں گے۔