ایمز ٹی وی(بزنس)فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکسٹائل انڈسٹری کوگیس انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ سیس(جی آئی ڈی سی)سے چھوٹ دینے سے انکار کردیا ہے، البتہ ٹیکسٹائل سیکٹر کے رکے ہوئے 200 ارب روپے سے زائد کے ریفنڈز کے اجرا کے بارے میں میکنزم متعارف کروانے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
’’ایکسپریس‘‘ کودستیاب دستاویز آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو لکھے جانے والے لیٹر میں کہا گیا ہے کہ ملک کی ایکسپورٹ اورینٹڈ ٹیکسٹائل انڈسٹری کوبچانے کیلیے اور بڑے پیمانے پرلوگوں کو بیروزگار ہونے سے بچانے کے ساتھ ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں مزید کمی کو روکنے کیلیے جامع اقدامات اٹھائے جائیں۔
مذکورہ لیٹر میں حکومت سے درخواست کی گئی ہے کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری کو بچانے اور بڑے پیمانے پر لوگوں کو بیروزگار ہونے سے بچانے کیلیے پورے ٹیکسٹائل سیکٹر سے وابستہ صنعتوں کو گیس انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ سیس(جی آئی ڈی سی) سے چھوٹ دی جائے۔ اس کے علاوہ ٹیکسٹائل انڈسٹری پر مقامی سطح پر عائد پانچ فیصد ٹیکس کو ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمد پر ڈیوٹی ڈرابیک کی سہولت دی جائے اور جو مصنوعات برآمد کی جائیں، ان برآمدات پر ان صنعتوں کو مقامی سطح پر ادا کیا جانے والا ٹیکس ڈیوٹٰی ڈرابیک کی صورت میں واپس کردیا جائے۔
دستاویز کے مطابق ٹیکسٹائل سیکٹر کی جانب سے حکومت سے بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ ٹیکسٹائل سیکٹر کے لیے ایکسپورٹ ری فنانسنگ فیسلٹی کی شرح میں بھی اضافہ کیا جائے تاہم اس بارے میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے سینئر افسر نے بتایا کہ وزارت خزانہ کی جانب سے موصول ہونے والے آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے لیٹر میں دی جانے والی تجاویز کا جائزہ لیا جارہا ہے البتہ ٹیکسٹائل انڈسٹری کو گیس انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ سیس سے چھوٹ نہیں دی جاسکتی ہے۔
اس بارے میں واضح کردیا گیا ہے تاہم ٹیکسٹائل سیکٹر کے زیر التوا اربوں روپے مالیت کے ریفنڈز کی ادائیگی کیلیے میکنزم متعارف کروانے کا جائزہ لیا جارہا ہے جس میں ایک تجویز یہ بھی زیر غور ہے کہ ریفنڈز کی ادائیگی کیلیے خصوصی بانڈ جاری کیے جائیں یا دیگر ذرائع اختیار کرکے ٹیکسٹائل سیکٹر کے ریفنڈز کلیئر کیے جائیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ریفنڈ کلیمز کی کلیئرنس کے حوالے سے ٹیم کام کررہی ہے جو ٹیکس دہندگان کے کلیمز جینوئن ہوں گے اور تمام پراسیس پورا ہوچکا ہوگا تو وہ کلیئر کردیے جائیں گے۔ مذکورہ افسر نے بتایا کہ اپٹما کی دیگر تجاویز کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے اور جو تجاویز قابل عمل ہوں گی ان پر عملدرآمد کیا جائے گا۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)سپریم کورٹ نے فوجی اور کورٹ مارشل عدالتوں سے سزا پانے والوں کو اپیل کا باضابطہ حق دینے کی درخواست خارج کر دی ہے ، عدالت کا کہنا ہے کہ متاثرہ فریق آئینی عدالتوں سے رجوع کر سکتا ہے ۔ قائم مقام چیف جسٹس ثاقب نثار نے چیمبر میں ایڈووکیٹ انعام الرحیم کی درخواست پر سماعت کی ۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود ہائیکورٹس فوجی عدالتوں کے فیصلوں کیخلاف اپیلیں نہیں سنتیں ۔ فوجی عدالتوں کے فیصلوں کیخلاف اپیلوں کا حق دینے کیلئے خصوصی فورم کا تعین کیا جائے ، قائم مقام چیف جسٹس ثاقب نثار نے درخواست گزار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ متاثرہ فریق نہیں ۔ متاثرہ فریق کو فوجی عدالت کے فیصلے سے اعتراض ہو تو آرٹیکل 184/3 اور 199 کے تحت آئینی عدالتوں سے رجوع کر سکتا ہے۔
ایمزٹی وی(تعلیم) سندھی ادبی سنگت میہڑ کے تحت مشہور عالم ،محقق اور ادیب علامہ مفتی کریم بخش مگسی کی 10 ویں برسی کمیونٹی سینٹر میہڑ میں منائی گئی۔ اس موقع پر معروف ادیب پروفیسر قلندر شاہ لکیاری نے صدارتی خطاب میں کہا کہ مفتی کریم بخش مگسی نے تعلیم عام کرنے کے لئے بڑی جدوجہد کی، وہ سندھی زبان کا خاموش خدمت گار تھا اس موقع پر مقررین نے کہا کہ مدرسوں کا نصاب تبدیل کیا جائے ، ادیب اور کالم نگار ارباب نیک محمد نے کہا کہ شہید عبدالرحیم گروہڑی سے لے کر مفتی کریم بخش مگسی تک سندھ کے علماء نے سندہ دھرتی سے محبت کی ہے، علامہ مفتی کریم بخش مگسی مذہبی ہم آہنگی پر یقین رکہتے تھے ،وہ مذہبی رواداری پر زور دیتے تھےتقریب سے جوہر بروہی ، پروفیسر آدم بٹ و دیگر نے خطاب کیا۔
ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ)بالی ووڈ میں اپنے بولڈ مناظر کی عکس بندی سے شہرت رکھنے والی اداکارہ سنی لیون نے ساتھی اداکارہ دپیکا پڈوکون کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سماجی کاموں میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
بالی ووڈ اداکاروں میں اپنے پیشے کے ساتھ ساتھ سماجی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا رجحان بڑھتا جارہا ہے جب کہ بالی ووڈ کے دبنگ سپر اسٹار سلمان خان سماجی کاموں میں حصہ لینے والے فلمی ستاروں میں سر فہرست ہیں تاہم اب دپیکاپڈوکون کے بعد اداکارہ سنی لیون نے بھی سماجی کاموں میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
سنی لیون نے سماجی کاموں میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد اب وہ کینسر کے مریضوں کے لیے فنڈ جمع کریں گی جب کہ اداکارہ سنی لیون نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی کینسرکے مریضوں کے لیے فنڈ جمع کرنے کی مہم شروع کردی ہے۔
ایمز ٹی وی(اسپورٹس)آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے پہلے کوارٹر فائنل میں امریکا کی عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز اور روس کی عالمی نمبر پانچ ماریہ شرا پووا میں مقابلہ ہوا۔ دونوں ورلڈ کلاس ٹینس پلیئرز کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ عالمی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی نے روسی ٹینس اسٹار کیخلاف اپنے تجربے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے شاندار کامیابی سمیٹی۔ انہوں نے حریف کو چھ چار اور چھ ایک سے زیر کیا۔ ایونٹ کے دوسرے کوارٹر فائنل میں پولینڈ کی اگنیسکا رڈوانسکا اور اسپین کی کرلا سوریز میں جوڑ پڑا۔ پولش ٹینس اسٹار نے زبردست پرفارمنس دیتے ہوئے اپنی حریف کو اسٹریٹ سیٹس میں چھ ایک اور چھ تین کی شکست سے دوچار کیا۔ دونوں کامیاب کھلاڑیوں نے ایونٹ کے سیمی فائنل کا ٹکٹ کٹوا لیا ہے۔
ایمز ٹی وی (انقرہ) حکومت نے خبردار کیا ہے کہ اگر شامی کرد گروپ ڈیموکریٹک یونین پارٹی PYD کو جنیوا میں شام کے موضوع پر منعقدہ امن مذاکرات میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی، تو ترکی ان کا بائیکاٹ کر دے گا۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب برائے شام اسٹیفان ڈے میستورانے وضاحت کی ہےکہ جنیوا میں منعقدہ امن مذاکرات میں صرف شامی فریقین کو مدعو کیا گیا ہے۔
ڈے میستورا کی ایک ترجمان نے کہا کہ ان مذاکرات میں شامیوں کے علاوہ فی الحال کسی کو شرکت کی دعوت نہیں دی گئی ہے۔ ان مذاکرات کا آغاز کل جمعے کے دن ہو رہا ہے۔