ایمز ٹی وی (بزنس) اسپیشل جج کسٹمز، ٹیکسیشن اینڈ انسداد اسمگلنگ نے کروڑوں روپے کی ٹیکس چوری میں ملوث ملزم کاشف ارشاد کو اشتہاری قراردیدیا ہے۔
’’ایکسپریس‘‘ کو دستیاب دستاویز کے مطابق ایف بی آر کے ماتحت ادارے ڈائریکٹوریٹ جنرل انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ان لینڈ ریونیو نے میسرز بلیک ڈائمنڈ گروپ نامی کمپنی کی ٹیکس چوری کا سراغ لگا کر اس کے مالک کاشف ارشاد کے خلاف کارروائی شروع کی تھی، ابتدائی تحقیقات میں پتاچلاکہ بلیک ڈائمنڈ گروپ مختلف سیمنٹ مینوفیکچررز کو کوئلہ سپلائی کرتا ہے مگر ٹیکس چوری کیلیے فراڈ کے ذریعے پیاز کی درآمد ظاہر کر کے غیرقانونی طور پر ان پٹ ٹیکس ایڈجسٹمنٹ لے رہا ہے اور قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچا رہا ہے۔
سیلز ٹیکس ریٹرن کی چھان بین کے دوران انکشاف ہوا کہ بلیک ڈائمنڈ گروپ نے نومبر 2014 میں پیاز درآمد کی اوراس پر 25لاکھ 86 ہزار 982روپے کے سیلز ٹیکس کی ان پٹ ٹیکس ایڈجسٹمنٹ بیسٹ وے سیمنٹ لمیٹڈ، میسرز فوجی سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ اور میسز مستحکم سیمنٹ لمیٹڈ کو سپلائی کیے جانے والے کوئلے پر لی گئی جو فراڈ ہے کیونکہ پیاز کی درآمد کی ان پٹ ٹیکس ایڈجسٹمنٹ سیمنٹ کمپنیوں کو سپلائی پر نہیں لی جاسکتی، اس کے علاوہ بلیک ڈائمنڈ گروپ نے دسمبر سے ستمبر تک جعلی و بوگس انوائسز کی بنیاد پر کروڑوں روپے کی غیرقانونی ان پٹ ٹیکس ایڈجسٹمنٹ لی۔
دستاویز کے مطابق ریکارڈ کی چھان بین کے دوران بڑے پیمانے پر ٹیکس چوری کے شواہد ملے جس پر کارروائی شروع اورمقدمہ درج کیا گیا، جس پر اسپیشل جج کسٹمز، ٹیکسیشن اینڈ انسداد سمگلنگ نے کروڑوں روپے کی ٹیکس چوری میں ملوث ملزم کاشف ارشاد کو اشتہاری قراردے دیا ہے اور عدالت نے محکمے کے انویسٹی گیشن آفیسررضوان شہزاد کی درخواست پر ملزم کی گرفتاری کیلیے اشتہار جاری کردیا ہے۔
ایمزٹی وی (تعلیم) اسریٰ یو نیو رسٹی ہسپتال کی جانب سے دوسرے سالانہ انٹر نیشنل میڈیکل کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کا عنوان ” مریض کی دیکھ بھال کے ابھرتے ہوئے رجحانات " مقرر کیا گیا تھا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی نامور پرو فیسر ڈاکٹر محمد صالح میمن تھے اس موقع پر اسریٰ یو نیو رسٹی کے چانسلر پرو فیسر ڈاکٹر اسد اللہ قاضی سمیت دیگر شخصیات نے شر کت کی۔ کانفرنس کے افتتاح کے موقع پر پرو فیسر ڈاکٹر فیروز میمن نے کہا کہ کانفرنس میں 85 اسکالرز نے تحقیقی مقالے پڑھے اور 35 اسکالرز نے پوسٹرز کی مدد سے اپنی ریسرچ پیش کیں۔ کانفرنس کے مہمانِ خصوصی پرو فیسر ڈاکٹر محمد صالح میمن نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ ہم صحت کے شعبے میں بھی اپنے شہر حیدر آباد سمیت پورے ملک کا نام روشن کریں گے.
ایمز ٹی وی(اسپورٹس)پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا۔
نیپئر کے میکلین پارک میں شیڈول دوسرا میچ بارش کے باعث تاخیر کا شکار رہا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 6 بجے شروع ہونا تھا تاہم گراؤنڈ میں پانی کھڑا ہونے کے باعث میچ شروع نہیں ہو سکا، امپائرز نے 10 بج کر 20 منٹ پر دوبارہ وکٹ اور گراؤنڈ کا معائنہ کیا تاہم وکٹ پر نمی اور آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کے باعث میچ منسوخ کردیا گیا۔
واضح رہے کہ تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے، پہلے ون ڈے میں بلیک کیپس نے گرین شرٹس کو 70 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اور آخری ون ڈے میچ 31 جنوری کو کھیلا جائے گا۔
ایمز ٹی وی (پیرس) حلا ل کھانے کااہتمام نہ کیے جانے پر فرانس اورایران کے صدور کے درمیان ظہرانے پر ملاقات منسوخ کردی گئی ہے۔
برطانوی اخبار کے مطابق فرانسیسی اورایرانی صدور کے درمیان پیرس کے ریسٹورنٹ میں ظہرانے پر ملاقات طے تھی، تاہم ایرانی وفد نے ظہرانے کے مینو سے شراب ہٹانے اور حلا ل کھانے کا مطالبہ کیا ، لیکن فرانس کی طرف سے انکار پرظہرانہ ہی منسوخ کردیا گیا۔
فرانسیسی حکام نے دونوں رہنماوں کی ناشتے پر ملاقات کی تجویز دی، تاہم ایران نے اسےبھی مسترد کردیا ہے۔
اس سے قبل ایرانی صدر حسن روحانی نے پیرس میں فرانسیسی وزیر خارجہ ، تاجر رہنماوں اور مختلف کمپنیوں کے سربراہان سےوفود کی سطح پر مذاکرات کیے، جس میں دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر بات ہو ئی، وہ صدراولوند سےآج باضابطہ ملاقات کریں گے.
ایمز ٹی وی (اسپیشل رپورٹ) باچا خان یونیورسٹی پر حملے کے بعد صوبے خیبر پختون خوا کے تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ سکیورٹی کے ناقص انتظامات کے باعث 683 تعلیمی اداروں کے سربراہان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
پولیس انتظامیہ کے بقول صوبے کے بیشتر تعلیمی اداروں میں سکیورٹی کے مناسب انتظامات نہیں تھے، جس کی وجہ سے ان کے خلاف یہ اقدامات کیے گئے۔ جن اداروں کے سربراہان کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی گئی ہے، اُن میں نجی سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے علاوہ بعض سرکاری تعلیمی ادارے بھی شامل ہیں۔ عام لوگوں نے اس اقدام کو سراہا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اس قسم کی سختی اور فوری کارروائیوں سے تعلیمی اداروں کی انتظامیہ حفاظتی اقدامات کی طرف بہتر طور پر توجہ دینا شروع کرے گی۔
پشاور میں واقع رنگ روڈ کے رہائشیوں کاکہناہے کہ وہ شروع ہی سے سکول کی سکیورٹی سے مطمئن نہیں تھے:’’اکثر سکول کے مین گیٹ پر کوئی چوکیدار نہیں ہوتا تھا، اس بارے میں ہم انتظامیہ کو کئی مرتبہ کمپلینٹ بھی کر چکے تھے لیکن اس کا نوٹس نہیں لیا گیا۔ حکومت کی طرف سے اس اقدام کے بعد اب یقینی طور پر سکیورٹی کے بہتر انتظامات کیے جائیں گے۔‘‘ ان کایہ بھی خیال ہے کہ زیادہ تر نجی سکولوں میں سکیورٹی کی طرف خاص توجہ نہیں دی جاتی:’’صرف کیمرے اور خاردار تاروں سے بچے محفوظ نہیں ہو جاتے، اس کے لیے باقاعدہ سکیورٹی گارڈز کی ضرورت ہے۔‘‘
والدین کی شکایات اور باچاخان یونیورسٹی پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد صوبے بھر کے تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کا گہرائی کے ساتھ جائزہ لیا گیا۔ انسپکٹر جنرل خیبر پختونخوا ناصر خان درانی کے احکامات پر ناقص اور غیر تسلی بخش سکیورٹی انتظامات کی بناء پر 683 اداروں کے خلاف مختلف تھانوں میں ایف آئی آر درج کرا دی گئی ہے۔ ان اداروں میں 23 کالجز اور پشاور میں قائم ایک نجی یونیورسٹی بھی شامل ہے۔
ایک اعلیٰ پولیس اہلکار انسپکٹر عزیز خان کاکہناہے کہ ایسا کرنے کی بہت ضرورت تھی کیونکہ تمام تعلیمی اداروں کو پہلے ہی سے حفاظتی اقدامات کے بارے میں احکامات جاری کر دیے گئے تھے اور باقاعدہ طور پر رہنما اصول بھی فراہم کیے گئے تھے لیکن بدقسمتی سے بہت سے اداروں نے ان گائیڈ لائنز کو نظرانداز کیا تھا، جس کی وجہ سے ان کے خلاف یہ ایکشن لیا گیا۔ وہ مزید کہتے ہیں:’’صوبے بھر میں مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جوکہ تعلیمی اداروں کی سکیورٹی کا جائزہ لے رہی ہیں، ابتدائی طور پر ہم صرف اداروں کے مالکان کے خلاف ایف آئی آر درج کر رہے ہیں لیکن اگر مستقبل میں بھی سکیورٹی کے انتظامات بہتر نہ کیے گئے تو پھر ان اداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔‘‘
وہ کہتے ہیں کہ تمام سکولوں اور خاص طور پر نجی سکولوں کو یہ ہدایت جاری کی گئی تھی کہ وہ دیواروں کی اونچائی، خاردار تار، باڑ، سکیورٹی کیمرے اور سکیورٹی اہلکاروں کی تقرری کو یقینی بنائیں لیکن بیشتر تعلیمی اداروں نے ان ہدایات پر عمل نہیں کیا گوکہ یہ ان کے اپنے ہی تخفظ کے لیے ہیں۔
پشاور میں یونیورسٹی روڈ پر قائم ایک نجی سکول کے مالک نے اپنا نام مخفی رکھتے ہوئے بتایا کہ ایک طرف صوبائی حکومت پرائیویٹ سکولوں کی فیسیں کم کرنے کےمنصوبے بنا رہی ہے جبکہ دوسری طرف اس قسم کے احکامات جاری ہو رہے ہیں، ان حالات میں پرائیویٹ سکول چلانا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ وہ کہتے ہیں:’’ہر شہری کے جان اور مال کی ذمے داری حکومت پر عائد ہوتی ہے، اس مد میں حکومت کو سنجیدگی سے مثبت اقدامات کرنے چاہییں نہ کہ تمام تر بوجھ عوام پر ہی ڈال دیا جائے۔‘‘
سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس عباس مجید خان مروت کے مطابق ان سکولوں کے خلاف ایس وی ای پی ایکٹ مجریہ 2015ء کے تحت کارروائی کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں پولیس کی اتنی نفری نہیں ہے کہ ہر سکول کو سکیورٹی فراہم کی جائے، لہٰذا تعلیمی اداروں کو یہ احکامات جاری کیے گئے ہیں کہ وہ خود حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں۔ وہ مزید کہتے ہیں:’’یہ فیصلہ بہت سوچ بچار کے بعد کیا گیا ہے، اگر کوئی ادارہ اس پر عمل نہیں کرتا تو ہمارا اگلا قدم ان سکولوں اور کالجز کو سیل کرنے تک بھی جا سکتا ہے۔‘‘
وہ مزید کہتے ہیں کہ تعلیمی اداروں کے خلاف اس قسم کی ایف آئی آرز اور مقدمے جاری رہیں گے، اس کے علاوہ پختونخوا پولیس نے گشتی دستے، اینٹی ٹیررسٹ سکواڈ اور ایمرجنسی ریسپانس فورس کے دستوں کی مختلف پوائنٹس پر ڈیوٹیاں لگائی ہیں، جہاں سے وہ کسی بھی طرح کے ناخوشگوار واقعے یا دہشت گردی کے کسی ممکنہ حملے کا مقابلہ کر سکتے ہیں تاہم پھر بھی تمام اداروں میں بنیادی سکیورٹی کو یقینی بنانا وہاں کی انتظامیہ کی اپنی ذمے داری ہے۔
ایمزٹی وی(تعلیم) ارود لغت (تاریخی اصول پر) کی تکمیل اردو ڈکشنری بورڈ کا قابل فخر کارنامہ ہے، مختصر لغت پر جاری منصوبے کو جلدازجلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے بعد آئندہ منصوبوں میں ترجیحات کی فہرست مرتب کی جائے۔ یہ بات مشیر وزیر اعظم/وفاقی وزیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژ ن، عرفان صدیقی نے اردو لغت بورڈ، کراچی کا دورہ کرنے کے موقع پر کہی اور ادارتی و تکنیکی عملے سے اور خصوصی طور پرمدعو مشاہیر ادب و عمائد اردو سے ملاقات بھی کی۔
ایمز ٹی وی (بزنس)مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس ایک بارپھردنیاکے امیر ترین شخصیات میں بازی لے گئے۔
ان کے اثاثوں کی مالیت 87.4 ارب ڈالرتک پہنچ گئی۔بدھ کولندن میں دنیاکے امیر ترین لوگوں کے اثاثوں کی فہرست شائع کی گئی،فہرست کے مطابق مائیکروسافٹ کے بانی امریکی شہری بل گیٹس ایک بارپھردنیاکے امیرترین شخصیات میں سب پربازی لے گئے۔
دوسرے نمبر پردنیا کے امیرترین اسپین کی کاروباری شخصیت امانسیواور نیگاہے جن کے اثاثوں کی مالیت66 ارب80کروڑڈالرہے ۔تیسرے نمبرپرامریکی کاروباری شخصیت وان بفے رہے جن کے اثاثوں کی مالیت 60 ارب70کروڑڈالرہیں۔
ایمز ٹی وی(سائنس ٹیکنالوجی) یونیورسٹی آف واٹرلو کے ماہرین کی جانب سے یہ کیمرہ سسٹم بنایا گیا ہے جسے ہیموڈائنامک امیجنگ سسٹم کا نام بھی دیا جاسکتا ہے۔ماہرین کے مطابق اس نظام کے ذریعے بوڑھے افراد میں خون کے دباؤ سے وابستہ امراض کی بروقت اور وقت سے قبل پیش گوئی کی جاسکتی ہے، اسی طرح چھوٹے بچوں کی نگہداشت اور جلنے والے امراض کے زخم ٹھیک کرنے میں بھی مدد ملے گی، یہ سسٹم حقیقی وقت میں لگاتار خون کے بہاؤ اور پریشر کو نوٹ کرتا ہے، اگرکہیں خون کے بہاؤ میں رکاوٹ ہوگی تو اس کی فوری نشاندہی ممکن ہوسکتی ہے۔ ہیموڈائنامک امیجنگ سسٹم کی تیاری میں کئی ٹیکنالوجیز استعمال کی گئی ہیں جن میں امیجنگ، کمپیوٹرٹیکنالوجی اور دیگر علوم شامل ہیں۔