ایمز ٹی وی (اسلام آباد)پی آئی اے کے ملازمین نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے اعلان کے تحت ادارے کی ممکنہ نجکاری کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ملک بھر میں قومی ادارے کے دفاتر کو تالے لگادیئے ہیں۔
پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائن کے ملازمین کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے اعلان کے تحت ملک بھر میں ادارے کے ملازمین کی جانب سے احتجاج کیا جارہا ہے، کراچی میں ادارے کے ہیڈ آفس کو تالے لگا کر ملازمین نے احتجاج کیا جب کہ دفتر میں چیئرمین سمیت کسی بھی اہلکاروں کو داخل بھی نہیں ہونے دیا گیا۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں پی آئی اے کے بکنگ آفس بند اور کارگو و کورئیر سروس بھی معطل ہے۔
ملازمین کا کہنا ہے کہ حکومت نے پی آئی اے کو کارپوریشن سے پبلک لمیٹڈ میں تبدیل کر کے شب خون ماراہے جس کے خلاف ہر سطح پر آواز اٹھائی جائے گی۔ اگر حکومت نے نجکاری کا فیصلہ واپس اور ان کے مطالبات نہ مانے تو 2 فروری سے قومی ایئر لائن کا فلائٹ آپریشن بند کردیا جائے گا۔
ایمز ٹی وی (لندن) شدت پسند تنطیم داعش نے ایک نئی ویڈیو جاری کی ہے جس میں فرانس میں حملہ کرنے والوں کی تفصیلات جاری کرنے کے ساتھ اپنا اگلا ہدف برطانیہ کو قرار دیا ہے۔
امریکی اور برطانوی میڈیا کے مطابق داعش کی جاری کردہ تازہ ویڈیو میں فرانس میں حملہ سے متعلق مزید تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔ ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ پیرس حملے میں ماسٹر مائنڈ عبدالماجد اباعود کے ساتھ 4 بیلنجین، 3 فرانسیسی اور 2 عراقی شہریوں نے حصہ لیا۔ فرانس پر حملے سے پہلے کے مناظر میں عبدالماجد اباعود کو پیرس میں حملے کا اعلان کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے جب کہ اباعود کی جانب سے برطانیہ کو دی جانے والی دھمکی بھی دکھائی گئی ہے۔
داعش کی نئی ویڈیو میں برطانیہ پر حملے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ برطانیہ کو شام پر فضائی حملوں کا خمیازہ بھگتنا ہوگا اور وہ داعش کے حملوں کے لیے تیار ہوجائے۔ ویڈیو میں کہا گیا ہے کہ برطانیہ کے اہم مقامات بگ بین، کوینٹ گارڈن، سینٹ پال کیتھیڈرل اور طریفیلگار اسکوائرکو نشانہ بنایا جائے گا۔
ویڈیو میں برطانوی دارالعوام میں داعش پر ہونے والی تقاریر کی فوٹیج بھی شامل کی گئی ہیں جب کہ برطانیہ میں موجود داعش کے افراد پر زور دیا گیا ہے کہ وہ برطانیہ پر حملوں کے لیے گوگل ارتھ کا استعمال کرتے ہوئے تنظیم کی مدد کریں۔ ایک اور منظر میں برطانوی وزیر اعظم کو تقریر کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے اوراس کے ساتھ چلنے والے پیغام میں کہا جا رہا ہے کہ جو بھی کفر کی صفوں میں کھڑا ہوگا اسے نشانہ بنایا جائے گا۔
دوسری جانب یوروپول کے سیکورٹی چیف نے بھی اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ پیرس اور ممبئی طرز کے حملوں کا یورپ بھر میں بھی خطرہ ہے اور اس کے لیے داعش نے اپنی طاقت میں اضافہ کیا ہے۔ ادارے کے سربراہ روب وین رائت کا کہنا ہے کہ داعش نے بڑے پیمانے پر حملوں کی تربیت حاصل کر لی ہے اور ان کا فوکس یورپ ہے۔
ایمز ٹی وی (تعلیم) خیرپور کے 4 برس سے تنخواہوں سے محروم 314 اساتذہ کو پولیس نے وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ملنے نہیں دیا۔
تنخواہوں سے محروم اساتذہ گزشتہ تین ماہ سے کورٹ روڈ پر بھوک ہڑتال کئے ہوئے ہیں ان کو وزیر اعلیٰ سندھ کی چیف منسٹر ہاؤس خیرپور میں موجودگی کی اطلاع ملی تو وہ وزیر اعلیٰ سے ملنے کے لئے سی ایم ہاؤس پہنچے جہاں پولیس فورس نے ان کو چیف منسٹر ہاؤس میں داخل نہیں ہونے دیا۔
تاہم انہوں نے چیف منسٹر ہاؤس کے باہر نعرے لگائے ''تنخواہیں ادا کرو'' اور ''بھوکا مرنے سے بچاؤ ''۔
ان کی نعرے بازی کے دوران وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ چیف منسٹر ہاؤس سے نکلے اور وہ اساتذہ کے ساتھ ملے بغیر چلے گئے۔ جبکہ اساتذہ ان کو حیرت زدہ نظروں سے دیکھتے رہ گئے۔تاہم انہوں نے کہاکہ تنخواہیں ملنے تک وہ بھوک ہڑتال جاری رکھیں گے۔
ایمز ٹی وی (کراچی) سابق صدر آصف علی زرداری نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے مدت ملازمت میں توسیع نہ لینے کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا بیان قابل تعریف ہے۔ پاک فوج اہم ترین ادارہ ہے اور مدت ملازمت میں توسیع کی روایت کو جڑ نہیں پکڑنا چاہیے۔ تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا جنرل راحیل نے ثابت کیا افراد سے ادارے زیادہ اہم ہیں۔ پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا جنرل راحیل نے بہت اچھے فیصلے کیے۔ ان کے بعد آنے والے بھی ان کی روایات کو برقرار رکھیں گے۔ تجزیہ کار حسن عسکری نے کہا ہے جنرل راحیل شریف کے فیصلے سے تمام تنازعات ختم ہو گئے ہیں۔ حسن عسکری نے فیصلے کو انتہائی اہم قراردیا ہے۔ واضح رہے آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں وضاحت کی گئی ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے دلچسپی نہیں رکھتے ۔آرمی چیف کا کہنا ہے کہ پاک آرمی ایک عظیم ادارہ ہے اور میں آئندہ بھی قومی مفاد کو مقدم رکھوں گا ، میرے لئے یہ بات باعث فخر ہے کہ میں نے دنیا کی ایک سب سے بہادر فوج کی قیادت کی۔
ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) بالی وڈ ہو یا پاکستانی فلمی صنعت۔ لگتا کچھ یوں ہے کہ آج کل دونوں کے فلم بنانے والوں کو مشہور و معروف ہستیوں پر فلمیں، جنہیں عرف عام میں ’بائیو پک‘ بھی کہا جاتا ہے، بنانا کچھ زیادہ ہی بھا گیا ہے۔ بالی ووڈ میں تو یکے بعد دیگرے کئی فلمیں بن چکی ہیں، جبکہ پاکستان میں اس کی حالیہ مثال ’منٹو‘ ہے۔
اب پاکستانی سپراسٹار اور بالی وڈ شائقین کے پسندیدہ، فواد خان کو بھی ان کے پرستار جلد ہی ایک بائیوپک میں جلوہ گر ہوتے دیکھیں گے۔ فواد خان نے اپنے ٹوئٹر اکاوٴنٹ پر پرستاروں کو یہ خبر سنائی کہ وہ پاکستان میں پاپ سنگنگ کی بنیاد رکھنے اور اسے عروج دینے والے مایہ ناز گلوکار، عالمگیر کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم 'البیلا راہی' میں مرکزی کردار ادا کریں گے جس کے لئے وہ بہت پُرجوش ہیں۔
فلم کا نام 'البیلا راہی' عالمگیر کے سپرہٹ گانے 'البیلا راہی' سے لیا گیا ہے۔ 'البیلا راہی' کے فیس بک پیج پر فلم کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا گیا ہے کہ فلم عالمگیر کے عام آدمی سے لے کر پاکستان میوزک انڈسٹری کی مشہور شخصیت بننے تک کے سفر کی کہانی ہے۔ عالمگیر شہرت کے بام عروج تک پہنچنے کے دوران جن نشیب و فراز سے گزرے 'البیلا راہی' میں وہی سب کچھ فلمانے کی کوشش کی جائے گی۔
'البیلا راہی' پروڈیوس کرنے والے ’بینرفوگ کیچر فلمز‘ نے فلم کے تعارف کے لئے کراچی میں ایک تقریب کا اہتمام کیا جس میں یہ اعلان کیا گیا کہ فلم پر کام جلد شروع کیا جائے گا۔ تقریب میں موجود فواد خان نے 'البیلا راہی' گا کر سماں باندھ دیا اور حاضرین سے پرجوش داد سمیٹی۔ عالمگیر نے ویڈیو لنک کے ذریعے تقریب سے خطاب میں فلم میکرز اور فوادخان کا شکریہ ادا کیا اور ان کی کوششوں کی تعریف کی۔
فلم کے ڈائریکٹر سلطان غنی کا کہنا تھا کہ 'البیلا راہی' کی ریلیز کی حتمی تاریخ تو ابھی نہیں دی جاسکتی، لیکن فلم 2017میں سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ سلطان غنی نے یہ بھی کہا کہ عالمگیر کے کردار کو بڑے پردے پر پیش کرنے کے لئے فواد خان سے بہتر بھلا اور کون ہو سکتا ہے؟ فواد سنگر رہ چکے ہیں اور شہرت کی ان بلندیوں پر ہیں جو کیرئیر کے عروج کے دنوں میں عالمگیرکا مقدر تھیں۔
’البیلا راہی‘ کا اسکرپٹ فیصل ہاشمی نے لکھا ہے جبکہ فلم کے میوزک ڈائریکٹر کا انتخاب ابھی ہونا باقی ہے۔
ایمز ٹی وی(شوبز) مہوش حیات نے کہا کہ فنون لطیفہ میں فلم ایک ایسا شعبہ ہے جولوگوں کے سب سے قریب ہے۔ پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف فنکاروں کے چاہنے والوں کی بڑی تعداد آج بھی موجود ہے، جوان کے کام کوپسند کرتی تھی بلکہ ان کے متعارف کروائے گئے ملبوسات، ہیئرسٹائل ، جیولری ، جوتے اوردیگر کو آج بھی سراہتی ہے۔ یہ ایک فلم اسٹارکی سب سے بڑی خوبی اورکامیابی مانی جاتی ہے۔ آج کا دورجدید ٹیکنالوجی ہے اوراب جس طرح سے فیشن کی دنیا میں حیرت انگیز تبدیلی آچکی ہے، اسی طرح فلمسازی کے کام اوراس شعبے سے وابستہ لوگوں کی سوچ بھی بدل چکی ہے۔
ایمزٹی وی(ٹیکنالوجی) ٹوکیو کے سائنسدان ہیرومی ناکامورا نے کھانا یا فاسٹ فوڈ وغیرہ کیلیے 9 وولٹ کی بجلی والے کانتے تیار کیے ہیں جو کھانے کے ذائقے کو تبدیل کردیتے ہیں تاہم اس سے کسی قسم کے نقصان کا خطرہ نہیں ہوتا، ذائقہ بدلنے والے یہ کانٹے جاپان میں دن بدن مقبول ہورہے ہیں۔ سائنسدان کے مطابق یہ (برقی کانٹے) ان لوگوں کے لیے بہتر ہیں جو کھانے میں احتیاط کرتے ہیں یا کسی بیماری کے باعث ذائقے دار کھانا نہیں کھاسکتے ہیں، بلڈ پریشر کے مریض جب اس کانٹے سے کھائیں گے تو انہیں نمک ذیادہ لگے گا اور اس طرح وہ نمک ذیادہ بڑھائے بغیر ہی کھانے سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں
ایمزٹی وی(اسپورٹس)برطانوی مہم جو ہینری ورسلی انٹارکٹکا کو پار کرنے کی اپنی کوشش کے دوران شدید تھکن اور پانی کی کمی کی وجہ سے انتقال کر گئے ہیں۔ 55 سالہ سابق فوجی براعظم کو بغیر کسی مدد کے پار کرنے کے اپنے ہدف سے صرف 30 میل دور تھے جب ان کا انتقال ہو گیا۔ ہینری ورسلی نے 1770 کلو میٹر کا اپنا سفر گذشتہ سال نومبر میں شروع کیا تھا جس میں وہ اپنی خوراک، خیمے اور سامان کو اپنے پیچھے گھسیٹ کر پیدل چلے۔ ہینری ورسلی نے زخمی اور بیمار فوجی خواتین اور مردوں کی مدد کے لیے یہ قدم اٹھایا جس میں انھوں نے ایک لاکھ پاؤنڈ جمع کرنے کا ہدف بھی پورا کیا۔ اس حوالے سے ان کی اہلیہ جوانا نے ایک بیان میں کہا کے انھیں ’دل شکن اداسی‘ ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ لندن میں فلہم کے علاقے سے تعلق رکھنے والے ہینری ورسلی ’مکمل انسانی اعضاء کے فیل ہونے‘ کی وجہ سے انتقال کر گئے تھے۔
ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) جنوبی افریقہ کی ایک میئر نے یونیورسٹی میں 16 طالبہ کو کنواری رہنے کی شرط پر اسکالرشپ دینے کے فیصلے کا دفاع کیا ہے۔ میئر ڈودو موزیبکو کے مطابق اس منصوبے کا مقصد صوبہ کوازولو ناتال کے ضلع اوتھوکیلا میں جوان لڑکیوں کو ایچ آئی وی، ایڈز اور خواہش کے بغیر حاملہ ہونے سے روکنا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اسکالرشپ حاصل کرنے والی طالبہ کو باقاعدگی سے کنوارے پن کے ٹیسٹ کے ذریعے ثبوت دینا ہو گا۔
میئر ڈودو موزیبکو کے مطابق سکالرشپ حاصل کرنے والی طالبہ کا پہلے ہی سالانہ زولو تہوار کے لیے کنوارے پن کا ٹیسٹ ہو چکا ہے۔ اس تہوار میں صرف کنواری لڑکیاں اور خواتین ہی رقص کر سکتی ہیں۔
ایک اندازے کے مطابق جنوبی افریقہ میں 63 لاکھ افراد کو ایچ آئی وی کا مرض لاحق ہے۔ جنوبی افریقہ میں عورتوں سے بدسلوکی کے خلاف کام کرنے والی تنظیم (Powa) کے ترجمان کاکہناہے کہ’ اسکالرشپ کی شرط لڑکیوں کے حقوق اور ان کی عزت و وقار کی خلاف ورزی ہیں۔‘ اڈوملنگ مولوکو کے مطابق’ کنوارے پن کے ٹیسٹ سے ایچ آئی وی اور ایڈز کو نہیں روکا جا سکتا۔‘
جنوبی افریقہ میں صنفی برابری کے لیے کام کرنے والے کمیشن نے بھی اس اقدام پر تنقید کی ہے۔ کمیشن کے چیئرمین کاکہناہے کہ’ میرے خیال میں میئر کا اقدام اچھا ہے لیکن ہم کنوارے پن کی شرط پر اسکالرشپ دینے کے فیصلے سے متفق نہیں ہیں۔
خیال رہے کہ جنوبی افریقہ میں کوازولو ناتال کا شمار ان صوبوں میں ہوتا ہے جہاں ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔