Saturday, 16 November 2024
×

Warning

JUser: :_load: Unable to load user with ID: 45

ایمز ٹی وی (تائی پے) تائیوان میں غیرمعمولی ٹھنڈ پڑنے سے 50 سے زائد افراد موت کے شکارہو گئےہیں۔ ہلاک ہونے والے افراد میں زیادہ تر عمر رسیدہ افراد تھے۔

 

تائیوان ،جنوبی کوریا، ہانگ کانگ، جنوبی چین ، جاپان سمیت مشرقی ایشیا میں امسال سردی میں اضافہ ہوا ہے۔تائیوان کے شمالی علاقوں میں درجہ حرارت چار ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جو غیر معمولی طور پر کم درجہ حرارت ہے۔

 

تائیوان کے حکام نے لوگوں کو اور خاص طور پر عمر رسیدہ افراد کو متنبہ کیا ہے کہ وہ جتنا ممکن ہو سکے مکانوں ہی میں رہیں اور اپنے آپ کو گرم رکھیں۔

 

دوسری جانب جنوبی کوریا کے جیجو جزیرے کا ہوائی اڈہ بند ہونے کے باعث 500 اندرون ملک اور بیرون ملک پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔جسکے باعث 60 ہزار سیاح پھنس گئے ہیں۔

ایمز ٹی وی (کابل) افغان جنوبی صوبے ہلمند میں طالبان سے جنگ لڑنے والےفوجی یونٹس میں تبدیلیاں لائی جا رہی ہیں ، کمانڈر کے ساتھ ساتھ بریگیڈیئر سطح کے اہلکاروں کو بھی تبدیل کیا جا رہا ہے۔

 

امریکی نیٹو مشن کے پبلک افیئر کے سربراہ بریگیڈیئر ولسن شوف نر کا کہنا ہے کہ ہلمند میں موجود افغان فوج میں تبدیلی لائی جا رہی ہے جبکہ اہم کمانڈر کو بھی تبدیل کیا جا رہاہے۔

 

شوف نر کے مطابق ہلمند کی میوند کور میں موجود کرپٹ اور نا اہل افسران کو ہٹایا جا رہا ہے، جس میں کمانڈر کے ساتھ چند بریگیڈ کمانڈر بھی شامل ہیں،صوبہ ہلمند کے دس اضلاع میں افغان فوج کی طالبان سےجنگ جاری ہے.

ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان کرکٹ ٹیم کو نیوزی لینڈ نے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں 70 رنز سے شکست دے کر سیریز میں برتری حاصل کرلی. ویلنگٹن کے بیسن ریزرو گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کی جانب سے دیئے گئے 281 رنزکے ہدف کے تعاقب پاکستان کی پوری ٹیم 210 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی.

پاکستان کی دعوت پر نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 280 رنز بنائے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ہنری نکولس نے 82، مچل سینٹنر اور میٹ ہنری نے 48، 48 جب کہ میک کلنگھن نے 31 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے محمد عامر اور انور علی نے 3، 3 جب کہ محمد عرفان نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

نیوزی لینڈ کے مقرر کردہ ہدف کا تعقب کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز کپتان اظہر علی اور احمد شہزاد نے کیا لیکن ایک بار پھر پاکستانی اوپنرز ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہے اور گرین شرٹس کو پہلا نقصان اظہر علی کی صورت میں ہوا جب وہ گرانٹ ایلیٹ کی گینڈ پر چھکا لگانے کی کوشش میں 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، 37 کے مجموعی اسکور پر احمد شہزاد بھی 13 رنز بنا کر ایلیٹ ہی کا شکار بنے۔ محمد حفیظ نے 56 گیندوں پر 42 رنز اسکور کئے اور کین ولیمسن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ صہیب مقصود 10 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ بابر اعظم بھی 62 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، عماد وسیم ایک رن بنا کر سینٹنر کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔ سرفراز احمد 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ اظہر علی بھی 16 رنز بنا سکے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے 4، گرانٹ ایلیٹ نے 3 جب کہ سینٹنر، اینڈرسن اور کین ولیمسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ایمز ٹی وی (اسپیشل رپورٹ) اعلیٰ تعلیم کے لیے کس شعبے کا انتخاب کیا جائے یہ سوال طالب علموں کے لیے بہت اہم اور کافی پیچیدہ ہوتا ہے لیکن، ایک حالیہ مطالعاتی تجزیہ کے مطابق اس سوال کا جواب ان کی شخصیت میں چھپا ہو سکتا ہے۔علم نفسیات کے مطابق شخصیت کی کچھ خصلتوں اور کالج کے 'میجر' یعنی میدان مطالعہ کا انتخاب کے درمیان 'باہمی تعلق'  پایا جاتا ہے۔

 

لیکن ڈنمارک میں آرہس یونیورسٹی سے منسلک محقق ڈاکٹر اینا ویڈل کو یقین  نہیں تھا کہ اس مفروضے کی بنیاد اصل سائنس پر ہے لہذا، انھوں نے 1992ء سے 2015ء کے درمیان شائع ہونے والے 12جائزوں کا تجزیہ کرنے کا فیصلہ کیا، جس میں مجموعی طور پر 13,389 کالج کے طلبہ شامل تھے۔ یہ نتائج اس ماہ جنوری کے 'پرسنالٹی اینڈ انڈیوجول ڈیفرنسس' نامی رسالے میں شائع ہوئے ہیں جس میں ماہرین نفسیات نے دریافت کیا کہ خصوصی مضمون کے انتخاب اور شخصیت کی خصلتوں سے متعلقہ دقیانوسی تصورات سچ ہو سکتے ہیں۔

 

مطالعہ کی سربراہ ڈاکٹراینا ویڈل کو پتا چلا کہ مختلف تعلیمی شعبوں کے طالب علموں کے درمیان شخصیت کی پانچ بڑی خصلتوں کے حوالے سے اہم اختلافات پائے جاتے ہیں۔ ماہرین نفسیات کے مطابق شخصیت کی پانچ نمایاں علامتیں خارجی شغف، صاف دلی، موافقت پذیری، فرض شناسی اور اعصابی خلل ہیں، جن سے انسان کی شخصیت کا اظہار ہوتا ہے۔

خارجی شغف

خارجی شغف کی خصلت کے حوالے سے محقق اینا ویڈل کو پتا چلا کہ قانون، سیاسیات، معاشیات اور پری میڈیکل کے طالب علموں نے شخصیت کی اس خصلت کے لیے آرٹس، ہیومنیٹیز اور دیگر سائنسی علوم کا مطالعہ کرنے والے طالب علموں کے مقابلے میں زیادہ اسکور حاصل کیا۔

صاف دلی

صاف دلی یا سادہ طبیعت رکھنے والوں کو اکثر تخلیقی صلاحیتوں کے لیے اچھا سمجھا جاتا ہے اور یہ ہیومنیٹیز، نفسیات، آرٹس اور سیاسیات کا مطالعہ کرنے والے طلبہ کی سب سے نمایاں خاصیت تھی۔ اس خصلت کے لیے انھوں نے زیادہ نمبر حاصل کیے جبکہ، ان کے مقابلے میں انجنیئرنگ، قانون، معاشیات اور سائنس کے مضامین پڑھنے ساتھیوں نے عام طور پر سب سے کم نمبر حاصل کیے۔

موافقت پزیری

موافقت پزیری کے حوالے سے ماہرین نفسیات کو یقین ہے کہ اس خصلت کے ساتھ لوگوں میں قربانی کے جذبے کا رجحان ملتا ہے۔ جبکہ اس خصوصیت کے ساتھ قانون، بزنس اور معاشیات کے مضامین رکھنے والے طالب علموں نے دوسرے تمام مضامین کے طالب علموں کے مقابلے میں سب سے کم نمبر حاصل کیے۔

اعصابی خللل

اعصابی خللل کے لیے کالج میں معاشیات اور بزنس کا مطالعہ کرنے والے طلبہ نے سب سے کم اسکور حاصل کیا جبکہ۔ ان کے مقابلے میں آرٹس اور ہیو منیٹیز کے میجر کے ساتھ طلبہ نے اس خاصیت کے لیے مسلسل زیادہ اسکور حاصل کیا۔

فرض شناسی

فرض شناسی یا باضمیری کی خصوصیت کے حوالے سے محقق نے جانا کہ آرٹس اور ہیومنیٹیز کا مطالعہ کرنے والوں میں یہ خصلت مضبوط نہیں تھی۔ جنھوں نے دوسرے دیگر تعلیمی شعبوں میں مطالعہ کرنے والے طلبہ کے مقابلے میں فرض شناسی کے لیے سب سے کم نمبر حاصل کیے۔

 

محقق اینا ویڈل نے ان وجوہات کے بارے میں سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر ہم یہ مان لیں کہ مختلف تعلیمی شعبوں کے طالب علموں کے درمیان شخصیات کے اختلافات حقیقت ہیں۔ تو اس کا مطلب یہ نکلتا ہے کہ شخصیت کی ان خصوصیت کے ساتھ لوگ مخصوص مضامین کا انتخاب کرتے ہیں یا پھر ان کے تعلیمی شعبے کا ماحول انھیں یہ خصوصیات دیتا یے۔

محقق اینا ویڈل نے دو مطالعوں کے تجزیوں کے بعد جس میں طالب علموں کی شخصیت کا اندراج انرولمنٹ کے ساتھ کیا گیا تھا یہ نتیجہ نکالا کہ ''شخصیت کے یہ اختلافات طالب علموں میں پہلے سے موجود تھے اور سماجی ماحول کے نتیجے میں پیدا نہیں ہوئے تھے۔''

 

ایمز ٹی وی (کراچی)جناح ہسپتال کراچی میں ینگ ڈاکٹر کی ہڑتال تیسرے دن بھی جاری ہے ، تین دن میں 15 ہزار مریض علاج کے بغیر واپس چلے گئے ، سیکڑوں آپریشن نہ ہوسکے ، ہڑتال کے باعث مریض خوار ہو رہے ہیں ۔ جناح ہسپتال کراچی کے ینگ ڈاکٹرز کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف ہڑتال تیسرے دن بھی جاری ہے ۔ انتظامیہ اور ینگ ڈاکٹرز کے درمیان ہونے والے مذاکرت اب تک کامیاب نہیں ہوسکے ہیں ۔ ڈاکٹرز کے احتجاج اور ہڑتال کے باعث او پی ڈی بند ہے جبکہ آپریشن تھیٹرز میں بھی کام نہیں ہو رہا ہے ۔ صرف ایمرجینسی کا شعبہ کھلا ہوا ہے ۔ او پی ڈی کی بندش سے مریضوں اور ان کے لواحقین کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ جناح ہسپتال کی او پی ڈی میں بیشتر مریض دور دراز علاقوں سے آتے ہیں ۔ گزشتہ تین دن کے دوران 15 ہزار مریض علاج کے بغیر چلے گئے جبکہ آپریشن تھیٹرز بند ہونے سے سیکڑوں آپریشن نہ ہوسکے ۔ 

 

ایمزٹی وی (تعلیم) وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ ایجوکیشن فاﺅنڈیشن (ایس ای ایف) کو نئے تعلیمی سال2016-17 سے ڈھائی لاکھ اضافی بچوں کو اسکولوں میں داخلوں کے لئے مربوط اقدامات کرنے چاہئیں اور اس کام کو ایک ہدف کے طور پر کیا جائے۔ یہ بات انہوں نے چیف منسٹر ہاﺅس میں سندھ ایجوکیشن فاﺅنڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ترقیات) اعجاز علی خان، وزیر اعلیٰ سندھ کے پرسنل سیکرٹری علم الدین بلو و دیگر نے شرکت کی۔ مینجمنٹ ڈائریکٹر ایس ای ایف ناہید شاہ درانی نے بورڈ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فاﺅنڈیشن کی متعدد اچھی ساکھ کے حامل اداروں کے ساتھ اسٹریٹجک پارٹنر شپ ہے۔ سندھ ایجوکیشن فاﺅنڈیشن اداروں کے ساتھ مل کر صوبہ میں بچوں کی تعلیم و تربیت میں مصروف ہے۔ فاﺅنڈیشن نئے تعلیمی سال کے آغازپر 250,000اضافی بچوں کو اسکول میں داخلے کرائے گی۔

 

ایمز ٹی وی (لاہور)تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) نے لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈیننس 2016 کو ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔

پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) نے لاہور ہائی کورٹ میں مبین قاضی ایڈووکیٹ کے توسط سے ایک ہی نوعیت کی دو الگ الگ درخواستیں دائر کی ہیں، جن میں لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈیننس کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے ۔

درخواستوں میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ چیئرمین اور وائس چیئرمین کے انتخاب کے لئے خفیہ رائے شماری نہ کرانا آئین کے منافی ہے، آئین کے تحت کسی آزاد امیدوار کو کسی سیاسی جماعت میں شامل ہونے کے لیے مجبور نہیں کیا جاسکتا۔

واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے گزشتہ ہفتے لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں تیسری مرتبہ ترمیم کی ہے جس کے تحت لاہور کے ڈپٹی میئرز کی تعداد 9سے بڑھا کر 13 کر دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ پنجاب میں کسان ، ٹیکنو کریٹ اور ورکرز کی سیٹوں کی تعداد بھی بڑھا دی گئی ہیں۔ جب کہ آزاد حیثیت سے منتخب ہونے والے بلدیاتی نمائندوں کو کسی سیاسی جماعت م،یں شامل ہونا ہوگا۔

ایمز ٹی وی (منامہ) سعودی عرب نے ایران کے ساتھ کسی بھی قسم کی ثالثی کی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران کے رویے میں تبدیلی تک ایسا ممکن نہیں ۔

 

اس بات کا اظہار سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے بحرین کے دارالحکومت منامہ میں میڈیا سے بات چیت میں کیا ۔ 

 

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت کئی ممالک نے تہران اور ریاض کے درمیان مصالحت کے لیے ثالثی کی پیشکش کی ہے تاہم ایران کے رویے میں مثبت تبدیلی تک ایسا نہیں ہوسکتا ،اور ایران کو اچھی طرح معلوم ہے کہ اسے کیا کرنا ہے ۔

 

انہوں نے کہا کہ ایران عرب ممالک کے خلاف جارحانہ پالیسی اپنائے ہوئے ہے اور وہ ان ممالک کے داخلی امور میں مداخلت بھی کررہا ہے ، اس کے علاوہ ایران اقوام متحدہ کی اس فہرست میں بھی شامل ہے کہ جو دہشتگردی کو فروغ دے رہے ہیں۔

ایمز ٹی وی (چارسدہ)باچاخان یونیورسٹی میں دہشت گردوں کے حملے کے 4 روز بعد ایک مرتبہ پر تدریسی عمل شروع ہوگیا۔

چارسدہ کی باچا خان یونیورسٹی میں دہشت گردوں نے خون کی ہولی کھیلی لیکن اس کے باوجود باہمت طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد ایک مرتبہ پھر تعلیم کے حصول کے لئے یونیورسٹی پہنچ گئی، یونیورسٹی طلبا کا کہنا ہے کہ دہشت گرد ہمیں ڈرا نہیں سکتے انہیں قلم کی طاقت سے شکست دیں گے۔

یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات میں شہدا کے لئے فاتحہ خوانی کے بعد تدریسی عمل کاباقاعدہ آغاز کیا جائے گا جب کہ طلبا کی جانب سے یونیورسٹی کے اندر ہی ریلی بھی نکالی جائے گی۔

واضح رہے کہ 20 جنوری کو دہشت گردوں نے دھند کا فائدہ اٹھاتے ہوئے یونیورسٹی میں داخل ہوکر یونیورسٹی عملے سمیت 20 طالبعلموں کو فائرنگ کر کے شہید کردیا تھا جب کہ جوابی کارروائی میں چاروں حملہ آور مارے گئے تھے۔

ایمزٹی وی (تعلیم)جامعہ کراچی کے سردار یاسین ملک پروفیشنل سینٹر کے زیر اہتمام ایڈوانس سرٹیفیکٹ اِن ایچ آرمینجمنٹ کے موضوع پر دوروزہ کورس 26 تا28 جنوری 2016ء منعقد کیا جارہاہے۔ مذکورہ کورس ایگزیکیٹومنیجرز اور طلبہ کے لئے بہت مفید ہوگا۔کورس کے ریسورس پرسن فرخ احمد میاں ہوں گے۔