اتوار, 12 مئی 2024

کورونا سے بچاؤ کے لئے پنجاب حکومت نے لاک ڈاؤن کو مزید سخت کردیا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے صوبہ بھر میں کریانہ، گروسری اور جنرل اسٹورز کے نئے اوقات کار مقرر کر دئیے گئے ہیں جن پرعملدرآمد آج (یکم اپریل) سے شروع ہوگا۔

نئے شیڈول کے مطابق جنرل اسٹورز، گروسری اور کریانے کی دکانیں صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کھلیں گی، تاہم میڈیکل اسٹورز اور فارمیسی کو نئے اوقات کار کی پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ نئے شیڈول کا فیصلہ عوام کی صحت اور زندگی کے تحفظ کے لئے کیا گیا ہے، اور اس کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کرتے رہیں گے۔

اقوام متحدہ نے کورونا وبا کے پیش نظر غریب ممالک کے لیے عالمی فنڈ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کورونا کے تباہ کن سماجی و معاشی اثرات کو دور کرنے کے منصوبے کا آغازکردیا۔ منصوبے میں کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک کے لیےعالمی فنڈ قائم کیا جائے گا۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کوویڈ 19 اقوام متحدہ کی تشکیل کے بعد سے اب تک کا سب سے بڑا امتحان ہے، کورونا وائرس معاشروں اور لوگوں کی زندگیوں کو نشانہ بنا رہا ہے، جس سے معیشت پر طویل مدتی اثرات ہوں گے جنہیں حل کرنے کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا۔

کورونا وائرس سے اب تک 33 ہزار 257 اموات ہو چکی ہیں، جب کہ 204 ممالک میں 6 لاکھ 97 ہزار 244 تصدیق شدہ کیسز سامنے آئے ہیں۔ آئی ایم ایف کے اعلان کے بعد یہ رپورٹ سامنے آئی ہے کہ دنیا 2009 کے بعد سے اب تک کے سب سے بدتر بحران کا شکار ہوگئی ہے۔

اقوام متحدہ نے کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک کے لئے رسپانس اینڈ ریکوری فنڈ قائم کیا ہے، جس سے بحران کی شکار حکومتوں کو تیزی سے مدد فراہم کرنے اور ان کی بحالی میں مدد کی جائے گی۔

راولپنڈی میں کنٹونمنٹ جنرل اسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چین میں کورونا وائرس پھیلا تو اندازہ تھا کہ پاکستان بھی آئے گا، 15 جنوری سے کورونا وائرس کے خلاف تیاری کررہے ہیں۔ کورونا وائرس نے بڑھنا ہے، کس تیزی سے بڑھنا ہے یہ نہیں پتہ تاہم پورے پاکستان سے ڈیٹا جمع کر رہے ہیں اور ایک ہفتے بعد اس کا بھی اندازہ ہوجائے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہیلتھ ورکرز کورونا کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر ہیں، پوری قوم ہیلتھ ورکرز کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستان میں تمام میڈیکل سامان چین سے آرہا ہے جب کہ امریکا نے بھی ہیلتھ ورکرز کے لیے ویزے کھول دیے ہیں۔

مزید کہا کہ ماضی میں ہیلتھ سیکٹر کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی، سرکاری اسپتالوں کی صورتحال 70 کی دہائی تک بہتر تھی جب کہ تعلیم کی طرف بھی کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ پاکستان پر اللہ کا کوئی خاص کرم ہے کہ یہاں کورونا اتنی تیزی سے نہیں پھیلا جتنا مغربی ممالک میں پھیلا ہے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے عالمی وبا کورونا سے نمٹنے کے لیے ملک کے طول و عرض میں کورونا کے بارے میں تمام ضروری معلومات مقامی زبانوں میں پہنچانے کے لیے واٹس ایپ ہیلپ لائن تیار کر لی گئی ہے۔

حکومت کی جانب سے انگریزی، اردو، پنجابی، پشتو، سندھی، بلوچی اور کشمیری زبان پر مبنی ہیلپ لائن کا آغاز کیا گیا ہے جس کی کی بدولت شہری کورونا کے بارے میں اپ ڈیٹ، خطرے کی صورتحال اور کورونا ٹیسٹ کے حوالے سے نزدیکی لیبارٹری کے بارے میں جان سکیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا سے ڈرنا نہیں لڑنا ہے، واٹس ایپ ہیلپ لائن عوام کو مستند معلومات کی فراہمی میں اہم قدم ہے ، واٹس ایپ ہیلپ لائن پر پیغام بھیجتے ہی مطلوبہ معلومات فراہم کردی جائیں گی۔

وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے تصدیق کی ہے کہ صوبے بھر میں کورونا کے مزید 61 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 627 ہوگئی ہے۔ اب تک سندھ میں 41 کورونا متاثرہ افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

کراچی میں 45 نئے کیسز کی تصدیق کے بعد تعداد 294 ہوگئی ہے، حیدرآباد میں 14 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد ضلع میں کورونا مریضوں کی تعداد 57 ہوگئی ہے۔ حیدرآباد میں نئے کیس رپورٹ ہونے کے بعد کورونا متاثرین کو مکمل انتظامات کے ساتھ قرنطینہ میں رکھا گیا ہے، رپورٹ منفی آنے تک مریضوں کو زیر علاج رکھا جائے گا، اس کے علاوہ جامشورو میں 2 اور ایک کیس جیکب آباد میں سامنے آیا ہے۔

پاکستانی انجینئر نے سستاخود کار پورٹیبل (سفری) وینٹی لیٹر تیار کر لیا ہے۔

سندھ کے شہر حیدرآباد میں امریکی ریاست کیلی فورنیا سے تعلیم حاصل کرنے والے انجینئر علی مرتضیٰ سولنگی نے دعویٰ کیا کہ انھوں نے سستا ترین اور خودکار پورٹ ایبل وینٹی لیٹر تیار کرلیا ہے جس کا ڈیزائن انھوں نے پاکستان انجینئرنگ کونسل کو بھی دکھا دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی جانب سے تیار کردہ پورٹ ایبل وینٹی لیٹر کو چلانے کے لیے کسی ڈاکٹر یا تکنیکی عملے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

ملک بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 1625 ہوگئی جبکہ وائرس سے 18 افراد جاں بحق اور 28 صحت یاب ہوچکے ہیں۔

وفاقی وزیر صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 1625 ہوگئی جن میں سے 11 کی حالت تشویش ناک ہے۔  پنجاب میں 593، سندھ میں 508، بلوچستان میں 144، خیبر پختونخوا میں 195 ، گلگت بلتستان میں 128، اسلام آباد میں 51 جب کہ آزاد کشمیر 6 میں مریض زیر علاج ہیں۔

کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد18 ہوگئی ہے اور 28 صحت یاب ہوچکے ہیں۔

کورونا وائرس کے سبب رواں سال 2020 میں دنیا بھر میں سیاحوں کی تعداد میں 20  فیصد سے 30  فیصد تک کی کمی آئے گی۔

اس حوالے سے اقوام متحدہ کی خصوصی ایجنسی کہا کہ سیاحتی سیکٹر کی آمدنی میں 300 سے 450 ارب ڈالر کی کمی متوقع ہے۔ یہ رقم سال 2019 میں اس سیکٹر کی مجموعی آمدنی کا ایک تہائی حصہ بنتا ہے۔

گذشتہ سال مجموعی آمدنی کا حجم 15 کھرب ڈالر تھا۔ عالمی سیاحت کی تنظیم کے سکریٹری جنرل زوراپ بولوکیکاشویلی کے مطابق سیاحت کا شعبہ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے اقتصادی سیکٹروں میں سے ہے۔ اس شعبے میں لاکھوں افراد کی ملازمتوں کو خطرہ لاحق ہے۔

ایجنسی نے رواں برس کے آغاز پر توقع ظاہر کی تھی کہ عالمی سیاحت کے شعبے میں 3  فیصدسے 4  فیصد کی نمو دیکھی جائے گی۔ تاہم کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلا ؤکے سبب ایجنسی نے اپنا موقف تبدیل کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال اس شعبے میں 1 فیصد سے 3  فیصد تک کمی متوقع ہے۔

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے تعمیراتی انڈسٹری اور دیہاڑی دار افراد کے لیے ریلیف پیکج کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔
 
تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم کی زیر صدارت ریلیف پیکج سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، وزیر اعظم نے حکومتی اداروں سمیت متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے اس سلسلے میں مشاورت کی۔
 
اجلاس میں وزیر اعظم نے روزانہ اجرت پانے والے مزدوروں کے لیے ریلیف پیکج کا اصولی فیصلہ کیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں لکھا کہ یہ نوٹ کرنا ضروری ہے کہ دیگر ممالک میں جب لاک ڈاؤن کیا جاتا ہے تو وہ لوگوں کے گھروں میں خوراک پہنچا دیتے ہیں، ہمارے کرونا ریلیف ٹائیگرز بھی پورے پاکستان میں بھیجے جائیں گے، ہم جائزہ لیں گے کہ کن علاقوں میں کرونا کا پھیلاؤ زیادہ ہے، وہاں یہ ٹائیگرز ضروری سپلائی فراہم کریں گے۔
 
دریں اثنا، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد کنسٹرکشن انڈسٹری کے لیے بڑا پیکج لے کر آ رہے ہیں، ایسا پیکج پہلے اس انڈسٹری میں کبھی نہیں آیا۔ شہباز گل کا کہنا تھا کہ تعمیراتی انڈسٹری اپنے ساتھ جڑی دیگر صنعتوں کو بھی اوپر اٹھائے گی، روزگار پیدا ہوگا اور غریب کا چولھا بھی چلے گا۔
 
یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم نے کہا تھا کہ بزنس کمیونٹی کی مدد کرنے کے لیے بڑا سوچ سمجھ کر معاشی پیکج بنایا، مزدوروں کے لیے 200 ارب روپیا رکھا گیا ہے، ایکسپورٹ اور انڈسٹری جو سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، ان کو فوری طور پر 100ارب کے فنڈز دیے جائیں گے، سمال اینڈ میڈیم انڈسٹری اور زراعت کے لیے 100 ارب رکھا ہے، ان کو کم شرح سود پر قرضے بھی دیے جائیں گے۔

کورونا وائرس سے دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 6 لاکھ سے تجاوز کرگئی، جب کہ 27 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

199 ممالک میں پھیل جانے والے اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 6 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے، جب کہ ایک لاکھ 33 ہزار سے زیادہ افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔ چین اور اٹلی کے بعد امریکا وباء کا نیا مرکز بن  رہا ہے جہاں کورونا کے  ایک لاکھ ایک ہزار سے زیادہ  مریض سامنے آئے ہیں، جب کہ 1600 سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔

اٹلی میں کورونا سے مزید ہلاکتیں سامنے آئی ہیں، جہاں 919 افراد  ایک ہی دن میں زندگی کی بازی ہارگئے جس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 9 ہزار سے بھی بڑھ چکی ہے جب کہ کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 86 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

برطانیہ میں بھی مجموعی طور پر مریضوں  کی تعداد 14579 ہوگئی ہے اور ہلاکتیں 759 تک پہنچ گئی ہیں۔ اسپین میں کورونا وائرس سے مزید 773 افراد ہلاک ہو گئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد5138 ہوگئی ہے۔

فرانس میں 1995، ایران میں 2 ہزار 378، جاپان میں 49، فلپائن میں 54، عراق میں 40 اور بھارت میں 20 افراد اب تک کورونا وائرس سے ہلاک ہوچکے ہیں۔

Page 12 of 457